Tag: سندھ حکومت

  • کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ ، پنجاب کے بعد سندھ حکومت کا رمضان بچت بازار نہ لگانے کا فیصلہ

    کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ ، پنجاب کے بعد سندھ حکومت کا رمضان بچت بازار نہ لگانے کا فیصلہ

    کراچی : پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے کورونا کے پیش نظر رمضان بچت بازارنہ لگانے کا فیصلہ کرلیا اور کہا دکانوں،ا سٹالز پر پھلوں اور سبزیوں کی ترسیل یقینی بنائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا کے پیش نظر رمضان بچت بازارنہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے،وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا کہ رمضان بچت بازارلگانے سےعوام کاہجوم بڑھ جائے گا، بچت بازار نہ لگانےکافیصلہ شہریوں کی حفاظت کےلئے کیاگیا ہے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ دکانوں،اسٹالزپرپھلوں،سبزیوں کی ترسیل یقینی بنائی جائے گی ، رمضان میں سرکاری نرخ پرآن لائن سبزی، پھل بھی منگوا سکتے ہیں۔

    وزیرزراعت سندھ نے سبزی منڈیوں میں بھی مزید سختی کرنے اور ذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں کے خلاف مجسٹریٹس کومتحرک رہنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا اسٹوروں،دکانوں،اسٹالزپرقیمتوں کی فہرستیں آویزاں کی جائیں گی۔

    انھوں نے تمام ڈی سیز کو ضلعی سطح پر مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اشیائےخور ونوش مقررہ قیمت پرفروخت کی جائیں گی۔

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے رمضان میں عوام کو براہ راست ریلیف کی منظوری دی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ عوام کو براہ راست کیش رقم ادا کی جائے گی۔سردار عثمان بزدار نے رقم کی شفاف تقسیم کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔

  • سندھ حکومت کا کل 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

    سندھ حکومت کا کل 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

    کراچی: سندھ حکومت نے کل (جمعہ) کے روز 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے 30 اپریل تک لاک ڈاؤن کی تفصیلات جاری کردیں جس میں بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کا نفاذ 30 اپریل تک جاری رہے گا، تعلیمی ادارے، شاپنگ سینٹر، سنیما، مارکیٹیں، ریسٹورنٹ بند ہوں گے۔

    اعلامیہ کے مطابق ڈیلیوری رائیڈر کو اجازت ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند ہوگی، شام 5 سے 8 بجے تک گھروں سے غیرضروری باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کی چیزوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کو اجازت ہوگی، کار میں صرف 2 لوگوں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی، تیسرا شخص ماسوائے مریض کے بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن میں موٹرسائیکل روکنے پر پی پی کارکن آپے سے باہر

    اسی طرح جمعہ کے دن 12 بجے سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، اشیا خوردونوش کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    اعلامیہ کے مطابق مساجد میں 3 سے 5 لوگ باجماعت نماز ادا کرسکیں گے، ڈرائی کلینرز کے لیے متعلقہ ڈی سی سے اجازت نامہ حاصل کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کو پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گزشتہ 2 ہفتے سے جمعہ کے روز اجتماعات پر پابندی عائد ہے، گزشتہ روز مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ جمعہ کی نماز اور رمضان المبارک تراویح جاری رہے گی۔

  • سندھ حکومت نے48دن میں 12ارب روپے کوروناکی مدمیں خرچ کردیے

    سندھ حکومت نے48دن میں 12ارب روپے کوروناکی مدمیں خرچ کردیے

    کراچی : سندھ حکومت نےکوروناوائرس پرقابوپانےکیلئےاڑتالیس روز میں بارہ ارب روپے کورونا کی مدمیں خرچ کردیئے اور اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں۔

    سندھ حکومت کےکوروناوائرس پرقابوپانےکیلئے اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں ، محکمہ خزانہ کی دستاویز میں بتایا گیا کہ حکومت نے48دن میں12ارب کورونا کی مدمیں خرچ کئے، ڈپٹی کمشنرجامشوروپرمہربانیاں،50لاکھ روپےکی خصوصی گرانٹ جاری کی۔

    دستاویز میں بتایا گیا ضلع جامشورومیں کوروناوائرس پازیٹوکے 2کیسزرپورٹ ہوئے، ڈپٹی کمشنرملیرکو5کروڑروپے،ڈپٹی کمشنرلاڑکانہ کو50لاکھ روپےدئیے ، اسی طرح سکھر انتظامیہ کو9کروڑروپےکےفنڈزدئیےگئے۔

    محکمہ خزانہ کے مطابق راشن تقسیم کیلئے29ڈپٹی کمشنرزکو1ارب 8کروڑکےخصوصی فنڈز اور محکمہ صحت سیکریٹریٹ کو5 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کی گئی جبکہ ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ حیدرآبادکوایک ارب روپےخصوصی گرانٹ دی گئی۔

    دستاویز میں بتایا گیا پی ڈی ایم اےکو2ارب50کروڑروپےکافنڈ اور ڈپٹی کمشنرحیدرآباد کو قرنطینہ کیلئے3 کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز دئیے گئے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں قرنطینہ قائم، چند اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فنڈز جاری ہوئے اور سروسزاسپتال کورونا آئی سی یو کیلئے ایک کروڑ34لاکھ سے زائد کی خصوصی گرانٹ دی گئی۔

  • ترجمان سندھ حکومت نے راشن تقسیم کی تفصیلات ٹویٹ کر دیں

    ترجمان سندھ حکومت نے راشن تقسیم کی تفصیلات ٹویٹ کر دیں

    کراچی: حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے صوبے میں لاک ڈاؤن کے دوران راشن تقسیم کی تفصیلات جاری کر دیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کے حکم نامے میں کہا تھا کہ سندھ حکومت 8 ارب روپے کا راشن تقسیم کرنے کے شواہد پیش نہیں کر سکی ہے، جس کے بعد آج سندھ حکومت کے ترجمان نے ٹویٹر پر راشن تقسیم کی تفصیلات جاری کر دیں۔

    مرتضیٰ وہاب نے ٹویٹ میں لکھا کہ حکومت سندھ 2 لاکھ 23 ہزار 597 خاندانوں کو راشن دے چکی ہے، یہ راشن صوبے کے ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے تقسیم کیا گیا، مخیر حضرات اور این جی اوز کے ذریعے 3 لاکھ سے زائد راشن بیگز تقسیم کیے گئے، این جی اوز نے 3 لاکھ 2 ہزار 613 خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے۔

    ترجمان حکومت سندھ نے بتایا کہ مستحقین میں راشن کی تقسیم کا تمام ریکارڈ موجود ہے، جن خاندانوں کو راشن دیا گیا ان کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔ قبل ازیں، اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا تھا کہ سندھ حکومت کو مخیر حضرات نے 15 کروڑ روپے کے فنڈز دیے، راشن کی تقسیم کے لیے حکومت نے مجموعی طور پر 1 ارب 8 کروڑ ریلیز کیے۔

    کتنا راشن کس کو دیا؟سپریم کورٹ کا سندھ حکومت سے جواب طلب

    سعید غنی نے کہا میں اس بات کا چیلنج قبول کرتا ہوں کہ ہم 6 لاکھ خاندانوں کو زکواۃ کی مد میں رقم دے چکے ہیں، ایک ایک آدمی کا شناختی کارڈ نمبر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو بھیجتا ہوں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس ناکافی انتظامات پر سپریم کورٹ نے گزشتہ روز ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں 11 یوسیز سیل کرنے کی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی، سندھ حکومت کو سیل شدہ یوسیز میں متاثرہ افراد کی تعداد کا بھی علم نہیں، سیل یوسیز میں کھانا اور طبی امداد فراہم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، سندھ حکومت 8 ارب کا راشن تقسیم کرنے کے شواہد بھی نہ پیش کر سکی، سندھ حکومت کی کارکردگی افسوس ناک ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ سندھ بھر سے کھانا نہ ملنے کی شکایات پہنچ رہی ہیں، کتنا راشن کس کو دیا؟ بتایا جائے راشن کہاں سے اور کتنے میں خریدا گیا؟

  • ہم سندھ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں: فیصل واوڈا

    ہم سندھ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں: فیصل واوڈا

    کراچی: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ہم سندھ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، تنقید صرف ان کی مدد کے لیے کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گزشتہ رات گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ اندرون سندھ کرونا وائرس کے درجنوں مریض ہیں، سندھ حکومت سے درخواست ہے ان مریضوں پر توجہ دیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہم ساتھ چلتے ہیں یہ وقت ایک دوسرے پر تنقید کا نہیں ہے، ہم تنقید صرف ایک دوسرے کی مدد کے لیے کر رہے ہیں، سب متحد ہیں، سوالوں کا جواب ہمیں بھی اور اپوزیشن کو بھی دینا ہوگا۔ چیف جسٹس پاکستان نے جو کچھ کہا ہے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ فیصل واوڈا گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے غائب تھے اب اچانک سامنے آ گئے، ان کو جس نے بھی معلومات دیں انتہائی غلط دی ہیں، سندھ حکومت کو پرائیویٹ لوگوں نے 15 کروڑ روپے کے فنڈز دیے، راشن کی تقسیم کے لیے ہم نے مجموعی 1 ارب 8 کروڑ ریلیز کیے، سندھ کی ہر یو سی میں 7 لوگوں کی ایک ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔

    کتنا راشن کس کو دیا؟سپریم کورٹ کا سندھ حکومت سے جواب طلب

    انھوں نے بتایا کہ صوبے میں فلاحی کام کرنے والے اداروں کو ایک ایپ کے ذریعے جوڑا گیا ہے، میں اس بات کا چیلنج قبول کرتا ہوں کہ ہم 6 لاکھ خاندانوں کو زکواۃ کی مد میں رقم دے چکے ہیں، ایک ایک آدمی کا شناختی کارڈ نمبر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو بھیجتا ہوں۔

  • سندھ حکومت سے گزارش ہے سیاست کے بجائے کام پر توجہ دے،شہبازگل

    سندھ حکومت سے گزارش ہے سیاست کے بجائے کام پر توجہ دے،شہبازگل

    لاہور: تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سے گزارش ہے سیاست کے بجائے کام پر توجہ دے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ چند دنوں سے ٹیسٹنگ کٹس پر باتیں ہو رہی ہیں، مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹوئٹ کیا جس سے تاثر ملا ٹیسٹنگ کٹس معیاری نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کی بھیجی گئی کٹس سندھ نے غیرمعیاری کہہ کر واپس کیں،سندھ کی جانب سے واپس کی گئی کٹس کو این آئی ایچ میں استعمال کیاگیا،واپس کی گئی کٹس میں اب تک کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا،سمجھ نہیں آیا سندھ کو کٹس غیرمعیاری کہنے میں 2 ہفتے کیوں لگے۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کے ذریعے سندھ کو 50 ہزار کٹس بھیجی ہیں،اب کی بار ان کٹس کو ٹیسٹ کر کے پھر سندھ کے حوالے کیاجائے گا، اس سے قبل سندھ حکومت نے 2 بار غیر معیاری کہہ کر کٹس واپس کیں۔

    شہباز گل نے کہا کہ جس صوبے نے پہلے لاک ڈاؤن کا دعویٰ کیا وہاں کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں،کیسز میں اضافہ،ڈیٹا سے لگتا ہے اعلان کے مطابق صوبے نے اقدامات نہیں کیے۔

    انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وسائل صوبوں کو منتقل کیے گئے،سندھ حکومت بتائے اپنے خزانے سے لوگوں کی کتنی امداد کی،
    سندھ کو 4 مشینیں دی گئی ہیں ،2 سے 3 ہزار ٹیسٹ ہونے چاہئیں۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ 4 مشینوں کے باوجود سندھ میں صرف 500 ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں،سندھ نے سب سے زیادہ کٹس ملنے کے باوجود اپنی استعداد نہیں بڑھائی،سندھ حکومت سے گزارش ہے سیاست کے بجائے کام پر توجہ دے۔

  • سندھ حکومت کے فیصلوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے،آصف علی زرداری

    سندھ حکومت کے فیصلوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے،آصف علی زرداری

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے کہا کہ آج سندھ حکومت کے فیصلوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے کرونا صورت حال پر بریفنگ لی۔

    آصف علی زرداری نے کرونا کامقابلہ کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ حکومت کے فیصلوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لیے سب سے بڑی ترجیح انسانی زندگیوں کا تحفظ ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کرونا کی ٹیسٹنگ کی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے اچھا کام کیا ہے۔

    آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں مستحق افراد تک رسائی،امداد سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،وفاقی حکومت کو چاہئیے وہ اس سخت وقت میں سندھ سمیت تمام صوبوں کی مدد کرے۔

    سندھ حکومت کےاقدامات سے شہریوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط ہوا ہے، بلاول بھٹو

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کےاقدامات سے شہریوں کا ریاست پراعتماد مضبوط ہوا ہے۔

  • سندھ حکومت کےاقدامات سے شہریوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط ہوا ہے، بلاول بھٹو

    سندھ حکومت کےاقدامات سے شہریوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط ہوا ہے، بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کےاقدامات سے شہریوں کا ریاست پراعتماد مضبوط ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سے کرونا کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ لی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا ٹیسٹنگ صلاحیت میں اضافے کی بھرپورکوششیں کر رہے ہیں،لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کرونا سے بچاؤ کے لیے سے مثالی اقدامات کیے ہیں، سندھ حکومت کےاقدامات سے شہریوں کا ریاست پراعتماد مضبوط ہوا ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ میں ہیلتھ انفرااسٹرکچر ملک بھر میں سب سے بہتر ہے،سندھ حکومت تعریف کی مستحق ہے،آپ نےعوامی حکومت کے تصور کو عملی شکل دی ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح لوگوں کی زندگی محفوظ بنانا ہونا چاہیے،کرونا وبا کا سامنا کرنے کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا۔

    پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 4788 تک پہنچ گئی

    واضح رہے کہ پاکستان میں 190 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے چار ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

  • پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں بڑی پیشرفت

    پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں بڑی پیشرفت

    کراچی : سندھ حکومت نے کوروناکےعلاج کے لیے پلازمہ لگانے کے تجربے کیلیے کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی کورونا کے مریضوں کو پلازمہ لگانے اور افادیت کاتفصیلی جائزہ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کوروناوائرس سےمتاثرہ مریضوں کےعلاج میں پیشرفت سامنے آگئی ، سندھ حکومت نے کوروناکےعلاج سے متعلق پلازمہ لگانےکے تجربے کے لئے کمیٹی قائم کردی ہے۔

    سندھ حکومت کی جانب سے قائم کردہ 8رکنی کمیٹی میں نجی وسرکاری شعبے کےماہرین ، وفاقی سیکریٹری انسانی حقوق رابعہ جویری آغا، ضمیر گھمروایڈووکیٹ ،ڈاکٹر طاہر شمسی،ڈاکٹر شوبھا لکشمی اور ڈاکٹرخاور عباس شامل ہیں۔

    کمیٹی کوروناکےمریضوں کوپلازمہ لگانے،افادیت کاتفصیلی جائزہ لےگی ، مقامی حالات میں پلازمہ کی دستیابی،طبی وقانونی وجوہات پر رپورٹ مرتب کی جائے گی۔

    خیال رہے ماہرین نےکوروناکےصحتیاب مریضوں کاپلازمہ دیگرمریضوں کولگانےکی تجویزدی ہے۔

    یاد رہے ماہرامراض خون ڈاکٹرطاہرشمسی نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کیخلاف پلازماٹرانسفیوژن کی اجازت مل گئی ہے، ڈریپ کی جانب سے آج ہمیں باقاعدہ اجازت دی گئی ہے۔

    ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ پیر سے صحتیاب مریضوں کے پلازما کی کلیکشن شروع کریں گے ، ابتدائی طور پر انتہائی تشویشناک مریضوں کیلئے پلازما استعمال کریں گے، وینٹی لیٹر پر جانے والے مریضوں کیلئے پلازما استعمال کیا جائے گا۔

    ماہرامراض خون نے مزید کہا تھا کہ چین، امریکا، جرمنی ،اسپین ،اٹلی میں پلازما ٹرانسفیوژن ہورہا ہے، ہماری تیاریاں مکمل ہیں، اس وقت ملک بھرمیں پچاس سےساٹھ افراد پلازما دینے کے قابل ہیں،ایک ایک پاکستانی کی جان بچانا ہمارامشن ہے۔

    واضح رہے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے کوروناعلاج کےلیےپلازماتھراپی کے کلینکل ٹرائل اور مقامی طورپرتیاروینٹی لیٹرز کے کلینیکل ٹرائل کی اجازت دے دی ہے۔

  • کراچی، پرائیویٹ اسکولز نے حکومت کے احکامات ہوا میں اُڑا دیے

    کراچی، پرائیویٹ اسکولز نے حکومت کے احکامات ہوا میں اُڑا دیے

    کراچی: شہر قائد میں نجی تعلیمی اداروں نے فیسوں میں کمی سے صاف انکار کردیا اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کو ہوا میں اُڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پرائیویٹ اسکولز انتظامیہ کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں 20 فیصد کمی نہیں کی گئی ہے اور بچوں کے گھروں میں فیس واؤچر بھیج دئیے گئے۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیسں کی مد میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے، حکومت سندھ نے فیسوں میں 20 فیصد کمی کے احکامات جاری کیے تھے۔

    اسکول انتظامیہ کی جانب سے گھروں پر فیس واؤچر بھیجے جانے کے بعد والدین پریشان ہوگئے اور وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ نے کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے پیش نظر اسکول کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں:  اسکولوں کی فیسوں میں 20فیصد کمی کااعلان

    وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ تمام پرائیویٹ اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے اور ماہانہ بنیادوں پر فیس وصول کرنے کے پابند ہوں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام اسکولوں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی اور صرف ماہانہ بنیاد پر فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ان کہنا تھا کہ اسکولوں کو تنخواہوں کی مکمل،بروقت ادائیگی کاپابندبنایاجائےگا اور کسی اسکول کو ٹیچرز یا اسٹاف کو نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔