Tag: سندھی ٹوپی

  • جرمن قونصل جنرل نے آصف زرداری کو جرمن پرچم کے رنگوں سے مزین سندھی ٹوپی پہنائی

    جرمن قونصل جنرل نے آصف زرداری کو جرمن پرچم کے رنگوں سے مزین سندھی ٹوپی پہنائی

    کراچی: جرمن قونصلیٹ آمد کے موقع پر جرمن قونصل جنرل نے سابق صدر آصف علی زرداری کو جرمنی کے پرچم کے رنگوں سے مزین سندھی ٹوپی پہنائی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے جرمن قونصلیٹ کا دورہ کیا، جہاں قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے ان کا استقبال کیا۔

    ملاقات میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور سابق صدر نے سندھ میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دل چسپی لینے پر جرمن سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کیا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ’سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع فراہم کرے گی۔‘

    جرمن قونصل جنرل نے گفتگو میں صوفیوں کی سرزمین سندھ کے قدیم ثقافتی ورثے اور شہر کراچی کی بھرپور ثقافتی زندگی کے لیے پسندیدگی کا اظہار کیا۔

    انھوں نے کہا کہ جرمنی سے آئے ہوئے سرمایہ کاروں نے سندھ میں متبادل توانائی، سولر انرجی اور دیگر منصوبوں میں دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، یہ ثقافتی اور معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

  • سندھی ٹوپی اجرک ڈے آج منایا جا رہا ہے

    سندھی ٹوپی اجرک ڈے آج منایا جا رہا ہے

    کراچی: سندھ کی ثقافت اجاگر کرنے کے لیے سندھی کلچرل ڈے آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، سندھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خوب صورت سندھی ٹوپی اور اجرک سندھ کی قدیم ثقافت کی علامات ہیں، اپنی منفرد تہذیب و ثقافت کے امین سندھ کے باسی آج سندھی کلچرل ڈے بھرپور انداز سے منا رہے ہیں۔

    امن اور محبت کی زمین سندھ کے لوگ اس دن کا نہ صرف سال بھر انتظار کرتے ہیں بلکہ تیاری بھی خوب کرتے ہیں، اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

    سندھی کلچرل ڈے کی مناسبت سے کراچی سی ویو پر بھی ریلی نکالی گئی جس میں سندھی اجرک اور ٹوپی پہن کر نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکا لوک گیتوں پر جھومتے نظر آئے۔

    واضح رہے کہ سندھی ثقافت اور تہذیب دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں اور ثقافتوں میں سے ایک ہے۔

    بلاول بھٹو کا پیغام

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھی کلچرل ڈے پر پیغام میں سندھ سمیت دنیا بھر میں یوم ثقافت منانے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا سندھ کی تہذیب ارض پاکستان کا تاج ہے، یومِ ثقافت سندھ ہم آہنگی و بھائی چارے کا پیغام ہے، آج کا دن نوجوانوں کا ہے جو عظیم ثقافت و تہذیب کے امین ہیں۔

    عثمان بزدار کا پیغام

    سندھ کلچرل ڈے پر وزیر اعلیٰ پنجاب آفس میں بھی سندھی یوم ثقافت پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ مہمان خصوصی تھے، انھوں نے یوم ثقافت پر سندھ کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی عظیم اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے، سندھ کی ثقافت پاکستان کی ثقافت کی خوب صورتی ہے، سب ثقافتیں سانجھی ہیں، سندھی ثقافت کا دن منا کر دلی خوشی ہوئی۔

    تقریب میں عثمان بزدار، فردوس عاشق اور سیکریٹری اطلاعات کو اجرک بھی پہنائی گئیں، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو سندھ کے معروف لوک گلوکار علن فقیر کا پورٹریٹ پیش کیا گیا۔

  • سندھی ثقافت کے ذریعے محبتیں تقسیم کرنے کا دن

    سندھی ثقافت کے ذریعے محبتیں تقسیم کرنے کا دن

    کراچی: سندھ بھر میں سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا جارہا ہے،اس دن کے منانے کا مقصد دنیا کو محبت و امن کا پیغام دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے تمام ہی علاقوں میں سندھی ثقافت کا دن منایا گیا،  بچے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین نے اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔

    ثقافتی دن کے موقع پر مہمانوں اور مقامی افراد کو  سندھی ٹوپی اور اجرک تحفے میں پیش کی گئی اور اپنی محبت کا اظہار بھی کیا گیا اس کے علاوہ خصوصی تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔

    سندھ کی تہذیب وثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے حکومتِ سندھ نے سات دسمبرکو سندھی ٹوپی اوراجرک ڈے منانے کا سلسلہ شروع کیا جو ہرسال بڑھ رہا ہے۔

    اس دن کو منانے کا ایک اور اہم مقصد یہ پیغام دینا بھی ہے کہ سندھ کی سرزمین ثقافتی ورثے سے مالامال ہے۔

    سکھر میں بچے بڑے سب ہی ٹوپی اجرک پہنے گھروں سے باہر نکلے اور ایک دوسرے کو مبارک باد بھی پیش کی، اسی طرح جیکب آباد میں بھی سندھی ٹوپی اور اجرک کا ثقافتی دن بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس ضمن میں  شہر کے مختلف علاقوں سے ثقافتی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

    حیدرآباد میں سندھی ثقافت کا دن جوش خروش سے منایا گیا، پریس کلب کے باہر خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے سندھی نغموں پر خوب رقص کیا۔

    علاوہ ازیں سندھ کے مختلف شہروں میں  ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، گورنر سندھ نے ثقافتی دن پر تمام شہریوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سب آپس میں بھائی بھائی ہیں اور آج صرف محبتیں تقسیم کرنے کا دن ہے‘۔

    سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے بھی سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس دن کا خصوصی اہتمام کیا۔

  • سندھی ٹوپی اجرک ڈے، نائن زیروپررنگارنگ تقریب

    سندھی ٹوپی اجرک ڈے، نائن زیروپررنگارنگ تقریب

    کراچی: ایم کیو ایم کے زیراہتمام نائن زیرو پر سندھی ٹوپی اجرک ڈے سندھ کی ثقافت اور سندھ دھرتی سے یکجہتی اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے جوش وخروش سے منایا گیا۔

    رنگا رنگ تقریب کے موقع پر فنکار اور کارکنان نے سندھی گانوں پر والہانہ رقص اور سندھی ٹوپیاں اور اجرک کے تحائف کا تبادلہ کیا،، اس موقع پر ڈپٹی کنویئر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وہ دن قریب ہے جب سندھ دھرتی پر کبھی نہ ختم ہونے والی حق پرست حکومت ہوگی۔

     انکا کہنا تھا کہ آج کے دن سندھ ٹوپی اجرک ڈے منانے کے ساتھ ساتھ سندھ کی ثقافت کی حفاظت کریں گے، اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی اشفاق منگی کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ ایم کیو ایم کو سندھ کی حکومت دے دی جائےتو سندھ ٹوپی اجرک ڈے کی نہیں بلکہ پورے سندھ کی حفاظت کریں گے۔

  • سندھی ٹوپی اجرک ڈے آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے

    سندھی ٹوپی اجرک ڈے آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے

    کراچی: سندھ میں آج سندھی ٹوپی اوراجرک ڈے منایا جارہا ہے۔ یہ دن منانے کی روایت نے سندھ کی دم توڑتی ثقافت میں نئی روح پھونک دی ہے۔ سندھ کی سرزمین ثقافتی ورثے سے مالامال ہے۔

    سندھی ثقافت کی ایک خوبصورت پہچان سندھی ٹوپی اوراجرک بھی ہے۔ یہاں کے رہنے والے مہمانوں کوسندھی ٹوپی اوراجرک تحفتاً دے کراپنی محبت کااظہارکرتے ہیں۔

    +سندھ کی تہذیب وثقافت کوزندہ رکھنے کیلئے گزشتہ کئی برسوں سے حکومتِ سندھ نے سات دسمبرکو ہرسال سندھی ٹوپی اوراجرک ڈے منانے کا سلسلہ شروع کیاہے۔

    یہ دن نہ صرف سندھ کے گاؤں دیہات اورشہری علاقوں میں بلکہ کراچی میں بھی بہت جوش وخروش سے منایا جاتا ہے، جگہ جگہ اسٹالزلگائے جاتے ہیں،اسکولوں کالجوں میں تقریبات ہوتی ہیں۔ اوراس دن کی مناسبت سے لوگ سندھی ٹوپی اوراجرک پہنتے ہیں۔

    یہ دن منانے سے نہ صرف سندھ کی ثقافت دنیا بھرمیں مقبول ہورہی ہے وہیں سندھی ٹوپی اوراجرک بنانے والے مزدوروں اورکاریگروں کے گھروں کے چولہے بھی دوبارہ سے جل اٹھے ہیں۔