Tag: سندھ سیکریٹریٹ

  • سرکاری ملازمین کے لئے  بڑی سہولت

    سرکاری ملازمین کے لئے بڑی سہولت

    کراچی : سرکاری ملازمین کو بڑی سہولت فراہم کرنے کے لئے معاہدہ طے پاگیا ، جس کے تحت ملک کے 175 اسپتالوں سے ملازمین علاج کروا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ سیکریٹریٹ کے ملازمین اور ان کے لواحقین کے لئے ہیلتھ انشورنس کا معاہدہ طے ہوگیا، سندھ حکومت اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے معاہدہ طے پایا۔

    سندھ حکومت کی جانب سے سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن اور اسٹیٹ لائف انشورنس کی جانب ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے معاہدے پر دستخط کئے۔

    معاہدے کے تحت سیکریٹریٹ ، وزیراعلیٰ ہاوس اور سندھ اسمبلی ملازمین کو یہ سہولت حاصل ہوگی۔

    سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن سہیل قریشی نے بتایا کہ علاج کی مد میں خاندان کے ہر فرد کے لئے 7 لاکھ روپے کی پالیسی ہوگی، پالیسی کے تحت ملک کے 175 ہسپتالوں سے ملازمین علاج کروا سکیں گے۔

  • سرکاری ملازمین  کیلئے نئے‌ ہدایات جاری

    سرکاری ملازمین کیلئے نئے‌ ہدایات جاری

    کراچی : سندھ سیکریٹریٹ میں آنے جانے والوں کی مانیٹرنگ سخت کردی گئی اور سرکاری ملازمین کو آفس کارڈ نمایاں رکھنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ سیکریٹریٹ میں آنے جانے والوں کیلئے نئے ایس او پی جاری کرتے ہوئے سندھ سیکریٹریٹ میں آنے جانے والوں کی مانیٹرنگ سخت کردی گئی۔

    سندھ سیکریٹریٹ کے عمارتوں اور بیرکوں میں فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں کا بغیر اجازت سندھ سیکریٹریٹ میں داخلہ بند کردیا۔

    ایس او پی میں کہا ہے کہ مرکزی دروازوں پر پولیس نفری میں اضافہ کرنے اور سرکاری ملازمین کوآفس کارڈ نمایاں رکھنے کی ہدایت کی جبکہ تمام ملازمین کوواک تھرو گیٹ کے ذریعے داخل ہونے کی بھی ہدایت جاری کردی گٓئی ہے۔

    غیر سرکاری گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے گاڑیوں کے تمام عارضی انٹری پاسزمنسوخ کر دیے گئے ہیں۔

    سندھ سیکریٹریٹ میں پیشگی اجازت کے بغیر سیکیورٹی گارڈز کے داخلے کی اجازت نہیں۔

  • سندھ سیکریٹریٹ پر راکٹ لانچر حملہ، سعید بھرم، فہیم مرچی، ناصر کھجی 29 برس بعد بری

    سندھ سیکریٹریٹ پر راکٹ لانچر حملہ، سعید بھرم، فہیم مرچی، ناصر کھجی 29 برس بعد بری

    کراچی: سندھ سیکریٹریٹ پر راکٹ لانچر حملے کے ملزمان کو عدالت نے 29 برس بعد با عزت بری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 1995 میں ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ سیکریٹریٹ پر راکٹ لانچر سے حملے کے کیس میں اے ٹی سی عدالت نے 29 برس بعد مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔

    استغاثہ ایک بار پھر بدنام زمانہ ٹارگٹ کلرز سعید بھرم و دیگر پر جرم ثابت کرنے میں ناکام ہو گئی، اور عدالت نے سعید بھرم، فہیم مرچی اور ناصر کھجی کو باعزت بری کر دیا۔

    عدالت نے حکم جاری کیا کہ ملزمان کسی اور مقدمے میں نامزد نہیں ہیں تو انھیں رہا کیا جائے، پراسکیوشن کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 1995 میں سندھ سیکریٹریٹ پر راکٹ لانچر سے حملہ کیا تھا، جس میں اس وقت کے وزرا نثار کھوڑو سمیت دیگر کے دفاتر تباہ ہو گئے تھے۔

    پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ آرٹلری میدان میں مقدمات درج ہیں، 2016 میں فہیم عرف مرچی اور ناصر عرف کھجی کو گرفتار کیا گیا، ملزمان نے اعتراف کیا تھا کہ وارداتوں کے لیے اسلحہ سعید بھرم فراہم کرتا تھا۔

  • ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف گندے ہوٹل سیل

    ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف گندے ہوٹل سیل

    کراچی: ضلع ساؤتھ ریڈ زون کے ہوٹل اور چائے خانے سندھ فوڈ اتھارٹی کے نشانے پر آ گئے، ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف موجود ہوٹلوں پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے چھاپے مارے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہائی کورٹ کے آس پاس بنے گندے ہوٹلوں اور چائے خانوں کے خلاف کارروائی کے دوران متعدد ہوٹلوں کو سیل کر دیا جب کہ متعدد پر جرمانے عاید کیے گئے۔

    ایس ایف اے حکام کے مطابق ہوٹلوں کے کچن میں کیمیکل کے ڈرم پائے گئے، آٹے اورکھانے پینے کی اشیا پر مکھیوں کی بھرمار دیکھی گئی، کچن گندے اور صفائی کا کوئی انتظام نہ تھا۔

    گندے پانی اور ناقص چائے کو ایک پیپر کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے

    ایس ایف اے حکام کے چھاپوں کے دوران معلوم ہوا کہ غذائی اجناس اور مختلف کھانوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیا کو کیمیکل کے ڈرم میں رکھا جا رہا تھا، پکوان کی تیاری میں غیر معیاری تیل اور مصالحے استعمال کیے جا رہے تھے۔

    مزید خبریں پڑھیں:  سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا

    حکام کا کہنا ہے کہ متعدد ہوٹلوں میں سینٹری کا ناقص انتظام تھا، چائے کے ہوٹلوں میں ناقص چائے کی پتی استعمال کی جا رہی تھی، جب کہ چائے کے لیے پانی بھی گندا استعمال ہو رہا تھا۔

    ہوٹل کو سیل کیا جا رہا ہے

    حکام کے مطابق متعدد ہوٹلوں پر 30000 روپے تک کے جرمانے کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ اکیس اگست کو سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل ایف بی انڈسٹریل ایریا میں صفائی کی ناقص صورت حال پر کارروائی کرتے ہوئے ڈبل روٹی بنانے والی ایک فیکٹری کو سیل اور دو دیگر فیکٹریوں پر 3 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا تھا۔

  • کراچی، سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل گیا

    کراچی، سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل گیا

    کراچی : نیو سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں آتشزدگی سے کئی محکموں کا ریکارڈ جل گیا، فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں واقع نیو سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں چھٹی کے دن اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

    آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر رکھی لکڑیوں میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ساتویں فلور کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، عمارت میں چارتوں طرف دھواں ہی دھواں بھر گیا تھا جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    آتشزدگی کے باعث محکمہ سوشل ویلفیئر، تعلیم اور صحت کا دفاتر میں موجود ریکارڈ جل گیا جب کہ دفاتر میں موجود فرنیچر بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔

    اطلاع ملنے پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی پہنچ گئے، عمارت کے جس حصے میں آگ لگی وہاں وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر وزراء کے دفاتر بھی قائم ہیں۔

    اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی چار گاڑیاں آگ بجھانے پہنچیں اورایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ کو قابو کرکے کولنگ کا عمل شروع کردیا، چھٹی کی وجہ سے عمارت میں صرف چوکیدار موجود تھے۔ مالی نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

    یاد رہے کہ کراچی شہر میں آتشزدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل کراچی میں سرکاری عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں درجنوں قیمتی انسانی جانوں کے علاوہ لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہوا اور حسن اتفاق سے یہ واقعات بھی چھٹی والے دن ہی پیش آئے جس کے نتیجے میں اہم سرکاری ریکارڈ جل کر خاکستر ہوا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • وزیر اعلیٰ سندھ کا اچانک سندھ سیکریٹریٹ کا دورہ

    وزیر اعلیٰ سندھ کا اچانک سندھ سیکریٹریٹ کا دورہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ اچانک سندھ سیکریٹریٹ پہنچ گئے جہاں انہوں نے سیکریٹریٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ کے ساتویں فلور پر چھت کا معائنہ کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے افسران کی حاضری چیک کی اور غیر حاضر افسران کو شو کاز نوٹس دینے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے افسران کو وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کا احکامات بھی دیے۔

    مراد علی شاہ سیکریٹریٹ میں پڑے کچرے اور فالتو سامان کی موجودگی پر برہم ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ ہوم، یوتھ افیئر اور دیگر محکموں کے سیکریٹریز کے دفاتر کا معائنہ بھی کیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے پبلک ڈیلنگ ضرور کرے۔

  • اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے، وزیر اعلی سندھ

    اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے، وزیر اعلی سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ عید کے تیسرے روز ہی کام پر آگئے، سندھ سیکریٹریٹ پہنچے اوراقتصادی راہداری پراجلاس کی صدارت کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ آج حسب معمول نو بجے سندھ سیکریٹریٹ پہنچے اور اقتصادی راہداری پراہم اجلاس کی صدارت کی، وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور سےمتعلق اہم اجلاس ہوا۔

    وزیراعلیٰ کو منصوبے کے روٹ کی سیکیورٹی سےمتعلق بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے راہداری روٹ کی سیکورٹی کے لئے اسپیشل سیکیورٹی زون بنایا ہے جس میں چھ ونگز ہونگے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے، اجلاس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، مشیر قانون، ہوم سیکریٹری، سیکریٹری قانون اور دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    وزیر اعلیٰ نے شکار پور واقعے اور امن وامان پرپر ہنگامی اجلاس کی بھی صدارت کی، وزیر اعلیٰ سندھ صبح آفس آمد کی وجہ سے پہلی مرتبہ عید کی چھٹیاں ختم ہونے کے باوجود افسران اور ملازمین کی حاضری رہی۔

  • سندھ سیکریٹریٹ میں اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد

    سندھ سیکریٹریٹ میں اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد

    کراچی : سندھ سیکریٹریٹ میں اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کا اسٹنگ آپریشن رنگ دکھانے لگا۔

    اے آروائی نیوز کے اسٹنگ آپریشن کے بعد سندھ حکومت کو اسمبلی اور سندھ سیکرٹریٹ کا خیال آگیا ۔ سندھ سیکریٹریٹ میں اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی.

    اس حوالے سے خاموشی سے پابندی کا سرکلر بھی جاری کردیا گیا ۔ مذکورہ سرکلر 5 مئی کو جاری کیا گیا، سرکلر پر عملدرآمد 10 مئی سے کیا گیا.

    سرکلر میں غیر مجاز گاڑیوں، پولیس موبائلوں اور اسکواڈ کا داخلہ بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے، پولیس موبائل اور اسکواڈ کو داخلے کے لیے خصوصی ٹوکن جاری کیے جائیں گے.

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اسٹاف اور تعینات پولیس اہلکاروں سے تعاون کیا جائے، یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز کے اینکر اقرارالحسن نے سندھ اسمبلی میں سیکیورٹی کی خامی پر اسٹنگ آپریشن کیا تھا۔

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ چار مئی کو وزارت محنت کے دفتر میں ورکر ویلفئیر بورڈ کا ملازم قتل ہوا تھا اس لیے سندھ سیکریٹریٹ کی سیکیورٹی فول پروف بنائی جائے.

    سرکلر چیف سیکریٹری سندھ سمیت تمام وزراء، ایڈوائزرز اور متعلقہ دفاتر کو ارسال کیا گیا ہے۔

     

  • کراچی:وزیراعلیٰ سندھ کا سندھ سیکریٹریٹ سمیت مختلف دفاترکا دورہ

    کراچی:وزیراعلیٰ سندھ کا سندھ سیکریٹریٹ سمیت مختلف دفاترکا دورہ

    کراچی: وزیرِاعلٰی سید قائم علی شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ کا اچانک دورہ کیا، دفتر میں میں افسران اور عملہ غائب تھا۔

    وزیرِاعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ سمیت دیگر سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ کیا تو دفاتر میں کھلبلی مچ گئی، وزیرِاعلی سندھ نے بیشتر دفاتر پر تالے اور عملے کو غائب پایا جبکہ سندھ سیکرٹریٹ کے دفاتر میں اعلٰی افسران اور عملہ موجود نہیں تھا۔

    وزیرِاعلٰی سندھ نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئےملازمین کی حاضری چیک کی اور تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی کے اوقات میں دفاتر میں موجود رہیں۔

    وزیرِاعلیٰ سندھ نے غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ۔