کراچی: صدرِ ملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ لاپتا افراد کی بہت اہمیت ہے اور یہ معاملہ بہت تکلیف دہ بھی ہے تاہم اس حوالے سے بہت پیش رفت ہوئی ہے، امید ہے لاپتا افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار وہ کراچی میں سندھ لٹریچر فیسٹیول میں خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے، صدرِ مملکت نے کہا کہ لاپتا افراد کے حوالے سے ایک بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا جا چکا ہے، امید ہے لاپتا افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔
[bs-quote quote=”دنیا بھر میں کتابوں کا رجحان ختم ہو کر انٹرنیٹ پر آ رہا ہے، جو ادب ہے وہ میراث ہے اور ہم اس کے وارث ہیں۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ڈاکٹر عارف علوی” author_job=”صدر مملکت”][/bs-quote]
عارف علوی کا کہنا تھا کہ انھیں حیرت ہے کہ سندھ میں انتہا پسندی کہاں سے آئی، وہ سندھ کی تمام قومیتوں کوجوڑنا چاہتے ہیں، انھیں آپس میں لڑانا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، مذہبی اور لسانی نفرتیں لوگوں کو لڑانے کے لیے پیدا کی گئی ہیں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس نے افغان مہاجرین کو قبول کیا، ابھی بھی 25 لاکھ افغان مہاجرین سندھ میں موجود ہیں، تھرپارکر میں بسنے والوں کی حالت کو بہتر کرنا ہے، سندھ میں تعلیم اور صحت کی سہولیات بہتر ہونی چاہئیں، سرکار ذمے داری پوری نہیں کرتی تو ہم سب کو آگے بڑھنا چاہیے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ قوم سرکار سے نہیں عوام سے بنتی ہے، سندھی قوم کسی حکومت نے نہیں بنائی، اچھے معاملات کرپشن کی وجہ سے نہیں چل سکتے، سعودی شہزادے نے کہا ہم پاکستان میں سرمایہ کریں گے، دنیا بھر سے سرمایہ پاکستان لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم نے وزیرِ اعظم عمران خان کو لاپتا افراد کی فہرست پیش کر دی
انھوں نے ادب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کتابوں کا رجحان ختم ہو کر انٹرنیٹ پر آ رہا ہے، جو ادب ہے وہ میراث ہے اور ہم اس کے وارث ہیں۔
صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ محبت کا پیغام شاہ لطیف کا ہے جو سندھ دھرتی کا زیور ہے، سندھ کے اندر بہت ساری چیزیں زبانی چلتی ہیں، لوگوں کو اندازہ نہیں سندھ کے لوگ کتنے مہمان نواز ہیں۔