کراچی (13 اگست 2025): نارتھ ناظم آباد میں اسکول وین کی رکشے کو خوف ناک ٹکر کے باعث شدید طور پر زخمی ہونے والی طالبہ سندس کے چہرے کی آج سرجری ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں فتح پارک کے قریب مین روڈ پر ایک اسکول وین نے رکشے کو ٹکر مار دی تھی، حادثے کے بعد وین ڈرائیور اسکول کے بچوں کو چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے اسے پکڑ لیا ہے۔
واقعے سے متعلق تھانہ حیدری مارکیٹ میں درج ایف آئی آر کے مطابق حادثے کے وقت ڈرائیور موبائل فون پر بات کر رہا تھا، اور لاپروائی کے ساتھ ایک گلی سے تیز رفتاری کے ساتھ سڑک پر آیا اور رکشے کو زبردست ٹکر مار دی۔
اس حادثے میں زخمی ہونے والی 22 سالہ لڑکی میڈیکل کالج کی طالبہ تھی، بہادر آباد کی رہائشی سندس کو شدید زخمی حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ سندس کے ماتھے سے گوشت اکھڑ گیا ہے، اندرونی چوٹیں لگی ہیں، ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے، گردن کی ہڈی پر بھی ضرب لگی ہے۔
فیملی کا کہنا ہے کہ سندس کو پورے چہرے پر چوٹیں آئی ہیں، اور جسم کے مختلف حصے بھی متاثر ہوئے، ایک ہاتھ کی انگلی ٹوٹی، پیر پر بھی چوٹیں آئیں۔ فیملی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندس کے چہرے کی آج سرجری کی جائے گی۔
فیملی کا کہنا ہے کہ حادثہ وین ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا تھا، وین میں بیٹھے بچے نالے میں گر سکتے تھے اور بڑا نقصان ہو سکتا تھا، اس لیے ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کروائیں گے۔