Tag: سمندر پار پاکستانی

  • سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

    سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

    اسلام آباد: ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے خصوصی عدالتیں نامزد کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوورسیز پراپرٹی ایکٹ 2024 کے تحت اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے جائیداد کے تنازع کے جلد حل کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی گئی ہیں، اب اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے خصوصی عدالتیں نامزد کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری قانون و انصاف کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ سیشن ججز ایسٹ اور ویسٹ اوورسیز خصوصی عدالتیں نامزد کریں گے، اور قائم مقام چیف جسٹس نے ججز نامزدگی کا اختیار سیشن ججز کو دے دیا ہے۔


    پورٹل سے نوکری کیسے حاصل کریں؟ اہم تفصیلات جانیے


    خط کے مطابق زیر التوا کیسز اور جوڈیشل افسران کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے سیشن کورٹس میں ججز نامزد کیے جائیں گے، خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ اوورسیز پراپرٹی ایکٹ کے تحت وزارت قانون سیشنز ایسٹ اور ویسٹ کے نوٹیفکیشن جاری کرے۔

    اوورسیز پراپرٹی ایکٹ 2024 کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ میں خصوصی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جو اوورسیز پاکستانیوں کے جائیداد سے متعلق کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس خادم حسین سومرو کیسز اور اپیلیں سنیں گے، قائم مقام چیف جسٹس کی منظوری سے ڈپٹی رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

  • سمندر پار پاکستانیوں کا مسلح افواج سے اظہار یکجہتی

    سمندر پار پاکستانیوں کا مسلح افواج سے اظہار یکجہتی

    کراچی: سمندر پار پاکستانیوں نے مسلح افواج سے یکجہتی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے افواجِ پاکستان سے یک جہتی اور محبت کا اظہار کیا گیا ہے، اور 9 مئی کے واقعات میں شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی مذمت کی گئی۔

    انگلینڈ، ترکی، بیلجیئم، جرمنی سمیت یورپ کے کئی ممالک میں ریلیاں نکالی گئیں، جنوبی افریقہ میں بھی پاکستان آرمی کے حق میں ریلی نکالی گئی۔

    ریلیوں میں گفتگو کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی ہے تو ہم ہیں، ہمیں مل کر پاکستان کی بقا اور سلامتی کی خاطر کام کرنا چاہیے۔

    شرکا نے کہا کہ پاکستان کی بات ہوگی تو ہم پاکستان آرمی کے ساتھ ملک کی بقا کی خاطر کھڑے ہوں گے۔

  • سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے پر شہری عدالت پہنچ گیا

    سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے پر شہری عدالت پہنچ گیا

    اسلام آباد: سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے معاملے پر شہری نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، شہری کی درخواست ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2022 کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق شہری نے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2022 اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا، سیکریٹری وزارت قانون و انصاف اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو درخواست میں فریق ٹھہرایا گیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے محروم رکھا گیا، گزشتہ حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے اوور سیز کو ووٹ کا حق دیا تھا۔

    درخواست کے مطابق آئین کا آرٹیکل 17 سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیتا ہے، 26 مئی کو حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں کو حق رائے دہی سے محروم کردیا، الیکشن ترمیمی ایکٹ کو پارلیمان سے بغیر کسی ڈسکشن کے پاس کروایا گیا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2022 کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے اور سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی کی اجازت دی جائے۔

  • وزیر اعظم کا وژن: بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوا لیے

    وزیر اعظم کا وژن: بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوا لیے

    کراچی: بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ 97 ممالک میں مقیم 86 ہزار پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوائے ہیں۔

    گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق اب تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 48 کروڑ ڈالر آ چکے ہیں۔

    کراچی میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب میں رضا باقر نے کہا وزیر اعظم کا وژن ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بینکاری آسان ہو جائے، اس ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سمندر پار پاکستانی آسانی سے بینکاری کر سکیں گے۔

    تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم کے مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے، اب شہری گھر بیٹھے بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔

    ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا پاکستانی بیرون ملک سے بھی جائیداد اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ فروری میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام کے تحت میسر آنے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں بتایا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر 600 سے700 اکاؤنٹس کھل رہے ہیں، اور روزانہ 6 سے 7 ملین ڈالرز کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو رہی ہیں۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ویب پورٹل سے متعلق ایک اور خوش خبری

    اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ویب پورٹل سے متعلق ایک اور خوش خبری

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ویب پورٹل سے متعلق ایک اور خوش خبری آ گئی، او سی پی کمیشن کا ویب پورٹل سٹیزن پورٹل سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق او سی پی کے وائس چیئرمین چوہدری وسیم اختر نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے 5 شہروں میں پولیس سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے، او سی پی کا ویب پورٹل بھی سٹیزن پورٹل سے منسلک کر دیا جائے گا۔ اس اقدام سے سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج اور ان پر کارروائی کے عمل میں مزید بہتری اور تیزی آ جائے گی۔

    وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ سہولت مراکز کے لیے جگہوں کی نشان دہی رواں ماہ ہی کر لی جائے گی، یہ سہولت پانچ شہروں میں فراہم کی جا رہی ہے جس سے اوورسیز پاکستانی مستفید ہوں گے۔

    حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے نیا پاکستان کالنگ ویب پورٹل متعارف کرایا تھا، اس پورٹل کا مقصد بیرون ملک ڈاکٹرز، انجینئرز، پروفیسرز اور دیگر ماہرین کا ڈیٹا جمع کرنا اور ان سے رابطے میں آسانی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 17 فروری کو وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ملائیشیا کی سوشل سیکورٹی کے درمیان اہم معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی محنت کشوں کی ملائشین سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا ہے، اب ملائشین ایمپلائرز پاکستانی محنت کشوں کی معلومات ملائشین سوشل سیکورٹی کو دیں گے، حادثے کی صورت میں پاکستانی محنت کشوں کو مفت طبی و مالی امداد ملے گی جب کہ انتقال کی صورت میں اہل خانہ کو تاحیات ماہانہ وظیفہ ملے گا۔

  • اوور سیز پاکستانیوں کا اہم مطالبہ حکومت نے پورا کردیا

    اوور سیز پاکستانیوں کا اہم مطالبہ حکومت نے پورا کردیا

    اسلام آباد: اوور سیز پاکستانیوں کے لیے زبردست خوشخبری ہے کہ بیرون ملک سے جاری شدہ ڈرائیونگ لائسنس پاکستان میں تسلیم کیے جائیں گے۔

    سمند پار پاکستانیوں کی مشکلات کم کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن رہتے ہوئے حکومت نے ایک اور اہم اقدام اٹھایا ہے۔

    بیرون ملک سے جاری شدہ ڈرائیونگ لائسنس کو پاکستان میں تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بیرون ملک سے جاری ہوئے مؤثر لائسنس اسلام آباد میں استعمال ہوسکیں گے۔

    اس حوالے سے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایات کے ساتھ سرکلر جاری کر دیا گیا ہے جس میں غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کے حامل شخص کو گاڑی چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری سے آن لائن سیشن میں کئی بار غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے سوالات کیے گئے تھے اور بار بار اس معاملے کو اٹھایا گیا تھا۔

    اوورز سیز پاکستانیوں نے سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے اب حکومت نے پورا کر دیا ہے۔

  • دبئی میں پاکستانیوں کی مدد کے لیے لیگل ایڈ کمیٹی قائم ہو گئی: زلفی بخاری

    دبئی میں پاکستانیوں کی مدد کے لیے لیگل ایڈ کمیٹی قائم ہو گئی: زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے بتایا ہے کہ دبئی میں قانونی معاونت کے سلسلے میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا کہ سعودی عرب سے 230 افراد واپس پہنچ چکے ہیں، دبئی میں لیگل ایڈ کے لیے کمیٹی قائم ہو گئی ہے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں میں سمندر پار پاکستانیز کی وزارت نے بالکل کام نہیں کیا، ماضی میں اس وزارت کو او پی ایف اور ای او بی آئی میں کرپشن کے حوالے سے جانا جاتا تھا۔

    معاونِ خصوصی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کی وزارت کا ہر ادارہ تباہ حال ہے، وزارت کی حالت ٹھیک کرنے کے لیے ہمیں کچھ وقت درکار ہے، ہم ان اداروں کو ٹھیک کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کا وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا

    زلفی بخاری نے کہا ’میں اس بات کا شوقین نہیں ہوں کہ او پی ایف (اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن) کی نئی ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان کروں، میں چاہتا ہوں کہ ماضی میں جن افراد سے پیسے لیے جا چکے ہیں ان کو ڈیلیور کروں۔‘

    یاد رہے کہ سعودی ولیٔ عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے ان سے سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید 2107 پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی، جس پر ولیٔ عہد نے قیدیوں کی فوری رہائی کا شاہی فرمان جاری کیا۔

  • ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت مہیا کردی

    ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت مہیا کردی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات میں  سمندرپارپاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت مہیا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق  اب بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن میں حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت مہیا کر دی گئی۔

    بیرون ملک مقیم پاکستانی انٹرنیٹ کےذریعےحق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹرزکی رجسٹریشن یکم سے15ستمبر تک کی جائےگی.

    الیکشن کمیشن نےاقدامات سےمتعلق سیکریٹری خارجہ کوخط لکھ دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ملک بھرمیں ضمنی انتخابات کےلیےکاغذات نامزدگی کی وصولی آج سےشروع

    یاد رہے کہ ضمنی انتخابات 14اکتوبرکوہوں گے، جس میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں 14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔

    انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 ستمبرتک کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات 2018: امید واروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری

    یاد رہے کہ  قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں الیکشن ملتوی ہوا تھا جبکہ عام انتخابات میں زیادہ نشستوں پرجیتنے والوں نے 28 نشستیں چھوڑی ہیں۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا ایک سازش لگتی ہے: مولانا فضل الرحمان

    اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا ایک سازش لگتی ہے: مولانا فضل الرحمان

    مانسہرہ: جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سمندر پار پاکستانیوں‌ کے حق رائے دہی پر شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ایک سازش لگتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ میں علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے کسی لابی کا راستہ تو نہیں کھولا جارہا ہے؟

    مولانا نے کہا کہ ایک شخص حق کی بات کرتا ہے لیکن ہم فرائض کی بات کرتے ہیں، ہم ریاست کو مانتے ہیں اور آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر سیاست کر رہے ہیں، لیکن ریاست کو چلانے والے ناکام ہوگئے ہیں۔

    انھوں‌ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جماعت نے خیبر پختونخواہ کو تباہ کردیا ہے اور کے پی حکومت پر تین سو ارب روپے کا قرضہ چڑھ گیا ہے۔

    الیکشن وقت پر ہونے کے بارے میں کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں: مولانا فضل الرحمان

    جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اگلا الیکشن تحریک انصاف کا آخری الیکشن ہوگا، عوام ووٹ کا درست استعمال سمجھیں۔

    انھوں‌ نے کہا کہ ہماری سیاست اور معیشت ستر سال سے ناکام لوگوں کے قبضے میں‌ ہے، عوام کو اپنا ووٹ باطل کے مقابلے میں‌ استعمال کرکے حق کا ساتھ دینا چاہیے۔

     واضح رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو مقامی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کا کرنے کا حق دیا  جائے گا، ایک کیس کی سماعت کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے بہت صبر کرلیا ہے، اب ہم انھیں ووٹ دینے کا حق دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب اور یو اے ای میں پاکستانیوں کو مشکلات، قومی اسمبلی نے رپورٹ مانگ لی

    سعودی عرب اور یو اے ای میں پاکستانیوں کو مشکلات، قومی اسمبلی نے رپورٹ مانگ لی

    اسلام آباد: ارکان اسمبلی نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کردیا، سعودی عرب اور یو اے ای میں پاکستانیوں کو اقامہ اور تنخواہ نہ ملنے کے معاملے پر اسپیکر نے متعلقہ وزارت سے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں ارکان اسمبلی نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل پر بات کی۔

    وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی شہریار آفریدی نے کہا کہ سعودی عرب اور یو اے ای میں پاکستانیوں کے پاس اقامہ نہیں ہے، 6ماہ سے نہ پاکستانیوں کو اقامہ دیا جارہا ہے اور نہ ہی تنخواہ دی جارہی ہے۔

    مسلم لیگ کے رہنما و وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

    رکن اسمبلی شیر اکبر نے کہا کہ پاکستان کو زرمبادلہ بھیجنے والوں کے ساتھ ایسا سلوک ناقابل برداشت ہے، کتنے پاکستانیوں کے اقامےختم ہیں بتایا جائے۔

    انہوں نے دھمکی دی کہ اگر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل نہ ہوئے تو قائمہ کمیٹی اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دوں گا۔

    بعدازاں اس معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزارت اوورسیز سے اس ضمن میں تفصیلات طلب کرلیں۔