Tag: سندھ حکومت

  • کے الیکٹرک کی  شہر میں طویل لوڈشیڈنگ کی دھمکی

    کے الیکٹرک کی شہر میں طویل لوڈشیڈنگ کی دھمکی

    کراچی : کے الیکٹرک نے سندھ حکومت سے واجبات نہ ملنے پر شہر میں طویل لوڈشیڈنگ کی دھمکی دے دی، سندھ حکومت نے اربوں روپے بجلی کی مد میں دینے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کے بحران کے باعث سندھ حکومت اور کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی آمنے سامنے آگئے۔

    کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی نے سندھ حکومت کو بجلی کی مد میں اربوں روپے کے واجبات ادائیگی کیلئے خط لکھ دیا،اس حوالے سے سندھ حکومت کے سیکریٹری فنانس اور انرجی سمیت میئر کراچی اور دیگر حکام کو مکتوب ارسال کر دیئے گئے ہیں۔

    خط میں لکھا ہے کہ سندھ حکومت کی ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے سنگین بحران کا سامنا ہے۔

    سندھ حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ واٹر بورڈ کے ذمے پانچ ارب روپے واجب الادا ہیں، حکومت سندھ کے ادائیگی نہ کرنےسے مالیاتی بحران ہے۔

    کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی  کمپنی کا کہنا ہے کہ مالیاتی بحران کی وجہ سےنیٹ ورک مرمت میں مشکلات پیش آرہی ہیں، اگر فوری ادائیگی نہیں ہوئی تو شدید گرمیوں میں نیٹ ورک بیٹھ سکتا ہے اور بجلی کی طویل بندش ہوسکتی ہے۔

    خط کے مطابق اس وقت شرح سود بلند ترین سطح پر ہے جس کی وجہ سے بینکوں سے قرض نہیں لے سکتے ہیں۔

    خیال رہے واجبات کی ادائیگی کیلئے سندھ حکومت کورواں ماہ پانچ خط بھیج چکےہیں، اس سے پہلے وزیر بلدیات سندھ سعیدغنی نے بجلی کی طویل بندش پر کمپنی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کراچی کے شہریوں کو کے الیکٹرک کے دفتر کے اے سی پنکھے بند کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

  • تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے ایک اور اہم اعلان

    تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے ایک اور اہم اعلان

    کراچی : تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے ایک اور اہم اعلان کردیا گیا، محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ چھٹیاں اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ہی ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے بھی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    محکمہ تعلیم سندھ نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیاں اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ہی ہوں گی، پنجاب کی طرز پر سندھ میں گرمی کی چھٹیاں قبل از وقت کرنے کی تجویز زیر غور تھی لیکن محکمہ موسمیات نے کراچی میں مئی کےمہینے میں ہیٹ ویو نہ ہونے کی وضاحت کی تھی۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کےتعلیمی ادارے یکم جون سے 31جولائی تک بند رہیں گے۔

    گذشتہ روز پنجاب میں شدید گرمی کےباعث اسکول سات روز کیلئے بند کرنے کااعلان کیا گیا تھا اور نجی اور سرکاری اسکول پچیس سے اکتیس مئی تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری بھی کردیا تھا۔

    صوبائی وزیرتعلیم کے مطابق یہ فیصلہ ہیٹ ویو کے خدشے کے باعث کیا گیا ہے تاہم جن اسکولوں میں امتحان ہورہے ہیں انہیں کھولنے کی مشروط اجازت ہوگی۔

    وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون کے بجائے 22 مئی سے دینے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے نجی اسکولز کی بڑی تعداد نے رابطہ کیا اور نجی اسکولز میں امتحانات کے پیش نظر رواں ہفتے کھولنے کی اجازت دی گئی۔

  • پولیو ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو سزا دینے کا اعلان

    پولیو ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو سزا دینے کا اعلان

    کراچی : پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے سے انکارکرنے والے والدین کو جرمانے اور سزا دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے انسداد پولیو مہم تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا، بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین نہ پلانے والے والدین کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔

    سندھ امیونائزیشن اینڈایپیڈیمکس کنٹرول بل 2023 کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات تفویض کر دیے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی نے جرمانے اور سزاؤں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں کہا کہ
    ویکسین سے انکاری والدین کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    نوٹیفکیشن میں کہنا تھا پولیس اور پولیوورکرزٹیموں کی نشاندہی پر ویکسین نہ پلانے والے والدین کیخلاف کارروائی ہوگی ، سندھ پولیس کو محکمہ صحت اورپولیوورکرزکے ساتھ بھرپورتعاون کرنےکی ہدایت کردی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اپیل کی کہ والدین انسدادپولیوٹیموں سےاپنےبچوں کوویکسین پلوائیں، والدین پولیووائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔

  • کراچی میں جرائم کی بڑھتی وارداتیں ،  ایڈیشنل آئی جی تبدیل کرنے کا فیصلہ

    کراچی میں جرائم کی بڑھتی وارداتیں ، ایڈیشنل آئی جی تبدیل کرنے کا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے جاویدعالم اوڈھو کو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا،وہ  پہلےبھی ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر کام کرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں کے بعد ایڈیشنل آئی جی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، ذرائع نے کہا ہے کہ جاویدعالم اوڈھوکو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    جاوید عالم اوڈھو پہلے بھی ایڈیشنل آئی جی کےعہدے پر کام کرچکے ہیں ، خادم حسین رند کے بعد عمران یعقوب کو ایڈیشنل آئی جی کراچی بنایا گیا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ سندھ میں نئی بننے والی حکومت نے بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے غلام نبی میمن کو ایک دفعہ پھر آئی جی سندھ پولیس تعینات کیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے آئی جی سندھ کیلئے غلام نبی میمن کا نام تجویز کیا گیا تھا ، جس کے بعد وفاقی حکومت نےغلام نبی میمن کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

  • ’’کپاس کی امدادی قیمت 10 سے 11 ہزار روپے من مقرر کی جائے‘‘

    ’’کپاس کی امدادی قیمت 10 سے 11 ہزار روپے من مقرر کی جائے‘‘

    کراچی: سندھ حکومت نے کپاس کی امدادی قیمت 10 سے 11 ہزار روپے من مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    صوبائی وزیر زراعت محمد بخش مہر نے وفاق سے کہا ہے کہ وہ کپاس کی امدادی قیمت دس سے گیارہ ہزار روپے من مقرر کرے، کیوں کہ مناسب قیمت نہ ملنے سے کاشت کار کپاس نہیں لگا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا رواں سال سندھ میں کپاس کی فصل کا ٹارگٹ 6 لاکھ 40 ہزار ہیکٹرز رکھا گیا، اور اس وقت کپاس کی بوائی 20 فی صد ہو چکی ہے۔

    انھوں نے کہا مہنگی کھاد، بیج، پٹرولیم مصنوعات اور زرعی ادویات نے کسانوں کاخرچ بڑھا دیا ہے، کاشت کار کو گزشتہ سیزن میں کپاس کی مناسب قیمت نہیں ملی تھی تو اس بار وہ فصل کیسے تیار کریں گے؟ کسان کو اچھی قیمت ملے گی تو وہ کپاس لگائے گا، کپاس ملکی ٹیکسٹائل صنعت کی ضرورت ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خریف سیزن میں سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی نہ ملا تو کپاس اور چاول سمیت زرعی اجناس کی فصل کم لگنے کا اندیشہ ہے۔ محمد بخش مہر نے ارسا پر بھی تنقید کی، اور کہا کہ ہم ارسا کے 3 رخی فارمولے کے تحت سندھ کو پانی دینے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔

  • جماعت اسلامی کی عید بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینے کی دھمکی

    جماعت اسلامی کی عید بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینے کی دھمکی

    امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ کردیا اور  کہا اسٹریٹ کرائم پر قابو نہ پایا تو عید کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیں گے۔

    امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جو لوگ بھی ان دہشتگردوں کو مینڈیٹ دے رہے ہیں دنیا آخرت میں برباد ہونگے، پوری قوم کی رائے کیخلاف ان لوگوں کو مسلط کیا گیا لیکن عوام کا کام ہے اب خاموش نہ بیٹھیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور اعلیٰ حکام سے پوچھتا ہوں عوام کا تحفظ کہاں ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں کا کام ہے، یہاں پر کتنی پٹرولنگ ہوتی ہے تھانوں کو کچھ پتا ہی نہیں ہوتا۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جو یہ تباہی کررہے ہیں وہ بھگتیں گے مگر عوام کا کیا قصور ہے، کراچی کے شہریوں کا قصور کیا ہے عوام کے بچے محفوظ نہیں ہیں، والدین بچوں سے کہتے ہیں کوئی موبائل مانگے تو دے دینا، ہمارا کیا قصور ہے کہ ڈاکوؤں کو ہم پر مسلط کردیا جائے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو نہ پایا تو عید کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پر طویل دھرنا دیں گے، اب عوام کو نکلنا پڑے گا جلد لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، یہاں تھانے بکتے ہیں، وزیراعلیٰ کو یہ نہیں معلوم ڈاکوؤں کے پاس توپیں کہاں سے آئیں۔

     ان کا کہنا تھا کہ تھانے میں کوئی اچھا ایس ایچ او ہو بھی تو وہ مجبور ہوتا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی ہوں، نوجوانوں کو اسلحہ لائسنس دیں تاکہ وہ خود اپنا تحفظ کریں، گلیوں میں رکاوٹیں لگائیں تو کوئی ہٹانے نہ آئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ٹیکسز سے ادارے اور انکی نوکریاں چلتی ہیں، پیپلز پارٹی حکومت کا 16واں سال ہے پولیس میں کیاکیاہے، پولیس کی اکثریت مقامی لوگوں پر مسلط ہوتی ہے، وزیرداخلہ بتائیں اس شہر کے کتنے لوگوں کی پولیس میں نمائندگی ہے۔

  • نگراں سندھ حکومت کیجانب سے کئے گئے اقدامات کو کالعدم قرار دینے کا امکان

    نگراں سندھ حکومت کیجانب سے کئے گئے اقدامات کو کالعدم قرار دینے کا امکان

    کراچی : سندھ حکومت نے نگراں حکومت کے فیصلوں پرنظرثانی کا فیصلہ کرلیا ، نگراں سندھ حکومت کیجانب سے کئے گئے اقدامات کو کالعدم قرار دینے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا، جس میں صوبائی کابینہ تیرہ نکاتی ایجنڈے پرغور کرے گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اجلاس آج رات آٹھ بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوگا، جس میں نگراں کابینہ کے کیے گئے فیصلوں پر نظرثانی کی جائے گی، اراکین اپنے محکموں میں نگراں دور میں کیے گئے فیصلوں پر بحث کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں سندھ حکومت کے اقدامات کو کالعدم قرار دیئے جانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پہلے ہم پر الزام لگتا تھا کہ سیاسی لوگ امن و امان کو بہتر نہ کرسکے، نگراں حکومت نے 6ماہ میں کون سی امن وامان کی صورتحال کو بحال کیا، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی مدد سے صوبے میں جلد امن قائم کریں گے

  • ماہ رمضان : مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    ماہ رمضان : مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کراچی : ماہ رمضان میں مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے سندھ حکومت نے صوبائی وزراء کی ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے تمام صوبائی وزراء کو بچت بازاروں کا دورہ کرکے سرکاری نرخ پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جن وزراء کو کراچی کے بازاروں میں صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ان میں سردار شاہ، سعید غنی، ذوالفقار شاہ، اللہ ڈنو بھیو شامل ہیں جبکہ احسان مزاری اور نجمی عالم بھی کراچی ڈویژن میں دورے کریں گے۔

    اس کے علاوہ صوبائی وزیر ضیاء لنجار، علی حسن زرداری کو شہید بنظیر آباد ڈویژن میں مارکیٹوں کے دورے کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سید ناصر شاہ اور محمد بخش مہر سکھر اور لاڑکانہ میں رمضان بچت بازاروں میں قیمتوں کا جائزہ لیں گے۔

    علاوہ ازیں صوبائی وزیر جام خان شورو اور ضیاء الحسن لنجارحیدرآباد ، میرپورخاص میں بچت بازاروں کا جائزہ لیں گے۔

  • سندھ حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کردیا

    سندھ حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کردیا

    کراچی : سندھ حکومت نے بھی کشمیر ڈے پر عام تعطیل کا اعلان کردیا ، اس دن تعلیمی اداروں سمیت سرکاری دفاتربندرہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کشمیر ڈے کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا اور اس حوالے سے نوٹی فیکشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹی فیکشن میں کہا گیا کہ سندھ بھر میں تعلیمی اداروں سمیت سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

    یاد رہے حکومت نے یوم یکجہتی کشمیر پر 5 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، کابینہ ڈویژن نے 5 فروری کی تعطیل کے نوٹیفکیشن میں کہا تھا کہ 5 فروری کو صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائےگی۔

    خیال رہے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل اور بدترین مظالم کے خلاف دنیا بھر میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جایا جاتا ہے اس روز دنیا بھر میں کشمیریوں کے حق میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : سندھ حکومت کا عام انتخابات میں ڈیوٹی کیلئے اسکاؤٹس کی خدمات لینے کا فیصلہ

    الیکشن 2024 پاکستان : سندھ حکومت کا عام انتخابات میں ڈیوٹی کیلئے اسکاؤٹس کی خدمات لینے کا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے عام انتخابات میں ڈیوٹی کیلئے اسکاؤٹس کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا، حساس و انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ نظام اسکاؤٹس کے سپرد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے عام انتخابات میں ڈیوٹی کیلئے اسکاؤٹس کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کوخط لکھ دیا۔

    آئی جی پولیس نے بھی اسکاؤٹس کی پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی ڈیوٹی کے لیے رابطہ کیا اور ڈی آراوجنوبی نے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کیلئے اسکاوٹس کی خدمات مانگ لیں۔

    ٹھٹھہ ،غربی اضلاع نے بھی حساس پولنگ اسٹیشنزپراسکاؤٹس کی خدمات لینے کیلئے رابطہ کیا اور درخواست میں کہا کہ کراچی جنوبی میں 300 اسکاوٹس کی خدمات سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کیلئے درکار ہوں گی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کیساتھ اسکاؤٹس ڈیوٹی دیں گے جبکہ ضلع غربی میں 400 اسکاوٹس کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

    حساس وانتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ نظام اسکاؤٹس کے سپرد ہوگا۔