Tag: سندھ میں کرونا وائرس

  • ایکسپو سینٹر کراچی میں پاک فوج کے تعاون سے فیلڈ اسپتال کے قیام کا بڑا فیصلہ

    ایکسپو سینٹر کراچی میں پاک فوج کے تعاون سے فیلڈ اسپتال کے قیام کا بڑا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایکسپو سینٹر کراچی میں پاک فوج کے تعاون سے فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کر کے تیاریاں شروع کر دی ہیں، ادھر کراچی میں کرونا وائرس کے مزید 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے وفاقی وزارت تجارت کے حکام سے رابطہ کر کے ایکسپو سینٹر کراچی میں فیلڈ اسپتال کے قیام کی تجویز دی، جسے وفاق نے قبول کر لیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے تجویز منظور ہونے کے بعد ایکسپو سینٹر میں کرونا کے مریضوں کے لیے فیلڈ اسپتال قائم کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کو فیلڈ اسپتال کے لیے بستر اور دیگر سامان خریدنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکسپو سینٹر میں اسپتال، آئسولیشن سینٹر پاک فوج کے تعاون سے قائم ہوگا، سندھ حکومت اور کور کمانڈر کراچی کی ٹیمیں مل کر کام کریں گی، سندھ حکومت کی ٹیم کی سربراہی سعید غنی کریں گے، کمشنر کراچی معاونت کریں گے، جب کہ کور کمانڈر کراچی ٹیم کی سربراہی بریگیڈیئر سمیع کریں گے۔ سندھ حکومت نے 20 لاکھ راشن بیگ عوام میں تقسیم کرنے کا بھی اعلان کیا، راشن بیگ میں چاول، آٹا، گھی، چینی، پتی، دال اور مصالحے شامل ہوں گے، وزیر اعلیٰ سندھ نے راشن بیگز تقسیم کرنے کی ہدایت کر دی۔

    ایک اور پاکستانی کرونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب

    ادھر کراچی میں کرونا وائرس کے مزید 3 کیس رپورٹ ہو گئے ہیں، محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں تینوں کیسز مقامی ہیں، ان کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں، سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 211 ہو گئی، حیدر آباد میں ایک، کراچی میں وائرس کے کیسز کی تعداد 59 ہے، تفتان سے آئے زائرین سکھر میں 151 کیسز مثبت ہیں۔

    آج کرونا وائرس پر اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وائرس میں مبتلا سندھ میں تیسرا مریض بھی صحت یاب ہو گیا ہے، جو اچھی علامت ہے۔ ہانگ کانگ، سنگاپور، تائیوان اور جنوبی کوریا نے اس انفیکشن کی رفتار پر کنٹرول کیا ہے، صرف کم سے کم سفر اور مسلسل اسکریننگ سے کرونا وائرس کو روکا جا سکتا ہے، بڑے اجتماع پر پابندی، سخت قرنطینہ کا عمل ہونا چاہیے۔

    دوسری طرف سکھر کی ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تفتان سے مزید 757 زائرین کی قرنطینہ سینٹر آمد کے بعد تعداد 1060 ہو گئی ہے، اسکرنینگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، بس کے ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کے سیمپلز اور بایو ڈیٹا لے لیا گیا ہے، مسافر کوچز کے ڈرائیورز، کنڈیکٹرز کی تعداد 60 ہے، زائرین کو رہایش کے ساتھ کھانے پینے کی اشیا دی گئی ہیں، کراچی سے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم بھی سکھر کے قرنطینہ پہنچ چکی ہے۔

  • سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 181 ہو گئی

    سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 181 ہو گئی

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں 181 لوگ کرونا وائرس کا شکار ہیں، تفتان سے آئے لوگوں میں تقریباً 50 فی صد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

    آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اب تک 290 ٹیسٹس کا نتیجہ آ چکا ہے، 147 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی، جب کہ 143 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا، 290 افراد تفتان سے سکھر کے قرنطینہ سینٹر لائے گئے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ کرونا وائرس میں مبتلا کراچی میں 36 لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، یہ تعداد 38 تھی تاہم 2 مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں، مجموعی طور پر سندھ بھر میں 181 لوگ کرونا وائرس کا شکار ہیں۔

    تازہ ترین:  سندھ بھر کے اسپتالوں میں او پی ڈی معطل، قرنطینہ سروس شروع

    مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سندھ بھر میں اب تک 3 اسپتالوں میں 844 لوگوں کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، آغا خان میں 506، اوجھا کیمپس میں 61، انڈس اسپتال میں 277 ٹیسٹ ہوئے۔ وفاق نے آغا خان اور اوجھا کیمپس کو صرف 100 ، 100 کٹس دیں۔ سندھ حکومت نے 10 ہزار ٹیسٹس کرنے کی سہولت امپورٹ کی ہے، وفاق سے ہمیں ابھی تک صرف 200 کٹس موصول ہوئی ہیں۔

    انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ اجتماعی بھلائی کے لیے سندھ حکومت کے ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز بندش اور دیگر فیصلوں پر ساتھ دیا جائے، سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ ہم خود کو 14 دن کے لیے قرنطینہ کر لیں۔ بندش کے فیصلے کا اطلاق دواؤں، پرچون، کریانوں، گروسری کی دکانوں پر نہیں ہوگا، سندھ حکومت کے فیصلے پر ابھی تک 100 فی صد عمل درآمد نہیں ہوا، دکانوں کو بند کرنے کے لیے کمشنر کراچی، پولیس حکام کو واضح احکامات ہیں، سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور کیا گیا تو سخت اقدامات کریں گے۔

    تازہ ترین:  آج سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، الیکٹرانکس، کپڑے، فرنیچر کی مارکیٹیں بند

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس پر فنڈ قائم کر رہے ہیں، جس میں سندھ حکومت 3 ارب روپے دے رہی ہے، پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے ایک ماہ کی پوری تنخواہ فنڈ کے حوالے کی ہے، نیک لوگوں نے سندھ حکومت سے رجوع کیا اور مدد کی پیش کش کی، فنڈز کے استعمال کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی سربراہی چیف سیکریٹری سندھ کریں گے، دوسرے رکن سیکریٹری خزانہ ہوں گے، کمیٹی میں پرائیوٹ سیکٹر کے بھی 3 نمایندے شامل ہوں گے۔