Tag: سندھ حکومت

  • وزیر تعلیم کی 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اہم اعلان

    وزیر تعلیم کی 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اہم اعلان

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہفتے کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے، اسکول اب 6 دن کھلیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا ہم نے غیر معمولی حالات میں دوبارہ بچوں کو اسکول بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، کرونا صورت حال میں تعلیم کے حوالے سے یہ مشکل فیصلہ ہے، ہفتے کی چھٹی ختم کر دی ہے، اسکول 6 دن کھلیں گے۔

    سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت نے اساتذہ کی ٹریننگ بھی کرائی ہے، 2 ہزار کے قریب اساتذہ کو تربیت دے چکے ہیں، 5 ہزار تک اساتذہ کو تربیت دیں گے۔

    وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا 11 اضلاع میں کرونا حفاظتی سامان تقسیم کیا جائے گا، سینٹائزر، صابن اور دیگر حفاظتی سامان میں یونیسیف نے مدد کی ہے، 4 ہزار 800 اسکولوں میں ڈبلیو ایچ او ہماری مدد کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا ڈی سی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے، جو مختلف اسکولوں کا دورہ کرے گی، جہاں مسائل درپیش ہوں گے یہ کمیٹی حل کرے گی، صوبے بھر کے تمام اسکولز کا دورہ کریں گے اور ایس او پیز کا جائزہ لیں گے۔

    سعید غنی نے کہا کرونا ختم نہیں ہوا، ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے، کاروباری زندگی بھی اب شروع ہو چکی ہے، والدین بچوں کو ایس او پی سے متعلق آگاہی دیں، کیوں کہ بچے جتنی آسانی سے والدین کی بات سنتے ہیں شاید کسی اور کی نہیں، ہم کرونا ایس او پی کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائیں گے۔

  • سندھ کے نئے سیکریٹری بلدیات کا چارج سنبھالتے ہی سخت اقدام

    سندھ کے نئے سیکریٹری بلدیات کا چارج سنبھالتے ہی سخت اقدام

    کراچی: صوبہ سندھ کے نئے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ نے چارج سنبھالتے ہی متعدد بلدیاتی افسران کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے احکامات نہ ماننے، غیر قانونی بھرتیوں، فنڈز میں خرد برد اور غلط بلنگ کے الزامات پر معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے نئے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ نے چارج سنبھالتے ہی 3 بلدیاتی افسران کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے احکامات نہ ماننے پر معطل کردیا، افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران پی اے سی اجلاس میں آڈٹ اعتراضات کے جواب نہیں دے رہے تھے۔

    معطل افسران میں ٹنڈو الہیار کے چیف میونسپل آفیسر غلام سرور، میر پور ماتھیلو کے سلمان لوند اور جھنڈو مری ٹاؤن کے افسر فیاض شاہ شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ کورنگی کے بھی 4 افسران کو کرپشن کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے، افسران پر غیر قانونی بھرتیوں، فنڈز میں خرد برد اور غلط بلنگ کے الزامات ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ معطل افسران میں 17 سے 19 گریڈ کے افسران شامل ہیں۔

  • افتخار شلوانی کو ایدمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ

    افتخار شلوانی کو ایدمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے سابق کمشنر افتخار شلوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے صوبائی سیکرٹری بلدیات افتخار شلوانی کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے افتخار شلوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن بنانے کی منظوری دے دی ہے، نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔

    افتخار شلوانی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21 کے افسر ہیں اور اس سے قبل سندھ میں کمشنر کراچی، محکمہ قانون، محکمہ صحت کے سیکرٹری کے علاوہ وفاقی وزارت صنعت وپیداوار میں ایڈیشنل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔

    کراچی میں ایڈمنسٹریٹر مشاورت سے آئیگا تو قابل قبول ہوگا، گورنر سندھ

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایڈمنسٹریٹر مشاورت سے آئے گا تو قابل قبول ہوگا، ایڈمنسٹریٹر اسی شہر سے تعلق رکھنے والا ہونا چاہئے۔

  • سندھ حکومت نے ایک اور با اثر افسر کو عہدے سے ہٹا دیا

    سندھ حکومت نے ایک اور با اثر افسر کو عہدے سے ہٹا دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے گریڈ 19 کے افسر اختر علی شیخ کو میونسپل کمشنر ضلع جنوبی کے عہدے سے فارغ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے گریڈ انیس کے افسر اختر علی شیخ کو میونسپل کمشنر ضلع جنوبی کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا، نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    عہدے سے فارغ کیے جانے کے بعد اختر علی شیخ کو بورڈ آف لوکل گورنمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اختر علی شیخ نیب کے ہاتھوں گرفتار روشن علی شیخ کے قریبی رشتہ دار ہیں۔

    اختر علی شیخ کے خلاف چارج شیٹ ابھی جاری نہیں کی گئی ہے تاہم بتایا گیا ہے کہ چارج شیٹ جلد جاری کر دی جائے گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اختر شیخ پر شرقی اور جنوبی میں میونسپل کمشنر رہنے کے دوران کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزامات ہیں، اختر شیخ کو کرپشن کے ذریعے پیٹرول پمپس بنانے اور پیٹرول کی مد میں فنڈز کی خرد برد کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔

    روشن شیخ سے مزید 4 کیسز کی تفتیش کا بھی فیصلہ

    دوسری طرف سیکریٹری بلدیات روشن شیخ سے زمین الاٹمنٹ کیس کے علاوہ نیب نے مزید 4 کیسز کی تفتیش کا فیصلہ کیا ہے، روشن شیخ پر مختلف ادوار میں فنڈز کی خرد برد، ٹھیکے دینے، افسران کی تعیناتی اور اسلحہ لائسنس کے الزامات ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ روشن شیخ پر بطور سیکریٹری بلدیات حالیہ مدت میں 45 کروڑ روپے پیٹرول اور گاڑیوں کی مرمت کے نام پر خرد برد کا بھی الزام ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق روشن شیخ کے 9 قریبی عزیز محکمہ بلدیات میں اس وقت بھی اہم عہدوں پر تعینات ہیں، روشن شیخ کے ایک قریبی افسر رحمت اللہ شیخ کو بھی گزشتہ ماہ نیب تحقیقات شروع ہونے پر عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

  • کراچی میں بارش سے تباہی،  ورلڈ بینک کی سندھ حکومت کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی

    کراچی میں بارش سے تباہی، ورلڈ بینک کی سندھ حکومت کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ نے ورلڈ بینک سے کراچی کی اربن پراپرٹی سروے کرنے کی درخواست کردی ، جس پر ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر نے سندھ حکومت کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ورلڈ بینک کے نئے کنٹری ڈائریکٹر سے ویڈیو لنک پرملاقات ہوئی ، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ورلڈ بینک کے ساتھ آبپاشی کےپراجیکٹس کیے ، کراچی ٹرانسفارمیشن اسٹریٹجی پراجیکٹس شروع ہوگیا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں اگست کی بارشوں نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ، شدید بارشوں نےانفرااسٹرکچر کو بے حد نقصان پہنچایا، میرپورخاص ، بدین ، سانگھڑ ،عمر کوٹ میں بھی بارشوں نے تباہی مچاہی، سندھ میں شدید بارشوں سے زراعت تباہ ہوگئی ہے۔

    انھوں نے کہا ورلڈ بینک سندھ حکومت کیساتھ انفرااسٹرکچر میں تعاون کرے، دیہی علاقوں میں بھی انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے مدد کرے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ورلڈ بینک کو کراچی کی اربن پراپرٹی سروے کرنے کی درخواست کی ، جس پر ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر نے سندھ حکومت کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہم سندھ کے ساتھ پارٹنر شپ کو اہمیت دیتے ہیں۔

  • نویں سے بارہویں جماعت کے طلبا کیلئے اہم خبر ،  تعلیمی نصاب میں نیا مضمون شامل

    نویں سے بارہویں جماعت کے طلبا کیلئے اہم خبر ، تعلیمی نصاب میں نیا مضمون شامل

    کراچی : سندھ حکومت نے نویں سے بارہویں تک بنیادی حقوق سے متعلق مضمون تعلیمی نصاب میں شامل کردیا، اے اے جی سندھ نے کہا سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں بنیادی حقوق نصاب تعلیم کا حصہ بنے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں آئین میں دیےگئے بنیادی انسانی حقوق نصاب میں شامل کرنےکی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    دوران سماعت بنیادی انسانی حقوق کو نصاب تعلیم کاحصہ بنانے کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ، سندھ حکومت نے بنیادی حقوق سے متعلق مضمون تعلیمی نصاب میں شامل کردیا۔

    محکمہ تعلیم سندھ نے پیش رفت رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں پیش کردی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ نویں سے بارہویں تک بنیادی حقوق سےمتعلق مضمون کتب میں شامل کردیے۔.

    اے اے جی سندھ نے کہا کہ آئین عوام کوکون سے حقوق دیتا ہے، طلبا حصول تعلیم میں جان سکیں گے، سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں بنیادی حقوق نصاب تعلیم کا حصہ بنے ہیں۔

    حکومت سندھ کی جانب سے رپورٹ پیش کیے جانے کےبعد عدالت نےدرخواست نمٹا دی۔

  • سندھ حکومت کا تعلیمی ادارے  کھولنے کے حوالے سے بڑا اعلان

    سندھ حکومت کا تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے بڑا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے 15 ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے   کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام سرکاری ونجی اسکولوں کیلئے ایس اوپیز جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا کہ تمام سرکاری ونجی اسکولز ایس اوپیز کیساتھ کھولےجائیں گے۔

    سندھ حکومت نے اسکولوں کی انتظامیہ ، طلباء ، اساتذہ کیلئے ایس او پیز جاری کی ہے ، جس پر اسکول مالکان و انتظامیہ کو عمل درآمد ضروری ہے۔

    اسکولوں کی انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ اسکولوں کی عمارتوں ، کلاس رومز میں  باقاعدگی سے جراثیم کش اسپرے کیا جائے، کلاس روم میں طلبہ کے بڑے اجتماع سے بچنے کے لئے اسکول کے دن اور اوقات مقرر کریں اور پری پرائمری ، پرائمری ، لوئر سیکنڈری اور اپر سیکنڈری کے طلباء کو شفٹوں میں تقسیم کیا جائے۔

    طلبہ اور اساتذہ کےلیے ماسک پہننا لازمی ہوگا اور صبح کی اسمبلی متعلقہ کلاس روم میں ہونی چاہئے جبکہ کوویڈ ۔19 علامات کے حامل طلباء ، اساتذہ اور دیگر عملے کو اسکولوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ایس او پیز کے مطابق اساتذہ کھانسی کے وقت طلبا کو منہ اور ناک ڈھانپنے کا درس دیں اور یقینی بنائیں کہ کلاس روم کا فرنیچر مناسب فاصلے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

    طلباء سفر اور کلاس میں ماسک پہنیں ، اپنے ہاتھ بار بار دھوئے، چہرے کو مت چھوئیں۔

    یاد رہے 27 اگست کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ تعلیمی اداروں کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو اتفاق رائے سے لیا جائے گا۔

    این سی او کو بریفنگ دیتے ہوئے شفقت محمود نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو لازما ہے کہ کوویڈ 19 کے تمام پروٹوکول کی تعمیل کو یقینی بنائیں اور حتمی فیصلے سے قبل اسی کے مطابق تیاری کریں۔

  • سندھ کے آفت زدہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد کے منتظر ہیں: مرتضیٰ وہاب

    سندھ کے آفت زدہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد کے منتظر ہیں: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا ہے، یہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد اور تعاون کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 20 اضلاع ہیں جنہیں سندھ حکومت نے آفت زدہ قرار دیا، یہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد اور تعاون کے منتظر ہیں۔

    خیال رہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کی جانب سے جاری کردہ بارش سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران سندھ میں 28 افراد جاں بحق ہوئے۔

    بارش کے دوران مکانات، کاروبار، فصلوں اور گھریلو آلات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

    سندھ حکومت نے بارش سے متاثرہ افراد کی مالی معاونت کا فیصلہ بھی کیا ہے اور اس حوالے سے کراچی سمیت متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

  • سندھ حکومت کے مطالبے پر مزید فنڈ دیا تو وہ بھی کسی اور کے اکاؤنٹ میں چلا جائے گا: شبلی فراز

    سندھ حکومت کے مطالبے پر مزید فنڈ دیا تو وہ بھی کسی اور کے اکاؤنٹ میں چلا جائے گا: شبلی فراز

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے مزید فنڈز کا مطالبہ کیا ہے، لیکن سندھ حکومت کو پیسے دینے کا مطلب ہے کہ یہ کسی اور کے اکاؤنٹ میں چلے جائیں گے۔

    شبلی فراز نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، پورے پاکستان کی ہمدردیاں کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں، حکومت سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر کراچی پر توجہ دے رہی ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران بہت جلد کراچی جائیں گے، وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی بھی کرائی ہے، پیپلز پارٹی مزید 10 ارب کراچی کے لیے مانگ رہی ہے، لیکن پی پی نے جو کراچی پر خرچ کیے اس کا حساب بھی عوام کے سامنے لائے۔

    شبلی فراز نے کہا ناصر حسین شاہ نے کہا کراچی کے لیے 10 ارب ڈالر چاہئیں، ہمارے پاس نہیں، ہوتے بھی تو نہ دیتے، کیوں کہ انھیں پیسہ دیں تو اومنی اکاؤنٹس میں جائے گا، پیپلز پارٹی نے سندھ میں 12 سال حکومت کی اور حالات دیکھ لیں۔

    انھوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان رواں ہفتے ہی کراچی جائیں گے، ان کی کوشش ہے کہ کراچی کے عوام کے مسائل کو حل کیا جائے، اس کے لیے مربوط نظام لایا جائے گا، ہم چاہتے ہیں کراچی کے پروجیکٹس کرپشن کی نظر نہ ہو جائیں، سندھ حکومت نے توجہ نہیں دی، لیکن وفاق سنجیدگی سے پروجیکٹس دینا چاہتا ہے۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا جب بھی کراچی کے مسائل کی بات کرتے ہیں تو پیپلز پارٹی مخالفت کرتی ہے، پی پی فوراً اٹھارویں ترمیم اور سندھ کارڈ استعمال کرنے لگتی ہے، کراچی کی صورت حال پر سیاست کرنا افسوس ناک ہے۔

  • سندھ حکومت کا  بارش سے متاثرہ افراد کیلئے بڑا اعلان

    سندھ حکومت کا بارش سے متاثرہ افراد کیلئے بڑا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے بارش سے متاثرہ افراد کی مالی معاونت کا فیصلہ کرلیا اور ڈپٹی کمشنرز کو7 روز میں نقصانات پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے بارش سے متاثرہ افراد کی مالی معاونت کا فیصلہ کرتے ہوئے کراچی سمیت متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو نقصانات کاتخمینہ لگانے کی ہدایت کردی ہے۔

    سندھ حکومت نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے بارش سے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو 7روز میں نقصانات پر رپورٹ محکمہ ریلیف میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔

    بارش کے دوران مکانات، کاروبار، فصلوں ،گھریلو آلات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

    دوسری جانب وزیر بلدیات، ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کا انفرا اسٹرکچر ازسرنو بحال کیا جائے گا، بارشوں سے ہونے والی تباہی کا ازالہ کیا جائےگا، حکومت سندھ تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہے۔

    ،وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاق کوقدرتی آفات میں صوبائی حکومتوں کی مددکرنی چاہیے، اپوزیشن کوسیاست برائے سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔

    ناصرحسین شاہ نے مزید کہا کہ صوبے کے لیےترقیاتی اسکیموں کا اعلان کیا جائے گا، وزیر اعلی سندھ نے آفت زدہ علاقوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے، نقصان و تباہی کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔