Tag: سندھ حکومت

  • کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی سامان بنانے والی فیکٹری کا ویئر ہاؤس سیل

    کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی سامان بنانے والی فیکٹری کا ویئر ہاؤس سیل

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے میڈیکل ڈیوائس بنانے والی فیکٹری کا ویئر ہائوس سیل کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیکل ڈیوائس بنانے والی فیکٹری کا ویئر ہاؤس چار روز قبل انتظامیہ کی جانب سے سیل کیا گیا، کولاچی انٹرنیشنل نامی کمپنی کے ویئر ہائوس میں ڈاکٹرز کے گاؤن، گلوز، سرجیکل ماسک، این 95 ماسک، سینیٹائزر، شو کور، گوگلز اور دیگر طبی ڈیوائسز بنانے کا مٹیریل موجود ہے۔

    ویئر ہاؤس انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ کمپنی کا پورے پاکستان میں چار روز سے کرونا وائرس سے متعلق سامان کی ترسیل بند ہے، کمپنی کو این ڈی ایم اے اور خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے طبی ڈیوائسز کے لیے آرڈر بھی دیے گئے ہیں، کمپنی سے جس طبی سامان کے کوٹیشنز مانگے گئے ان میں این 95 ماسک اور وینٹی لیٹرز بھی شامل ہیں۔

    بتایا گیا کہ کمپنی کو 7 دن کے اندر آرڈر مکمل کرنے ہیں لیکن تاحال ویئر ہاؤس بند ہونے کے باعث سامان کی ترسیل نہیں ہو سکتی، کمپنی کے مالک نے سندھ حکومت سے فوری سیل کھلوانے کا مطالبہ کر دیا ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویئر ہاؤس کو سیل کرنے سے پاکستان میں طبی عملہ مشکلات کا شکار ہے۔

    کمپنی کے مالک خواجہ سہیل منصور کا کہنا تھا کہ اگر کمپنی یا ویئر ہاؤس میں کوئی غلط کام ہو رہا ہے تو وہ 50 ارب جرمانہ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی گرفتاری دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے موجودہ حالات میں ویئر ہاؤس کو تالا کیوں لگایا اس کی وضاحت کرے۔

  • کراچی، ڈرائیو تھرو، گاڑی میں بیٹھے کرونا ٹیسٹ کی سہولت متعارف

    کراچی، ڈرائیو تھرو، گاڑی میں بیٹھے کرونا ٹیسٹ کی سہولت متعارف

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں پہلا ڈرائیو تھرو کرونا ٹیسٹ سینٹر قائم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ڈرائیو تھرو کرونا ٹیسٹ سینٹر کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سینٹر میں گاڑی بیٹھے کرونا وائرس کے مریض کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔

    وزیر بلدیات سندھ کے مطابق ڈرائیو تھرو ٹیسٹ کے لیے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی ہیلپ لائن پر فون کریں، ہیلپ لائن پر ٹیسٹ کے لیے وقت اور کوڈ فراہم کیا جائے گا۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ڈرائیو تھرو ٹیسٹ سے ڈاکٹرز اور لوگ دونوں کی حفاظت ہوگی، ڈرائیو تھرو ٹیسٹ سینٹر میں خصوصی ایکسرے مشین بھی لگائی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی، کرونا کا ایک اور مریض جاں بحق، سندھ میں اموات 8 ہوگئیں

    رپورٹ کے مطابق ڈرائیو تھرو سینٹر میں وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے ٹیسٹ کرایا ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

    واضح رہے کہ آج کراچی میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے، گذشتہ روز کراچی میں کرونا وائرس کے باعث 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 26 تک پہنچ گئیں۔

  • بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے وبا کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے، مرتضیٰ وہاب

    بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے وبا کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے، مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے وبا کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کی جانب سے ویڈیو بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے عوام سے ایک مرتبہ پھر سخت احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہے،اس خطرناک وبا کا تاحال کوئی علاج دریافت نہیں ہوا، ہمیں اس سے بچاؤ کے لیے صرف احتیاط برتنی ہے۔

    ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات پر ہر صورت عمل کریں،بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے وبا کے پھیلاؤ کاخطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت این جی اوز کی مدد سے راشن تقسیم کر رہی ہے، صبر سے کام لیں تمام مستحقین تک راشن پہنچائیں گے۔

    کرونا وائرس: سندھ میں کیسز کی تعداد 627 ہو گئی

    دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے، وائرس سے 7 مریض انتقال کر چکے ہیں جب کہ 42 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہو گئی ہے، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے، جامشورو میں 2 اور جیکب آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

  • سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا

    سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا

    کراچی: حکومت سندھ نے کرونا وائرس کی صورت حال میں مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہمی کے طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کے لیے موبائل رجسٹریشن سسٹم لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس طریقہ کار کے تحت ضرورت مند خاندان کے ایک فرد کو موبائل رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا، شناختی کارڈ کے ذریعے خاندان کو رجسٹر کر کے رقم دی جائے گی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رقوم کی ادائیگی کے لیے نجی موبائل کمپنی کی کیش ایپ استعمال کی جائے گی۔

    لاک ڈاؤن: حکومت سندھ نے راشن کی تقسیم کیلئے 58 کروڑ روپے جاری کردیے

    اس سلسلے میں نادرا، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے سے خاندانوں کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، اگر کسی شخص کے اکاؤنٹ میں 10 ہزار سے زائد رقم ہوئی تو وہ مستحق نہیں قرار پائے گا۔ حج، عمرہ کے علاوہ بیرون ملک سفر کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔

    ادھر آج اے آر وائی نیوز کے مارننگ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہر غریب تک راشن پہنچانا ایک مشکل کام ہے، میں کرونا وائرس کی تشخیص کے باعث کام نہیں کر پا رہا، میرے ساتھ جو لوگ کام کر رہے تھے وہ بھی قرنطینہ میں چلے گئے، ہم کوشش کر رہے ہیں پہلے ضرورت مند افراد کا ڈیٹا حاصل کر لیں۔

  • مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، بلاول بھٹو

    مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیرصدارت اجرت پر انحصار کرنے والوں کی امداد کے میکنزم کے لیے اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر شاہ، امتیاز شیخ اور مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر صحت سندھ سعید غنی ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں مستحق افرادکی نشان دہی اور رسائی کی منصوبہ بندی پرگفتگو کی گئی۔ بلاول بھٹو کو سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کوئی مستحق بھی بھوکا نہ رہ جائے یہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے، مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ایسا نظام بنانا ہوگا کہ سب ایک پلیٹ فارم سے مستحقین کی مدد کریں، سندھ حکومت مخیر حضرات، فلاحی اداروں کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل بنائے، مخیر حضرات،فلاحی ادارے مستحق افراد کی مدد کے لیے حکومت کے بازو بنیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہوگا، لاک ڈاؤن کا عمل طویل ہونے پرمکمل منصوبہ بندی ہونی چاہئیے، عوام سے اپیل ہے لاک ڈاؤن پر مکمل عمل درآمد کریں، لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد سےہی کورونا کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک سب سے اہم عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے، سندھ میں مشتبہ افراد کی زیادہ سے زیادہ اسکریننگ کوجاری رکھا جائے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کرونا ایمرجنسی سینٹرز ،اسپتالوں میں ڈاکٹرز بہترین کام کر رہے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو خدمات پر سلام پیش کیا۔

  • سندھ حکومت کا جیلوں سے سزا یافتہ قیدیوں کو عارضی رہائی دینے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا جیلوں سے سزا یافتہ قیدیوں کو عارضی رہائی دینے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے جیلوں سے سزا یافتہ قیدیوں کو عارضی رہائی دینے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی تمام تجاویز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے منظور کرلیں، صوبے کی جیلوں سے سزا یافتہ قیدیوں کو 4 ماہ کے لیے عارضی رہا کیا جائے گا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی سمری کے مطابق سزا یافتہ قیدیوں کو ضمانتی بانڈ پر رہا کیا جائے گا، قیدیوں کو پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت عارضی طور پر رہا کیاجائے گا۔

    سمری میں کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد فیصلے پر عملدرآمد شروع ہوگا، فیصلے کا اطلاق منشیات ،نیب،معمولی جرائم میں ملوث سزا یافتہ قیدیوں پر ہوگا،فیصلے کا اطلاق بغاوت،قتل وغارت گری، دہشت گردی میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں، سندھ کی جیلوں میں 16 ہزار 24 قیدی موجود ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے 16 مارچ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کرگیا، قیدیوں کو بھی ریلیف دیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کرونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1420 تک جا پہنچی ہے ، وائرس سے اب تک 12 افراد جاں بحق اور 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • ہم درست سمت میں جا رہے ہیں، خاطر خواہ نتائج ملیں گے، مرتضیٰ وہاب

    ہم درست سمت میں جا رہے ہیں، خاطر خواہ نتائج ملیں گے، مرتضیٰ وہاب

    کراچی:ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ہم درست سمت میں جا رہے ہیں، خاطر خواہ نتائج ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں بات چیت کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا کہ جنگ میں بھی لوگوں کی آمدورفت پر پابندی لگائی جاتی ہے،اس وقت ہم بھی جنگ جیسی صورت حال میں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وبا کی صورت میں ریاست کو سخت فیصلے کرنا ہوتے ہیں، ہمیں سپلائی چین کو بہتر کرنا ہوگا تاکہ لوگوں کو سامان مل سکے، حالات کنٹرول میں رہیں گے تو ہم کیوں کرفیو کی طرف جائیں گے۔

    ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم کےساتھ جو میٹنگ ہوئی وہ بہت مثبت تھی، ہم درست ڈائریکشن میں جا رہے ہیں، خاطر خواہ نتائج ملیں گے۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ طبی ماہرین کے مطابق کرونا علامات 14 دن میں ظاہر ہوتی ہیں،14دن تک لوگ گھروں میں رہیں تو وائرس کے بڑے حملے کو روکا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1179 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 9 افراد جاں بحق اور 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • سکھر: کروناٹیسٹ منفی آنے والے زائرین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ

    سکھر: کروناٹیسٹ منفی آنے والے زائرین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ

    سکھر: سندھ حکومت نے کروناوائرس ٹیسٹ منفی آنے والے زائرین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے سکھر سے 640 زائرین واپس گھروں کو روانہ ہورہے ہیں۔ زائرین آج کراچی، سکھر، مٹیاری، حیدرآباد ودیگر شہر جارہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنرز کو زائرین کو ریسکیو کرنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان نے بتایا کہ گھر جانے والے مسافروں کو ایک ایس اوپی دی گئی ہے۔

    زائرین گھروں میں رہیں گے اور کچھ دن باہر نہیں نکلیں گے۔ ان زائرین کے 2،2بار ٹیسٹ کیے گئے جو منفی آئے۔

    ادھر کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کرونا کے 394 کیسز ہیں، کراچی میں 134، سکھر فیز ون میں 151، فیز ٹو میں 109 ہیں۔

    لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس کو ہدایت

    ناصر حسین شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا کے 83 مقامی منتقلی کے کیسز شہر میں رپورٹ ہوئے، ملیر میں 98 زائرین رکھے گئے ہیں، لاک ڈاؤن کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے کسی ریلوے اسٹیشن سے مسافر کو جانے نہ دیا جائے، سندھ میں بذریعہ ریل آنے والوں کا فیصلہ کچھ دیر میں کر لیں گے۔

  • ’’عوام کی بھلائی کے لیے کرفیو کی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے‘‘

    ’’عوام کی بھلائی کے لیے کرفیو کی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے‘‘

    کراچی: وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر صوبائی حکومت غیرمعمولی اقدام اور مشکل فیصلے میں تاخیر نہیں کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ناصر حسین شاہ نے ٹوئٹ کیا کہ عوام کی بھلائی کے لیے کرفیو کی تجویز غور کیا جاسکتا ہے، یہ عالمگیر وبا انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی نقصان کی حامل ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو ان حالات میں عوام کا تعاون درکار ہوتا ہے، عوام کی بھلائی کے لیے کرفیو کی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے، کروناوائرس سے پیدا صورتحال پر عوام سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور لاک ڈاؤن کو مدنظر رکھتے ہوئے گھروں سے غیرضروری باہر نہ نکلیں۔

    وزیراطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ عوام حکومت سندھ کے احکامات اور ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں، عوام نے عمل نہ کیا تو مجبوراً سخت اور مشکل اقدام لینے پڑے گا۔

    کورونا وائرس سے متعلق اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی

    خیال رہے ملک میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 892 ہوگئی ہے، سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد تین سوننانوے، پنجاب میں دوسو اُنچاس، بلوچستان میں ایک سو دس، کے پی میں اڑتیس مریضوں کا علاج جاری ہے، گلگت بلتستان میں اسی، اسلام آباد میں پندرہ، آزاد کشمیر میں ایک مریض زیرعلاج ہے۔

    ملک بھرمیں اب تک چھ مریض صحتیاب ہوئے اور7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

  • کرونا وائرس: سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن کا فیصلہ، فوج سے مدد طلب

    کرونا وائرس: سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن کا فیصلہ، فوج سے مدد طلب

    کراچی: سندھ حکومت نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا، لاک ڈاؤن کا فیصلہ اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیااور وائرس سے بچاؤ کے لیے فوج سے مدد طلب کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ممکنہ اثرات کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے عوام کی نقل وحرکت روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا، سندھ حکومت نے وفاقی وزیر داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں فوج سے مدد طلب کی گئی ہے۔

    خط کے متن کے مطابق  آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو سول انتظامیہ کی مدد کہا جائے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سول وعسکری قیادت کو اعتماد میں لے لیا، صوبےمیں لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کل کیا جائے گا، لاک ڈاؤن کا فیصلہ اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔

    دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کوئی خواہش یاخوشی نہیں، حالات کی سنگینی دیکھتے ہوئے مشکل فیصلے کر رہے ہیں، لاک ڈاؤن کے لیے ابھی مشاورت ہوئی ہے۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کل دوبارہ فائنل میٹنگ میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ ہوگا، آج میٹنگ میں لاک ڈاؤن کی تجویز آئی تھی، اسٹریٹیجی بنائی جائےگی اس کے مطابق کام کیا جائےگا۔

    وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے متعلق کل صبح میٹنگ میں اسٹریٹجی پیش کی جائے گی، میٹنگ میں جائزہ لیا جائے گا کہ کس قسم کا لاک ڈاؤن بہتر رہےگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 720 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔