Tag: سندھ حکومت

  • کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت فیصلوں کا وقت آگیا، مرتضیٰ وہاب

    کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت فیصلوں کا وقت آگیا، مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت فیصلوں کا وقت آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےگورنرسندھ، کور کمانڈر، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ پولیس سے تبادلہ خیال کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ لوگوں کوگھروں میں رہنے کے لیے حکومتی فیصلے پر عمل یقینی بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت فیصلوں کا وقت آگیا۔

    مرتضیٰ وہاب نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ سندھ حکومت یقینی بنائےگی راشن،میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں۔

    اس وقت ہم ایک دوسرے کے لیے کلاشنکوف سے بھی زیادہ خطرناک ہیں، مرتضی ٰوہاب

    اس سے قبل ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم ایک دوسرے کے لیے کلاشنکوف سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 666 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • کراچی کا ایکسپو سینٹر قرنطینہ میں تبدیل

    کراچی کا ایکسپو سینٹر قرنطینہ میں تبدیل

    کراچی: سندھ حکومت نے ہنگامی صورت حال کے پیش نظر ایکسپو سینٹر کراچی کو فیلڈ اسپتال میں تبدیل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کراچی کے ایکسپو سینٹر کو قرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا۔ اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے کیمپ کا دورہ کر کے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سول وعسکری حکام نے حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایات کر دیں۔

    مریضوں کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، کیمپ میں حفاظتی اسپرے کیا جا رہا ہے،طبی، سیکورٹی عملہ تعینات کیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب ایکسپو سینٹرمیں پاکستان آرمی کی جانب سے آئسولیشن سینٹر قائم ہے، قرنطینہ سینٹر میں سندھ حکومت ،آرمی کی ٹیمیں مل کر کام کر رہی ہیں۔ پاکستان اۤ رمی کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ پر بھی اسکریننگ کی سہولیات فراہم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

    پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • کروناوائرس: سندھ حکومت کی پابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے

    کروناوائرس: سندھ حکومت کی پابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے

    کراچی: کروناوائرس کے پیش نظر سندھ حکومت کی پابندی کے احکامات انٹراسٹی بس مالکان نے ہوا میں اڑا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹراسٹی بس مالکان صوبائی حکومت کی پابندی کو کسی خاطر میں نہیں لارہے۔ پابندی کے باوجود شہر سے اندرون سندھ بسوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔

    کراچی سے سکھر، حیدرآباد، نوابشاہ، ٹنڈوآدم اور لاڑکانہ کی بسیں رواں دواں ہیں۔

    نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس گاڑیوں کی آمدروفت روکنے میں ناکام ہوگئی۔ متعلقہ اداوں کی جانب سے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ہے۔

    کرونا وائرس : انٹرا سٹی بسوں میں اضافی مسافر بٹھانے پر پابندی عائد

    خیال رہے کہ وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے انٹرابس سروس پر مکمل طور پر پابندی عائد کررکھی ہے۔

    وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے پہلے انٹرا سٹی بسوں میں سگریٹ نوشی اور اضافی مسافر بٹھانے پر پابندی عائد کی تھی۔ بعد ازاں وبائی مرض کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے سروس پر ہی پابندی عائد کردی گئی۔

  • کرونا وائرس  ، جزوی لاک ڈاؤن سےمتاثرہ شہریوں کے لئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کرونا وائرس ، جزوی لاک ڈاؤن سےمتاثرہ شہریوں کے لئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے ضرورت مند افراد کے لئے صوبے بھر میں مفت راشن تقسیم کے لیے ہیلپ لائن بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، ہیلپ لائن پر رجسٹریشن کے بعد شہریوں کے گھروں تک ایک ماہ کا راشن پہنچایا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کرونا سے نمٹنے اور جزوی لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہریوں کے لیے اقدامات کرتے ہوئے صوبے بھر میں مفت راشن تقسیم کے لیے ہیلپ لائن بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اس سلسلے میں تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں راشن ویئرہاؤس بنائےجائیں گے اور ان ویئرہاؤسز کے زریعے راشن بیگز اضلاع اورگھروں تک پہنچائے جائیں گے، راشن ہیلپ لائن پر ضرورت مند افراد راشن کے لیے رجسٹریشن کرائیں گے۔

    رجسٹریشن کے بعد شہریوں کے گھروں تک ایک ماہ کاراشن پہنچایا جائےگا ، راشن تقسیم کی نگراں کمیٹی راشن بیگ دینے کے بعدگھروں پر مخصوص نشان لگائے گی۔

    سندھ حکومت نے کرونا ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، مزید ٹیسٹنگ کٹس کےساتھ مشینری،تربیت یافتہ عملہ مقرر کیاجائےگا ، پہلےمرحلے میں 20 لاکھ خاندانوں کو ایک ماہ کا راشن دیاجائےگا ، مخیرحضرات،این جی اوز بھی راشن کی تقسیم میں سندھ حکومت کی معاونت کریں گے۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بڑے پیمانے پر رضاکاروں کی رجسٹریشن شروع کردی ، رجسٹرڈ رضاکار پی ڈی ایم اےکےتحت مختلف مقامات پر خدمات انجام دیں گے، رضاکاروں کوقرنطینہ،آئسولیشن ودیگرمقامات پرمعاونت کے لیے رکھا جائےگا۔

    کروناوائرس کیخلاف جنگ میں سندھ حکومت کے مثبت اقدامات کے باعث پی ڈی ایم اےسندھ کےساتھ سماجی خدمت کےلیے1200افرادنےرجسٹریشن کرالی ہے ، پی ڈی ایم اے نے اپیل کی ہے کہ حالات کے مقابلے کے لیے سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔

  • کرونا سے بچاؤ ، عوامی ریلیف کے لیے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کرونا سے بچاؤ ، عوامی ریلیف کے لیے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کراچی : کروناوائرس سےبچاؤ کیلئے سندھ حکومت نے خشک راشن خریدنے اور تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر راشن بیگز کی خریداری کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کروناوائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت سندھ نے خشک راشن خریدنے اور تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ، پہلے مرحلے میں 60ہزار راشن بیگ خریدے جائیں گے۔

    فیصلے کےتحت راشن بیگز پی ڈی ایم اے کےذریعے تقسیم کیےجائیں گے ، جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے ہنگامی بنیادوں پر راشن بیگز کی خریداری کی تیاری شروع کردی ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے 3 دن میں فروخت کنندگان سے راشن بیگز کےلیےکوٹیشن طلب کرلیں ، راشن بیگ میں آٹا ،چاول ،دالیں ،خشک دودھ، کالی مرچ ، لوبیا ،سفید چنا سمیت دیگر پانچ اشیا شامل ہوں گی۔

    گذشتہ روز کروناوائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر حکومت سندھ نے لوگوں کو گھروں میں محدود رکھنے کے لئے ریسٹورینٹس، شاپنگ مالز، تفریحی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    آج سے پندرہ روز کیلئے ریسٹورینٹس، شاپنگ مالز، تفریحی مقامات بند رہیں گے جبکہ کل سےسرکاری دفاترمیں بھی تالے لگ جائیں گے اور انٹر سٹی بس سروس کا پہیہ بھی آج سے رک جائے گا۔

    مزید پڑھیں : آج سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، الیکٹرانکس، کپڑے، فرنیچر کی مارکیٹیں بند

    حکام کے مطابق بڑے ہوٹلز میں ریسٹورنٹس سروس بند ہوگی، وہیں کھانے کا انتطام اور مجمع پر بھی پابندی ہوگی جبکہ آرڈر سے کھانے کی چیزیں منگوائی جا سکتی ہیں جبکہ شہر بھر میں کریانے کی دکانیں، سبزی، پھل اورگوشت کی مارکیٹیں ہر حال میں کھلی رہیں گی۔

    حکومت سندھ نےعوام سےاپیل کی ہے افواہوں پرکان نہ دھریں جبکہ کے الیکٹرک کوہدایت دی ہےاس ماحول میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

    خیال رہے ملک بھرمیں کورونا وائرس کےمریضوں کی تعداد 240 تک جا پہنچی ہے جبکہ سندھ میں متاثرہ مریض 172 ہوگئے ہیں۔

  • شہریوں کو راشن کیسے بھجوایا جائے؟ سندھ حکومت کا مختلف تجاویر پر غور

    شہریوں کو راشن کیسے بھجوایا جائے؟ سندھ حکومت کا مختلف تجاویر پر غور

    کراچی: سندھ میں کرونا وائرس کا شکار افراد کے گھروں پر راشن پہنچانے کے فیصلے کے پیش نظر سندھ حکومت نے حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے سر جوڑ لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت فوڈ سیکیورٹی پلان پر غور و فکر کر رہی ہے، شہریوں کو راشن بھجوانے کے لیے مختلف تجاویر پر غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ایک فلاحی ادارے سے رابطہ کر کے دریافت کیا ہے کہ وہ کیسے اور کتنے میں لوگوں کو کھانا فراہم کرتے ہیں۔ فلاحی ادارے کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ہم آپ کو پورا پلان ترتیب کر کے بھجوادیں گے۔

    سندھ حکومت اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ 15 روز کے لیے صنعتوں کی عارضی بندش کے بعد مزدوروں کو ایڈوانس تنخواہ کیسے دی جائے، اس سلسلے میں سندھ حکومت نے صنعت کاروں سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امکانی طور پر سندھ حکومت نے اس مد میں خرچ ہونے والی رقم کا اندازہ 6 ارب لگایا ہے، کرونا وائرس پر ٹاسک فورس کے جلد ہونے والے اجلاس میں بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سکھر میں آئیسولیشن سینٹر میں موجود تمام افراد کے گھروں میں راشن پہنچانے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ میں جانتا ہوں آپ کمانے والے لوگ آئیسولیشن میں ہیں، آپ کو گھر کی روٹی روزی کی فکر ہے، آپ یہ فکر چھوڑ کر اپنی صحت پر توجہ دیں۔

  • ضرورت پڑی تو ذخیرہ اندوزوں کا تمام سامان غریبوں میں تقسیم کردیں گے: مرتضیٰ وہاب

    ضرورت پڑی تو ذخیرہ اندوزوں کا تمام سامان غریبوں میں تقسیم کردیں گے: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سینی ٹائزرز اور اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی انتہائی غلط ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے، سختی کرنی پڑی تو ذخیرہ اندوزوں کا تمام سامان غریبوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کرونا وائرس کے خلاف بر وقت اقدام شروع کیے، صوبہ سندھ میں کرونا کے متاثرہ افراد کی تعداد 146 ہے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ مسئلہ کسی ایک شہر کا نہیں ہے یہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، جو بھی فیصلہ ہو وہ ایسا ہو کہ پورے ملک میں نافذ کیا جا سکے۔ شہریوں کو اپنے طور پر بھی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پرسکون رہ کر ہی ہم اس وائرس سے مؤثر انداز میں نمٹ سکتے ہیں، کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل ہمیں روز کمانے والوں کو نظر میں رکھنا ہے۔ تمام طبقوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی ہم کوئی فیصلہ کر سکتے ہیں۔

    ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ سینی ٹائزرز اور اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی انتہائی غلط ہے، ہم نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ سختی کرنی پڑی تو ذخیرہ اندوزوں کا تمام سامان غریبوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کل وزیر اعلیٰ نے واضح کردیا کہ پرچون کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز بند نہیں ہوں گے، صوبہ سندھ کے حوالےسے تفصیلات شہریوں سے شیئر کرتے رہیں گے، ہم سب کو وائرس کے خلاف متحد ہو کر کام کرنا ہے، متحد رہ کر ہی کرونا سے نمٹ سکتے ہیں۔

  • پہلی سے  8 ویں جماعت کے طلباء کیلئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    پہلی سے 8 ویں جماعت کے طلباء کیلئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کراچی : وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرصدارت اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کو پروموٹ نہیں کیا جا رہا، امتحانات یکم جون سے 15 جون تک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکریٹری تعلیم، سیکریٹری کالجز ، ڈی جی پرائیویٹ اسکولزودیگرعہدیداران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے بعد نئے تعلیمی سال کے آغاز اور امتحانات کےحوالے سے حکمت عملی سمیت دیگرامورکاجائزہ لیا گیا اور پہلی سے 8 ویں جماعت کے طلبہ کواگلے گریڈ میں پروموٹ کرنے پر گفتگو ہوئی۔

    اجلاس میں سندھ میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کو پروموٹ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پہلی سےآٹھویں جماعت کےامتحانات یکم جون سے 15جون تک ہوں گے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے تعلیمی سال کا آغاز جون سے ہوگا اور تمام اسکولوں کو بند رکھنے کی بھی ہدایت کی جبکہ وزیر تعلیم سندھ کےاسکولوں کو ہدایت پرعمل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس:‌ سندھ کے تعلیمی ادارے یکم جون سے کھولنے کا اعلان، میٹرک کے امتحانات ملتوی

    محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں اوردسویں جماعت کے امتحانات ہوں گے۔

    یاد رہے سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی تعطیلات کو 30 مئی تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے کرونا کی وجہ سے گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت دے دیں جبکہ نویں اور دسویں جماعت کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔

  • کرونا وائرس ، سندھ حکومت کی ایک اور بڑی پابندی لگانے کی تیاری

    کرونا وائرس ، سندھ حکومت کی ایک اور بڑی پابندی لگانے کی تیاری

    کراچی: سندھ حکومت نے بڑی اجتماعات پر پابندی کیلئے مشورے شروع کردیئے گئے ہیں جبکہ اجتماعات کو بھی محدود  کرنے کیلئے ناصر شاہ علما کرام سے بات چیت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے تدارک کیلئے اقدامات کرتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سےبڑی اجتماعات پرپابندی کیلئے مشورے شروع کردیئے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے علمائےکرام کی تجاویز پر سندھ میں بھی عملدرآمد کیلئے رابطہ کیا جائے گا اور  اجتماعات کو بھی محدود کرنے کیلئے ناصر شاہ علما کرام سے بات چیت کریں گے ۔

    ذرائع کے مطابق 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش جلسہ عام کو بھی محدود کرنے سے متعلق مشورے کئے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : کراچی، پی ایس ایل کے میچز میں شائقین کی آمد پر پابندی عائد

    یاد رہے کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت نے پی ایس ایل کے میچز میں شائقین کی آمد پر پابندی عائد کردی تھی، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صرف آج کے میچ میں شائقین ہوں گے، کل سے میچز بند اسٹیڈیم میں ہوں گے، ہم میچز کروا رہے ہیں لیکن مزید رسک نہیں لے سکتے۔

    بعد ازاں سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی تعطیلات کو 30 مئی تک بڑھانے کا اعلان بھی کیاتھا ،وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ  سندھ حکومت نے کرونا کی وجہ سے گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت دے دیں جبکہ نویں اور دسویں جماعت کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔

  • سندھ حکومت اسکول کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ نہ کر سکی

    سندھ حکومت اسکول کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ نہ کر سکی

    کراچی: شہر اور ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کیسز کے پیش نظر سندھ حکومت تاحال گومگوں کی کیفیت کا شکار ہے، اسکول کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ نہ کیا جا سکا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کھولنے سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ کرنا باقی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سعید غنی نے کل اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ کی تھی، جس میں طے ہوا ہے کہ اسکولوں کو کھولا جائے، بچوں کے امتحانات کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے، کل کی میٹنگ میں اسکول چھٹیوں کو نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی آج پریس کانفرنس میں کہا کہ 16 مارچ نہیں آئی، چھٹیوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے، سندھ حکومت وہ فیصلہ کرے گی جوعوام کے بہتر مفاد میں ہوگا، کل بھی پریس کانفرنس کا مقصد وفاقی حکومت کو نیند سے جگانا تھا اور آج کی پریس کانفرنس کا بھی۔

    ناصر حسین نے کہا کہ چھٹیاں صرف بچوں کے لیے تھیں انتظامیہ کے لیے نہیں، اساتذہ کی چھٹیاں نہیں تھیں امتحانات کا کام چل رہا ہے، ہم نے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ جن بچوں کی ٹریول ہسٹری ہے وہ اسکول نہ جائیں، امتحان ہوتے بھی ہیں تو ایسے بچوں سے بعد میں امتحان لیا جائے گا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس وقت کرونا وائرس اہم ایشو ہے، سی ایم ہاؤس میں روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز ہو رہی ہیں، مختلف ادارے روزانہ رپورٹس دیتے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ بہت زیادہ سنجیدہ ہیں، کل جو 28 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے وہ سب نیگٹو ہیں، جتنے بھی پازیٹو کیس آئے ہیں وہ سب باہر ممالک سے آئے تھے، مقامی لوگوں کو باہر سے آنے والوں سے اب تک کوئی نقصان نہیں پہنچا، جو لوگ تفتان سے آ رہے ہیں ان کے لیے سکھر میں انتظامات کیے ہیں، علامات پائی گئیں تو انھیں سکھر ہی میں رکھا جائے گا اور مکمل ٹریٹمنٹ کے بعد جانے کی اجازت دی جائے گی۔

    انھوں مزید بتایا کہ ہم نے 198 ٹیسٹ کرائے ہیں، تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کر رہی ہے، جو کٹس وفاقی حکومت کی طرف سے ملی تھیں وہ بھی ناکافی تھیں، وزیر اعلیٰ نے اپنے خصوصی فنڈز سے کٹس باہر سے منگوائیں، وفاقی حکومت کی سطح پر صرف ڈاکٹر ظفر ہیں جو سب معاملات میں ایکٹو نظر آتے ہیں۔