Tag: سمیع خان

  • جہاز میں موت کو قریب دیکھ کر کلمہ پڑھ لیا تھا، سمیع خان

    جہاز میں موت کو قریب دیکھ کر کلمہ پڑھ لیا تھا، سمیع خان

    پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سمیع خان نے اپنی زندگی کا سب سے خطرناک واقعہ بیان کیا جس میں انہوں نے موت کو بہت قریب سے دیکھا۔

    ایک نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سمیع خان نے بتایا کہ ایک مرتبہ بذریعہ جہاز کراچی سے لاہور جا رہا تھا کہ اس دوران مجھ سمیت تمام مسافر مرنے سے بال بال بچ گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان میں کراچی میں تھا اور عید کیلئے میں کراچی سے لاہور بذریعہ جہاز جارہا تھا اور جہاز میں میری ونڈو سیٹ نہیں بلکہ درمیان والی تھی۔

    سمیع خان نے بتایا کہ لاہور کا موسم بے حد خراب تھا وہاں طوفان آیا ہوا تھا، کھڑکی سے دکھائی سے رہا تھا کہ بارش ہو رہی ہے اور بجلی بھی خوب چمک رہی ہے اور ہمارا جہاز لینڈ کرنے کو تھا لیکن اچانک جہاز نے زور سے ہلنا شروع کردیا۔

    سمیع خان نے انکشاف کیا کہ اس ٹربلنس کو محسوس کرتے ہی میرے برابر میں بیٹھے شخص نے کھڑکی سے باہر دیکھا اور مجھے کہا کہ شاید جہاز کے ٹائر نہیں کھل رہے یہ سن کر میں نے کہا کہ تو پھر کلمہ پڑھ لیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ دیکھ کر مجھے اچانک یاد آیا کہ ایک سال قبل کراچی میں بھی ایسا ہی حادثہ پیش آیا تھا اور اس وقت موسم بھی خراب نہیں تھا اور اس وقت تو موسم بھی خراب ہے۔ جہاز جس طرح اوپر جا رہا تھا تمام مسافر کلمہ پڑھ رہے تھے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں وجہ نہیں بتائی گئی بس اعلان ہوا کہ لینڈ کرنا تھوڑا مشکل ہے اس لیے جہاز اسلام آباد لے جارہے ہیں۔

  • اداکار سمیع خان نے مداحوں کو خوشخبری سنادی

    اداکار سمیع خان نے مداحوں کو خوشخبری سنادی

    کراچی: پاکستانی معروف اداکار سمیع خان نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

    اپنے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکار سمیع خان نے اپنے چاہنے والوں سے خوشی کی خبر شیئر کی کہ وہ بیٹے کے باپ بن گئے ہیں۔

    سمیع خان نے اپنے معصوم بچے کے پیروں کی تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں تحریر تھا کہ ’ماشااللہ، الحمداللہ، میں ہمارے آنکھوں کے تارے شاہ میر خان کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے بہت پُرجوش اور خوش ہوں‘۔

    اداکار کی جانب سے اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست بھی کی گئی، واضح رہے کہ سمیع خان نے اپنے صاحبزادے کا نام شاہ میر خان رکھا ہے۔

    سمیع خان نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری سے نام کمایا، ان کے معروف ڈراموں میں،عشق زہے نصیب، سیراب، یار نہ بچھڑے، انکار اور ایسی ہے تنہائی شامل ہے۔

  • بے حسی کی انتہا: سمیع خان شادیوں میں پیسہ لٹانے والوں پر سخت برہم

    معروف اداکار سمیع خان نے شادیوں میں لاکھوں روپے لٹانے والے افراد کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بے حس قرار دے دیا۔

    ملک بھر میں جہاں ایک طرف اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں غریب آدمی کے لیے خوراک کی خریداری بھی مشکل بنا رہی ہیں وہیں پنجاب میں شادیوں کی تقریب میں لاکھوں روپوں کی بارش پر ہر شخص حیران و پریشان ہے۔

    سوشل میڈیا پر حال ہی میں منڈی بہاؤ الدین میں ہونے والی شادی کی تقریب میں پیسے لٹانے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں آسمان پر پیسوں کو اڑتے جبکہ نیچے کھڑے لوگوں کو لوٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    معروف اداکار سمیع خان نے اس ویڈیو کو انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ کیا یہ وہی ملک ہے جہاں غریب آدمی اپنے بچوں کے لیے آٹے کی لائن میں مرجاتا ہے؟

    اداکار نے اس عمل کو بے حسی کی انتہا قرار دیتے ہوئے استغفار پڑھا۔

    اس سے قبل بھی سیالکوٹ میں ایک گاؤں میں شادی کی وائرل ویڈیوز اور تصاویر نے سوشل میڈیا صارفین کو دنگ کیے رکھا تھا۔

    مذکورہ شادی میں منہاج ہاؤس کے مکینوں کی جانب سے 30 سے 35 لاکھ روپے ساتھ ہی 12 سے 15 اسمارٹ فون بھی لٹائے گئے۔

  • ’تم ’بہو‘ نہیں ناگن ہو‘

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’تقدیر‘ میں ساس نے رومی کو گھر سے نکال دیا؟۔

    ڈرامہ سیریل ’تقدیر‘میں سمیع خان (اسد)، علیزے شاہ (رابی) کا کردار نبھا رہے ہیں۔ جبکہ دیگر کاسٹ میں زین افضل (رومی کے بھائی)، عالیہ عالی (ماہین، منفی کردار) عاصم محمود (رومی کے بھائی)، جاوید شیخ (رومی کے والد)، مریم نور (زونی اسد کی بہن)، عالیہ علی، خالد انعم ( اسد کے والد)  ودیگر شامل ہیں۔

    ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض محسن طلعت نے انجام دیے ہیں۔

    گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ ’اسد کی والدہ رومی سے کہتی ہیں کہ ’کیا سمجھا تھا تم نے کہ تم ہماری آنکھوں میں دھول جھونکتی رہو گی اور ہم برداشت کرتے رہیں گے۔‘

    رومی کہتی ہیں کہ ’امی یہ کیا کہہ رہی ہیں۔‘ لیکن وہ ان کی ایک نہیں سنتی اور کہتی ہیں کہ ’ارے تم بہو نہیں ناگن ہو ناگن۔‘ کس طرح سے تم نے میری بیٹی کی خوشیوں کو ڈسا ہے۔‘

    ابھی وہ رومی کو ہاتھ پکڑ لے جارہی ہوتی ہیں کہ انہیں بھتیجے کی جانب سے روک لیا جاتا ہے لیکن منفی کردار ماہین کہتی ہیں کہ ’اچھا ہے یہ اس گھر سے جائے اور اس کے وجود سے یہ گھر پاک ہوجائے۔‘

    رومی یہ سب ہونے کے بعد پھوٹ پھوٹ کر رونے لگتی ہیں جبکہ 47ویں قسط میں دکھایا گیا کہ ماہین اسپتال میں زیر علاج ہیں رومی اسد سے کہتی ہیں کہ ’میں بھی چلوں آپ کے ساتھ لیکن وہ انہیں منع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس وقت تمہارا گھر میں رہنا بہتر ہے۔‘

    ’تقدیر‘ میں کیا ہونے جارہا ہے؟ کیا ماہین سب کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی؟ کیا اسد اور رومی کی طلاق ہوجائے گی؟ یہ جاننے کے لیے اگلی قسط دیکھیں۔

  • ’ماہین کو نبیل کے ’افیئر‘ کا پتا چل گیا‘

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’تقدیر‘ میں ماہین کو شوہر نبیل کے افیئر کا پتا چل گیا۔

    ڈرامہ سیریل ’تقدیر‘میں سمیع خان (اسد)، علیزے شاہ (رابی) کا کردار نبھا رہے ہیں۔ جبکہ دیگر کاسٹ میں زین افضل (ماہین کے شوہر، رومی کے بھائی)، عاصم محمود (رومی کے بھائی)، جاوید شیخ (رومی کے والد)، عینی زیدی، مریم نور (زونی اسد کی بہن)، عالیہ علی (ماہین، منفی کردار)، خالد انعم ( اسد کے والد)  ودیگر شامل ہیں۔

    ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض محسن طلعت نے انجام دیے ہیں۔

    گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ ’ماہین دروازے پر کھڑی باتیں سن رہی ہوتی ہیں جس میں کہا جاتا ہے کہ ’تمہیں سعد سے دوستی رکھنی ہی نہیں چاہیے میں یہ اس لیے کہہ رہا ہوں کہ کل کوئی اس بات کو لے کر کوئی مسئلہ ہو۔‘

    عالیہ علی (ماہین) یہ سب سن کر کہتی ہیں کہ ’اب آئے گا مزہ۔‘ وہ کہتے ہیں کہ ’آج میں نبیل اور اس لڑکی سے متعلق بات ابو سے کررہا تھا۔‘

    یہ سنتے ہی ماہین حیران ہوکر کہتی ہیں کہ ’لڑکی۔‘ کیونکہ ان کے شوہر سے متعلق بات ہورہی ہوتی ہے۔‘

    شوہر انہیں کہتے ہیں کہ ’میں تمہاری جگہ کسی کو دینے کی کوشش نہیں کرسکتا۔‘ ماہین کہتی ہیں کہ ’تم کوشش کربھی نہیں سکتے، گھر والے تو تمہیں بعد میں پوچھیں گے میں تمہاری زندگی جہنم بنادوں گی۔‘

    ’تقدیر‘ میں مزید کیا ہونے جارہا ہے؟ کیا نبیل ماہین کو چھوڑ دیں گے؟ کیا ماہین اسد اور رومی کے رشتے میں دراڑ ڈال دیں گی؟ یہ جاننے کے لیے اگلی قسط دیکھیں۔

  • شوبز میں آنے سے قبل سمیع خان کیا کرنا چاہتے تھے؟

    شوبز میں آنے سے قبل سمیع خان کیا کرنا چاہتے تھے؟

    کراچی: معروف اداکار سمیع خان نے بتایا کہ وہ انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے تھے اور ان کا شوبز میں آنے کا قطعی کوئی ارادہ نہیں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں معروف اداکار سمیع خان نے شرکت کی اور اپنی زندگی کے بارے میں بتایا۔

    سمیع کا کہنا تھا کہ وہ انجینیئرنگ کر رہے تھے اور ان کا ارادہ امریکا جا کر پڑھنے اور سیٹل ہونے کا تھا، لیکن فائنل ایئر میں انہیں ایک فلم کی آفر آئی جس کے بعد وہ اسی شعبے سے وابستہ ہوگئے۔

    ان کے دوست نے بتایا کہ انہیں اکثر فلموں اور ڈراموں کی پیشکش ہوتی رہتی تھی لیکن وہ کیمرے سے خوفزدہ تھے اس لیے ہر آفر کے لیے سمیع خان کو ریکمنڈ کردیا کرتے تھے۔

    سمیع خان کا کہنا تھا کہ انہیں شوبز میں لانے کا سہرا اسی دوست کے سر ہے۔

  • سمیع خان کا اصل نام کیا ہے؟ وہ ایوارڈ شوز میں کیوں نہیں جاتے؟

    سمیع خان کا اصل نام کیا ہے؟ وہ ایوارڈ شوز میں کیوں نہیں جاتے؟

    کراچی: معروف اداکار سمیع خان نے وسیم بادامی کے معصومانہ سوالات کے دلچسپ جوابات دیے اور مداحوں کو اپنے بارے میں بہت کچھ بتایا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار سمیع خان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں شرکت کی اور میزبان وسیم بادامی کے معصومانہ سوالات کے جواب دیے۔

    سمیع خان نے بتایا کہ ان کا پورا نام منصور اسلم خان نیازی ہے لیکن طویل ہونے کی وجہ سے اس نام کو مختصر کر کے انہوں نے سمیع خان کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ عیسیٰ خیل سے تعلق رکھتے ہیں۔

    ایک سوال پر سمیع خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی فلم و ڈرامہ انڈسٹری نے وقت کے ساتھ ساتھ خود کو بہتر کیا، اس کے مقابلے میں لاہور کی انڈسٹری جمود کا شکار ہوگئی۔

    معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں ان کے خیالات سے کوئی سروکار نہیں، وہ ان کے ساتھ کام ضرور کر رہے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ وہ ان کے نظریات سے متفق ہوں۔

    سمیع نے کہا کہ ان کے خیال میں اختلاف رائے رکھنا اچھی بات ہے تاہم اسے دوسروں پر تھوپا نہیں جانا چاہیئے۔

    اس سوال پر کہ ایوارڈ شوز میں دھاندلی ہوتی ہے یا نہیںِ، سمیع نے کہا کہ وہ ایوارڈ شوز میں جاتے ہی نہیں ہیں۔ ان کے لیے سب سے بڑا ایوارڈ مداحوں کی محبت ہے۔

    سیاسی حالات کے بارے میں اظہار رائے کرتے ہوئے سمیع خان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں جہاں اس قوم نے اتنے لوگوں کو بار بار موقع دیے ہیں تو وزیر اعظم عمران خان کو بھی ایک اور موقع ملنا چاہیئے۔