Tag: سندھ حکومت

  • سندھ حکومت کےعدم تعاون کے باعث بہترخدمت نہ کرسکے‘ وسیم اختر

    سندھ حکومت کےعدم تعاون کے باعث بہترخدمت نہ کرسکے‘ وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مانتا ہوں جو کراچی کا حق تھا وہ اس کو نہیں مل سکا، ہمارے اختیارات محدود کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہرمیئرکراچی وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں آپریشن ہوا وہاں پختہ تعمیرات نہیں بنیں، ہاں یہ ضرور ہے کہ پتھارے لگ گئے ہیں۔

    صحافی نے میئر کراچی سے سوال کیا کہ فاروق ستار متحدہ قومی کونسل بنا رہے ہیں، کیا مشورہ دیں گے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ فاروق ستار اللہ اللہ کریں،اب وہ وقت ختم ہوگیا۔

    وسیم اختر نے کہا کہ فاروق ستار نے خود اپنے پیروں پرکلہاڑی ماری ہے، جولوگ کام کررہے ہیں فاروق ستار انہیں کام کرنے دیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کےعدم تعاون کے باعث بہتر خدمت نہ کرسکے، ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کرشہر کی خدمت کرنے کا کہا گیا۔

    کوئی بھی کراچی سے مخلص نہیں، میئر کراچی وسیم اختر

    میئر کراچی نے کہا کہ وقت پر وسائل دستیاب ہوتے، وفاق کے پیکج ملتے تو بہتر خدمت کرتے، مانتا ہوں جو کراچی کا حق تھا وہ اس کو نہیں مل سکا۔

    صحافی نے وسیم اخترسے سوال کیا کہ سرکاری کوارٹروں سے بے دخلی پروزیراعظم کو خط لکھا ہے ؟ جس پر انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات تھے کہ وفاقی حکومت معاملے کو حل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری کوارٹرز کے مکین 46 سال سے وہاں رہ رہے ہیں، وہاں کے مکینوں کو رہنے دیا جائے یہ ان کا حق ہے۔

    صحافی نے میئر کراچی سے سوال کیا کہ کہا جا رہا ہے کہ آئندہ میئرپی ٹی آئی سے ہوگا؟ جس پرانہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ باتیں کرنا قبل ازوقت ہے۔

  • سندھ حکومت نے تمام اسکول وین مالکان سے متعلق مکمل کوائف طلب کرلئے

    سندھ حکومت نے تمام اسکول وین مالکان سے متعلق مکمل کوائف طلب کرلئے

    کراچی : سندھ بھر کی اسکول وینوں سے متعلق مکمل کوائف تین دن میں طلب کرلئے گئے، کمشنر کراچی نے اسکول وینوں کے لیے پیلارنگ مخصوص کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے بھر کی اسکول وینوں سے متعلق مکمل کوائف طلب کرلئے ہیں، اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن حکومت سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ تین دن میں مکمل کوائف فراہم کیے جائیں، نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام نجی اسکولوں کو وین ڈرائیورز کے لئے ڈیٹا فارم جاری کیسے کیا گیا؟

    اس سے پہلے اسکول وین ڈرائیورز کے کوائف متعلقہ اسکولوں کے پاس موجود نہیں تھا، ڈیٹا فارم میں اسکول وین مالکان، ڈرائیوروں اور کلینروں کی تفصیلات طلب کی گئیں ہیں.ڈائریکٹرجنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ نے نجی اسکولوں کو احکامات جاری کردیئے۔

    کمشنر کراچی کا تمام اسکول وینوں کا رنگ پیلا کرنے کا فیصلہ

    علاوہ ازیں کمشنر کراچی نے ہدایت دی ہے کہ تمام اسکول وینوں کا رنگ مخصوص کردیا جائے، اسکول وینوں میں گیس سلنڈر کے استعمال پر قانونی طور پر پابندی ہے، اس قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

    یہ بات انہوں نے اسکول وینوں میں گیس سلنڈر استعمال سے متعلق اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران بھی موجود تھے۔

    سی این جی  سلنڈرکی بندش، اسکول وین ایسوسی ایشن کا ہڑتال کا اعلان

    واضح رہے کہ اسکول ویننز ایسوسی ایشن نے سی این جی کی بندش پر گزشتہ روز شہر بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا، وین ڈرائیورز ایسوسی ایشن کی جانب سے لکی اسٹار سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔،

    ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ سی این جی کی بندش روز کا معمول بن گئی ہے، ہم مہنگائی کے دور میں گاڑیاں پیٹرول پر نہیں چلا سکتے، ٹریفک پولیس اہلکار بھی ڈرائیورز کو سی این جی استعمال کرنے پر ہراساں کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ شہر بھر میں روزانہ سیکڑوں بچے وین کے ذریعے اسکول جاتے ہیں، 6 جنوری کو اورنگی ٹاؤن میں اسکول وین میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 14 کے قریب بچے جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔

  • سندھ حکومت کا صوبے بھر میں 10 ہزار مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا صوبے بھر میں 10 ہزار مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں 10 ہزار مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بلاول بھٹو نے نواب وسان کو ترقیاتی اسکیمز تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے بھر میں 10 ہزار مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں 10 ہزار گھر قرعہ اندازی کے ذریعے مفت دئیے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں مزید گھر دئیے جائیں گے۔

    [bs-quote quote=”لاڑکانہ، نواب شاہ اور حیدرآباد میں ہاؤسنگ منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا،” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے معاون خصوصی نواب وسان نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کی، بلاول بھٹو نے بے نظیر ہاؤسنگ سیل کے منصوبوں پر مسرت کا اظہار کیا۔

    سندھ حکومت کے تحت لاڑکانہ، نواب شاہ اور حیدرآباد میں ہاؤسنگ منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، خیرپور میں کم تنخواہ دار افراد کو 2 ہزار پلاٹ دئیے جائیں گے۔

    کراچی میں بے نظیر فلیٹ پروجیکٹ اور مفت پلاٹ اسکیم شروع کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، بلاول بھٹو نے بے نظیر ہاؤسنگ سیل منصوبوں کی افتتاح کی دعوت قبول کرلی۔

    بلاول بھٹو سے ارکان اسمبلی، صوبائی وزرا نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نواب وسان کو ترقیاتی اسکیمز تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

    مزید پڑھیں: نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، 50 لاکھ گھروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پہلے ہی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کررکھا ہے جس کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے، جس کے مطابق خاندان میں صرف ایک ہی شخص رجسٹریشن کے لیے اہل ہوگا، رجسٹریشن کے ذریعے ماہانہ آمدنی گھر کے افراد کی تفصیلات سے حاصل ہوں گی۔

  • مولا بخش چانڈیو کو خواب آیا سندھ حکومت کے خاتمے کی کوشش ہو رہی ہے: مراد سعید

    مولا بخش چانڈیو کو خواب آیا سندھ حکومت کے خاتمے کی کوشش ہو رہی ہے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ مولا بخش چانڈیو کو خواب آیا کہ سندھ حکومت کے خاتمے کی کوشش ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ مواصلات نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو کو آڑے ہاتھوں لیا، کہا انھوں نے سندھ حکومت کے خاتمے کی کوششوں کا خواب دیکھ لیا ہے۔

    [bs-quote quote=”جمہوریت کی دعوے دار جماعتیں گینگز کی شکل اختیار کر چکی ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”مراد سعید” author_job=”وفاقی وزیر”][/bs-quote]

    مراد سعید نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی لوٹ مار کا حساب مانگو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے، اب مولا بخش کہہ رہے ہیں کہ سندھ حکومت کے خاتمے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا ’جھوٹ، بد دیانتی اور کرپشن مک مکا پارٹیوں کی مشترکات ہیں، وزیرِ اعلیٰ سندھ نے سہولت کار بنتے وقت تو حیا نہیں کی، ستم ظریفی ہے جمہوریت کی دعوے دار جماعتیں گینگز کی شکل اختیار کر چکی ہیں۔‘

    مراد سعید کا کہنا تھا کرپٹ قیادت کا محاسبہ کرنے کی بجائے تحفظ کے لیے زور لگایا جا رہا ہے، سندھ کے عوام کرپشن جیسی لعنت سے چھٹکارا چاہتے ہیں، نواز شریف کی طرح زرداری کو بھی زیرِ ملکیت مالِ حرام کا جواب دینا ہوگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ای سی ایل میں نام ہونے کی نہ پہلے پرواہ تھی اور نہ ہی اب ہے: وزیراعلیٰ سندھ


    وفاقی وزیر نے کہا ’پیپلز پارٹی اور ن لیگ جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں تو کرپٹ عناصر سے الگ ہوں۔‘

    خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا حکومت گرانے کا بیان سیاسی بے حیائی کا بیان ہے، پہلے بھی سندھ کے حق حکمرانی پر ڈاکا ڈالا گیا، جمہوری حکومت گرانے کا اعلان آئین کے خلاف اقدام ہے۔

  • سندھ حکومت متحدہ رہنماؤں کو فوری سیکیورٹی فراہم کرے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    سندھ حکومت متحدہ رہنماؤں کو فوری سیکیورٹی فراہم کرے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سندھ میں کسی گیم کا حصہ نہیں بنے گی، سندھ حکومت کسی بھی سانحے سے پہلے متحدہ رہنماؤں کو فوری سیکیورٹی فراہم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد کراچی میں خالد مقبول صدیقی کی زیرصدارت متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں علی رضا عابدی کے قتل سے متعلق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کو تحقیقات سے لاعلم رکھنے اور متحدہ رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    اراکین کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کا قتل ایم کیو ایم اور کراچی کے لیے بڑا سانحہ ہے ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، سندھ حکومت ایم کیو ایم کو قتل کی تحقیقات اور پیش رفت سے آگاہ نہیں کررہی۔

    رابطہ کمیٹی اراکین کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، سندھ میں سیاسی جوڑ توڑ اور موجودہ صورتحال پر پی ٹی آئی سے رابطہ ہوا ہے ، ایم کیو ایم حالات کو  مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق کوئی فیصلہ کرے گی لیکن ایم کیو ایم کسی گیم کا حصہ نہیں بنے گی۔

    اجلاس میں مزید کہا گیا کہ سندھ حکومت کو کہنے کے باوجود رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی جارہی، سندھ حکومت کسی بھی سانحے سے پہلے ہوش کے ناخن لے اور ایم کیو ایم رہنماؤں کو فوری طور پرسیکیورٹی فراہم کی جائے ، اس کے علاوہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ میں گیس کے بڑھتے ہوئے بحران پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

     

  • سندھ حکومت نے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی

    سندھ حکومت نے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی

    کراچی: سندھ حکومت نے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگادی، آج اور کل کراچی کی حدود میں ساحلوں پر نہانے پر پابندی ہوگی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق 31 دسمبر تا یکم جنوری 2019 کو بھی سمندر میں نہانے پر پابندی ہوگی، کمشنر کراچی نے سمندر میں نہانے پر پابندی لگانے کی سفارش کی تھی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کرسمس، سال نو کے موقع پر سمندر میں نہانے پر پابندی لگائی گئی ہے، سمندر میں نہانے پر پابنددی شہریوں کے تحفظ کے لیے لگائی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی: دفعہ 144 نافذ، سمندر میں نہانے پر پابندی

    سندھ حکومت کی جانب سے عائد ہونے والی پابندی کے بعد ساحل سمندر پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے حفاظتی تدابیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کی جاتی ہے کیونکہ ان ایام میں منچلے نوجوان بڑی تعداد میں سمندر کا رخ کرتے ہیں اور جذبات میں آکر قیمتی جان تک گنوا بیٹھتے ہیں۔

  • چیف جسٹس کی تھر آمد، سندھ حکومت نے  تزئین و آرائش پر لاکھوں روپے لگا دیئے

    چیف جسٹس کی تھر آمد، سندھ حکومت نے تزئین و آرائش پر لاکھوں روپے لگا دیئے

    تھرپارکر: چیف جسٹس کی تھر آمد سے قبل سندھ حکومت نے اسپتال کی تزئین و آرائش پر مبینہ طور لاکھوں روپے لگا دیئے، گلی کوچوں کی مرمت رنگ و روغن  اور طبی آلات ہنگامی طور پر خریدے گئے، اسپتال میں جگہ جگہ پھولوں کے گمبلے سجادیئے گئے جبکہ 60 سے زائد کمروں و چار دیواری کی مرمت کا کام دن رات جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی جانب سے 12 دسمبر کو بروز بدھ تھر حالات کا جائزہ لینے تھرپارکر پہنچ رہے ہیں، متوقع دورے کی اطلاع پہنچتے ہیں سندھ حکومت نے پہلی مرتبہ ہنگامی طور پر سول اسپتال مٹھی کو نئے سرے سے فعال بنانا شروع کر دیا یے۔

    جہاں خستہ حال کمروں کی مرمت کی جا رہی ہے، وہیں ہنگامی طور پر ٹوٹے ہوئے بیڈز و آلات کی جگہ تمام تر نئے آلات خریدے گئے ہیں۔فرنیچر و ایمبولینسز کو دوبارہ سے مکمل طور پر فعال بنایا جا رہا ہے۔

    اسپتال کی عمارت میں موجود پانچ درجن سے زائد کمرے پلستر کے بعد رنگ و روغن کے مرحلے میں ہیں اور نتیجے میں اسپتال میں داخل مریض ہنگامی مرمت کی وجہ سے شدید پریشانی سے دو چار ہیں، جہاں مریض بیڈز پر سوئے ہیں وہاں پر دیواروں پر چونا پوچی و بجلی لائینوں کی مرمت بھی دن رات جاری ہے۔

    گذشتہ روز دو سئو سے زائد پودوں کے گمبلے بھی اسپتال پہنچائے گئے اور گلی کوچے میں پھولوں کی بہار سے ماحول کو عارضی طور پر معطر بنا دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب مریضوں کے ساتھ آنے والے تھری باشندے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔

    مزید پڑھیں : 12 دسمبرکو تھرجاؤں گا، حکومت سندھ انتظامات کرے، چیف جسٹس ثاقب نثار

    میونسپل کمیٹی مٹھی کی جانب سے فائر برگیڈ گاڑی کے ذریعے ہسپتال کی دیواروں اور سائن بورڈز کی دہلائی کی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس کے ممکنہ سوالات کے جوابات دینے کیلئے ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔

    تمام تر تیاریوں کے نتیجے میں مریض پریشان ہو کر رہ گئے ہیں اور تمام عملہ انتظامات میں مصروف ہونے سے معمول کی سرگرمیاں بھی عملی طور ہر متاثر ہوتے دکھائی دے رہی ہیں۔

    یاد رہے 7 دسمبر کو چیف جسٹس ثاقب نثار نے 12 دسمبر کو تھر کے دورے کا اعلان کیا تھا اور حکومت سندھ کو انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا تھرکے صرف اچھےعلاقے نہ دکھائے جائیں۔

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ تھر کے مسائل زدہ علاقوں پر بھی توجہ دیں، تھر میں پانی اور خوراک کے مسائل تشویشناک ہیں۔

  • تجاوزات کیخلاف آپریشن : سندھ حکومت کی سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر

    تجاوزات کیخلاف آپریشن : سندھ حکومت کی سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر

    کراچی : سندھ حکومت نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پرنظرثانی کیلئے فوری سماعت کی درخواست دائر کردی، درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی میں جاری تجاوزات کے خاتمے کے خلاف کارروائی زور شور سے جاری ہے، کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر سندھ حکومت کو شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے کراچی میں تجاوزات کےخلاف آپریشن پرنظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی ہے، درخواست میں عدالت سے فوری سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر فوری سماعت کی درخواست کی گئی ہے، فوری سماعت سے متعلق درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے، منگل کوچیف جسٹس کی سربراہی میں لارجربینچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔

    سندھ حکومت نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حالیہ تجاوزات آپریشن میں انسانی ہمدردی کو مدنظر رکھا جائے، کارروائی سے غریب طبقہ بھی بےروزگار ہورہا ہے، سندھ حکومت تجاوزات کیخلاف آپریشن میں ہرممکن مدد کو تیار ہے، تاہم تجاوزات آپریشن بہتر اور منظم انداز میں کرنے کی ضرورت ہے۔

    سپریم کورٹ حالیہ تجاوزات آپریشن کے حکم پر نظرثانی کرے، سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ تجاوزات آپریشن سے پہلے لوگوں کو متبادل جگہ فراہم کرنا ہوگی، ہماری جانب سے متاثرین کو متبادل گھر اور دکانیں دینے کا کام کیا جارہا ہے۔

  • بچوں کے ساتھ ہونے والے جرائم کی روک تھام کے لیے چائلڈ ہیلپ لائن قائم

    بچوں کے ساتھ ہونے والے جرائم کی روک تھام کے لیے چائلڈ ہیلپ لائن قائم

    کراچی: صوبہ سندھ میں بچوں کے خلاف جرائم میں اضافے کے پیش نظر محکمہ سماجی بہبود کے تحت چائلڈ ہیلپ لائن 1121 قائم کردی گئی، ہیلپ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے بچوں کے خلاف مختلف جرائم جیسے اغوا، گمشدگی اور زیادتی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 قائم کردی ہے۔

    محکمہ سماجی بہبود کے تحت قائم کردہ ہیلپ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی جس میں بچوں سے متعلق مختلف شکایات لی جائیں گی۔ ہیلپ لائن کا مرکزی دفتر کراچی میں ہوگا۔

    چائلڈ ہیلپ لائن میں پولیس، محکمہ سماجی بہبود اور این جی اوز کے نمائندے شامل ہیں۔ ضلعی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیز بھی قائم کردی گئی ہیں جن کے سربراہ ڈپٹی کمشنر ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: اغوا کی وارداتوں میں اضافہ، اپنے بچوں کو محفوظ رکھیں

    چائلڈ ہیلپ لائن پر اغوا و زیادتی جسے جرائم کے علاوہ کم عمری کی شادی کے واقعات کی رپورٹ بھی کروائی جا سکے گی۔ زیادتی کے واقعات سے متعلق محکمہ سماجی بہبود آگاہی مہم بھی شروع کرے گی۔

    خیال رہے کہ پولیس کے مطابق رواں سال صرف کراچی میں 147 بچوں کو اغوا کیا گیا جن میں سے 30 کے علاوہ تمام بچوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔

    بچوں کے اغوا کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن نے نجی اسکولز کو ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں جن میں کہا گیا کہ پرائیوٹ اسکول انتظامیہ اسکول کے باہر سیکیورٹی یقینی بنائیں۔

    رجسٹرار پرائیویٹ اسکولز کے مطابق ہدایات میں کہا گیا کہ یقینی بنایا جائے کہ تمام بچے اسکول کے اندر پہنچ گئے ہیں، والدین اپنے سامنے بچوں کو اسکول کے اندر بھیجیں جبکہ اسکول میں غیر متعلقہ افراد کو بھی ہرگز داخل نہ ہونے دیا جائے۔

  • سندھ میں موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کے لیے ٹریکر لگانے کا فیصلہ

    سندھ میں موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کے لیے ٹریکر لگانے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بھجوا دی۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت نے موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کے مطابق نئی موٹر سائیکل پر ٹریکر نہ ہوا تو رجسٹریشن نہیں کی جائے گی جبکہ قانون پر عمل درآمد نہ کرنے والے موٹر سائیکل مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    [bs-quote quote=”کراچی میں تمام موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے سے متعلق تمام اداروں کو پابند کیا جائے گا” style=”style-6″ align=”left” author_name=”اویس شاہ” author_job=”وزیر ٹرانسپورٹ”][/bs-quote]

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا کہنا تھا کہ قانون کا مقصد موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں کو روکنا ہے، چھینی گئی موٹر سائیکل کو جرائم پیشہ افراد اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    اویس شاہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سے سمری منظور ہونے کے بعد موٹر وہیکل بل میں ترمیم کی جائے گی جسے بعد میں سندھ اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے یہ فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا ہے تاکہ شہریوں کی موٹر سائیکلیں چوری ہونے سے محفوظ رہ سکیں۔

    وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل میں ٹریکر لگا ہوگا تو ہی محکمہ ایکسائز اسے رجسٹرڈ کرے گی، کراچی میں تمام موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے سے متعلق تمام اداروں کو پابند کیا جائے گا۔