Tag: سندھ حکومت

  • عدالت نے سندھ حکومت کو ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کیخلاف کسی بھی کارروائی سے روک دیا

    عدالت نے سندھ حکومت کو ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کیخلاف کسی بھی کارروائی سے روک دیا

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نےصوبائی حکومت کوایس ایس پی ڈاکٹررضوان کےخلاف انکوائری سےروک دیا اور متعلقہ حکام سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کےمطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایس ایس پی شکار پور ڈاکٹر رضوان کے خلاف انکوائری کے معاملے پر سماعت ہوئی ، سماعت میں عدالت نے استفسار کیا کیا ڈاکٹر رضوان کے خلاف انکوائری میں آئی جی سندھ کو اعتماد میں لیا گیا؟

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا وزیراعلیٰ سندھ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ انکوائری کروا سکتے ہیں، جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ وہ قانونی نکتہ بتائیں کہ وزیراعلی انکوائری کرا سکتےہیں؟ کیا آئی جی سندھ کے علم میں لایا گیا کہ انکوائری کرائی جارہی ہے، سوال تو یہ بھی بنتا ہے کہ ہر انکوائری اسی طرح ہوتی ہے؟

    عدالت نے کہا ہزاروں کیسز آتے ہیں کیا ہر کیس میں اسی طرح ہوتا ہے ؟ دیکھنا ہوگا وزیراعلیٰ ہر شکایت پر اسی طرح اقدام کرتے ہیں، پولیس کا سربراہ تو آئی جی سندھ ہوتا ہے۔

    عدالت نے سرکاری وکیل سے مکالمہ میں کہا آئی جی سندھ کے علم میں کیوں نہیں لایا گیا، کیا نئے آئی جی کو بتایا گیا ڈاکٹر رضوان کیخلاف انکوائری ہورہی ہے۔

    وکیل درخواست گزار نے کہا کہ امتیاز شیخ کے خلاف خبریں چلیں تو انکوائری بیٹھا دی گئی، امتیاز شیخ کے جرائم پیشہ عناصر سے متعلق لیٹرپرسب کچھ ہوا، ڈاکٹر رضوان کی انکوائری کے پیچھے امتیاز شیخ ہی ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں مداخلت پر سپریم کورٹ ،ہائیکورٹ فیصلے دےچکی، جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا وزیراعلیٰ سندھ کے پاس انکوائری کا اختیار موجود ہے، وزیراعلیٰ سندھ کاڈاکٹر رضوان کیخلاف انکوائری کاحکم قانون کےمطابق ہے۔

    وکیل درخواست گزار نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سے مشاورت کے بعد اختیار آئی جی سندھ ہی کو ہے، یہ اعلیٰ افسر کا ٹرائل کرنے کے مترادف ہے،آئی جی کے علم میں لائے بغیر، اس طرح تو حکومت کسی بھی پولیس افسر کے خلاف کارروائیاں کرتی رہے گی۔

    عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا انکوائری کہاں تک پہنچی تو سرکاری وکیل نے بتایا انکوائری جاری ہے اور معاملہ ایس ایم ڈی جی کو ارسال ہے، عدالت نے استفسار کیا ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کا تبادلہ کہاں کیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر رضوان کے تبادلے پر ٹھیک جواب نہ دینے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا محکمہ داخلہ، پولیس کسی کو نہیں پتہ کہ کہاں تبادلہ کیا گیا، جس پر محکمہ داخلہ سندھ نے بتایا ڈاکٹر رضوان کا تبادلہ سی پی او کیا گیا ہے۔

    عدالت نے ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کے خلاف انکوائری پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ڈاکٹر رضوان کیخلاف کسی بھی کارروائی سےروک دیا اور کہا فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پرڈاکٹررضوان کیخلاف کارروائی نہ کی جائے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام سے 17 مارچ تک انکوائری رپورٹ طلب کرلی اور ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان سے متعلق انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا انکوائری مکمل کرکے متعلقہ حکام کو بھیجی جائے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے سروسز جنرل اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کو انکوائری رپورٹ پر فیصلےکی بھی ہدایت کی۔

  • سندھ حکومت کا  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30روپے کمی کا مطالبہ

    سندھ حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30روپے کمی کا مطالبہ

    کراچی : سندھ حکومت نے وفاق سےپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں30روپےکمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا عالمی سطح پرکمی کے بعد پاکستان  میں پیٹرول 70روپے لیٹر ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کا وفاق سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ سامنے آگیا، وزیر زراعت سندھ محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ حکومت 28روپے لیٹر پیٹرول خرید کر عوام کو111روپےمیں بیچ رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے تک کی کمی کی جائے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول مصنوعات میں20فیصدسےزائدکمی آئی، جس کا فائدہ عوام کو نہیں دیا گیا، وفاقی حکومت عوام کو رلیف دینے سے کیوں گھبرا رہی ہے؟

    صوبائی وزیر نے کہا عالمی منڈی میں پیٹرو لیم مصنوعات سستا ہونےکہ بعد پاکستان میں پیٹرول 70روپے لیٹرہوناچاہیے، پیٹرول مصنوعات میں حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جبکہ دوسرے ممالک نے ریلیف دے دیا۔

    مزید پڑھیں : عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ،حکومتی اتحادی جماعت نے بڑا مطالبہ کردیا

    ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول سستا ہونے سے مہنگائی کم ہوجائے اور پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی، سپریم کورٹ نے 2013 میں تیل کی مصنوعات پر ٹیکس منسوخ کر دیے تھے اور کہا تھا کہ انہیں پارلیمان سے منظور کرایا جائے۔

    گذشتہ روز حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا عوام کی تکالیف کم کریں اور پٹرولیم مصنوعات پر بھر پور ریلیف دیں۔

    خیال رہے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے ، گذشتہ روزخام تیل کی قیمت ساڑھےاکتیس فیصدگرنےکےبعدتیس سال پرانی سطح پرآگئی تھی۔

    آج ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں ساڑھےسات فیصد کا اضافہ دیکھنےمیں آیا، برینٹ خام تیل کی قیمت دوڈالرباون سینٹس اضافےکےساتھ چھتیس ڈالرستاسی سینٹس فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت دوڈالرسترہ سینٹس اضافےکےساتھ تینتیس ڈالرتیس سینٹس فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • سندھ کی عوام کے لیے خوشخبری، جائیداد سے متعلق مسائل اب گھر بیٹھے حل ہوں گے

    سندھ کی عوام کے لیے خوشخبری، جائیداد سے متعلق مسائل اب گھر بیٹھے حل ہوں گے

    کراچی: سندھ حکومت نے انقلابی اقدام کرتے ہوئے محکمہ ریونیو میں نیا سسٹم قائم کردیا جس سے جائیداد سے متعلق مسائل گھر بیٹھے حل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جائیداد سے متعلق این او سی، فروخت کا معاہدہ اور رجسٹریشن اب آن لائن ہوگی جس کے لیے محکمہ ریونیو میں نیا سسٹم قائم کر دیا گیا ہے۔

    نئے سسٹم میں زمینوں کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ، ریونیو مینجمنٹ اور انفارمیشن شامل ہوگی۔ صوبائی وزیر ریونیو نے لارمس کے نام سے نئے سسٹم کی منظوری دے دی۔

    آن لائن درخواست پر مختار کار 3 دن میں این او سی جاری کرنے کا پابند ہوگا، شہری ہوم ڈلیوری کی فیس دے کر درخواست گھر پر بھی حاصل کر سکیں گے۔

    محکمہ ریونیو نے ای اسٹامپ پیپر بھی متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، ای اسٹامپ پیپر کے اجرا سے جعلی اسٹامپ پیپر ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

  • عزیز میمن قتل کیس پر سندھ حکومت پوزیشن واضح کرے: فواد چوہدری

    عزیز میمن قتل کیس پر سندھ حکومت پوزیشن واضح کرے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صحافی عزیز میمن کے قتل کے معاملے پر سندھ حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آج ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی 3 دن قبل عزیز میمن کے بھائی سے بات ہوئی تھی، وہ اپنے بھائی کے قتل کی تفتیش سے مکمل طور پر غیر مطمئن تھے۔

    فواد چوہدری نے لکھا کہ جب مبینہ قاتل خود تفتیش کے نگران ہوں تو انصاف کیسے ہو سکتا ہے، سندھ حکومت اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرے، مقتول ان کو مجرم ٹھہرا کر گیا ہے اتنی آسانی سے یہ لہو مٹے گا نہیں۔

    صحافی عزیز میمن کا قتل، بھائی نے پوسٹ مارٹم رپورٹ مسترد کردی

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلے دن شیریں مزاری اور میں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی تھی کہ عزیز میمن کے قتل کی تفتیش وفاقی ایجنسی کو کرنی چاہیے، قتل کے پس منظر میں جو حقائق چھپے ہیں ان کی روشنی میں سندھ پولیس تفتیش کر ہی نہیں سکتی۔

    انھوں نے کہا کہ آج سندھ پولیس کا قتل کو طبعی موت قرار دینا قابل مذمت ہے، مقتول خود قاتل بتا کر گیا ہے، ایسے کیسے خاموش ہو جائیں، سندھ کے کرتا دھرتا اتنی آسانی سے اس قتل سے نہیں بچ سکتے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز عزیز میمن کے بھائی حفیظ میمن نے اسٹینڈنگ کمیٹی میں پیش کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ مسترد کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ ایسی رپورٹ پیش کر کے بھائی کے قتل کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، انوسٹی گیشن 2 ضلعوں میں تقسیم ہو کر چلتی رہی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کا ابھی صرف ایک حصہ آیا ہے، فائنل پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے سے پہلے موت طبعی کیسے ہو گئی؟ فائنل رپورٹ آنے سے پہلے بھائی کا قتل طبعی موت قرار دینا سازش ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع نوشہروفیروز کے شہر محراب پور میں سندھی چینل کے رپورٹر عزیز میمن کی لاش نہر سے برآمد ہوئی تھی جس کے بعد قتل کے شبے میں ان کے ساتھی کیمرا مین سمیت 2 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

  • سندھ حکومت کا صوبے میں پانی پر نیا ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا صوبے میں پانی پر نیا ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں پانی پر نیا ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، زیر زمین پانی استعمال کرنے پر واٹر ٹیکس لگے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے زیر زمین پانی کے استعمال پر بھی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، مجوزہ واٹر ٹیکس کے لیے سفارشات پر مبنی مسودہ تیار کر لیا گیا۔

    محکمہ بلدیات کے حکام سندھ واٹر ٹیکس ایکٹ پر کابینہ ارکان کو بریفنگ دیں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ مسودے میں ایک روپیہ فی لیٹر واٹر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، منرل واٹر تیار کرنے والی صنعتوں سے فی لیٹر واٹر ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

    نئے پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 600 ملین گیلن پانی مہیا ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    واٹر ٹیکس کا اطلاق سافٹ ڈرنک بنانے والی کمپنیوں پر بھی ہوگا، واٹر ٹیکس کی مد میں جمع شدہ آمدن کراچی واٹر بورڈ اور واسا میں تقسیم کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ جنوری کے آخر میں کراچی میں دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کا افتتاح کیا گیا تھا، اس نئے پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی (ملین گیلن روزانہ) پانی کراچی کو مہیا کیا جا رہا ہے، یہ منصوبہ 1.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا، پمپ ہاؤس میں 4 نئے پمپس نصب کیے گئے ہیں، ہر پمپ کی گنجائش 25 ایم جی ڈی ہے۔

    کراچی کے باسیوں کو پانی کی فراہمی کے لیے کے 4 منصوبہ بھی روبہ عمل ہے جس کے لیے جرمنی سے مشینری منگوائی گئی ہے۔

  • سندھ میں گندم کی فی من امدادی قیمت 1400 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

    سندھ میں گندم کی فی من امدادی قیمت 1400 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے گندم کی فی من امدادی قیمت 1400 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا، گندم کی امدادی قیمت کا حتمی فیصلہ کل سندھ کابینہ کے اجلاس میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت کا تعین کرلیا، سندھ حکومت نے گندم کی فی من امدادی قیمت 1400 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گندم کی امدادی قیمت کا حتمی فیصلہ کل سندھ کابینہ کے اجلاس میں ہوگا۔ رواں سال سندھ حکومت 14 لاکھ ٹن گندم کسانوں سے خریدے گی، گندم بار دانے کی خریداری کے لیے ٹینڈر بھی جاری کردیا گیا۔

    رواں سال گندم بار دانے پر ہر ضلع کے لیے الگ کوڈ لگایا جائے گا، ہر ضلع کے لیے مخصوص بار دانہ کسی دوسرے ضلع میں استعمال نہیں ہو سکے گا۔

    سندھ کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں گندم کی ایک سے دوسرے ضلع منتقلی کے لیے بیگ پر کوڈ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 15.410 ارب روپے کی 1.4 ملین ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی تھی۔

    اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ 4 لاکھ ٹن گندم پاسکو سے خرید چکے ہیں، آٹے کی قیمت 55 سے 56 روپے کلو ہوگئی تھی جو نیچے آگئی ہے۔

    کابینہ اجلاس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی کابینہ نے گندم سپورٹ پرائس 1365 روپے فی کلو مقرر کی تھی تاہم وفاقی کابینہ گندم سپورٹ پرائس پر نظرثانی کر رہی ہے۔

  • سندھ حکومت کا اسکولوں میں  مزید چھٹیوں سے متعلق بڑا اعلان

    سندھ حکومت کا اسکولوں میں مزید چھٹیوں سے متعلق بڑا اعلان

    کراچی : وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں یہ وائرس پھیلنے کا خدشہ تاحال موجود ہے، دو ہفتوں کے بعد مزید چھٹیاں نہیں دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ایران سے واپس آنے والے افراد کی تعداد 14 ہزار کے قریب ہے، زیارتوں سے واپس آنے والوں میں زیادہ ترکاتعلق سندھ سےہے، کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے دو ہفتوں کی ضرورت ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں یہ وائرس پھیلنے کا خدشہ تاحال موجود ہے، دوہفتوں کے بعد مزید چھٹیاں نہیں دی جائیں گی۔

    خیال رہے پاکستان میں کروناوائرس کے کیسز کی تعداد چار ہونے پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں ، سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے مزید دو ہفتے بند رکھے کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا سندھ بھرتمام کوچنگ سینٹرزبھی13مارچ تک بندرہیں گے۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس ، سندھ حکومت کا 13 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ سندھ نےتمام اضلاع کی انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت کردی ، ذرائع محکمہ تعلیم کا کہنا تھا کہ کوچنگ سینٹرز کھولنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، محکمہ تعلیم کےاحکامات پر عمل کرناہوگا۔

    بعد ازاں ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کا کہنا تھا کہ نجی اسکولزسندھ حکومت احکامات کےپابندہیں، سی ایم سندھ کا فیصلہ صوبےکے سب اسکولوں پر لاگو ہوگا، پرائیویٹ اسکول اساتذہ کوبھی نہیں بلائے، نجی اسکولوں نے احکامات نہ مانے تو رجسٹریشن کینسل کردی جائے گی۔

  • سندھ بھر میں سرکاری و نجی کالجز 13 مارچ تک بند رہیں گے، نوٹیفکیشن جاری

    سندھ بھر میں سرکاری و نجی کالجز 13 مارچ تک بند رہیں گے، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: سندھ بھر میں سرکاری و نجی کالجز 13 مارچ تک بند رہیں گے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے سبب وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، سیکریٹری محکمہ کالج ایجوکیشن رفیق برڑو نے کالجز بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    سندھ بھر میں تمام کوچنگ سینٹرز بھی 13 مارچ تک بند رہیں گے، سندھ کے تمام اضلاع میں کوچنگ کلاسز بھی معطل رہیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت کردی ہے، محکمہ تعلیم کے مطابق کوچنگ سینٹرز کھولنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی.

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس ، سندھ حکومت کا 13 مارچ تک اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ

    محکمہ تعلیم حکام کا کہنا ہے کہ احکامات پر سب کو عمل کرنا ہوگا چاہے وہ کالجز ہوں یا کوچنگ سینٹر۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے سندھ بھر کے اسکولوں کو 13 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں اسکولوں کی تعطیلات کو بڑھا کر اسے 13 مارچ تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے فیصلہ کیا کہ صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری اسکول 13 مارچ تک بند رہیں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں کروناوائرس کے دو کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سندھ حکومت نے تمام تعلیمی اداروں کر پیر دو مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

  • ایران میں موجود پاکستانیوں کو وہیں روکا جائے گا: سندھ حکومت

    ایران میں موجود پاکستانیوں کو وہیں روکا جائے گا: سندھ حکومت

    کراچی: سندھ حکومت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جو پاکستانی ابھی ایران میں موجود ہیں انھیں وہیں روکا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا وائرس سے متعلقہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب کوئی ایران جائے گا نہ ہی واپس آئے گا، جو لوگ ایران گئے ہیں اور ابھی واپس نہیں آئے انھیں وہیں روکا جائے گا۔

    اجلاس میں ایران سے آنے والے 1500 افراد کی فہرست بھی ڈپٹی کمشنر کو دی گئی، بتایا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کا دیا گیا انفیکشن پری وینشن میٹریل اسپتالوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، 52000 ماسک اور 15000 دستانے سندھ کےاسپتالوں میں موجود ہیں۔

    اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریپڈ رسپانس کو ایران سے واپس آنے والوں کی فہرست مہیا کی گئی ہے، یہ فہرست ایڈوائزری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے جاری کی ہے۔ اجلاس میں تمام پبلک اینڈ پرائیویٹ مقامات پر سینیٹائزر لگانے کی تجویز بھی دی گئی۔

    کرونا وائرس کا خطرہ، پاکستان اور ایران میں براہ راست پروازوں پر پابندی عائد

    اجلاس میں ڈاکٹر فیصل نے اہم نکتے کی طرف توجہ مبذول کرائی کہ ماسک پہننا ضروری نہیں ہے، وہ لوگ ماسک استعمال کریں جو متاثر ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان اور ایران میں براہ راست پروازوں پر تا حکم ثانی پابندی عائد کردی گئی ہے، لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے تمام حصوں سے ایران جانے والی تمام پروازیں بند رہیں گی۔ ایران سے آئے 2 پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا کہتے ہیں دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، مریضوں کے اہل خانہ کی بھی اسکریننگ کی گئی تاہم کسی میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

  • عوام پریشان نہ ہوں حکومت آپکی حفاظت کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    عوام پریشان نہ ہوں حکومت آپکی حفاظت کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عوام پریشان نہ ہوں حکومت آپکی حفاظت کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کرونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری، وزیر صحت، مرتضیٰ وہاب، میئر کراچی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ، سیکریٹری صحت، کمشنر کراچی سمیت متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریپڈ رسپانس کو ایران سے واپس آنے والوں کی فہرست مہیا کی گئی ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لوگوں کے کنٹرول روم میں فون آ رہے ہیں،ماسک مانگ رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام پریشان نہ ہوں حکومت آپکی حفاظت کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے کنٹرول روم میں بلاوجہ فون نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔

    مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ عوام سے اپیل کی ہے کنٹرول روم کروناوائرس متاثرین کی مدد کے لیے ہے۔

    کرونا وائرس کا خطرہ، پاکستان اور ایران میں براہ راست پروازوں پر پابندی عائد

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان اورایران میں براہ راست پروازوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی گئی، لاہور کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے تمام حصوں سے ایران جانے والی تمام پروازیں بند رہیں گی۔