Tag: سندھ حکومت

  • سندھ حکومت نے خلاف ضابطہ تعمیرات کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کر لیا

    سندھ حکومت نے خلاف ضابطہ تعمیرات کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کر لیا

    کراچی: سندھ حکومت نے خلاف ضابطہ تعمیرات کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ تعمیرات اور رہائشی یونٹس کو ریگولرائز کرنے کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے خلاف ضابطہ تعمیرات کے لیے آرڈیننس لایا جا رہا ہے۔

    اس آرڈیننس کے ذریعے مقررہ عرصے میں تمام غیر تجارتی تعمیرات کو تحفظ دیا جائے گا، آرڈیننس کے ذریعے ایک کمیشن بنایا جائے گا، جو سرکاری زمین پر رہائشی یونٹس اور قواعد کی خلاف ورزی کی نشان دہی کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق زمینوں کو بعض شرائط اور جرمانے کے ساتھ ریگولرائز کیا جائے گا، آرڈیننس میں خلاف ضابطہ تعمیرات اور قبضوں پر سزائیں بھی تجویز کی جائیں گی، تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھی سزا تجویز کی جائے گی۔

    سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد آرڈیننس توثیق کے لیے گورنر کو بھیجا جائے گا، جن کی منظوری کے بعد آرڈیننس نافذالعمل ہوگا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کا مجوزہ آرڈیننس اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد پر بنایا جا رہا ہے، آرڈیننس کی روشنی میں کمیشن کی سربراہی ایک ریٹائرڈ جج کریں گے، یہ کمیشن تعین کرے گا کہ کون سے رہائشی یونٹس ریگولرائز کرنے ہیں۔

  • کے ایم سی کے پاس صرف پبلک ٹوائلٹس رہ گئے

    کے ایم سی کے پاس صرف پبلک ٹوائلٹس رہ گئے

    کراچی: اسپتالوں سمیت ہیلتھ کے تمام شعبے، طبی عملہ، برتھ سرٹیفکیٹس سندھ حکومت کے حوالے کر دیے گئے، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے پاس صرف پبلک ٹوائلٹس رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک مجوزہ بل لایا گیا ہے، جس کے ذریعے کے ایم سی کے تحت آنے والے متعدد اہم شعبے سندھ حکومت کو منتقل کیے گئے ہیں۔

    مجوزہ بل کے مطابق کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، عباسی شہید اسپتال، سوبھراج اسپتال، لیپروسی سینٹر، اور سرفراز رفیقی سینٹر کے ایم سی سے لے کر سندھ حکومت کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

    بل کے تحت پبلک ہیلتھ پرائمری ہیلتھ کا شعبہ بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیا گیا، تمام اسپتال، ڈسپنسریز، میڈیکل ایجوکیشن، انفیکشن ڈیزیز اور فرسٹ ایڈ کے شعبے بھی بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیے گئے، بلدیاتی اداروں میں کام کرنے والا طبی عملہ بھی اب سندھ حکومت کے ماتحت ہوگا۔

    پیدائش اور اموات کے رجسٹریشن سرٹیفیکیٹس کا کام بھی بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیا گیا، تاہم پبلک ٹوائلٹس بلدیاتی اداروں کے زیر انتظام رہیں گے، اور شادی ہالز، کلبز سے ایڈورٹائزنگ فیس بلدیاتی ادارے وصول کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں ایک بار پھر نیا بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی بلاول بھٹو زرداری نے بھی منظوری دے دی، کل نئے بلدیاتی نظام کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    نئے بلدیاتی نظام کے تحت کراچی میں ضلع کونسل اور ڈی ایم سی کے نظام کو ختم کر کے صوبے کے ہر ڈویژن میں ٹاؤن سسٹم نافذ کیا جائے گا، کراچی میں ضلع کونسل اور ڈی ایم سیز کی جگہ 25 ٹاؤنز تشکیل دیے جائیں گے، جو جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں 18 تھے۔

    نئے بلدیاتی نظام میں میئر کراچی کو مزیداختیارات دیے جائیں گے جب کہ یونین کونسل کے چیئرمینز بھی بااختیار ہوں گے، نئے نظام میں میونسپل سہولیات کو ایک پلیٹ فارم میں یک جا کیا جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے نئے بلدیاتی نظام میں ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی تجاویز کو بھی شامل کیا ہے۔

  • سندھ حکومت کا گھر گھر سوشل رجسٹری کروانے کا منصوبہ

    سندھ حکومت کا گھر گھر سوشل رجسٹری کروانے کا منصوبہ

    کراچی: سندھ حکومت نے پولیو ورکرز کے ذریعے گھر گھر سوشل رجسٹری کروانے کا منصوبہ تیار کرلیا، پولیو ورکر فارم کے ذریعے معلومات حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پولیو ورکرز کے ذریعے گھر گھر سوشل رجسٹری کروانے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رجسٹری مہم میں پولیو ورکر فارم کے ذریعے معلومات حاصل کریں گے، معلومات کی بنیاد پر ہر فرد کو الگ سے سوشل رجسٹری نمبر دیا جائے گا۔

    چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کی سماجی حالت کے بارے میں ڈیٹا بیس تیار کر رہے ہیں، حکومتی ریلیف کی مؤثر اور شفاف ترسیل کے لیے معلومات دستیاب ہونا چاہیئے، مہم کے لیے سندھ کابینہ نے 350 ملین روپے کی منظوری دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے 12 یونین کونسلز میں سوشل رجسٹری کا پائلٹ پراجیکٹ مکمل کیا گیا ہے، پولیو ورکرز کو مہم کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔

  • الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کو نئی حلقہ بندیوں کیلئے حتمی مہلت  دے دی

    الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کو نئی حلقہ بندیوں کیلئے حتمی مہلت دے دی

    کراچی : الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کونئی حلقہ بندیوں کیلئے حتمی مہلت دے دی اور سندھ حکومت سے دو ہفتوں میں ڈیٹا طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں صوبے میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے کیس کی سماعت ہوئی ، صوبائی الیکشن کمیشن نے تفصیلات عدالت میں جمع کرادی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کو نئی حلقہ بندیوں کیلئے حتمی مہلت دیتے ہوئے کہا 30 نومبر تک دستاویزات کمیشن کے حوالے کی جائیں، یکم دسمبر سے سندھ میں حلقہ بندیاں شروع کردی جائیں گی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت سے 2 ہفتوں میں ڈیٹاطلب کرلیا ہے ، ڈیٹا کی عدم فراہمی کی صورت میں الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں کردے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ سماعت میں چیف سیکریٹری سندھ پیش نہیں ہوئے، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پیش ہوئے اور ڈیٹا کی فراہمی کے لئے مہلت طلب کی ، سندھ حکومت بلدیاتی الیکشن کے لئے وقتا فوقتا مہلت طلب کرتی رہی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ سندھ حکومت کے رویے سے لگتا ہے بلدیاتی الیکشن کرانے میں سنجیدہ نہیں، سندھ میں بلدیاتی اداروں کی مدت 30 اگست 2020 کو ختم ہو گئی تھی، مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن میں بلدیاتی الیکشن نہ کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

  • سندھ حکومت کا  4 نومبرکو چھٹی کا اعلان

    سندھ حکومت کا 4 نومبرکو چھٹی کا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے دیوالی کے تہوار کے موقع پر ہندو کمیونٹی کے لیے 4 نومبرکو چھٹی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے دیوالی کے تہوار پر ہندو ملازمین کے لیے 4نومبر بروز جمعرات کو چھٹی کا باقاعدہ اعلان کردیا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

    جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے سرکاری، نیم سرکاری کارپوریشنز اور لوکل کونسل کے ماتحت اداروں کے ہندو اقلیتی ملازمین کوجمعرات کی چھٹی دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ہندو برادری ہر سال موسم بہار میں دیوالی کے مذہبی تہوار کو مناتی ہے، اس کو عام طور پر دیوالی، دیپاولی اور عید چراغاں بھی کہا جاتاہے۔ اس مذہبی رسم کی تیاریاں نو دن قبل شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔

    اس حوالے سے اماوس یا نئے چاند کی رات کو اہم سمجھا جاتا ہے اور اس دن سب اپنے گھروں میں چراغ روشن کرتے ہیں۔ یہ تہوار شمسی قمری ہندو تقویم کے مہینے کارتیک کے حساب سے منایا جاتا ہے، گریگورین تقویم کے مطابق یہ تہوار وسط اکتوبر اور وسط نومبر میں آتا ہے۔

    دیا جلانا اور رنگولی دو ایسے جز ہیں جن کے بغیر دیوالی کو نامکمل تصور کیا جاتا ہے، اس روز بچے آتش بازی کرتے ہیں جبکہ مندروں میں ’لکشمی‘ کی پوچا کا خاص اہتمام کیا جاتا اور مندر آنے والوں کو پرساد تقسیم ہوتا ہے۔

  • سندھ حکومت کا چینی اور ترک کمپنیوں سے کراچی کیلئے 250 بسوں کا معاہدہ

    سندھ حکومت کا چینی اور ترک کمپنیوں سے کراچی کیلئے 250 بسوں کا معاہدہ

    کراچی : سندھ حکومت کا چینی اور ترک کمپنیوں سے کراچی کے لیے 250 بسوں کا معاہدہ طے پاگیا ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے کہا کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کےشعبے میں پہلا مثبت قدم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی میں 250بسیں سڑک پرلانےکیلئےمعاہدہ کرلیا ، معاہدہ سندھ حکومت،ترکی اور چینی کمپنیوں کےدرمیان ہوا ، معاہدے کی تقریب میں ترکی، چین کے سفرا سمیت وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے شرکت کی جبکہ مختلف ممالک کےمندوبین بھی تقریب میں شریک تھے۔

    اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کا معاہدہ کررہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے کیلئےدن رات ایک کئے۔

    اویس شاہ کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو 8ارب روپے منصوبےکیلئےدیئےگئے، بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کی سپورٹ سے منصوبے کا آغاز ہورہا ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ 250انٹراسٹی بسوں کا یہ پہلا منصوبہ ہے، دوسرا150بسوں کا معاہدہ بھی جلد شروع کررہے ہیں،کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کےشعبے میں پہلا مثبت قدم ہے، انشااللہ کراچی اور دیگر شہروں کو بہترسفری سہولت فراہم کریں گے۔

  • پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل

    پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل

    کراچی: سندھ حکومت کے ایک پروجیکٹ کے ساتھ پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی کمپنی پاور چائنا اور اوریکل پاور پبلک لمیٹڈ کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کے تحت صوبہ سندھ میں 400 میگا واٹ گرین ہائیڈروجن بجلی کا پلانٹ لگایا جائے گا۔

    ملک کے اس پہلے گرین پاور پروجیکٹ کے ساتھ پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہو جائے گا، ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ اور چینی قونصل جنرل لی بی جون بھی موجود تھے۔

    اس معاہدے کے مطابق ہوا اور سورج کی روشنی سے چلنے والے 400 میگا واٹ گنجائش کے پاور پلانٹ سے ایک لاکھ پچاس ہزار کلو گرام گرین ہائیڈروجن روزانہ پیدا ہو سکے گی۔

    امتیاز شیخ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت بجلی کا پلانٹ لگانے کے لیے تمام سہولت فراہم کرے گی، متبادل توانائی پالیسی کے تحت زمین کی فراہمی حکومت سندھ کی جانب سے ہوگی۔

    ایک ماہ میں تیسری بار بجلی کی قیمت میں اضافہ

    انھوں نے بتایا کہ یہ ملک کا پہلا گرین پاور پروجیکٹ ہے، پاکستان کے توانائی بحران کا حل صرف سندھ کے پاس ہے، سستی، آلودگی سے پاک بجلی فراہمی سندھ حکومت کا نصب العین ہے۔

    تقریب میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت دنیا بھر میں گرین ہائیڈروجن کے 350 سے زائد منصوبے تعمیر کے مراحل میں ہیں، جن کا مقصد ٹرانسپورٹ، صنعتوں اور ہوا بازی کے شعبوں کو ڈی کاربو نائز کرنا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس پالیسی پر سرمایہ کاری اور عمل درآمد جاری رہا تو 2050 تک ہائیڈروجن دنیا کی 24 فی صد سے زائد طلب کو پورا کر سکے گی۔ اس وقت صرف 4 فی صد ہائیڈروجن گرین ذرائع سے حاصل کی جا رہی ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں لگائے جانے والے گرین ہائیڈروجن کے اس پلانٹ سے حاصل شدہ گرین ہائیڈروجن ابتدا میں چین اور خطے کے دیگر ممالک میں بھی برآمد کی جا سکے گی۔

  • پاک بھارت ٹاکرا ،  کراچی والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    پاک بھارت ٹاکرا ، کراچی والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    کراچی : سندھ حکومت نے پاک بھارت میچ بڑی اسکرین پر دکھانے کا فیصلہ کرلیا ، فیصلہ شہریوں کی دلچسپی مدنظررکھ کر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کیلئے خوشخبری آگئی ، سندھ سرکار نے پاک بھارت میچ بڑی اسکرین پر دکھانے کا فیصلہ کرلیا ، شہر قائد کے مختلف مقامات پر اسکرینز نصب کی جائیں گی۔

    ڈسٹرکٹ ایسٹ میں ہل پارک اور سفاری پارک پر اسکرین لگائی جائیں گی جبکہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں بیچ ویو پارک اور ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تعلیمی باغ،اماں پارک پر بڑی اسکرین پر میچ دکھایا جائے گا۔

    فیصلہ شہریوں کی دلچسپی مدنظررکھ کر کیا گیا، اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹرکراچی نے احکامات جاری کردیے ہیں، شہری فیملیز کیساتھ بڑی اسکرین پرپاک بھارت میچ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

    خیال رہے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے، جہاں ایونٹ کا سب سے بڑا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

  • کورونا پابندیاں ، سندھ حکومت کا نیا حکم نامہ جاری

    کورونا پابندیاں ، سندھ حکومت کا نیا حکم نامہ جاری

    اسلام آباد : سندھ حکومت نے کورونا پابندیوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کاروباری اورتجارتی مراکز ہفتے میں ساتوں روز کھولنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی کے فیصلوں کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے نیا حکم نامہ جاری کردیا ، جس کے تحت سندھ میں بھی کاروباری اور تجارتی  مراکز ہفتے میں ساتوں روز کھلے رہیں گے ، تجارتی مراکزرات 10بجے تک کھلیں گے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ انڈورتقریبات میں300افراد اور آؤٹ ڈورتقریبات میں 500 افراد کو شرکت اجازت ہوگی۔

    حکم نامے میں ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماسک پہننے کی پابندی آئندہ حکم تک عائد رہے گی۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں مزارات اور سینما ہال کھول دیے گئے ہیں جبکہ دفاتر میں بھی 100 فیصد حاضری کی اجازت ہوگی۔

    حکم نامے کے مطابق ٹرینوں اور پبلک ٹرانسپورٹ70فیصدمسافروں کی اجازت ہوگی جبکہ ضلعی انتظامیہ صورت حال کاجائزہ لیکر محدود لاک ڈاؤن لگانے کی مجاز ہوگی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ نیا حکم نامہ 16 سے31اکتوبر تک نافذالعمل رہے گا۔

  • سندھ: 12 ربیع الاوّل کو عام تعطیل کا اعلان

    سندھ: 12 ربیع الاوّل کو عام تعطیل کا اعلان

    کراچی: سندھ حکومت نے 12 ربیع الاوّل کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں بارہ ربیع الاوّل، 19 اکتوبر کو عام تعطیل ہوگی، سندھ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کووِڈ ایمرجنسی میں خدمات فراہم کرنے والے اداروں میں تعطیل نہیں ہوگی۔

    ادھر صوبہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے بارہ ربیع الاوّل کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 60 دن کمی کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا ماہ ربیع الاول بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان

    شان رحمت اللعالمین کے موقع پر 12ربیع الاوّل کی مناسبت سے قیدیوں میں مختلف مقابلے بھی کرائے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ماہ ربیع الاول بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی پورا ہفتہ عید میلاد النبیﷺ منائیں گے، پارٹی ورکر، لیڈر، اتحادی اور پوری قوم بھی عید میلاد النبی ﷺ منائے۔