Tag: سندھ پولیس

  • سندھ پولیس میں بہت زیادہ سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں: وزیرداخلہ سندھ

    سندھ پولیس میں بہت زیادہ سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں: وزیرداخلہ سندھ

    کراچی: نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا ہے کہ پولیس میں بہت زیادہ سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں، سیکیورٹی کلیئرنس بھی نہیں لی گئی۔

    نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے اے آر وائی کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کی پوری کوشش کررہے ہیں، ہم نے کراچی میں کافی حد تک منشیات اور دیگر جرائم کو کنٹرول کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پاس روزگار نہیں اس لیے وہ ایسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوجاتے ہیں، ہم آنے کے بعد پولیس میں تبدیلیاں لائے ہیں، میرٹ پر پوسٹنگ کیں، نظام بہت زیادہ خراب ہوچکا ہے ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، سیاسی دباؤ نہیں لیں گ۔

    حارث نواز کا کہنا تھا کہ اب تک مقابلوں میں 90 کے قریب ڈاکوؤں کو ہلاک کیا، پہلے استغاثہ کمزور ہونے کے باعث ملزمان 10، 15 دنوں میں چھوٹ جاتے تھے، اسٹریٹ کرائمز میں زیادہ سے زیادہ سزا 7 سال ہوسکتی ہے۔

    نگران وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا کہ ملزمان کو سزائیں دلانے کیلئے پولیس انویسٹی گیشن، پراسیکیوشن میں بہتری لائے ہیں، ایک مجرم کو کتنی بار سزا ملی ہے اس کی تفصیلات اکٹھی کی ہیں، اب 5 سے 7 سال کی سزا دلائیں  گے۔

    حارث نواز نے کہا کہ ملزمان کے مقدمات حتمی انجام کو پہنچیں گے تب اثرات نظر آئیں  گے، اربوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان پکڑا ہے، پچھلے 45 روز میں 20 گاڑیاں چھینی گئیں، ہم  نے تمام گاڑیاں ریکو رکیں، ملزمان سے برآمد موبائل فونز شہریوں کو واپس کیے جاتے ہیں۔

    نگراں وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرمنلز کہاں سے آتے ہیں ہم اب انکے نیٹ ورک پکڑ رہے ہیں، پولیس میں بہت زیادہ سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں، سیکیورٹی کلیئرنس بھی نہیں لی گئی، 70 فیصد بھی پولیس صحیح لگائیں تو 30 فیصد سیاسی بنیادوں پر بھرتی والوں کو ہی لانا پڑتا ہے۔

    حارث نواز نے مزید کہا کہ ہم  نے سندھ پولیس میں آئی بی سکھر کے ذریعے 1500 لوگوں کی میرٹ پر بہترین بھرتیاں کیں، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز امن وامان برقرار رکھنے کیلئے بہتریں کوششیں کر رہے ہیں۔

  • سندھ پولیس کی لیڈی کانسٹیبل کی مبینہ طور پر اسرائیل کے حق میں ٹک ٹاک

    سندھ پولیس کی لیڈی کانسٹیبل کی مبینہ طور پر اسرائیل کے حق میں ٹک ٹاک

    کراچی: سندھ پولیس کی لیڈی کانسٹیبل کی مبینہ طور پر اسرائیل کے حق میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہوگئی جس کے بعد آئی جی سندھ نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی لیڈی کانسٹیبل کی مبینہ طور پر اسرائیل کے حق میں ویڈیو سامنے آنے کے بعد آئی جی سندھ کے احکامات پر اسپیشلائزڈ یونٹس نے تحقیقات شروع کردی۔

    آئی جی سندھ کے نوٹس کے بعد اچانک سے تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردی گئی، پولیس رپورٹ کے مطابق خاتون کانسٹیبل اسپیشل پروٹیکشن یونٹ ہیڈ کوارٹر میں تعینات ہے۔

    پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون کانسٹیبل 2019 میں کورنگی، 2021 میر پور خاص تعینات ہوئی، لیڈی کانسٹیبل پر اپریل 2023 میں بھی جرمانہ ہوچکا ہے۔

  • سندھ پولیس پروفیشنل ہے اس میں کوئی دھڑے بندی نہیں، ایڈیشنل آئی جی

    سندھ پولیس پروفیشنل ہے اس میں کوئی دھڑے بندی نہیں، ایڈیشنل آئی جی

    ایڈیشنل آئی جی نے کہا ہے کہ سندھ پولیس پروفیشنل ہے اس میں کوئی دھڑے بندی نہیں، ٹرانسفر پوسٹنگ حکومت کا کام ہے، افسران اسے استحقاق نہیں سمجھتے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اے آئی جی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک ہیں، پولیس میں کوئی گروہ بندی نہیں، ٹرانسفرپوسٹنگ حکومت کے کرنے کے کام ہیں، افسران اسے استحقاق نہیں سمجھتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پولیس افسران کی سنیارٹی کا ڈیکورم ہوتا ہے جس کا خیال رکھا جاتا ہے، ہم اصولوں پر چلتے ہیں، کمانڈ کے احکامات مانتے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کراچی پولیس پروفیشنل ہے، ہم سب ایک ہیں، پولیس کسی طرح کی گروپ بندی نہیں ہے۔

    اےآئی جی کے مطابق ہم اصولوں پر چلتے ہیں، کمانڈ کے احکامات مانتے ہیں، کچھ معاملات ہوتے بھی ہیں توافسران گفتگو کرتے ہیں پھر کمانڈ تسلیم کرتے ہیں۔

    جاوید اوڈھو نے کہا کہ دھڑے بندی کی سیاست پولیس یونیفارم کا شیوہ ہے نہ حصہ ہے، ہمارا کام عوام کی خدمت ہے، افسران فریضہ سرانجام دے رہےہیں۔

  • سندھ پولیس کے شہید اہلکاروں کا معاوضہ پنجاب حکومت کے برابرکرنے کا فیصلہ

    سندھ پولیس کے شہید اہلکاروں کا معاوضہ پنجاب حکومت کے برابرکرنے کا فیصلہ

    سندھ کابینہ میں پولیس کے شہدا کے لیے معاوضہ بڑھانے پرغور ہونے لگا، شہید اہلکاروں کا معاوضہ پنجاب حکومت کے برابرکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کی کابینہ کی جانب سے شہید پولیس اہلکاروں کا معاوضہ پنجاب حکومت کے برابر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے، وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملین روپے شہید اہلکار کے ورثا کو دیے جاتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 2017 سے شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کو معاوضہ دیا جائے گا، شہدا کا معاوضہ بڑھانے سے سالانہ 754 ملین کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

    سندھ کابینہ نے شہید پولیس اہلکاروں کا معاوضہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ کچے میں پولیس اہلکاروں کو 10 ہزارالاؤنس کی بھی منظوری دیدی۔

    سیکریٹری داخلہ اعجازشاہ نے کہا کہ کچے کے علاقے میں 4500 پولیس اہلکار کام کر رہے ہیں، کچے کے اہلکاروں کو الاؤنس سے 540 ملین روپے سالانہ خرچہ آئے گا۔

  • انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن کی اگلی بین الاقوامی کانگریس پاکستان میں منعقد کیے جانے کا اعلان

    انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن کی اگلی بین الاقوامی کانگریس پاکستان میں منعقد کیے جانے کا اعلان

    کراچی: انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن نے اٹلی کے شہر میلان میں منعقدہ انٹرنیشنل کانگریس میں اگلی بین الاقوامی کانگریس پاکستان میں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن کی جانب سے اٹلی کے شہر میلان میں دوسری بین الاقوامی IPO کانگریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی وفد سمیت دنیا بھر سے قانون نافذ کرنے والے حکام اور اراکین نے شرکت کی۔

    آئی پی او پاکستان کے وفد نے صدر ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد کی سربراہی میں کانگریس میں شرکت کی، جہاں انھوں نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے شعبے میں اپنے تجربہ سے اراکین کو آگاہ کیا۔

    ترجمان ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے مطابق ڈاکٹر مقصود احمد نے ترقی پذیر ممالک میں جدید پولیسنگ کی اہمیت اور دنیا بھر کی پولیس تنظیموں کے درمیان مربوط تعلق استوار کرنے کے لیے ایجنسیوں کے مابین تعاون پر زور دیا۔

    انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن (IPO) 2022 سے اقوام متحدہ کے ECOSOC کے ساتھ خصوصی ادارے کی حیثیت سے ایک کثیر الاقوامی غیر منافع بخش اور غیر سرکاری تنظیم ہے۔

    کانگریس میں شریک آئی پی او سیکشنز کے تمام لیڈروں اور ممبران کو جدید طرز پر اپنے خیالات اور تجربات کا تبادلہ کرنے کا موقع دیا گیا جب کہ شرکا کو مسقبل میں ہونے والے پروگراموں اور آئی پی او کے رہنما اصولوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی پی او کے صدر الجا زویٹک نے اگلی IPO کانگریس پاکستان میں منعقد کرنے کا اعلان کیا۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے آئی پی او صدر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ دنیا بھر سے آئے آئی پی او ممبران کی میزبانی کرنا پاکستان پولیس کے لیے قابلِ اعزاز ہوگا۔

  • کندھ کوٹ سے اغوا 7 بچے سخت خطرے میں، سندھ پولیس اور کچے کے ڈاکوؤں میں معصوم پھول مسلے جانے لگے

    کندھ کوٹ سے اغوا 7 بچے سخت خطرے میں، سندھ پولیس اور کچے کے ڈاکوؤں میں معصوم پھول مسلے جانے لگے

    کندھ کوٹ: صوبہ سندھ کے شہر کندھ کوٹ سے اغوا 7 بچے سخت خطرے میں ہیں، سندھ پولیس اور کچے کے ڈاکوؤں میں معصوم پھول مسلے جانے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر کندھ کوٹ میں معصوم بچوں کی اغوا کی وارداتوں سے متعلق اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے بعد سندھ پولیس حکام حرکت میں آ گئے ہیں، ایس ایس پی عرفان سموں مغوی بچی علیشا کے گھر پہنچ گئے اور رشتے داروں کو بچی کی جلد بازیابی کی یقین دہانی کرائی۔

    ذرائع کے مطابق کندھ کوٹ سے اغوا 7 بچے سخت خطرے میں ہیں، ڈاکو تشدد کے علاوہ بچوں کو زیادتی کا نشانہ بھی بناتے ہیں، کچھ عرصہ پہلے ایک بچے کے ساتھ زیادتی کی ویڈیو بھی وائرل کر دی گئی تھی، دوسری طرف پولیس کی سست حکمت عملی کم سن پھولوں اور ان کے والدین کے لیے قیامت بنی ہوئی ہے۔

    تشویش ناک صورت حال کو دیکھتے ہوئے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا پولیس نے کندھ کوٹ میں بچوں کے اغوا پر آنکھیں بند کر لی ہیں، کیوں کہ پولیس کی جانب سے ورثا کو ایک ہی جواب مل رہا ہے کہ ’’صبر کریں۔‘‘ آئی جی سندھ نے عجیب بیان دیا کہ ’’ڈاکو آپریشن رکوانے کے لیے بچوں کو اغوا کر رہے ہیں۔‘‘ تو کیا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن ختم ہونے تک بچے اغوا ہوتے رہیں گے؟

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز کو انٹرویو میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کچھ روز پہلے دعویٰ کیا تھا کہ ڈاکو پولیس آپریشن رکوانے کے لیے بچوں اور اقلیتی کمیونٹی کے افراد کو اغوا کرتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے بعد محکمہ پولیس حرکت میں آئی، اور ایس ایس پی عرفان علی سموں نے علیشا کے والدین سے ملاقات میں اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں، بہت جلد مغوی کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا علاقے میں 7 بچوں کے اغوا سمیت جرائم کی وارداتوں پر حکام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے، جرائم پیشہ افراد کوعبرت ناک انجام تک پہنچانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

  • ایک ماہ قبل اغوا ہونے والا مغوی بازیاب

    ایک ماہ قبل اغوا ہونے والا مغوی بازیاب

    شکار پور: سندھ پولیس نے کندھ کوٹ کے علاقے گڑھی تیغو میں آپریشن کرکے ایک ماہ  قبل اغواء ہونے والے نوجوان کو بازیاب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے کندھ کورٹ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ قبل اغوا ہونے والے نوجوان سلمان کو بازیاب کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان کو لڑکی کی آواز میں کال کرکے بلا کر فیضو لاڑو کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا، مغوی کو کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے گڑھی تیغو سے بازياب کرایا گیا ہے۔

    شکار پور کے ایس ایس پی کا مزید کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے آپریشن  جاری ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اسی مقام گڑھی تیغو میں پولیس نے مغویوں کی بازیابی کے لیے رات گئے آپریشن کیا تھا اور 3 ٹک ٹاکر مغوی لڑکیوں کو بازیاب کرایا تھا۔

  • سندھ پولیس کی عید کے موقع پر اپنے شہداء کو یاد رکھنے کی روایت برقرار

    سندھ پولیس کی عید کے موقع پر اپنے شہداء کو یاد رکھنے کی روایت برقرار

    کراچی: سندھ پولیس نے عید کے موقع پر اپنے شہداء کو یاد رکھنے کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے حکم پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن ایسٹ طارق مستوئی شہید کے گھرگئے، سندھ پولیس کی جانب سے شہید اقبال کے اہل خانہ کو ایک کروڑ گرانٹ کا چیک بھی دے دیا گیا۔

     گلستان جوہر میں اے ایس آئی اقبال کے گھر ایس ایس پی طارق مستوئی نے انویسٹیگیشن شرقی نے شہید کے ورثاء سے ملاقات کی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن شرقی نے شہید اقبال کے بیٹے کو پھولوں کا گلدستہ اور عیدی بھی دی۔

    اس موقعے پر ایس ایس پی طارق الاہی مستوئی نے کہا کہ آئی جی سندھ کی طرف سے اہلخانہ کو ایک کروڑ روپے روپے کا چیک دیا ہے، اپنے شہداء کے ساتھ ہیں، انکی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

    ایس ایس پی طارق مستوئی نے مزید بتایا کہ شہید اے ایس آئی اقبال کو کچھ مہینے قبل لائینز ایریا میں شہید  ہوے تھے۔

  • مفرور و اشتہاری ملزمان کو پکڑنے کے لیے پولیس کے خصوصی اقدامات

    مفرور و اشتہاری ملزمان کو پکڑنے کے لیے پولیس کے خصوصی اقدامات

    کراچی: صوبہ سندھ کے مختلف شہروں سے 500 کے قریب مفرور و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا، آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ ٹول پلازہ پر چہرہ شناخت کے لیے خصوصی کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مفرور اور اشتہاری ملزمان کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ تلاش ایپ کے بعد ٹول پلازہ پر ٹریول آئیز لگانے کا معاہدہ کیا جا رہا ہے، چہرہ شناخت کے لیے خصوصی کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔ ڈیٹا موجودگی سے قانون کی گرفت مضبوط ہوجائے گی۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ مفرور ملزمان کو اشتہاری ملزمان قرار دینے کے اقدامات کیے جائیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے، مجموعی طور پر 476 مفرور اور 44 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ویسٹ زون میں 208 مفرور اور 20 اشتہاری ملزمان گرفتار ہوئے، ایسٹ زون سے 143 مفرور اور 9 اشتہاری اور ساؤتھ زون سے 125 مفرور اور 15 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ حیدر آباد سے 277 مفرور اور 70 اشتہاری، سکھر سے 158 مفرور اور 45 اشتہاری، لاڑکانہ سے 129 مفرور اور 129 اشتہاری اور میرپور خاص سے 56 مفرور اور 4 اشتہاری گرفتار کیے گئے۔

  • بجٹ میں سندھ پولیس کے لئے 12 ارب اضافی رکھنے کی تجویز

    بجٹ میں سندھ پولیس کے لئے 12 ارب اضافی رکھنے کی تجویز

    کراچی:سندھ پولیس نے نئے مالی سال کے بجٹ کے لئے تجاویز پیش کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے وفاقی بجٹ 24-2023 میں سندھ پولیس کے لئے 12 ارب اضافی رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔

    پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سندھ پولیس نے سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور انویسٹی گیشن کیلئے اضافی بجٹ کی تجاویز  پیش کیں، آر آر ایف اور سی ایم یو کیلئے اضافی فنڈ ز رکھے گئے ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ سکھر اور حیدرآباد میں سی ٹی ڈی کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 1 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، اس کے علاوہ سیلاب اور برساتوں میں تباہ ہونے والی پولیس لائنز کی تعمیر کیلئے بھی بجٹ رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

    حکام کے مطابق پولیس لائنز اور پولیس فیملی کوارٹرز کے لئے 6 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، کچےکے پولیس کے لیے بھی اضافی بجٹ کی تجاویز دی ہیں۔

    سندھ پولیس نے جدید اسلحہ کی خریداری کیلئے بجٹ مختص کرنے کی بھی تجویز دی، افسران و اہلکاروں کے ہیلتھ الاؤنس بڑھانے کی تجاویز بھی پیش کی گئی۔

    پولیس حکام نے نئی مالی سال بجٹ کے لیے پولیس ملازمین کے میڈیکل بلز کی ادائیگی کیلئے 1 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔