Tag: سمندری طوفان

  • کراچی میں سمندری طوفان کا خطرہ :  ایدھی فاؤنڈیشن نے ریسکیو آپریشن کی حکمت عملی بنالی

    کراچی میں سمندری طوفان کا خطرہ : ایدھی فاؤنڈیشن نے ریسکیو آپریشن کی حکمت عملی بنالی

    کراچی : سمندری طوفان کے پیش نظر ایدھی فاؤنڈیشن نے 100 رضا کاروں پرمشتمل خصوصی ٹیمیں بنا کر انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمندری طوفان کے پیش نظر ایدھی فاؤنڈیشن نے ریسکیو آپریشن کی حکمت عملی بنالی اور 100 رضا کاروں پرمشتمل خصوصی ٹیمیں بنا کر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

    ایدھی بحری خدمات کی خصوصی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن کے حوالے سےریہرسل بھی مکمل کرلی ہے، ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن نے کہا کہ ٹیمیں ابراہیم حیدری،کیٹی بندر،ڈیفنس اورہاکس بےکےرحمان گوٹھ پرتعینات کردی ہے اور ریڑھی گوٹھ میں بھی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    خیال رہے سمندری طوفان کراچی کے جنوب میں 570 سے 580 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے اور شمال کی جانب گامزن ہے، 13جون سے سمندری طوفان کا رخ شمال مشرق کی جانب ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ٹھٹھہ ،کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان لینڈ فال کرے گا ، جس کے باعث ٹھٹھہ ، کیٹی بندر ، بدین اوردیگرعلاقوں بارشیں ہوگی۔

    اس دوران 100تا 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم 17جون تک طوفانی بارش اور آندھی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • سمندری طوفان ‘بائپر جوائے’ سے نمٹنے کیلئے فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا

    سمندری طوفان ‘بائپر جوائے’ سے نمٹنے کیلئے فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا

    کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے نمٹنے کیلئے فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے اور تمام اقدامات کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت سندھ نے طوفان بپرجوائے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات شروع کردیئے ہیں اور سمندری طوفان سے نمٹنے کیلئے فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر کراچی اور جی او سی حیدرآباد سے بھی رابطے میں ہیں، طوفان سے زیادہ خطرہ ٹھٹھہ اوربدین میں ہے، آٹھ سے نو ہزار خاندانوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کرنا پڑسکتی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے 3اضلاع کے کمشنرکو ہدایات جاری کی ہیں ، طوفان کے پیش نظرہم تمام اقدامات کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور کمشنرکراچی کوبل بورڈز،عمارتوں کومحفوظ بنانےکے احکامات بھی دے دیئے ہیں۔

    خیال رہے سمندری طوفان بپرجوئے کی شدت مزید بڑھ گئی ہے اور کراچی سے فاصلہ چھ سو کلومیٹررہ گیا ، طوفان تیزی سے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندرمیں شدید طغیانی کے باعث لہریں پینتیس سے چالیس فٹ تک پہنچ رہی ہیں اور ہوا کی رفتار ایک سو اسی سے دوسو بیس کلو میٹرفی گھنٹہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دو سے تین دن میں کراچی حیدرآباد، ٹھٹھہ اوردیگر شہروں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے اور جمعرات کی سہ پہر سمندری طوفان شدت کے ساتھ کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے ٹکر اسکتا ہے۔

    خطرے کے پیشِ نظر کمشنر کراچی نے دفعہ ایک سوچوالیس نافذ کرکے سمندر میں نہانے،کشتی رانی اورماہی گیری پرمکمل پابندی لگا دی ہے۔

    سندھ حکومت نے طوفان کے پیش نظرملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے کراچی سمیت ساحلی اضلاع میں کنٹرول روم قائم کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

  • سمندری طوفان کا خطرہ، کراچی کی 40 عمارتیں مکمل مخدوش قرار

    سمندری طوفان کا خطرہ، کراچی کی 40 عمارتیں مکمل مخدوش قرار

    کراچی: بحیرہ عرب سے اٹھنے والے سمندری طوفان بیپر جوئے کراچی کی ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ہے ھس کے سبب حکام نے ساحل کے قریب 40 عمارتوں کو مخدوش قرار دیدیا ہے۔

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی میں 40 عمارتوں کو مخدوش قرار دیتے ہوئے انخلاشروع کرادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطرناک عمارتوں کو خالی کرانے کا کام آج شام تک مکمل کیا جائیگا۔

    ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں رین ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کردی گئی ہے، کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں افسران و ملازمین کو الرٹ کردیا گیا۔

    ایس بی سی اے حکام نے کراچی کی عوام سے درخواست کی کہ شہری خطر ناک عمارتوں کے قریب گاڑیاں کھڑی نہ کریں۔

     ایس بی سی اے حکام نے مزید بتایا کہ کراچی ڈویژن میں پہلے ہی450 عمارتیں خطرناک قرار دی جا چکی ہیں۔

  • سمندری طوفان : بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی ہائی الرٹ

    سمندری طوفان : بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی ہائی الرٹ

    کوئٹہ: سمندری طوفان کے پیش نظر بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ہائی الرٹ کردیا گیا اور دفعہ 144نافذ کرکے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان کے پیش نظر وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی ہدایات بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے دفعہ 144نافذ کردی۔

    تمام متعلقہ محکموں کےملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے اسپتالوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی ہے کہ کمشنر مکران اورکمشنرقلات سمندر ی طوفان سے نمٹنےکیلئےاقدامات کی نگرانی کریں۔

    میرعبدالقدوس بزنجونے سول انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں میں مربوط کوآرڈینیشن قائم کرنے اور ماہی گیر سمندرکوسب سےبہترسمجھتےہیں ان سے صورتحال پر مشاورت کی ہدایت کردی۔

    وزیراعلیٰ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے متوقع صورتحال کےمطابق امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، جس پر انھوں نے ہدایت کی کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے اس کے مطابق لائحہ عمل مرتب کیا جائے اور سمندری طوفان میں ہنگامی صورتحال سےموثرطورپرنمٹنےکی تیاری مکمل رکھی جائے۔

    خیال رہے سمندری طوفان بپرجوئے کی شدت مزید بڑھ گئی اور کراچی سے فاصلہ چھ سو کلومیٹررہ گیا ہے ، سسٹم کے اطراف ہواؤں کی رفتار ایک سو اسی سے دو سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ اورلہروں کی بَلندی پینتیس سےچالیس فٹ تک پہنچ گئی ہے۔

    طوفان جمعرات کو کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان کسی مقام پر ٹکرائے گا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے دو سے تین دن میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ اور دیگر شہروں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہیں۔

  • بحیرہ عرب میں طوفان: کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    بحیرہ عرب میں طوفان: کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں، سمندری طوفان کے پیش نظر بدھ اور جمعرات کو تیز بارش کا امکان ہے، آج شہر کا درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، صبح کے 10 بجے شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے، گرمی کی شدت 45 سے 47 ڈگری تک محسوس کی جا سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔

    طوفان کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندی طوفان آج شام اور کل صبح مشرق کی جانب ہوگا، طوفان بھارتی گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا۔

    طوفان کے پاکستان پر بھی اثرات ہوں گے، بدھ اور جمعرات کو کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے۔

  • سمندری طوفان جمعرات کو لینڈ فال کرے گا، 13 واں الرٹ جاری

    سمندری طوفان جمعرات کو لینڈ فال کرے گا، 13 واں الرٹ جاری

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بیپر جوائے جمعرات کو لینڈ فال کرے گا، طوفان سے متعلق 13 واں الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کراچی کے ڈائریکٹر فورکاسٹنگ اینڈ سائیکلون وارننگ سینٹر نے کہا ہے کہ سمندی طوفان بیپر جوائے آج شام، کل صبح ایسٹ کی جانب ہوگا، اور یہ جمعرات 15 جون کو لینڈ فال کرے گا۔

    زبیر احمد صدیقی نے بتایا کہ سمندری طوفان بھارتی گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا اور پاکستان پر بھی اس کے اثرات پڑیں گے، طوفان کے اثرات ٹھٹھہ، سجاول، تھرپارکر، میرپورخاص اور کراچی مرتب ہوں گے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان نے پچھلے 12 گھنٹوں میں کراچی سے 600 کلو میٹر فاصلے کا سفر طے کیا ہے، اس کا رخ 14 جون تک شمال کی جانب ہوگا، 15 جون کی دوپہر طوفان شمال مشرق کی جانب ہو کر سندھ کیٹی بندر اور انڈین گجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرا جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بیپر جوائے شدید سمندری طوفان ہے، جس کے کمزور پڑنے کا امکان نظر نہیں آ رہا، طوفان کے مرکز میں 130 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے جھونکے چل رہے ہیں، سطح سمندر کا درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، سمندر کی حدود کا درجہ حرارت فی الحال سازگار ہے، طوفان کے مرکز میں سطح سمندر میں طغیانی کے باعث لہریں 30 سے 40 فٹ تک بلند ہیں، جب کہ عموماً سطح سمندر میں لہریں 4 سے 5 فٹ بلند ہوتی ہیں، 13 جون سے 15 جون تک شہر کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    زبیر احمد نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے بدھ اور جمعرات کو کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے، جب کہ آج کا دن سخت گرم رہے گا، اور پارہ 40 سے 41 تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جب کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، اور ہوا میں نمی کا تناسب 43 فی صد ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں گرمی کی شدت 45 سے 47 ڈگری تک محسوس کی جا سکتی ہے، اس لیے شہری ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔

  • سمندری طوفان: محکمہ موسمیات نے 12 واں الرٹ جاری کر دیا

    سمندری طوفان: محکمہ موسمیات نے 12 واں الرٹ جاری کر دیا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بیپر جوائے سے متعلق 12 واں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بیپر جوائے کراچی کے مزید قریب آ گیا ہے، اور فاصلہ 630 کلومیٹر رہ گیا، محکمہ موسمیات نے طوفان سے متعلق بارواں الرٹ جاری کر دیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کا فاصلہ ٹھٹھ سے 670 اور اورماڑہ (بلوچستان) سے 720 کلومیٹر رہ گیا ہے، طوفان کے اردگرد ہوائیں 180 سے 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور طوفان سمندر میں 40 فٹ بلند لہریں پیدا کر رہا ہے۔

    طوفان کا رخ 14 جون کی صبح تک بدستور شمال کی جانب رہے گا، بعدازاں رخ جنوب مغرب کی جانب تبدیل کر کے 15 جون کی صبح کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کو کراس کرے گا۔

    طوفان کے اثرات کے نتیجے میں کراچی میں 13 جون سے 16 جون کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور آندھی کا امکان ہے، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص میں بھی 13 سے 16 جون کے درمیان تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، 13 سے 17 جون کے درمیان ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آندھی کا امکان ہے۔

  • طوفان بپر جوائے سنگین صورتحال اختیار کرگیا

    طوفان بپر جوائے سنگین صورتحال اختیار کرگیا

    کراچی: بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بپر جوائے سنگین صورت حال اختیار کرگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 12 گھنٹے میں حرکت کرتے ہوئے طوفان نے مزید شمال کی طرف رخ کرلیا ہے، طوفان کراچی کے جنوب سے 690 کلو میٹر دوری پر پہنچ گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بپر جوائے جنوب ٹھٹھہ سے 670، جنوب مشرق اور ماڑہ سے 720 کلو میٹر دور ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ طوفان کے مرکز، اطراف ہوا 180 سے 120 فی گھںٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا زیادہ سے زیادہ 220 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

    چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ لہروں کی اونچائی 35 سے 40 فٹ، سمندری درجہ حرارت 30 سے 35 سینٹی گریڈ ہے، طوفان 14 جون تک مزید شمال کی جانب رخ کرسکتا ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ طوفان کراچی، سندھ کے جنوب مشرق کی جانب رخ کرسکتا ہے، بپر جوائے 15 جون کی سہ پہر کو کیٹی بندر، بھارتی گجرات کے ساحل سے گزر سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں 13 سے 17 جون تک موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ میں بھی طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

    سردار فراز نے مزید کہا کہ حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰیار، میرپورخاص میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر طوفان کی مسلسل نگرانی کررہا ہے۔

  • کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی: شہر قائد کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں، شہریوں نے سمندری طوفان بیپر جوائے سے بے خبر، بے خوف ہو کر دفعہ 144 کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپر جوائے کے باعث کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، تاہم کراچی کے شہریوں نے اس پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ہے، اور پولیس بھی عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی کی طرف جانے والے راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند نہیں کیا گیا، ماڑی پور ہاکس بے، کلفٹن سی ویو کی ساحلی پٹی پر شہریوں کی بڑی تعداد فیملیوں کے ہمراہ پہنچ گئی ہے۔

    ماڑی پور پولیس نے ہاکس بے جانے والے شہریوں کو روکا لیکن شہری پولیس کو خاطر میں نہیں لائے، اور ہاکس بے اور سی ویو کے مقام پر شہری بچوں کے ہمراہ سمندر میں نہاتے ہوئے نظر آئے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں جاری ہیں، شہری سمندری طوفان سے بے خبر بے خوف دکھائی دیتے ہیں، واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے دفعہ 144 کے تحت سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، دفعہ 144 کے تحت کشتی رانی اور ماہی گیری پر بھی پابندی ہے۔

  • سمندری طوفان کراچی سے 770 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا: محکمہ موسمیات

    سمندری طوفان کراچی سے 770 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا: محکمہ موسمیات

    کراچی: بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان انتہائی سنگین شدت اختیار کر گیا، سمندری طوفان بیپر جوائے کراچی سے 770 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سائیکلون بیپر جوائے کی رفتار میں کمی نہ آ سکی، طوفان اس وقت بھی شمالی بحر ہند میں موجود ہے، اور کراچی کے جنوب سے 770 کلو میٹر کی دوری پر آ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان انتہائی تیزی سے جنوب ٹھٹھہ سے 750 کلو میٹر، 860 کلو میٹر جنوب مشرق سے اورماڑہ کی جانب بڑھ رہا ہے، اور امکان ہے سمندری طوفان شمال کی جانب رخ کرتا رہے گا، طوفان کے مرکز اور ارد گرد کی ہوا 140 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جب کہ لہروں کی اونچائی 30 سے 40 فٹ ہے۔

    سمندری طوفان بدھ یا جمعرات تک سندھ اور مکران کے ساحلوں سے ٹکرا جائے گا، جس سے ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، طوفان کے باعث ڈیڑھ سو کلو میٹر رفتار کی ہوائیں چلیں گی، کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی جا چکی ہے، شہریوں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے اور ساحل پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، دوسری طرف محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

    ادھر کراچی کا موسم آج گرم خشک اور مرطوب رہے گا، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 29.0 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فی صد، رفتار 5 ناٹیکل مائل ہے، ہوا جنوب مغرب کی سمت سے چل رہی ہے۔