کراچی: سندھ اسمبلی نے سندھ ریگولیشن آف الیکٹرک پاور سروسز بل 2023 پاس کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بل کے تحت سندھ میں مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار اور اس کی تقسیم ہوسکے گی، سندھ حکومت اپنے گرڈ اسٹیشن بنا کر صوبے میں سستی بجلی کی تقسیم یقینی بنائے گی۔
اس قانون کے تحت سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی اور سندھ حکومت اب بجلی کی پیداوار، تقسیم اور فراہمی خود کرسکے گی۔
سندھ میں بجلی کے تمام معاملات سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی چلائے گی جبکہ اتھارٹی کا صدر دفتر کراچی میں ہوگا جو بجلی بنانے، تقسیم کرنے کے لائسنس جاری کرے گا۔
اتھارٹی سندھ میں بجلی کا ٹیرف مقرر کرے گی اور دیگر صوبوں سے سپلائی کے معاملات دیکھے گی۔
سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی عالمی اور ملکی معیار کے مطابق ٹرانسمیشن، تقسیم، مارکیٹ، فراہمی کا نظام وضع کرے گی جبکہ بجلی کی پیداوار، چھوٹے گرڈ اسٹیشن کے قیام کا لائسنس بھی جاری کرسکے گی۔
نیپرا سے جاری لائسنس اب اتھارٹی کی جانب سے جاری تصور کیے جائیں گے جبکہ نیپرا سندھ میں بجلی کا کوئی لائسنس اتھارٹی سے مشورے کے بغیر جاری نہیں کرسکے گا۔