Tag: سندھ ٹرانسپورٹ

  • سندھ حکومت کی لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی تیاری

    سندھ حکومت کی لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی تیاری

    کراچی: سندھ حکومت نے لاڑکانہ کے عوام کے لیے خوش خبری سنا دی ہے، لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کے لیے سندھ حکومت نے نجی کمپنی سے معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے لاڑکانہ میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی تیاری کر لی، نجی کمپنی سے لاڑکانہ میں بسیں چلانے کا معاہدہ بھی کر لیا ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے لاڑکانہ، نوڈیرو اور رتو ڈیرو کے درمیان بسیں چلائی جائیں گی۔

    اویس شاہ نے کہا کہ لاڑکانہ سٹی میں پیپلز بس سروس کے نام سے 20 سے 30 بسیں مختلف روٹس پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا افتتاح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے کرایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا طلبہ کے لیے کرائے 50 فی صد کم کرنے کا اعلان

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پہلی بار لاڑکانہ کے عوام کو ٹرانسپورٹ کا تحفہ دینے جارہی ہے، سب نے لاڑکانہ کو نظر انداز کیا مگر وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو لاڑکانہ کا خیال آ ہی گیا۔

    بتایا گیا ہے کہ بسوں کے منصوبے کی لاگت نجی کمپنی لگائے گی، جب کہ تکنیکی مدد اور ڈپو زمین سندھ حکومت دے گی، یہ بسیں آیندہ ماہ چلنے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ 29 جون کو وزیر ٹرانسپورٹ نے سندھ بھر میں طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں پچاس فی صد کمی کا اعلان کیا تھا، انھوں نے ہدایت کی تھی کہ اس حکم کی خلاف ورزی پر روٹ پرمٹ منسوخ ہو سکتا ہے۔

  • گرین لائن مکمل ہونے سے پہلے اورنج لائن چلا دیں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    گرین لائن مکمل ہونے سے پہلے اورنج لائن چلا دیں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت گرین لائن مکمل ہونے سے پہلے اورنج لائن چلا دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اورنج لائن ہماری ذمہ داری ہے، گرین لائن مکمل ہونے سے پہلے اورنج لائن چلا دیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گرین لائن سے پہلے اورنج لائن مکمل ہو جائے گی، جب کہ یلو لائن پر عالمی بینک نے قرضہ دینے کا کہہ دیا ہے، ورلڈ بینک سے لون ایگریمنٹ بھی ہو گیا ہے۔

    سندھ کے وزیر اعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نئی حکومت نے کہا تھا کراچی میں بسیں بھی ہم لائیں گے، لیکن حکومت کے آنے کے بعد سے اب تک تو بسیں نہیں ملیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: گرین لائن منصوبہ تاخیر کا شکار، شہری 3 سال سے منصوبے کی تکمیل کے منتظر

    خیال رہے کہ چند دن قبل اے آر وائی نیوز نے ایک خصوصی رپورٹ میں کہا تھا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے لایا جانا والا گرین لائن بس منصوبہ تین سال بعد بھی تاخیر کا شکار ہے، شہری تا حال منصوبے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق وفاق اور سندھ میں اختلافات کے بعد سے وفاق نے یہ منصوبہ اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا، بسوں کی خریداری کے لیے نئے بجٹ میں ڈھائی ارب روپے بھی مختص کیے جا چکے ہیں۔

    22 کلو میٹر پر مشتمل گرین لائن بس منصوبے کے ٹریک پر 22 اسٹیشن تھے لیکن یہ اسٹیشنز ابھی تک مکمل نہیں کیے گئے ہیں اور تعمیراتی کام تا حال جاری ہے۔