Tag: سندھ پولیس

  • سندھ پولیس کے 3 ہزار سے زائد اہلکار کرونا وائرس سے متاثر ہوئے: ترجمان

    سندھ پولیس کے 3 ہزار سے زائد اہلکار کرونا وائرس سے متاثر ہوئے: ترجمان

    کراچی: سندھ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کے 3 ہزار 409 پولیس افسران و جوان کرونا وائرس سے متاثر ہوئے، جس میں سے 3 ہزار 366 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ 3 ہزار 409 پولیس افسران و جوان کرونا وائرس سے متاثر ہوئے، کرونا وائرس کے خلاف فرائض کی انجام دہی میں 19 پولیس افسران و جوان شہید ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ زیر علاج افسران اور جوانوں کی تعداد 24 ہے، 3 ہزار 366 افسران اور جوان صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 616 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز 9 ہزار 135 ہے۔

    ملک میں اب تک 6 ہزار 513 مریض کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 968 ہوچکی ہے۔

    اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سردی میں کرونا وائرس کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ہے، وبا روکنے کے لیے میں ہر ایک سے ماسک پہننے کی اپیل کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ تمام دفاتر اور تعلیمی ادارے ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ دیگر ممالک کی نسبت اللہ نے پاکستان پر کرم کیا ہے، اللہ نے پاکستان کو کرونا وائرس کے بدترین اثرات سے محفوظ رکھا۔

  • جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات: سندھ پولیس کا اینٹی ہراسمنٹ یونٹ بنانے کا اعلان

    جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات: سندھ پولیس کا اینٹی ہراسمنٹ یونٹ بنانے کا اعلان

    کراچی: ملک بھر میں خواتین اور بچوں سے زیادتی اور تشدد کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر سندھ پولیس میں اینٹی ہراسمنٹ یونٹ بنانے کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ڈاکٹر عثمان چاچڑ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ڈاکٹر جمیل، ڈی آئی جی آپریشن مقصود میمن اور سندھ پولیس کی خواتین افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں خواتین اور بچوں سے زیادتی اور تشدد کے بڑھتے واقعات زیر بحث آئے۔

    اجلاس میں ڈی آئی جی مقصود میمن نے اینٹی ہراسمنٹ یونٹ بنانے کا اعلان کیا، مقصود میمن کا کہنا تھا کہ اے ایچ یو کا دفتر کورنگی روڈ پر پولیس سہولت مرکز میں بنایا جائے گا، زیادتی اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سدباب کیا جائے گا۔

    اجلاس میں متاثرہ خواتین اور بچوں کو آسان قانونی دسترس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مقصود میمن کا کہنا تھا کہ ایس ایس یو اور 15 مددگار یونٹ کو مدد فراہم کریں گے۔

    زیادتی کے واقعات کے سدباب کے لیے مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ڈاکٹر جمیل نے کہا کہ سوشل میڈیا مہم سے پولیس اور عوام میں ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

  • صوبے میں دہشت گردی، رینجرز اور پولیس کا بڑی جیلوں میں آپریشن

    صوبے میں دہشت گردی، رینجرز اور پولیس کا بڑی جیلوں میں آپریشن

    کراچی: شہر قائد سمیت سندھ میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر رینجرز اور پولیس نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رینجرز اور پولیس کی ٹیموں نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن کیا ہے، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشت گردی اور درپیش خطرات کے پیش نظر جیلوں میں آپریشن کیا گیا ہے۔

    رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ سندھ کی جن تین جیلوں میں آپریشن کیا گیا ان میں سینٹرل جیل کراچی، حیدر آباد اور سکھر جیل شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں رینجرز کے مختلف ونگز نے حصہ لیا، آپریشن کے دوران تینوں جیلوں کے تمام قیدیوں، بیرکس اور سیلز کی تلاشی لی گئی، آپریشن میں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سونگھنے والے سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی گئی۔

    تلاشی کے دوران جیلوں سے مختلف ممنوعہ اشیا برآمد کی گئیں، ترجمان کا کہنا تھا کہ قیدیوں سے ٹیلی ویژن، چاقو، قینچی، یو ایس بی، میموری کارڈ ملے، ایم پی فائیو، لائٹرز، ناخن تراش اور ہیٹر بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    سندھ رینجرز کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جیلوں کے داخلی و خارجی راستوں کو چیک کیا گیا، سیکورٹی سے متعلق جیلوں کے دیگر انتظامات بھی چیک کیے گئے۔

  • جرائم کے خلاف رینجرز سندھ پولیس کے ساتھ کھڑی ہے،ڈی جی رینجرز

    جرائم کے خلاف رینجرز سندھ پولیس کے ساتھ کھڑی ہے،ڈی جی رینجرز

    کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے کہا ہے کہ جرائم کے خلاف رینجرز سندھ پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے سی پی او کراچی کا دورہ کیا۔سی پی او آمد پر آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے ڈی جی رینجرز کا استقبال کیا۔

    ڈی جی رینجرز نے یادگار شہدا پر حاضری دی، فاتحہ خوانی اور پھول چڑھائے۔ڈی جی رینجرز نے پی ایس ایکس پر حملہ ناکام بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈی جی رینجرز نے واقعے میں شہید اہلکاروں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری کا کہنا تھا کہ جرائم کے خلاف رینجرز سندھ پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ، چاروں حملہ آور ہلاک

    واضح رہے کہ 29 جون کو ملک دشمن عناصر کی امن خراب کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دستی بم حملے اور فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت 7 افراد شہید ہو گئے جبکہ 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

  • بلاول بھٹو کی دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سندھ پولیس کو شاباش

    بلاول بھٹو کی دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سندھ پولیس کو شاباش

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سندھ پولیس کو شاباش دی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کو فون کیا۔آئی جی سندھ نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملے کےحوالے سے بلاول بھٹو کو بریفنگ دی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پرسندھ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس آج اپنی بہترین پیشہ وارانہ مہارت کی وجہ سے کامیاب ہوئی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید اہلکاروں نے قوم کے خاطر جانیں قربان کیں، شہید جوانوں کے اہل خانہ کی ہر ممکن سپورٹ کی جائے۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ، چاروں حملہ آور ہلاک

    واضح رہے کہ ملک دشمن عناصر کی امن خراب کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دستی بم حملے اور فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت 7 افراد شہید ہو گئے جبکہ 4 دہشت گرد مارے گئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے جدید ہتھیار، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے اسٹاک ایکسچینج کے باہر موجود مشتبہ کار کا بھی معائنہ کیا۔

  • سندھ پولیس کے 1022 افسران و جوان کرونا وائرس کا شکار

    سندھ پولیس کے 1022 افسران و جوان کرونا وائرس کا شکار

    کراچی: سندھ پولیس میں کرونا وائرس سے متاثرہ افسران و جوان کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے سندھ پولیس کے 1022 افسران اور جوان متاثر ہوگئے۔ترجمان سندھ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ دو روز کے دوران کرونا وائرس کے مزید 48 نئے کیسز سامنے آئے۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق سندھ میں زیر علاج افسران اور جوانوں کی تعداد 739 ہے،270 افسران اور جوان صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ کرونا وائرس کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران 13 اہلکار شہید ہوئے، شہدا میں 11 کا تعلق کراچی اور 2 کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔

    پاکستان میں کرونا سے اموات 3 ہزار 501 ہو گئیں

    واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 4,951 نئے کیسز سامنے آئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 176,617 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ اموات کی تعداد 3,501 ہو گئی ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 5 ہزار 224 ہے، جبکہ اب تک 67,892 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • سندھ پولیس کے مجموعی طور پر 873 افسران وجوان کرونا سے متاثر

    سندھ پولیس کے مجموعی طور پر 873 افسران وجوان کرونا سے متاثر

    کراچی: ترجمان سندھ پولیس نے کہا ہے صوبے میں مجموعی طور پر 873 کے قریب افسران وجوان کروناوائرس سے متاثر ہوئے، گزشتہ 3روز کے دوران وبا کے 95 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کے خلاف فرائض ادائیگی میں 8 پولیس اہلکاروں نے شہادت پائی، زیر علاج افسران اور جوانوں کی تعداد 627 ہے، جبکہ 238 افسران اور جوان صحت یاب ہوکر گھر وں کو جاچکے ہیں۔

    ملک کے مختلف شہروں میں کئی پولیس اہلکار وافسران کروناوائرس کا شکار ہیں، کراچی میں زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ 11 مئی کو شہر قائد میں کرونا وائرس انفیکشن سے محکمہ پولیس کا ایک اور اہل کار جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    خیبرپختونخوا پولیس کے درجنوں افسران واہلکار کروناوائرس کا شکار

    خیبرپختونخوا میں وبا سے متاثرہ افسران سمیت پولیس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 39 سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ پشاور سے 11 پولیس کے جوان کرونا کا شکار ہوئے، وبا سے اب تک صرف ایک نوشہرہ کابی ڈی یو اہلکار فہیم جاں بحق ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ 16 مئی کو پنجاب میں کرونا وائرس سے ایک اور پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا تھا، شہید رمضان عالم بطور نائب ریڈر ایس ڈی پی او اقبال ٹاؤن سرکل فرائض سرانجام دے رہا تھا۔

  • کراچی، پولیس افسر کی لاش برآمد، پی پی رہنما کے گھر پر فائرنگ

    کراچی، پولیس افسر کی لاش برآمد، پی پی رہنما کے گھر پر فائرنگ

    کراچی: شہر قائد کے علاقے رضویہ میں گھر سے پولیس افسر کی لاش برآمد ہوئی ہےدوسری جانب پی پی رہنما کے گھر پر فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے رضویہ میں گھر سے اے ایس آئی امیر علی لاش برآمد ہوئی، اے ایس آئی امیر علی جوہر آباد تھانے میں تعینات تھا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آسکیں گی۔

    پولیس کے مطابق کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا، لاش 4 سے 5 روز پرانی ہے۔

    ادھر کراچی میں پی پی لاہور ڈسٹرکٹ 3 کے صدر عاطف چوہدری کے گھر پر نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، عاطف چوہدری کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف رپورٹ درج کرادی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی، دکاندار کی فائرنگ سے ہلاک ڈاکو سابق پولیس اہلکار نکلا

    واضح رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر دکاندار کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا تھا، ہلاک ڈاکو سابق پولیس اہلکار تھا، ملزم تیمور 2011 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے جبکہ ملزم کے ساتھی کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    مبینہ ٹاؤن پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر چیپل گارڈن کے قریب ایک کریانہ اسٹور پر موٹر سائیکل سوار دوملزمان آئے جن میں سے ایک ملزم نے دکان کے کاؤنٹر کے سامنے کھڑے ہوکر اسلحہ رکھ کر رقم نکالنے کی کوشش کی تو دکاندار نے موقع پاکر فائرنگ کردی جس سے ڈاکو مارا گیا۔

  • کراچی، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2950 افراد گرفتار

    کراچی، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2950 افراد گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں جمعہ کے روز مکمل لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 2950 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس نے شہر بھر میں ناکوں کی تفصیلات جاری کردیں جس میں بتایا گیا ہے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2950 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آج 335 ہزار 186 افراد کو چیک کیا گیا، ایسٹ زون میں 19 ہزار 262 افراد کو روک کر گھروں سے باہر نکلنے کی وجہ پوچھی گئی۔

    پولیس کے مطابق مختلف ناکوں پر شہریوں کو روک پر 690 لاک ڈاؤن خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں مزید 86 افراد کورونا وائرس میں مبتلا، مجموعی تعداد 1214 ہوگئی

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جمعتہ المبارک کے روز مکمل لاک ڈاؤن کے دوران 1103 مقدمات درج کیے گئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے جمعہ کے روز صبح 12 بجے سے دوپہر 3:30 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔

    سندھ حکومت اور علما کرام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جمعہ کی نماز گھروں میں پڑھیں اور مسجد انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ جمعہ کے اجتماعات کو محدود کیا جائے، نماز میں مسجد کا عملہ سمیت 4 سے پانچ افراد شرکت کریں۔

  • لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، سندھ سے 472 افراد گرفتار

    لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، سندھ سے 472 افراد گرفتار

    کراچی: کرونا وائرس کے پیش نظر 15 روزہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سندھ سے 472 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے پہلے روز خلاف ورزی پر سندھ سے 472 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، کراچی سمیت سندھ میں مجموعی طور پر 72 مقدمات بھی درج ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں 33، میرپورخاص میں 2 اور لاڑکانہ میں 36 مقدمات درج کیے گئے۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ میں کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت نے 22 مارچ سے آئندہ 15 روز کے لیے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے6 افراد جاں بحق

    لاک ڈاؤن کے دوران انتہائی ضرورت کے سوا شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہے، کریانہ اور میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔

    خیال رہے کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

    اویس شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں شہروں کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہیں گی، بسیں اور آن لائن سروس بھی نہیں چلیں گی۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 875 ہوگئی ہے، سندھ میں 394 کرونا وائرس کے مریض زیر علاج ہیں، وائرس سے پاکستان میں اموات 6 ہوگئیں جبکہ 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔