Tag: سندھ حکومت

  • کورونا کا نیا ویرینٹ ، سندھ  حکومت کی  اہم ہدایات جاری

    کورونا کا نیا ویرینٹ ، سندھ حکومت کی اہم ہدایات جاری

    کراچی : کورونا وائرس کی نئی لہر کے پیش نظر سندھ حکومت نے محکمہ صحت اور محکمہ داخلہ کو نئے ویرینٹ کاجائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں سندھ میں متوقع کورونا وائرس کی نئی لہر کے پیش ںظر محکمہ صحت اور محکمہ داخلہ کو ہدایت جاری کردی۔

    سندھ کابینہ نے کہا کہ کوروناکے نئے ویرینٹ کا جائزہ لے کر حکومت کو رپورٹ کریں۔

    یاد رہے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اومی کرون وائرس کی نئی قسم کے کیسز کا نوٹس لیتے ہوئے این سی اوسی کو فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم نے وزارت قومی صحت سے موجودہ صورتحال پر رپورٹ بھی طلب کرلی۔

    گذشتہ روز قومی ادارہ صحت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملک میں اومی کرون کے نئے سب ویرینٹ کورونا کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اومی کرون سب ویرینٹ بی اےٹوبارہ ون کاپہلاکیس سامنےآگیا ہے ، نئی قسم کے ویرینٹ سے مختلف ممالک میں کیسز بڑھ رہے ہیں۔

  • کان کنوں کی زندگیوں کو تحفظ دینے کے لیے سندھ حکومت کا بڑا قدم

    کان کنوں کی زندگیوں کو تحفظ دینے کے لیے سندھ حکومت کا بڑا قدم

    کراچی: سندھ حکومت نے کان کنوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے انشورنس معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت اور ایک انشورنس کمپنی کے درمیان کان کنوں کے انشورنس کے لیے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں، وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ کان کنوں کی زندگیوں کو تحفظ دینے کے لیے انشورنس معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    امتیاز شیخ نے کہا کہ معاہدے کے تحت ہاری، لیبر، مزدوروں کے لیے مختلف پیکیجز دیے جائیں گے، اور ان کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں محکمۂ توانائی سندھ کے دفتر میں ایک اہم اجلاس میں لاکھڑا کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کی صحت کے بیمہ کے لیے تجاویز پیش کی گئی تھیں۔

    وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ محنت کشوں اور کان کنوں کی صحت وسلامتی کے لیے اقدامات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

    امتیاز شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وژن کے پیش نظر سندھ حکومت صوبے میں موجود کوئلے کی کانوں پر کام کرنے والے کان کنوں کو کام کے دوران کسی بھی حادثہ پیش آ جانے کی صورت میں اسپتال میں علاج کی مکمل سہولیات اور ضروری مالی اعانت کی فراہمی کے لیے انشورنس کمپنی کی خدمات حاصل کی ہیں۔

  • سندھ حکومت کا 18 اور 19 مارچ کو عام تعطیل کا اعلان

    سندھ حکومت کا 18 اور 19 مارچ کو عام تعطیل کا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے ہندوؤں کے مذہبی تہوار ہولی کے موقع پر ہندو برادری کیلئے 18 اور 19 مارچ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے بھرمیں ہندو برادری کے مذہبی تہوار’ہولی‘ کے موقع پرعام تعطیل کا اعلان کردیا ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ، جس میں کہا گیا کہ ہندو برادری کیلئے 18 اور 19 مارچ کو ہولی کے سلسلے میں عام تعطیل ہوگی۔

    خیال رہے قومی اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کی گئی تھی جس میں ہولی، دیوالی اورایسٹر کے موقع پراقلیتوں کو چھٹی دیئے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    واضح رہے ہندو برادری کا مشہور تہوار ہولی آج منایا جارہا ہے، اس روز لوگ سفید لباس پہن کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں اور ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر محظوظ ہوتے ہیں۔

  • سندھ حکومت نے بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم سے متعلق اہم فیصلے کرلیے

    سندھ حکومت نے بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم سے متعلق اہم فیصلے کرلیے

    کراچی : سندھ حکومت کی وزرا کمیٹی نے بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل نہ کرنے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم سے متعلق اہم فیصلے کرلیے اور وزرا کمیٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل نہ کرنے کی سفارش کردی۔

    سندھ حکومت نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی،فوڈ اتھارٹی بلدیاتی اداروں کو منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ اداری تحفظ ماحولیات بھی صوبائی کنٹرول میں رہے گا۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے پر جائزے کیلئے بنائی گئی وزرا کمیٹی نے سفارشات تیار کرلیں، وزرا کمیٹی کی سفارشات وزیراعلی سندھ کابینہ کو پیش کی جائیں گی۔

    یاد رہے سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی اختیارات دینے کا حکم دیا تھا اور کہا سندھ حکومت با اختیار بلدیاتی ادارے قائم کرنے کی پابند ہے، ماسٹر پلان بنانااور اس پر عملدرآمد بلدیاتی حکومتوں کے اختیارات ہیں۔

    سپریم کورٹ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایکٹ، کے ڈی اے قوانین، ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قوانین بھی آئین کے مطابق تبدیل کرنے کا حکم دے دیا اور ساتھ ہی لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی، واٹر بورڈ قانون، سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور لاڑکانہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قوانین میں بھی ضروری ترامیم کی ہدایت کر دی۔

  • نئے بلدیاتی نظام پر عمل درآمد مؤخر کرنے کا فیصلہ

    نئے بلدیاتی نظام پر عمل درآمد مؤخر کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے نئے بلدیاتی نظام پر عمل درآمد مؤخر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات نے سندھ کابینہ کو تحریری طور پر ایک درخواست کی ہے کہ بلدیاتی نظام پر عمل درآمد کو مؤخر کیا جائے۔

    ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت کو محکمہ بلدیات کی جانب سے نئے بلدیاتی نظام پر یکم جولائی تک عمل درآمد مؤخر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    درخواست کے بعد بلدیاتی نظام پر عمل درآمد مؤخر کرنے کا معاملہ سندھ کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کر دیا گیا ہے، اور اب سندھ کابینہ کے کل کے اجلاس میں اس کی منظوری کے بعد نئے بلدیاتی نظام پر عمل درآمد کو باضابطہ طور پر مؤخر کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے ترمیمی بل پر سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ہے، جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الرحمٰن کی قیادت میں سندھ اسمبلی کے باہر ایک مہینے تک دھرنا دیا گیا۔

    جماعت اسلامی نے کراچی کی اہم شاہراہیں بند کرنے کا بھی اعلان کیا تھا، تاہم اس کی نوبت نہیں آئی اور سندھ حکومت اور جماعت اسلامی کے مابین ترمیمی بل پر ایک معاہدہ طے پا گیا، جس کے بعد انھوں نے دھرنا ختم کر دیا۔

    تاہم اب دیگر جماعتیں سراپا احتجاج ہیں، انھوں نے سندھ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان ہونے والے معاہدے کو بھی مسترد کر دیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے گھوٹکی تا کراچی مارچ کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شرکت کریں گے۔

  • اومیکرون کا تیز پھیلاؤ، سندھ  حکومت نے بڑی پابندی عائد کردی

    اومیکرون کا تیز پھیلاؤ، سندھ حکومت نے بڑی پابندی عائد کردی

    کراچی : سندھ حکومت نے کورونا کے تیز پھیلاؤ کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازوں میں کھانے اور ناشتے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عملدرآمد کی ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت سندھ نے پبلک ٹرانسپورٹ اور ڈومیسٹک ہوائی سفر کے دوران کھانے اور ناشتے پر پابندی عائد کردی۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے پابندی کا حکم نامہ جاری کردیا، جس میں کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عملدرآمد کی ہدایات دی گئیں ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی پر188 کے تحت کارروائی کی جائے۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ جاری ہے اور کراچی میں کورونا مثبت آنے کی شرح تقریباََ 39 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

    شہر میں گزشتہ روز 7099 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 2754 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ حیدرآبادمیں کورونا کیسز کی شرح 13.98 فیصد رہی۔

  • ادارۂ امراض قلب: مذاکرات کی کامیابی کے بعد سندھ حکومت کا اہم اعلان

    ادارۂ امراض قلب: مذاکرات کی کامیابی کے بعد سندھ حکومت کا اہم اعلان

    کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملازمین اور ادارۂ امراض قلب کی انتظامیہ میں مذاکرات ہو گئے، این آئی سی وی ڈی ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا، مذاکرات کی کامیابی کے بعد سندھ حکومت نے بھی ہیلتھ الاؤنس کا اعلان کر دیا۔

    انتظامیہ اور ملازمین میں مذاکرات کی کامیابی کے بعد قومی ادارہ امراض قلب میں تمام امور بحال ہو گئے، کل سے او پی ڈی سروس بھی بحال ہو جائے گی۔

    مذاکرات میں ملازمین کو ہیلتھ رسک الاؤنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گریڈ 1 سے 7 تک کے ملازمین کو ہیلتھ الاؤنس ادا کیا جائے گا۔

    سندھ حکومت کی جانب سے 24 جنوری کو گرانٹ موصول ہوگی، سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق 2 ماہ کے بقایا جات ادا کیے جائیں گے۔

    تمام عارضی ملازمین کو بھی گورننگ باڈی کی منظوری کے بعد مستقل کر دیا جائے گا، جب کہ گورننگ باڈی کا اجلاس 22 مارچ 2022 کو منعقد ہوگا۔

    واضح رہے کہ اسپتال کا جونیئر عملہ ہیلتھ الاوئنس، کرونا الاؤنس اور مستقل نہ کیے جانے کے خلاف کئی دنوں سے احتجاج کر رہا تھا، او پی ڈی میں کام بند کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے اسپتال آنے والے مریض داد رسی سے محروم رہے۔

    پیر کو ترجمان این آئی سی وی ڈی نے کہا تھا کہ ملازمین نے کووِڈ الاؤنس کے لیے او پی ڈی کا بائیکاٹ کیا ہے،ان کو گزشتہ مہینے الاؤنس دیا گیا تھا مگر اس مہینے گرانٹ نہ آنے کے باعث الاؤنس جاری نہیں کیا جا سکا، جیسے ہی حکومتِ سندھ سے گرانٹ آئے گی ان کو تمام مہینوں کا الاؤنس جاری کر دیا جائے گا۔

    ترجمان این آئی سی وی ڈی کا کہنا تھا کہ ادارے میں کووِڈ 19 وبا کے باوجود روزانہ 700 سے 800 تک او پی ڈی مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور 700 سے زائد مریض ایمرجنسی کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

  • 15ہزار سے زائد اساتذہ کی ترقی کی راہ ہموار ، سندھ حکومت نے بڑی شرط ختم کردی

    15ہزار سے زائد اساتذہ کی ترقی کی راہ ہموار ، سندھ حکومت نے بڑی شرط ختم کردی

    کراچی : سندھ حکومت نے اساتذہ کی ترقی کیلئے بی ایڈ کی شرط ختم کردی، جس کے بعد 15ہزار سے زائداساتذہ کی ترقی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے بھر کے پرائمری اسکولوں کے اساتذہ کو ترقی دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ترقی کیلئے بی ایڈ کی شرط ختم کردی۔

    جس کے بعد 15ہزار سے زائد اساتذہ ترقی پاسکیں گے ، 15 سال کی سروس مکمل کرنے والوں کو ترقی دی جائے گی اور جن اساتذہ کی سروس کو 9 سال ہوچکے ہیں انھیں گریڈ 15دیا جائے گا جبکہ 15سال مکمل کرنے والوں کوگریڈ 16دیا جائےگا

    گذشتہ سال اکتوبر میں سندھ کابینہ نے اساتذہ کے لیے بھرتی کی پالیسی میں نرمی کی تجویز کی منظوری دی تھی، جب صرف چند امیدواروں نے آی بی اے سکھر کی جانب سے 40,000 سے زائد آسامیوں کے لیے ٹیسٹ پاس کرنے میں کامیاب ہو پائے تھے۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں پرائمری اسکول ٹیچرز (PSTs) کے لیے 32،510 نشستوں کے مقابلے میں صرف 11،549 امیدواروں نے امتحان پاس کیا۔

    اسی طرح جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز (JESTs) کے ٹیسٹ میں 14,000 امیدواروں میں سے صرف 1،385 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

    اجلاس میں خواتین کے پاسنگ مارکس 55 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی جبکہ محکمہ تعلیم نے خصوصی امیدواروں کے پاسنگ کا معیار 55 فیصد سے کم کرکے 33 فیصد کرنے کی تجویز بھی دی تھی۔

  • اومیکرون : کیا سندھ حکومت نے کورونا  پابندیوں کا اعلان کردیا ؟  اصل کہانی سامنے آگئی

    اومیکرون : کیا سندھ حکومت نے کورونا پابندیوں کا اعلان کردیا ؟ اصل کہانی سامنے آگئی

    کراچی : ترجمان چیف سیکریٹری سندھ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے کورونا سےمتعلق پابندیوں کے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکنے کے لیے نئی پابندیوں پر غور کے اعلان کے ساتھ ہی محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کورونا پابندیوں سے متعلق جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا۔

    ترجمان چیف سیکریٹری نے سندھ میں پابندیوں کا سوشل میڈیا پر آنیوالا نوٹیفکیشن جعلی قرار دیتے ہوئے کہا سندھ میں کوروناکے حوالے سےپابندیوں کاکوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

    محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا کہ براہ کرم فوٹو شاپ کی گئی تصاویر سے ہوشیار رہیں ، جو وبائی امراض کے دوران جعلی معلومات پھیلا رہی ہیں۔ یہ دستاویز جعلی ہے اور سندھ حکومت یا محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اگر آپ کو بھیج دیا جائے تو بھیجنے والے کو مطلع کریں کہ یہ غیر مستند ہے۔

    یاد رہے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 136 افراد اومیکرون ویرینٹ سے متاثر ہوئے ، جس میں کراچی کے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 39، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 52، ملیر میں تین اور کورنگی میں دو کیسز کی تصدیق ہوئی۔

    اسلام آباد، لاہور سمیت ملک بھر میں اومیکرون اور ڈیلٹا کی مختلف اقسام کے ذریعے کووڈ کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 1,293 نئے انفیکشن رپورٹ ہوئے۔

  • تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں، سندھ حکومت کا فیصلہ برقرار

    کراچی : سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبر سے ہونے کا فیصلہ برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے این سی او سی کی جانب سے تعلیمی اداروں میں 3 جنوری سے چھٹیوں کے اعلان کے بعد سندھ حکومت نے 9دسمبر کو ہونے والا فیصلہ برقرار رکھا۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ سندھ میں تعطیلات 20 دسمبرسے یکم جنوری تک ہوں گی اور 3جنوری کو تمام اسکولوں میں تدریسی عمل بحال ہوجائے گا۔

    یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سیںٹر(این سی او سی ) نے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں3 جنوری 2022 سے ہونے کا اعلان کیا ہے۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ زیادہ ویکسی نیشن تعلیمی ادارے کھلے رہنے پرہی ہوسکتی ہے کیونکہ لاکھوں طلبانےتاحال ویکسی نیشن نہیں کرائی ہے۔

    این سی اوسی نے والدین سےگزارش کی ہے کہ اپنے بچوں کی فوری ویکسی نیشن کرائیں۔