Tag: سمندری طوفان

  • میکسیکومیں سمندری طوفان،ہلاکتوں کی تعداد 38 ہوگئی

    میکسیکومیں سمندری طوفان،ہلاکتوں کی تعداد 38 ہوگئی

    میکسیکو سٹی : میکسیکو کے مشرقی علاقوں میں سمندری طوفان کے بعد سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو میں سمندری طوفان ارل نے سب سے زیادہ ریاست پوئبلا کو متاثر کیا جہاں حکام کے مطابق 28 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ مزید دس افراد ویراکروز ریاست میں ہلاک ہوئے ہیں.

    سمندری طوفان کیریبیئن میں تباہی مچانے کے بعد گذشتہ دنوں بیلائز کی ساحلی پٹی سے ٹکرایا تھا،ساحل سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت میں کمی آئی تاہم اس نے میکسیکو میں اپنے تباہی کے اثرات چھوڑے ہیں.

    ریاست پوئبلا کا دور افتادہ قصبہ ہوانچنانگو سب سے زیادہ متاثرہ ہوا ہے جہاں مٹی کے تودے مکانوں پر گرنے سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں.

    علاقے میں تیز بارشیں جاری ہیں جس کے باعث حکام نے دارالحکومت میکسیکو سٹی سے ملانے والی مرکزی شاہراہ کے کچھ حصے کو بند کر دیا ہے.

    واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ہیٹی اور ڈومینک ربپلک میں طوفان اور شدید موسم سے نو افراد ہلاک ہوئے تھے.

  • سمندری طوفان کا رخ عمان کی طرف، سندھ اور بلوچستان بارشوں کا امکان

    سمندری طوفان کا رخ عمان کی طرف، سندھ اور بلوچستان بارشوں کا امکان

    کراچی: نیلوفر کی طرح اشوبھا بھی پاکستان سے دور دور رہے گا، بحیرہ عرب میں اٹھنے والے طوفان کی رفتار پندرہ ناٹیکل میل فی گھنٹہ ہے،  اشوبھا کراچی کے جنوب میں پانچ سو پچاس کلو میٹر دوری پر ہے، طوفان جمعرات کو اومان سے ٹکرائے گا۔

    کراچی میں طوفان کے اثرات نظرآنے لگے، ابراہیم حیدری کی جیٹی ڈوب گئی، سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بارش کا امکان ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سید سلیمان شاہ نے پاکستان کو طوفان سے محفوظ قرار دے دیا، انکا کہنا ہے کہ اشوبھا کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں بارش لائے گا، سمندر میں لہریں اونچی ہیں۔ ابراہیم حیدری میں جیٹی زیر آب آ چکی ہے۔ ابراہیم حیدری اور ریڑھی گوٹھ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ زیادہ منہ زور لہریں ہونے پر ریڑھی گوٹھ کا ڈبلا محلہ ڈوب سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی اصل شدت آئندہ 24 گھنٹے میں مزید واضح ہوسکے گی۔پاکستان کی ساحلی پٹی پر طغیانی برقرار ہے۔

    اشوبھا کی وجہ سے طوفانی لہروں سے بچنے کیلئے ماہی گیروں سے کہہ دیا گیا ہے، کہ وہ شکار پر نہ جائیں، لوگوں کو کراچی کے ساحل پر سمندر کی موجوں کا مزہ لینے کی اجازت بھی نہیں۔

  • تازہ ترین : طوفان کراچی سے چار سو پچیس کلومیٹر کے فاصلے پر

    تازہ ترین : طوفان کراچی سے چار سو پچیس کلومیٹر کے فاصلے پر

    کراچی : بحیرہ عرب میں ہواکاشدید کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے۔ سمندری طوفان کی پیش قدمی جاری ہے، جبکہ سمندری طوفان کراچی سے 425 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی سردار سرفراز نے کہا ہے کہ بحیرہ ہند میں بننے والا کم ہوا کا دباؤ مکمل طور پر طوفان میں تبدیل ہوچکا ہے۔

    طوفان کراچی سے چار سو پچیس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے ، تاہم کراچی میں طوفان آنے کا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے۔

    محکمہ موسمیات کےمطابق سندھ اوربلوچستان میں خوب بادل برسیں گے۔ موسم نے کروٹ بدل لی ہے، بادل بھی برسنے کو تیارہیں۔

    آئندہ تین روز تک سندھ کے زیریں علاقوں پربادلوں کاراج ہوگا۔ منگل سے جمعرات تک بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔ شہر قائد کے باسیوں سے بھی کہہ دیا گیاہے کہ تیار ہوجائیں۔ متوقع بارش اورہواؤں سے گرنے والے کھمبوں اورتاروں کو چھونے سے باز رہیں ۔

    ممکنہ بارشوں کے پیش نظرشہر میں ہنگامی صوتحال نافذ کرکے کے الیکٹرک کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سمندری طوفان کراچی کے ساحل سے 700 کلومیٹر دور،  تیز بارش کا امکان

    سمندری طوفان کراچی کے ساحل سے 700 کلومیٹر دور، تیز بارش کا امکان

    کراچی: بحیرہ عرب میں ہوا کا شدید کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے، جس کے باعث آج رات کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کراچی کے ساحل سے700کلومیٹر کی دوری پر ہے،  سندھ کی ساحلی پٹیوں میں بدھ کو بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں کل سے جمعرات تک بادل برسیں گے۔

    ہواکے کم دباﺅ نے طوفان کی شکل اختیار کی تواس کا نام ’اشوبھا‘ ہوگا، آئندہ تین روز تک سندھ کے زیریں علاقوں پر بادلوں کا راج ہوگا، منگل سے جمعرات تک بلوچستان میں جم کر برسات ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا دباؤ جتنا کم ہوگا اتنا ہی سمندری طوفان کے امکانات زیادہ ہونگے، محکمہ موسمیات نے سائیکلون الرٹ جاری کر دیا۔

    اگلے 24 گھنٹوں میں ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے باعث بڑی لہریں اٹھنے کا امکان ہے اورآئندہ 48 گھنٹوں کے دوران یہ دباؤ شدید کم ہونے کا خدشہ بھی ہے، اس لئے سندھ کے ماہی گیر منگل کی شام سے جمعرات کے دوران جبکہ بلوچستان کے ماہی گیربدھ سے جمعہ کے دوران کھلے سمندر میں جانے سے گریزکریں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا راج رہے گا، راولپنڈی، اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی ابرکرم مہربان ہوگا۔

  • سمندری طوفان پاکستانی ساحل کےقدرے دور سے گذرے گا، محکمہ موسمیات

    سمندری طوفان پاکستانی ساحل کےقدرے دور سے گذرے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ سمندری طوفان  نیلوفراس وقت شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

     چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے مطابق عمان کے ساحل سے ٹکرانے سے قبل ہی طوفان کا رخ تبدیل ہوجائے گا، سمندری طوفان ساحل سے ٹکرانے سے قبل اپنا رخ تبدیل کرتے ہوئے شمال مشرق کی جانب بڑھے گا۔

     محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان پاکستان کے ساحلی علاقوں سے قدرے دور سے گذرے گا،یہ طوفان بھارتی گجرات میں جاکر ٹکرائے گا ، آئندہ دو روز میں کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، اورسمندری طوفان سے ننگرپارکر، شورکوٹ، عمرکوٹ، چھاچھرو، سمیت ٹھٹھہ اور بدین میں بھی بارشیں ہونگی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 30 اور 31 اکتوبر کو طوفان کے اثرات بارش کی صورت میں کراچی میں ظاہرہوں گے ،بادلوں کا پھیلاؤ پچاس سے 70 کلومیٹر تک ہوگا، جو بارش کا سبب بنے گا۔

  • دفعہ 144 کے تحت کراچی کے ساحلِ سمندر میں نہانے پرپابندی

    دفعہ 144 کے تحت کراچی کے ساحلِ سمندر میں نہانے پرپابندی

    کراچی: دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت سمندرمیں نہانے پرپابندی لگادی گئی ،کمشنرکراچی نے  پابندی پرسختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہےساحلوں پرتفریح کیلئے جانے والے لوگ طوفان کے خدشات کے پیش نظرسمندرمیں نہانے سے گریز کریں۔

     کمشنرکراچی نے متعلقہ محکموں کوہدایت کی ہے کہ سمندرمیں نہانے پرعائد پابندی پرسختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ ریسکیو 1299 کے ذریعے سمندرمیں موجود ماہی گیروں کو ساحل کی جانب واپس بھیجنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

  • سمندری طوفان کی پیش گوئی، کراچی میں تیز بارشوں کا امکان

    سمندری طوفان کی پیش گوئی، کراچی میں تیز بارشوں کا امکان

    کراچی: پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق بحیتہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان نیلوفر کے باعث کراچی میں تیز بارشوں کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ بحیرہ عرب میں اٹھنے والا طاقتور طوفان نیلوفر آئندہ چند روز میں پاکستان سے ٹکرائےگا۔ طوفان کے باعث کراچی اور ساحلی علاقوں میںتیس اور اکتیس اکتوبرکو تیز بارش ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں اٹھنے والا طاقتور سمندری طوفان نیلوفر آئندہ چند روز میں پاکستان، بھارت اور عمان سے ٹکرانے کا خطرہ ہے۔ سمندری طوفان نیلوفر کے دوران ایک سو پچھترسے دو سو دس ناٹیکل میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے بھارت میں یہ طوفان گجرات سے ٹکرائے گا۔

    محکمہ موسیات کے مطابق بحیرہ عرب میں پیدا ہو نے والا یہ طاقتور طوفان پاکستانی ساحلوں تک پہنچتے پہنچتے اپنا زور توڑ دے گا تاہم اس طوفان کے باعث کراچی سمیت سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ کراچی میں چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران بارشیں شروع ہو سکتی ہے جبکہ ٹھٹھہ اور بدین میں بھی بارش کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اور ہوائوں کے باعث کشتیاں الٹ سکتی ہیں جس کے باعث اٹھائیس سے اکتیس اکتوبر کے دوران ماہی گیروں کو سمندر میں جانےسے روک دیا گیا ہے۔

  • طوفان "ہُد ہُد” بھارتی ساحلوں سے ٹکرا گیا، متعدد ہلاک

    طوفان "ہُد ہُد” بھارتی ساحلوں سے ٹکرا گیا، متعدد ہلاک

    آندھرا پردیش: خلیج بنگال سے اٹھنے والا سمندری طوفان ہدہد بھارت کے شمالی ساحلوں سے ٹکرا گیا۔ جس سے شدید نقصان ہوا ہے۔ آندھرا پردیش میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔

    بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بڑی تباہی پھیلا سکتا ہے۔ کئی گھنٹوں تک طوفان زمین پر اثر دکھاتا رہے گا۔ طوفان ہد ہد میں دو سو کلومیٹر زائد رفتار سےطوفانی ہوائیں چلتی رہیں۔

    ساتھ بارش بھی ہوتی رہی، آندھراپردیش اور اڑیسہ میں سیکڑوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ اور بجلی کا نظام تہنس نہس ہو گیا۔ خدشہ ہے کہ طوفان سے اونچی لہریں اٹھیں گی اور نچلے علاقے سیلاب کی زد میں آ جائیں گے۔

    دونوں ریاستوں کے تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچادیا گیا اور مزید تین لاکھ لوگوں کو انخلاء کی ہدایات کی گئی ہیں۔ انیس سو ننانوے میں اُڑیسہ میں آنے والے سُپر سائیکلون سے دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • کراچی میں سونامی کا خدشہ، اقوام متحدہ کی رپورٹ

    کراچی میں سونامی کا خدشہ، اقوام متحدہ کی رپورٹ

    کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے سب سے بڑے ساحلی شہر میں میں انتہائی خوفناک ترین سونامی آ سکتا ہے اوراگر سمندر میں سونامی آیا تو پورا کراچی شہر صفحہ ہستی سے مٹ سکتا ہے۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے بحر ہند میں ایک فرضی مشق کی گئی، جس کا مقصد سونامی کے بارے میں پہلے سے آگاہی دینے والے نظام کی جانچ پڑتال تھی۔

    دوہزار چار میں انڈونیشیا میں سونامی کے بعد اس نظام کو نصب کیا گیا اوراب جب اس نظام کیلئے فرضی مشق کی گئی تو معلوم ہوا کہ مکران کے سمندر میں اگر نو شدت کا زلزلہ آیا تو سونامی کی تین سے تئیس فٹ اونچی لہریں ڈیڑھ گھنٹے میں کراچی تک پہنچ جائیں گی۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سونامی کی یہ لہریں بہت اونچی اور انتہائی شدید ہوں گی، جس سے کراچی شہر صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا، چیف میٹیرولوجسٹ توصیف عالم اقوام متحدہ کی اس مشق کے سربراہ ہیں اور چیف میٹیرولوجسٹ توصیف عالم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کراچی میں اس نوعیت کا سونامی آ سکتا ہے کہ جس سے پورا شہر صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔

  • فلپائن:سمندری طوفان سے تباہی،12افراد ہلاک، ڈیڑھ لاکھ بے گھر

    فلپائن:سمندری طوفان سے تباہی،12افراد ہلاک، ڈیڑھ لاکھ بے گھر

    منیلا : فلپائن میں سمندری طوفان رماسون نے تباہی مچا دی، طوفان سے بارہ افراد ہلاک اور ڈیڑھ لاکھ بے گھر ہوگئے۔

    دارالحکومت منیلا میں سرکاری دفاتر، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

    تیز بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور سڑک کنارے قائم دکانوں کونقصان پہنچا، امدادی کارکن سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہیں، تیز ہواؤں سے متعدد علاقوں کو بجلی اور مواصلات کا نظام دھرم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔