Tag: سندھ لاک ڈاؤن

  • لاک ڈاؤن پر بلاول کا وزیر اعظم کے خلاف بیان، اسد عمر کا مدلل جواب

    لاک ڈاؤن پر بلاول کا وزیر اعظم کے خلاف بیان، اسد عمر کا مدلل جواب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی میں لاک ڈاؤن کی وفاق کی جانب سے مخالفت سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ٹویٹ کر کے لکھا ’مسٹر زرداری آپ کیا چاہتے ہیں لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن۔‘

    تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ بلاول کہتے ہیں بھارت کی طرح کراچی میں کچھ ہوا تو وزیر اعظم ذمہ دار ہوں گے، تو مسٹر زرداری آپ کیا چاہتے ہیں لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن بھارت میں لگا تھا اور دنیا نے تباہی دیکھی، کروڑوں افراد غربت کی سطح پر چلے گئے، معیشت 7 فی صد سکڑ گئی، بلاول زرداری صاحب آپ کو یاد ہوگا کہ آپ تحقیق پر یقین کر رہے تھے۔

    انھوں نے تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ یاد کریں گزشتہ برس آپ نے مجھ سے ایک میٹنگ میں کہا تھا کہ آپ امپیریل اسٹڈی پر یقین رکھتے ہیں، جس نے پاکستان میں ایک دن میں 78 ہزار اموات کی پیش گوئی کی گئی تھی، کرونا واقعی ایک ایسا موضوع ہے جس کے بارے میں آپ کچھ نہیں جانتے، برائے مہربانی کرونا کے معاملے کو سیاسی نہ بنائیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی جانیں، روزگار بچانے کی حکمت عملی نے شان دار نتائج دیے، بھارت کی معیشت آزادی کے بعد سے بدترین صورت حال پر آ گئی، جب کہ پاکستان کی معیشت میں 4 فی صد بہتری آئی، پاکستان کے مقابلے میں بھارت کی فی کس شرح اموا ت 3 گنا زیادہ ہے۔

    ایک ٹویٹ میں اسد عمر نے کہا امید ہے کے کل کے NCOC کے اجلاس میں سندھ حکومت لاک ڈاؤن سے متعلق تمام معاملات پر مزید تفصیل میں مشاورت کرے گی، اور مشاورت سے ایک ایسی حکمت عملی وضع ہوگی جس میں ریاست کے سب ستون مل کر سندھ کے عوام کی صحت اور روزگار دونوں کا دفاع کریں۔

  • سندھ میں لاک ڈاؤن کا 32 واں روز، پولیس اہل کاروں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی

    سندھ میں لاک ڈاؤن کا 32 واں روز، پولیس اہل کاروں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی

    کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن 32 ویں روز بھی جاری ہے، لاک ڈاؤن کے دوران ڈبل سواری پر پابندی سے کوئی مستثنیٰ نہیں، پولیس حکام نے اہل کار و افسران کو بھی موٹر سائیکل پر ڈبل سواری سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پولیس حکام نے اپنے اہل کاروں کو ہدایت کی ہے کہ ان کے لیے شٹل سروس شروع کر دی گئی ہے، یہ سروس ساؤتھ، ایسٹ، سینٹرل اور ملیر میں جاری ہے، ویسٹ زون کے اہل کاروں کو بھی پک اینڈ ڈراپ سروس دی جار ہی ہے، اہل کاروں کو تھانوں اور دفاتر کے قریب چھوڑا جا رہا ہے۔

    ادھر کراچی شہر میں ایکسپورٹ سیکٹر کی مختلف صنعتوں کو کھلنے اور جزوی کاروبار کی اجازت دی گئی ہے، فیکٹریز کے لیے سخت ایس او پیز جاری کی گئی ہیں، ملازمین کو حفاظتی اقدامات کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

    شہریوں کے لیے بھی ڈبل سواری پر پابندی برقرار ہے، تمام استثنیٰ اور رعایت ختم کی جا چکی ہے، تعلیمی ادارے، سرکاری دفاتر، مارکیٹیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہیں، پٹرول پمپس، دواؤں اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں اوقات مقررہ میں کاروبار کر سکتی ہیں۔

    صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے

    پولیس اور رینجرز کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی ہے، شہریوں کو پوچھ گچھ کے بعد آمد و رفت کی اجازت دی جا رہی ہے، تاہم چند علاقوں میں ناکوں پر آزادانہ آمد و رفت بھی جاری ہے۔

    تاجروں کے ایک دھڑے نے یکم رمضان سے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے، تاہم حکومت سندھ نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس کی اجازت نہیں دی جائے گی، گزشتہ روز آئرن اور ٹمبر مارکیٹس کھلنے پر پولیس نے تاجروں پر تشدد بھی کیا تھا اور چند نمایاں تاجروں کے خلاف مقدمات بھی درج کر کے انھیں گرفتار کیا گیا تھا۔

  • سندھ میں پیٹرول پمپس بھی شام 5 بجے بند ہوں گے

    سندھ میں پیٹرول پمپس بھی شام 5 بجے بند ہوں گے

    کراچی: صوبہ سندھ میں شام 5 بجے کے بعد تمام پیٹرول پمپس بھی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے تمام کمشنرز اور ڈی آئی جیز کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ شام 5 بجے کے بعد پیٹرول پمپس بھی بند کرائےجائیں۔

    پیٹرول پمپس اور ٹائر پنکچر شاپس کے حوالے سے محکمہ داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ شہر میں پیٹرول پمپس صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلیں گے، تاہم ہائی ویز پر پیٹرول پمپس اور ٹائر پنکچر شاپس کھلے رہیں گے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ پیٹرول پمپس کو بھی مقررہ اوقات کے بعد بند کرایا جائے گا، پابندی کا اطلاق سندھ کے تمام شہروں پر ہوگا۔

    کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مریض جان کی بازی ہار گئے

    خیال رہے کہ سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران صبح 8 سے لے کر شام کے 5 بجے تک ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رکھنے کے احکامات پر عمل در آمد کیا جا رہا ہے، شام پانچ بجے کے بعد تمام دکانیں بند کی جا رہی ہیں، پیٹرول پمپس اس سے مستثنیٰ تھے تاہم اب انھیں بھی بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مزید مریض آج جان کی بازی ہار گئے ہیں، جس کے بعد شہر میں اب تک کرونا وائرس سے ہلاکتیں 3 ہو گئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے۔