Tag: سندھ حکومت

  • ‘تنخواہوں میں اضافہ ہوگا’

    ‘تنخواہوں میں اضافہ ہوگا’

    کراچی : سندھ حکومت نے میئرز ،ڈپٹی میئرز، چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کی تنخواہوں میں اضافہ کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میئرز ،ڈپٹی میئرز، چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا۔

    سندھ حکومت نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے مراعات میں بھی اضافے سمیت بلدیاتی ایکٹ 2013 اور رولز 2017 میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع نے کہا کہ میئرز اور ڈپٹی میئرز کی تنخواہ میں 100 فیصد اضافے کی تجویز ہے، بلدیاتی نمائندوں کی تنخواہوں، مراعات کا ترمیمی بل کل سندھ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

    سندھ کابینہ سے بلدیاتی ایکٹ 2013 دیگر ترامیم بھی کل کابینہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی ، سیکریٹری بلدیات سندھ نجم شاہ کابینہ کے سامنے ترامیم پیش کریں گے۔

  • سندھ حکومت نے ایک اور سروس متعارف کرادی

    سندھ حکومت نے ایک اور سروس متعارف کرادی

    کراچی: سندھ حکومت کا شہریوں کے لیے ایک اور اہم اقدام، 1122 کے بعد 1123 سروس متعارف کرادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے 1123 سروس کو فری طبیب کا نام دیا گیا۔

    اس 1123 سروس کے ذریعے شہری کال کر کے  ڈاکٹر سے مفت مشورے، نفسیاتی جان کاری حاصل کرسکتے ہیں۔

    1123پر شہری  ڈاکٹر سے بیماری کے علاج، رپوٹس سے متعلق معلومات آسانی سے لے سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال سندھ حکومت نے سندھ ریسکیو 1122 سروس کا اعلان کیا تھا، ریسکیو 1122 کے تحت ایمبولنس سروس امن فاونڈیشن اور فائر بریگیڈ محکمہ بلدیات کے زیر انتظام کام کرتی ہیں۔

  • بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہمی کا فارمولہ طے کرنے کے لیے فنانس کمیشن تشکیل

    بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہمی کا فارمولہ طے کرنے کے لیے فنانس کمیشن تشکیل

    کراچی: بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہمی کا فارمولہ طے کرنے کے لیے سندھ حکومت نے فنانس کمیشن تشکیل دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے فنانس کمیشن تشکیل دے دیا ہے، نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا، صوبائی فنانس کمیشن بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی فنانس کمیشن فنڈز کے استعمال اور اجرا سے متعلق طریقہ کار بھی طے کرے گا، اس کمیشن میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، میئر سکھر ارسلان شیخ، اور ضلع چیئرمین قاسم نوید شامل ہیں۔ یہ کمیشن ٹیکس وصولی، اخراجات اور وسائل کی تقسیم پر فارمولہ طے کرے گا۔

    واضح رہے کہ یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں سندھ کابینہ نے پرونشنل فنانس کمیشن بنانے کی منظوری دی، پی ایف سی کے چیئرمین وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے۔

  • سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لئے سندھ حکومت کا ایک اور اہم فیصلہ

    سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لئے سندھ حکومت کا ایک اور اہم فیصلہ

    کراچی: سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لئے سندھ حکومت نے یوریا اور کھاد پر سبسڈی  دینے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے یوریا اور ڈی اے پی کھاد پر فی کسان کو 60 ہزار روپے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا کہ 2 لاکھ 34 ہزار 313 کسانوں کو کھاد کی مد میں سبسڈی دی جائے گی۔

    رہنما پیپلز پارٹی منظور وسان نے کہا کہ ایک ایکڑ اور ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسان کو سبسڈی رقم دی جائےگی، دوسرے فیز کے کسانوں کو بیج کی مد میں فی ایکڑ 5 ہزار سبسڈی رقم دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • بجٹ سے قبل ملازمین کے لئے اچھی خبر

    بجٹ سے قبل ملازمین کے لئے اچھی خبر

    کراچی : سندھ حکومت نے پیپلز اسکوائر میں سرکاری ملازمین کی گاڑیوں کی پارکنگ فیس ادا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹھیکیدار کو ادائیگی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے پیپلز اسکوائر میں سرکاری ملازمین کی گاڑیوں کی پارکنگ فیس کی مد میں ٹھیکیدار کو ادائیگی کی منظوری دے دی۔

    پیپلز اسکوائر میں سرکاری ملازمین کی گاڑیوں کی پارکنگ فیس سندھ حکومت ادا کرے گی، 19ماہ کی فیس کی مد میں پہلی قسط کے طور پر 33 لاکھ 68 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔

    سندھ سیکریٹریٹ میں گنجائش کی کمی پر سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے پیپلز اسکوائر تعمیر کرایا گیا، جہاں گریڈ ایک سے لے کر گریڈ 18 تک کے ملازمین کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پارک کی جاتی ہیں۔

    گاڑی کی پارکنگ 100 روپے اور موٹرسائیکل کی پارکنگ پر 50 روپے ٹھیکیدار وصول کرتا ہے۔

  • میئر کراچی کا  انتخاب شو آف ہینڈ سے ہوگا، سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا

    میئر کراچی کا انتخاب شو آف ہینڈ سے ہوگا، سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا

    کراچی : سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا ہے کہ کراچی کے میئر کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے میئر کے انتخاب کے عمل سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محکمہ بلدیات کے مطابق بلدیاتی ایکٹ کے مطابق میئر کا الیکشن شو آف ہینڈ سے ہوگا۔

    محکمہ بلدیات کا کہنا تھا کہ کہ میئر کا الیکشن شفاف ہوگا جس کی اکثریت حاصل کرے گا میئر اْسی کا آئے گا۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن نے میئرکراچی الیکشن سےمتعلق محکمہ بلدیات سے وضاحت مانگی تھی۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 15 جون کو ہوگا جب کہ کاغذات نامزدگی 9 سے 10 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

    شیڈول میں کہا گیا تھا کہ ریٹرننگ افسر 11 جون کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 14 جون کو جاری کی جائے گی۔

    ای سی پی کا کہنا تھا کہ 16 جون کو ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان کریں گے جب کہ کامیاب امیدوار 19 جون کو حلف اٹھائیں گے۔

  • سندھ  حکومت نے 9 مئی  کے واقعات میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوانے کی منصوبہ بندی کرلی

    سندھ حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوانے کی منصوبہ بندی کرلی

    کراچی : سندھ حکومت نے 9 مئی کو احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوانے کی منصوبہ بندی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے 9 مئی کو شارع فیصل پر احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوانے کی منصوبہ بندی کرلی۔

    تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے دوران 11 موٹرسائیکل 1 کار جلائی گئی تھی، متاثرہ کار اور موٹرسائیکل مالکان کو پورا معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ایسٹ پولیس کے تفتیشی حکام کوکیس مضبوط بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ، ذرائع تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جو کیس کا مدعی بنے گا، معاوضہ بھی اسی کو ملے گا۔

    ایسٹ شعبہ تفتیش نے فہرستیں مرتب کرکے رابطے شروع کردیے، جلاؤ گھیراؤ کے واقعات ٹیپوسلطان اور فیروزآباد میں ہوئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق کس تھانے میں کتنے شہریوں نے رپورٹ درج کرائی ؟ اس حوالے سے تفصیل طلب کرلی ہے۔

    پولیس کو 11 موٹرسائیکلیں اور ایک کار جلنے کی اطلاع ملی، متاثرہ شہریوں کو درج مقدمات میں بطور گواہ شامل کیا جائے گا اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کوشہری عدالت کے روبرو شناخت کریں گے۔

    پولیس کو احکامات جاری کیے گیے ہیں کہ ملوث افراد کو ٹھوس ثبوت اور شہادتوں پر سزا کروائی جائے ، جس کے بعد پولیس نے 12 افراد کی فہرست بناکر اعلیٰ حکام کو بھجوا دی ہے۔

  • معذور کر دینے والے اعصابی مرض کے لیے سندھ میں انجکشن فراہمی کا معاہدہ رک گیا

    معذور کر دینے والے اعصابی مرض کے لیے سندھ میں انجکشن فراہمی کا معاہدہ رک گیا

    کراچی: معذور کر دینے والے اعصابی مرض ملٹی پل اسکلروسیس کے علاج کے لیے حکومت سندھ کے ساتھ ہونے والا معاہدہ رک گیا ہے، انجکشن فراہمی شروع نہیں ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ملٹی پل اسکلروسیس کا دن منایا جا رہا ہے، آغا خان اسپتال میں نیورولوجی اویرنس اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے تحت اس سلسلے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

    دماغی و اعصابی بیماریوں کے ماہرین نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اعصابی مرض ملٹی پل اسکلروسیس کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، درست اور بروقت تشخیص نہ ہونے کے سبب اس مرض میں مبتلا مریض جلد معذوری کا شکار ہو جاتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے، ایل سیز کے بروقت نہ کھلنے کے باعث اس مرض کی ادویات کی درامد نہ ہونے کی وجہ سے دواؤں کی قلت پیدا ہو گئی ہے، حکومت سندھ کے ساتھ 200 مریضوں کے مفت علاج کا پروجیکٹ بھی ادھورا ہے، حکومت نے یقین دہانی کروائی تھی کہ ملٹی پل اسکلروسیس کے 200 مریضوں کو سال میں دو انجکشن فراہم کیے جائیں گے، تاہم منصوبہ روبہ عمل نہیں لایا جا سکا۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ مرکزی اعصابی (دماغی) نظام میں پیدا ہونے والی ایک بیماری کا نام ملٹی پل اسکلروسیس (ایم ایس) ہے، یہ ایک بہت پرانا مرض ہے جو اعصابی نظام پر اثر انداز ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ بیماری عام طور پر 18 سے 30 سال کی عمر کے نوجوانوں کو ہوتی ہے، بالعموم لڑکیوں میں یہ بیماری زیادہ دیکھی گئی ہے، یہ ایک سوزشی بیماری ہے، جو مرکزی اعصابی نظام یعنی دماغ، مغز کے حصے، دماغی پٹھے ، ریڑھ کی ہڈی کے حرام مغز کو متاثر کرتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس بیماری کی علامات میں بینائی چلی جانا، جسے آپٹک نیوریٹک کہتے ہیں، ہاتھ پاؤں کا کام چھوڑ دینا شامل ہیں، جس کے نتیجے میں انسان چلنے پھرنے سے معذور ہو جاتا ہے ۔

    ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اس بیماری کی بہ آسانی تشخیص کی جا سکتی ہے، کوئی بھی نیورولوجسٹ مریض کا طبی معائنہ اور ایم آر آئی کے نتیجے میں اس بیماری کی تشخیص کر سکتا ہے، اس بیماری کا دنیا بھر میں علاج موجود ہے اور اگر علاج نہ ہو تو مریض پانچ سال کے اندر مستقل معذوری کا شکار ہو جاتا ہے اور پھر کبھی اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہو سکتا، یا زندگی بھر کے لیے بینائی سے محروم ہو جاتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دواؤں کے نتیجے میں اس بیماری کے شکار افراد نارمل زندگی گزار سکتے ہیں، لیکن ملٹی پل اسکلروسیس کی دوائیں بہیت مہنگی ہیں اس لیے ہر فرد خرید نہیں سکتا، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ مفت دواؤں کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

    ماہرین کے مطابق یہ بیماری پاکستان میں عام نہیں ہے، ملٹی پل اسکلروسیس کے علاج کے لیے آف لیبل ڈرگس زیادہ استعمال ہو رہی ہیں، آف لیبل دوائیں وہ ہیں جن کے بارے میں تحقیق نہیں ہوئی کہ یہ دوائیں اس بیماری میں کتنی مؤثر ہیں اور انھیں مجبوری میں استعمال کیا جاتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے ساتھ پروجیکٹ شروع کیا گیا تھا جس کے تحت حکومت ملٹی پل اسکلروسیس کے 200 مریضوں کو سال میں دو انجکشن مفت لگائے جانے تھے، اس پروجیکٹ کے تحت 67 مریض رجسٹرڈ ہوئے تھے جنھیں صرف ایک ہی ڈوز دی گئی، اور اب یہ پروجیکٹ رکا ہوا ہے، حکومت سندھ اس پروجیکٹ کو دوبارہ شروع کیرے۔

    ماہرین نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں ملٹی پل اسکلروسیس کی مفت دوائیں فراہم کرتی ہیں، حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتوں کو بھی اس بیماری میں مبتلا افراد کو مفت دوائیں فراہم کرنی چاہئیں، انھوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ حکومت کو چاہیے کہ ان دوائوں کو پاکستان میں تیار کیا جائے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں ملٹی پل اسکلروسیس کی بیماری کے اعداد و شمار موجود نہیں ہیں، تاہم پڑوسی ملک ایران میں ایک لاکھ افراد میں 25 افراد اس بیماری کا شکار ہیں اور اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں بھی ایک لاکھ کی آبادی میں 10 سے 25 افراد اس بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    سیمینار سے نیورولوجی اویرنس اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر محمد واسع اور جنرل سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، سربراہ شعبہ نیورولوجی ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز و معروف نیورولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر نائلہ شہباز، آغا خان اسپتال کی ریسرچ ایسوسی ایٹ آف نیورولوجی ڈاکٹر شفق سلیم، پمز اسپتال کے ڈاکٹر ماجد حارث، آغا خان اسپتال کے ڈاکٹر ظفر سجاد اور ڈاکٹر میاں ایاز الحق نے خطاب کیا۔

  • پیر کو عام تعطیل کا اعلان

    پیر کو عام تعطیل کا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے یوم مزدور پریکم مئی کوعام تعطیل کا اعلان کردیا ، پیر کے دن تمام تعلیمی سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے یوم مزدور پریکم مئی کوعام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا ہے کہ تمام تعلیمی سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ یکم مئی کو یوم مزدور کے حوالے آگاہی پروگرام بھی کئے جائیں گے۔

    یومِ مزدور کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا اور شکاگو کے مزدوروں کی قربانیوں کو یاد کیا جائے گا ۔

  • معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی ،  سندھ حکومت  کا تمام محکموں کو ہائی الرٹ جاری

    معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی ، سندھ حکومت کا تمام محکموں کو ہائی الرٹ جاری

    کراچی : سندھ حکومت نے مئی میں معمول سے زیادہ بارشوں کے پیش نظر تمام محکموں کو ہائی الرٹ جاری کردیا اور کہا کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں مئی میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کے امکان کے پیش نظر سندھ حکومت نےتمام محکموں کوہائی الرٹ جاری کردیا اور 5 مئی تک ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے روک دیا گیا۔

    وزیر ماحولیات اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، 30 اپریل سے 5 مئی تک ژالہ باری،آندھی اورگرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیلاب آنے کی وجہ سے سندھ متاثر ہوسکتا ہے اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کابھی خطرہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی،حیدرآباد،سکھر،لاڑکانہ میں گرج چمک کےساتھ بارش جبکہ ٹھٹھہ،بدین،خیرپور،ٹنڈوجام،سانگھڑاوردیگرشہروں میں بارش متوقع ہے۔

    پی ڈی ایم ے نےمتعلقہ محکموں کوہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور تمام بلدیاتی اداروں کوندی نالوں کی صفائی کےاحکامات جاری کردیئے ہیں ، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہمیں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے، سندھ میں بارشوں سےکھڑی فصلوں کونقصان پہنچ سکتا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ کراچی میں 28 اپریل کی رات سےسسٹم کےاثر اندازہونےکاامکان ہے ، جس کے سبب کہیں تیز اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں اربن فلڈننگ کاکوئی امکان نہیں، آج شہر کا مطلع جزوی ابرآلود ہے اور ہوا میں نمی 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔