Tag: سندھی اجرک ڈے

  • سندھی اجرک ڈے پر بااثر افراد کی فائرنگ، ملزمان کو رشوت لے کر چھوڑنے کا انکشاف

    سندھی اجرک ڈے پر بااثر افراد کی فائرنگ، ملزمان کو رشوت لے کر چھوڑنے کا انکشاف

    کراچی: سندھی اجرک ڈے پر با اثر نوجوانوں کی فائرنگ کے واقعے کے سلسلے میں انکشاف ہوا ہے کہ پولیس کے تفتیشی افسر نے تمام ملزمان کو رشوت لے کر چھوڑ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق مبینہ ملزم طلحہ بیگ نے نمایندہ اے آر وائی سے گفتگو میں بھانڈا پھوڑ دیا، طلحہ بیگ نے الزام لگایا کہ تفتیشی افسر نے ان پر تشدد کیا اور اصل گناہ گاروں کو پکڑنے کے بعد چھوڑ دیا۔

    طلحہ بیگ اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے

    طلحہ بیگ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ تفتیشی افسر نے تمام گناہ گاروں کو مبینہ طور پر رشوت لے کر رہا کیا، سندھی اجرک ڈے پر فائرنگ کرنے والے پیپلز پارٹی کے اہم افراد کے جاننے والے تھے، تفتیشی افسر نے چالان سے با اثر افراد کے بچوں کا نام نکال دیا، میں خود تھانے حقیقت بتانے گیا تھا، لیکن مجھے ہی پکڑ کر بٹھا لیا۔

    وائز سرکی اور آفتاب چانڈیو

    طلحہ بیگ نے بتایا کہ سعید غنی کے خاص شخص آفتاب چانڈیو کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا، فائرنگ کرنے والے افراد میں مہتاب چانڈیو بھی شامل تھا، جب کہ فائرنگ ویڈیو میں نظر آنے والی گاڑی سلمان قریشی کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ کا یوم ثقافت: بااثر افراد نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں

    طلحہ بیگ نے یہ الزام بھی لگایا کہ پولیس کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے مون کلہوڑ کا تعلق وزیر اعلیٰ ہاؤس سے ہے، مون کلہوڑ گورنمنٹ آف سندھ کی گاڑی میں ریلی میں شریک تھا، تفتیشی افسر کو سب پتا ہے کہ فائرنگ کرنے والے افراد کون تھے، میر محمد لاشاری نے جان بوجھ کر جعلی نام بھی مقدمے میں شامل کیے.

    سلمان قریشی کی گاڑی، اور نئی ویڈیو جس میں دونوں مرکزی ملزمان واضح نظر آ رہے ہیں

    طلحہ بیگ نے کہا کہ انھوں نے پستول کو ہاتھ لگایا نہ ہی کوئی ویڈیو ہے جس میں انھیں دیکھا جا سکے۔ دوسری طرف حکمران جماعت کے سہراب خان سرکی کے بیٹے وائز سرگی کو کچھ نہیں کہا گیا، جو ویڈیو میں صاف طور سے نظر آ رہا ہے۔ جس کی گاڑی تھی سلمان قریشی، اس کو بھی پیسے لے کر چھوڑا گیا۔

    پولیس ریمانڈ رپورٹ

    طلحہ بیگ نے آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ اس کیس کے تفتیشی افسر کو تبدیل کیا جائے اور شفاف طریقے سے چھان بین کی جائے کیوں کہ مرکزی افراد اس معاملے سے نکال دیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ یکم دسمبر 2019 کو کراچی سمیت سندھ بھر میں سندھی کلچر ڈے منایا گیا تھا، سندھ بھر میں اس سلسلے میں ریلیاں نکالی گئی تھیں، کراچی میں نکالی جانے والی ریلی میں طلحہ بیگ بھی شامل تھے۔

  • ڈی جی آئی ایس پی آر کا سندھی کلچرل ڈے پر ٹویٹ

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا سندھی کلچرل ڈے پر ٹویٹ

    راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سندھی یومِ ثقافت کی مبارک باد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کے ذریعے سندھی کلچرل ڈے پر مبارک باد کا پیغام جاری کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ میں ایک خوب صورت تصویر بھی پوسٹ کی، جو سندھ کی ثقافت کے ساتھ ساتھ تاریخی اور تہذیبی رنگوں سے بھی مزین تھا۔

    آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے ٹویٹ میں یومِ ثقافت کی مبارک باد کے ساتھ ساتھ پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی درج کیا۔

    خیال رہے کہ آج سندھ بھر میں سندھی ٹوپی اجرک کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا اور اس موقع پر مختلف ثقافتی و سماجی تنظیموں کے جانب سے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  سندھ کی ثقافت : آج سندھی ٹوپی اجرک کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا جائے گا


    سندھ کی سرزمین ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے، یہ دن منانے کی روایت نے سندھ کی دم توڑتی ثقافت میں نئی روح پھونک دی ہے، یہ دن منانے کا کا مقصد دنیا کو محبت و امن کا پیغام دینا بھی ہے۔

    ثقافتی دن کو منانے والے مہمانوں اور مقامی افراد کو آج کے دن کی مناسبت سے سندھی ٹوپی اور اجرک تحفے میں پیش کر کے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

  • سندھی ثقافت کے ذریعے محبتیں تقسیم کرنے کا دن

    سندھی ثقافت کے ذریعے محبتیں تقسیم کرنے کا دن

    کراچی: سندھ بھر میں سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا جارہا ہے،اس دن کے منانے کا مقصد دنیا کو محبت و امن کا پیغام دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے تمام ہی علاقوں میں سندھی ثقافت کا دن منایا گیا،  بچے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین نے اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔

    ثقافتی دن کے موقع پر مہمانوں اور مقامی افراد کو  سندھی ٹوپی اور اجرک تحفے میں پیش کی گئی اور اپنی محبت کا اظہار بھی کیا گیا اس کے علاوہ خصوصی تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔

    سندھ کی تہذیب وثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے حکومتِ سندھ نے سات دسمبرکو سندھی ٹوپی اوراجرک ڈے منانے کا سلسلہ شروع کیا جو ہرسال بڑھ رہا ہے۔

    اس دن کو منانے کا ایک اور اہم مقصد یہ پیغام دینا بھی ہے کہ سندھ کی سرزمین ثقافتی ورثے سے مالامال ہے۔

    سکھر میں بچے بڑے سب ہی ٹوپی اجرک پہنے گھروں سے باہر نکلے اور ایک دوسرے کو مبارک باد بھی پیش کی، اسی طرح جیکب آباد میں بھی سندھی ٹوپی اور اجرک کا ثقافتی دن بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس ضمن میں  شہر کے مختلف علاقوں سے ثقافتی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

    حیدرآباد میں سندھی ثقافت کا دن جوش خروش سے منایا گیا، پریس کلب کے باہر خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے سندھی نغموں پر خوب رقص کیا۔

    علاوہ ازیں سندھ کے مختلف شہروں میں  ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، گورنر سندھ نے ثقافتی دن پر تمام شہریوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سب آپس میں بھائی بھائی ہیں اور آج صرف محبتیں تقسیم کرنے کا دن ہے‘۔

    سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے بھی سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس دن کا خصوصی اہتمام کیا۔