Tag: سموسہ

  • خبردار اب سموسہ، جلیبی، لڈو بھی سگریٹ‌ کی طرح مضر صحت قرار، انتباہ جاری

    خبردار اب سموسہ، جلیبی، لڈو بھی سگریٹ‌ کی طرح مضر صحت قرار، انتباہ جاری

    صرف سگریٹ ہی نہیں بلکہ اب سموسہ جلیبی لڈو بھی صحت کے لیے مضر قرار دے دیے گئے ہیں اور وزارت صحت نے انتباہ جاری کیا ہے۔

    ہمارے خطہ میں میٹھا اور تیکھا ہر ایک کو بھاتا ہے۔ سموسہ جہاں دستر خوان کی شان بڑھاتا اور بھوک مٹاتا ہے۔ وہیں جلیبی اور لڈو جیسی مٹھائی کے ذریعہ لوگ ایک دوسرے سے خوشیاں بانٹتے ہیں۔ تاہم اب ان کھانے پینے کی ہر دلعزیز اشیا کو بھی مضر صحت قرار دے دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی وزارت صحت نے سموسے، جلیبی اور لڈو جیسی اشیا کو بھی انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا ہے اور ایمس سمیت کئی مرکزی اداروں کو سگریٹ کی ڈبیہ کی طرح انتباہی نوٹس اور وارننگ سائن لگانے کا حکم دیا ہے ، جس میں واضح لکھا ہو کہ روز ناشتہ میں یہ چیزیں کھانے سے کتنا چھپا ہوا فیٹ اور شوگر انسانی جسم میں جا رہا ہے۔

    حکومت جنگ فوڈ کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے جا رہی ہے اور اب سموسے، جلیبی اور دیگر میٹھے پر مبنی ناشتہ سگریٹ کی طرح وارننگ کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔ یہ پہلی بار ہوگا جب جنک فوڈ پر تمباکو جیسی وارننگ دی جائے گی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں بچوں میں موٹاپا اور نوجوانوں میں ضرورت سے زیادہ وزن کا معاملہ سنگین طور پر بڑھتا جا رہا ہے، جس کے باعث مرکزی وزارت صحت نے ایسے وارننگ سائن لگانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جلد ہی کیفے اور دیگر عوامی مقامات پر بھی وارننگ لگائی جائیں گی۔

    وزارت صحت کے جاری اعداد وشمار میں بھی کہا گیا ہے کہ سال 2050 تک تقریباً 44.9 کروڑ ہندوستانی موٹاپے یا زیادہ وزن کے شکار ہو سکتے ہیں اور بھارت دوسرا سب سے بڑا موٹاپے کا مرکز بنا سکتا ہے

    دوسری جانب وزارت صحت کی مضر صحت کھانوں کی فہرست میں صرف سموسہ، جلیبی، لڈو ہی نہیں بلکہ بڑا پاؤ اور پکوڑا سمیت کئی دیگر پکوان شامل ہیں، جس کو شہری ذوق وشوق سے کھاتے ہیں۔

    ایمس ناگپور کے افسروں کے مطابق یہ قدم اب تک کا سب سے اہم قدم ہے جس کا مقصد لوگوں کو یہ بتانا ہے کہ چینی اور ٹرانس فیٹس اب تمباکو کے برابر ہی جسم کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/samosa-atom-bomb-blog/

  • صرف ایک سموسہ کھانے پر 71 ہزار روپے جیتیں

    صرف ایک سموسہ کھانے پر 71 ہزار روپے جیتیں

    میرٹھ: کون ہوگا جو سموسہ شوق سے نہ کھاتا ہو، بعض اوقات دوستوں میں زیادہ سے زیادہ سموسے کھانے کا مقابلہ بھی ہوتا ہے، لیکن بھارتی شہر میرٹھ میں ایک سموسہ ایسا بھی ہے جسے کھانے پر 71 ہزار روپے جیتے جا سکتے ہیں۔

    یقیناً یہ جان کر آپ کے منہ میں پانی آ گیا ہوگا، لیکن ذرا ٹھہریں، یہ سموسمہ 12 کلو وزنی ہے اور اسے باہو بلی سموسہ کہا جاتا ہے، اور اسے کھانے میں آپ کو آدھے گھنٹے سے زیادہ لگ جائے گا۔

    میرٹھ کے علاقے لال کرتی میں واقع کوشل سویٹس کے مالک شبھم کوشل کا کہنا ہے کہ وہ دراصل سموسے کی مشہوری کے لیے کچھ الگ کرنا چاہ رہے تھے، اس خیال نے انھیں ’باہوبلی‘ سموسے بنانے کی طرف راغب کیا۔

    آپ یہ جان کر بھی حیران رہ جائیں گے کہ بعض مقامی لوگ سال گرہ کیک کی بجائے یہ بارہ کلو گرام وزنی سموسہ لے کر جاتے ہیں اور اسے کاٹتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ آلو، مٹر، مصالحے، پنیر اور خشک میوہ جات سے بھرے اس سموسے کو 30 منٹ میں ختم کرنے والے کو 71,000 روپے ملیں گے۔

    اس 12 کلو سموسے کی قیمت تقریباً 1500 روپے ہے، کوشل نے کہا کہ انھیں ’باہوبلی‘ سموسوں کے لیے اب تک تقریباً چالیس پچاس آرڈرز موصول ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا پہلے ہم نے چار کلو سموسے اور پھر آٹھ کلو سموسے بنا کر شروع کیے، مشہور ہونے کے بعد ہم نے 12 کلو کا سموسہ تیار کر لیا۔

    باورچیوں کو یہ دیوہیکل سموسہ تیار کرنے میں تقریباً 6 گھنٹے لگتے ہیں، اور پین میں سموسے کو صرف فرائی کرنے کے لیے تین باورچیوں کو 90 منٹ لگ جاتے ہیں، بارہ کلو کے سموسے میں اس کے اندر ڈلی ہوئی چیزوں کا وزن تقریباً سات کلو ہوتا ہے۔

    یہ سموسہ کھانے کے لیے لوگوں کو ایڈوانس میں آرڈر دینا پڑتا ہے، کوشل کا دعویٰ ہے کہ یہ ملک کا سب سے بڑا سموسہ ہے۔

  • بغیر اجازت سموسہ کھانے پر ایک شخص قتل

    بغیر اجازت سموسہ کھانے پر ایک شخص قتل

    بھوپال : بھارت میں ایک شخص کو دکان مالک کی اجازت کے بغیر سموسہ اٹھا کر کھانے پر قتل کر دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال  کے علاقے شنکر نگر میں پیش آیا، واقعہ میں ملوث دکان مالک ہری سنگھ اور اس کے 20 سالہ بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقتول کی شناخت ونود اہیروار کے نام سے ہوئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: گوشت مہنگا بیچنے پر گاہک نے قصاب کو قتل کر ڈالا

    چھولا مندر تھانہ انچارج نے بتایا کہ اہیروار دکان میں داخل ہوا اور سموسہ اٹھا کر کھانے لگا تو دکان مالک نے اسے پہلے ڈانٹا اور پھر اس کے سر پر ڈنڈا دے مارا جس سے اہیروار کی موت واقع ہوگئی۔

  • افطار میں مزیدار چکن تکہ سموسے پیش کریں

    افطار میں مزیدار چکن تکہ سموسے پیش کریں

    ماہ رمضان جاری ہے، ایسے میں خواتین خانہ کے لیے ہر روز افطار کے دستر خوان کو متنوع اور صحت مند اشیا سے سجانا ایک چیلنج ہے، اسی لیے آج آپ کو تکہ سموسے بنانے کی آسان ترکیب بتائی جارہی ہے۔

    اجزا

    چکن بریسٹ: 2 عدد

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    تکہ مصالحہ: 2 سے 3 کھانے کے چمچ

    سموسہ پٹی: 10 عدد

    انڈہ (پھینٹا ہوا): 1 عدد

    لہسن ادرک کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے چکن بریسٹ پر اچھی طرح تکہ مصالحہ لگا کر ایک گھنٹے کے لیے میری نیٹ کر لیں۔

    ایک پین میں 2 سے 3 کھانے کے چمچ تیل گرم کر کے اس میں چکن شامل کر کے پکائیں یہاں تک کہ چکن گل جائے۔

    اب اسے فوڈ پروسیسر میں شامل کر کے پیس لیں اور باقی کے تمام اجزا بھی شامل کردیں۔

    اب سموسہ پٹی میں چکن مکسچر رکھ کر سموسہ کی شکل میں فولڈ کریں اور انڈے کی مدد سے کناروں کو بند کردیں۔

    گرم تیل میں ڈیپ فرائی کرلیں یہاں تک کہ سنہرے ہو جائیں۔

    کیچپ کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔

  • "مہنگے” سموسوں نے دکاندار کی جان لے لی

    "مہنگے” سموسوں نے دکاندار کی جان لے لی

    بھارت میں سموسے کی قیمت پر ہونے والا جھگڑا س قدر بڑھ گیا کہ دکاندار کی جان لے گیا، پولیس ملزم کی تلاش میں سرگرداں ہے۔

    بھارتی ریاست بہار میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف کی فضا پھیل گئی، واقعہ بہار کے علاقے روہتناگ میں ایک کنفیکشنری دکان پر پیش آیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق 2 افراد نے سموسوں کی قیمت پر دکاندار سے بحث شروع کی، اس دوران دکان کے اندر سے دوسرا بھائی بھی نکل آیا۔

    جھگڑا اتنا بڑھا کہ خریدنے والے نے جیب سے پستول نکال کر دونوں پر فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے بعد 26 سالہ بھائی موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرے چھوٹے بھائی کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے، پولیس علاقے کا گشت بھی کر رہی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

  • ’کاش! میں یہ سموسہ دیکھنے سے پہلے اندھا ہوجاتا‘

    ’کاش! میں یہ سموسہ دیکھنے سے پہلے اندھا ہوجاتا‘

    سوشل میڈیا پر انواع واقسام کے کھانے اور تجرباتی پکوانوں کے چرچے رہتے ہیں لیکن ان دنوں صارفین ایسی آئس کریم پر تبصرے کررہے ہیں جسے انسانی آنکھ نے پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حمزہ گلزار نامی شہری نے ’اوریو آئس کریم سموسہ‘ کی تصاویر شیئر کیں جس پر سوشل میڈیا صارفین سیخ پا ہوگئے اور مذکورہ شے تیار کرنے والے شخص کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    پہلی مرتبہ اوریو بسکٹ اور کریم کی مدد سے سموسہ آئس کریم تیار کی گئی جو صارفین کو ذرا بھی نہ بھائی اور لفظی گولہ باری شروع کردی۔ ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسی حرکتوں سے کرونا جنم لیتا ہے‘۔ دوسرے شہری کا کہنا تھا کہ ’کاش! میں یہ سموسہ دیکھنے سے پہلے اندھا ہوجاتا‘۔

  • پڑھائی کے ساتھ ساتھ سموسے فروخت کرنے والا 10 سالہ بلند حوصلہ بچہ

    پڑھائی کے ساتھ ساتھ سموسے فروخت کرنے والا 10 سالہ بلند حوصلہ بچہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سموسے بیچنے والا 10 سالہ زاہد عزم اور حوصلے کی مثال بن گیا، لوگ جوق در جوق اس کے سموسے خریدنے کے لیے آنے لگے۔

    کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا واٹر پمپ میں یہ 10 سالہ بچہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ سموسے فروخت کر کے اپنے گھر کی گاڑی چلا رہا ہے۔

    زاہد پڑھائی کرتا ہے اور شام میں سموسے فروخت کرتا ہے، وہ اسکول اور مدرسے جانے کے بعد شام میں یہاں آجاتا ہے اور کھیلنے کودنے کی عمر میں محنت مزدوری کر کے گھر چلانے میں اپنے والدین کا ہاتھ بٹاتا ہے۔

    زاہد کے والد ایک چھوٹے سے اسٹال پر اسٹیشنری فروخت کرتے ہیں جس کی آمدنی اس محدود سے گھرانے کے لیے بھی ناکافی ہے۔ اس کی والدہ اسے سموسے بنا کر دیتی ہیں اور وہ روزانہ انہیں فروخت کرتا ہے۔

    اس حوصلہ مند ننھے بچے کا کہنا ہے کہ اسے یہ کام کرتے ہوئے 1 سال 2 ماہ ہوگئے ہیں۔

    زاہد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد نہ صرف لوگوں نے اس بچے کے بلند حوصلے کو سراہا بلکہ اس کے گاہکوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر زاہد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک اسکول کے پرنسپل نے زاہد کو اپنے اسکول میں تعلیم دینے کی بھی پیشکش کی جسے زاہد کے والد نے قبول کرلیا۔

  • افطار میں مزیدار پنیر سموسے تیار کریں

    افطار میں مزیدار پنیر سموسے تیار کریں

    آج افطار میں مزیدار پنیر سموسے تیار کریں جس کی آسان ترکیب آپ کو بتائی جارہی ہے۔

    اجزا

    کاٹیج چیز: 1 پیالی

    ہرا مصالحہ: نصف کپ

    پیاز چوکور کٹی ہوئی: 1 عدد

    بادام اور بھنے کاجو: مٹھی بھر

    کالی مرچ موٹی کٹی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    سموسہ پٹی: 20 عدد

    تیل: تلنے کے لیے

    ترکیب

    سب سے پہلے بادام، کاجو اور کالی مرچ پیس کر پنیر میں ملا دیں اور ہرا مصالحہ اور پیاز بھی ملا دیں۔

    سموسہ پٹی پر تھوڑا مصالحہ رکھ کے تکونا شیپ دیں۔

    میدہ کی لئی سے سموسہ بند کر دیں اور ہلکی آنچ پر تل لیں۔

    تلنے کے بعد کاغذ پر رکھتے جائیں۔

    افطار میں کیچپ اور چٹنی کے ساتھ گرما گرم سرو کریں۔

  • مزیدار چکن تکہ سموسے بنانے کی ترکیب

    مزیدار چکن تکہ سموسے بنانے کی ترکیب

    شام کی چائے کے ساتھ کچھ ہلکا پھلکا کھانا چائے کا لطف دوبالا کردیتا ہے۔ اسی لیے آج ہم آپ مزیدار چکن تکہ سموسے بنانے کی ترکیب بنا رہے ہیں۔


    اجزا

    چکن بریسٹ: 2 عدد

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    تکہ مصالحہ: 2 سے 3 کھانے کے چمچ

    سموسہ پٹی: 10 عدد

    انڈہ پھینٹا ہوا: 1 عدد

    لہسن ادرک کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ضرورت


    ترکیب

    چکن بریسٹ پر اچھی طرح تکہ مصالحہ لگا کر ایک گھنٹے کے لیے میری نیٹ کر لیں۔

    ایک پین میں 2 سے 3 کھانے کے چمچ تیل گرم کر کے اس میں چکن شامل کر کے پکائیں یہاں تک کہ چکن گل جائے۔

    اب اسے فوڈ پروسیسر میں شامل کر کے پیس لیں اور باقی کے تمام اجزا بھی شامل کردیں۔

    پھر سموسہ پٹی میں چکن مکسچر رکھ کر سموسہ کی شکل میں فولڈ کریں اور انڈے کی مدد سے کناروں کو بند کردیں۔

    گرم تیل میں ڈیپ فرائی کرلیں یہاں تک کہ سموسے سنہرے ہو جائیں۔

    کیچپ کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔