Tag: سنت ابراہیمی

  • مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں مسلمان نمازعید اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے محروم

    مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں مسلمان نمازعید اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے محروم

    سری نگر: عیدالاضحیٰ پرمقبوضہ کشمیرکے لاکھوں مسلمان گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، کشمیری نمازعید ادا کرسکے نہ قربانی کا فریضہ ادا کرسکے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے مقبوeضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے بعد سے کرفیو نافذ ہے، آٹھویں روز بھی لوگ گھروں میں محصور ہیں، لاکھوں مسلمان عیدالاضحیٰ کی نماز بھی ادا نہ کرسکے۔

    کرفیو اور لاک ڈاؤن کے سبب لوگوں کو اشیائے خوردونوش کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے، وادی کی دکانیں بند ہیں اور لوگوں کو خوراک اور بچوں کا دودھ تک میسر نہیں جس کے سبب مقبوضہ کشمیر میں ایک بڑا انسانی المیہ جنم لینے کا اندیشہ ہے۔

    بھارت کی جانب سے انٹرنیٹ سمیت اطلاعات ونشریات کے تمام ذرائع پر پابندی کے بعد مقبوضہ کشمیر سے کسی بھی قسم کی اطلاعات ملنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں اور بھارت نے مقبوضہ وادی سے دنیا کا راستہ منقطع کیا ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تھی اور اس کے بعد سے وادی میں مکمل کرفیو نافذ ہے۔

    قابض انتظامیہ نے حریت قیادت اور سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے. 600 سے زائد رہنما اور کارکن گرفتار ہیں۔

  • عید قرباں کا دوسرا دن، قربانی کا سلسلہ جاری

    عید قرباں کا دوسرا دن، قربانی کا سلسلہ جاری

    کراچی : عید قرباں کے دوسرے دن فرزندان اسلام سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کر رہے ہیں، قربانی کے لئے قصائی آج بھی نایاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے رب کی خوشنودی کی خاطر فجر کے بعد سے ہی مسلمان قربانی میں مصروف ہیں۔

    کراچی میں انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے دن دس لاکھ جانوروں کی قربانی کی گئی۔

    شہر قائد میں لاکھوں افراد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کررہے ہیں لیکن آلائشیں اٹھانے کا عمل انتہائی سست ہے، مختلف علاقوں میں بلدیاتی عملہ پہنچ ہی نہ سکا جبکہ حیدرآباد میں کئی علاقوں سے جانوروں کی آلائشیں نہ اٹھائی جا سکیں، جس سے شہری پریشان ہیں‌۔

    وزیر بلدیات کا کہنا ہے فرائض میں سستی برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    دوسری جانب عید کے دوسرے دن بھی دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے لئے گھروں پر خواتین قربانی کے بعد مزے مزے کے کھانوں تکہ کباب ،سیخ کباب اور دیگر اشیاء کی تیاری میں مصروف ہیں۔

    گذشتہ روز صدر ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی تھی، صدر مملکت کا کہنا تھا آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت وایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار وقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی۔

  • عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    کراچی: بقرِ عید پر سنتِ ابراہیمی کی تکمیل کے لیے قربانی کے جانوروں کی خریداری کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا، وقت کم مقابلہ سخت کے مصداق منڈی میں جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید کے پہلے دن قربانی کرنے کے لیے لوگوں کا مویشی منڈیوں میں رش بڑھ گیا، بیوپاریوں نے مویشی کے دام بڑھا کر پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیے۔

    منڈی کی قیمتیں بے انتہا بڑھ جانے کی وجہ سے خریدار بھاؤ تاؤ پر مجبور ہوگئے ہیں، خریداروں کی ایک بڑی تعداد کو منڈیوں سے مایوس ہوکر واپس جانا پڑ رہا ہے۔

    مویشی منڈیوں کے ریٹس کے مطابق درمیانے درجے کی گائے بیل کے ایک سے سوا لاکھ تک ڈیمانڈ کی جانے لگی، بکروں کے دام 25 ہزار سے سوا لاکھ تک پہنچا دیے گئے۔

    عوام کے مویشی منڈیوں کے چکر پہ چکر لگ رہے ہیں، عید سے پہلے آخری دن بیوپاریوں نے سیزن بھرپور طریقے سے کیش کرنے کا فیصلہ کر لیا، قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں رہا۔

    دوسری طرف بچوں کی عید سے پہلےعید ہوگئی، گھروں میں قربانی کے جانوروں کی خوب آؤ بھگت ہونے لگی، ہر گلی محلے میں بچےلاڈ اٹھانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔

    کوئی اپنی گائے کو سیر کروا رہا ہے تو کوئی بکرے کو گھاس کھلا رہا ہے، جوخود کھانا تھا وہ بھی بکروں کو کھلایا جانے لگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  برطانوی ہائی کمشنر کا مویشی منڈی سے عید پر خصوصی پیغام۔ ویڈیو دیکھیں


    بقرِ عید کے سیزن میں قصاب بھی کسی سے پیچھے نہیں رہنا چاہتے، شہریوں کی جیب پرچھریاں چلانے کو تیار ہوگئے، جانور کاٹنے کے ریٹس میں ہوش رُبا اضافہ کر دیا۔

    واضح رہے کہ آج خلیجی و دیگر ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، دنیا بھر میں مقیم فرزندانِ اسلام نے سنّتِ ابراہیمی کے تحت اپنے جانوروں کی قربانیاں اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے پیش کیں جب کہ کل پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔