Tag: سندھ کی تقسیم

  • سندھ کی تقسیم سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان سامنے آ گیا

    سندھ کی تقسیم سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان سامنے آ گیا

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ کی تقسیم کو عوام کی رائے سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک عوام کی رائے نہ ہو سندھ کی تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے صوبے کی تقسیم سے متعلق اہم بیان دیا، انھوں نے کہا سندھ میں تقسیم کی ضرورت نہیں، ذاتی طور پر سمجھتا ہوں تقسیم نہیں ہونی چاہیے، جب تک عوام کی رائے نہ ہو سندھ کی تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان الگ جماعت ہے، اپنی رائے رکھنا ان کا حق ہے، سندھ کی تقسیم سے متعلق ایم کیو ایم پہلے بھی رائےدیتی رہی ہے، بہ طور جماعت ان کے تحفظات کو میں جائز سمجھتا ہوں، یہ حکومت سے الگ نہیں ہوئی صرف وزارت چھوڑی ہے، وزارت کا مسئلہ نہیں ہے، ایم کیو ایم پاکستان کو جلد نظر آ جائے گا کہ مسائل کے حل کے لیے ہم سنجیدہ ہیں۔

    کراچی سے تمام وعدے وفا کریں گے: وزیر اعظم کی ایم کیو ایم رہنماؤں کو منانے کی ہدایت

    گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ پیر صاحب پگارا کے ہاں کل دوپہر کے کھانے میں گئے تھے، حلفاً کہہ رہا ہوں کسی کو منانے نہیں گیا تھا، پیر صاحب نے مجھے لنچ پر بلایا تھا، منایا انھیں جاتا ہے جو روٹھے ہوتے ہیں، جی ڈی اے نے مجھ سے ناراضی کا اظہار نہیں کیا۔ ایم کیو ایم پاکستان ہم سے ناراض ہے، جس کا اظہار بھی وہ کرتے ہیں، جی ڈی اے ناراض نہیں، نہ ہی انھوں نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ خاندان میں بھی کبھی بھی ناراضی ہو جاتی ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ سب سو فی صد خوش رہیں، اچھی بری باتیں ہوتی رہتی ہیں۔ خیال رہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی کو اپنے اتحادی جماعتوں کے ساتھ اختلافات اور ناراضی کا سامنا ہے، جسے دور کرنے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے ہدایات بھی جاری ہو چکی ہیں۔

  • شیری رحمان نے گورنرسندھ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

    شیری رحمان نے گورنرسندھ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی بات پر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گورنر سندھ مستعفی ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ کی تقسیم کی بات کی ہے، وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کس بنیاد پر سندھ کی تقسیم اور 18 ویں ترمیم کی بات کر رہی ہے، کیا ہماری توجہ موجودہ حالات سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے؟

    انھوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے، وزیر اعظم اور وزرا ایوان میں آ کر جواب دیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    شیری رحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا اور آئی ایم ایف کے لوگ تعینات کر دیے گئے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت عوام اور ایوان سے بد تمیزی کر رہی ہے، پی ٹی آئی وفاق کے ڈھانچے سے کھیل رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو باقی حکومتوں سے 4 سال بعد ہوتا ہے یہاں 9 ماہ میں ہو رہا ہے، وزیر اعظم 9 ماہ میں ایک بار ایوان آئے ہیں۔

    دریں اثنا شیری رحمان نے چیئرمین سینیٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر اعظم کو کہیں کہ ایوان آئیں، جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں وزیر اعظم کو کیسے کہہ سکتا ہوں، شیری رحمان نے کہا وزیر اعظم کو خط لکھیں کہ ہرماہ ہر سیشن میں ایوان میں آئیں۔

  • ایم کیوایم کو سندھ کی تقسیم کے ایجنڈے سے دستبردار ہونا پڑے گا، ناصر حسین شاہ

    ایم کیوایم کو سندھ کی تقسیم کے ایجنڈے سے دستبردار ہونا پڑے گا، ناصر حسین شاہ

    کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت میں شامل ہونے کیلئے ایم کیوایم کو سندھ کی تقسیم کےایجنڈے سے دستبردار ہونا ہوگا،2023میں بلاول بھٹو ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو ہوگا، جس میں نومنتخب ارکان پیر کو حلف اٹھائیں گے۔

    مراد علی شاہ کو سندھ کے وزیراعلیٰ کیلئے نامزد کیا گیا ہے، جبکہ آغاسراج درانی کو اسپیکر سندھ اسمبلی اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

    ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اراکین اسمبلی کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے وارننگ دی ہے، بلاول نے گڈ گورننس ،شفافیت اور میرٹ پر زور دیا ہے، 2023میں بلاول بھٹو ملک کےوزیراعظم بنیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ناصرحسین شاہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی وفاق میں حکومت بنانےکیلئےجارہی ہے، ملک کیلئے جو چیز بہتر ہوگی اس کی حمایت کریں گے۔

    مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ کے لئے مراد علی شاہ کو نامزد کر دیا

    سندھ میں حکومت سازی کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، سب سے بات چیت کریں گے، تاہم سندھ کی تقسیم کی بات کسی صورت قبول نہیں کریں گے، حکومت میں شمولیت کیلئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو سندھ کی تقسیم کے ایجنڈے سے دستبردار ہونا ہوگا۔

  • سندھ کی تقسیم نہیں بلکہ کراچی میں انتظامی یونٹ بنانےکی بات کی تھی‘ پیرسید صدر الدین شاہ راشدی

    سندھ کی تقسیم نہیں بلکہ کراچی میں انتظامی یونٹ بنانےکی بات کی تھی‘ پیرسید صدر الدین شاہ راشدی

    خیرپور: پیرسید صدرالدین شاہ راشدی کا کہنا ہے کہ کچھ نام نہاد سیاست دان جی ڈی اے کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکراُن کے خلاف پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپورمیں اپنی رہائش گاہ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر سید صدرالدین شاہ راشدی کا کہنا ہے کہ سندھ کی تقسیم نہیں بلکہ کراچی میں انتظامی یونٹ بنانے کی بات کی تھی۔

    جی ڈی اے رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کا دارالخلافہ ہے جس کی جغرافیائی حدود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    پیر سید صدرالدین شاہ راشدی کا کہنا یہ بھی کہنا تھا کہ کچھ نام نہاد سیاست دان جی ڈی اے کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر اُن کے خلاف پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔

    جی ڈی اے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ 25 جولائی کو عوام جی ڈے اے کے منتخب کردہ امیدوا روں کو ووٹ دے کر مخالفین کےمنہ بند کردے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز جی ڈی اے سے متعلق شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جی ڈے اے کے رہنما سندھ کی تقسیم کی بات کررہے ہیں مگرہم کسی صورت سندھ کو تقسیم ہونے نہیں دیں گے۔

    الیکشن شفاف ہوئےتوانتخابات میں پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی‘ شرجیل میمن

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ لوگ بلاول بھٹوزرداری کو ایک ترقی پسند نوجوان لیڈر کے طور پرپسند کرتے ہیں اگر الیکشن شفاف ہوئےتوانتخابات میں پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ دھرتی تقسیم کرنے کی بات سے انتشار پھیلے گا، عبدالقادر پٹیل

    سندھ دھرتی تقسیم کرنے کی بات سے انتشار پھیلے گا، عبدالقادر پٹیل

    کراچی: پیپلزپارٹی کراچی کے صدرعبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے سندھ کی تقسیم کی بات سے انتشار پھیلے گا۔ ایم کیوایم سےمعاملہ خیرسگالی سےحل کرنا چاہتےہیں اور تنازعےکوبڑھاناٹھیک نہیں۔ انھوں نے کہا کہ خورشیدشاہ کی معافی مانگنےکےباوجود بیان کوایشو بنایاجارہاہے۔

    بلاول ہاوس کراچی میں پیپلزپارٹی کے میڈیا سیل میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں لفظ مہاجر کو تنازعہ بنا کر اس مسئلے کو حوا نہیں دی جائے پیپلزپارتی کے رہنما خورشید شاہ نے بروقت اس مسئلے پرمعذرت کرلی تھی ان کا مقصد مہاجروں کی تذلیل کرنا نہیں تھا۔

    عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ انتہا پسندی کا جواز بنا کر اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کا جلسہ تاریخی جلسہ ہوا ہے اور موجودہ صورتحال اس جلسے کی کامیابی کا رد عمل ظاہر کرتی ہے۔

    عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو عوام میں مقبولت کیلئے کسی کالے پیلے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں بلکہ عوام نے ان کے جلسے میں شرکت کرکے انہیں پسندیدگی کا سرٹیفکیٹ دیدیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خیر سگالی کے تحت محرم میں اس مسئلے کو نہ اٹھایا جائے اور سندھ میں امن وا مان کی یقینی کیلئے اپنا بھرپور کرداراد کیا جائے۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ لفظ مہاجر پر سیاست سندھ میں مذہبی انتشار پھیلانے کا خدشہ ظاہر کرتی ہے اس پرپیپلزپارٹی کو تشویش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے سے سندھ میں رہنے والے سندھیوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں اس موقع پر تاج حیدر ،این ڈی خان،شہلا رضا سمیت دیگر پی پی  رہنما بھی موجود تھے۔

  • سندھ تقسیم کرنےکی خواہش پوری نہیں ہوگی، خورشیدشاہ

    سندھ تقسیم کرنےکی خواہش پوری نہیں ہوگی، خورشیدشاہ

    کراچی/سکھر: پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسبملی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اے آر وائی سے خصوصی بات چیت کر تے ہو ئے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کوبرداشت نہیں کیا جائےگا اور کسی کی بھی سندھ کو تقسیم کرنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اگرکوئی سندھ کوتقسیم کرنا چاہتاہےتواس کی خواہش پوری نہیں ہونےدیں گے۔

    اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا ہے کوئی مسلمان آقائے دو جہاں کی شان میں گستاخی نہیں کرسکتا۔ لوگ اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے مذہب کا استعمال کرتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا ہے سندھ پاکستان کا وہ صوبہ ہے جس نے قیام پاکستان کی قرارداد منظورکرائی۔

    اے آر وائی سے خصوصی گفتگو میں انھوں نے کہا کہ بد قسمتی سے لوگ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مذہب کا استعمال کرتے ہیں۔ خورشید شاہ نے ایم کیوایم کو یہ بھی کہہ ڈالا کہ اب وہ مہاجرنہیں متحدہ قومی موومنٹ ہیں۔ اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ وہ جنم جنم سےسندھی ہیں، آئندہ نسلیں بھی سندھی ہونگی۔

    دوسری جانب سکھر میں قائم خورشیدشاہ کےگھر کی سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی۔

  • قومی عوامی تحریک کی کال پر سندھ کی تقسیم کیخلاف صوبے بھر میں ہڑتال

    قومی عوامی تحریک کی کال پر سندھ کی تقسیم کیخلاف صوبے بھر میں ہڑتال

    کراچی/حیدرآباد: قومی عوامی تحریک کی کال پر سندھ کی تقسیم کی سازش کیخلاف آج حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ کئی شہروں میں مظاہرے اور دھرنے بھی دیے جارہے ہیں۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے ایم اے جناح روڈ بلاک کر کے بھی دہھرنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کی تقسیم کی سازش کیخلاف قومی عوامی تحریک کی کال پر حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی کم ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ کندھ کوٹ ، کشمور، تنگوانی، گڈو اور غوث پور میں مظاہرے اور دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔ ٹنڈوالہ یار میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے۔ کاروباری مراکز بند کرانے کیلئے نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ادھر نوشہروفیروز، مورو، پڈعیدن، بھریا، کنڈیارو سمیت ضلع کے دیگر چھوٹے شہروں میں بھی شٹر ڈاؤن رہا جس سے کاروباری مراکز اور بازارویران پڑ گئے ہیں اورسڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم دیکھائی دیا۔ کارکنوں نے شہر کے مرکزی چوک بلاک کرکے ٹائر جلائے۔

    دوسری جانب نواب شاہ میں بھی سندھ کی تقسیم کے خلاف قومی عوامی تحریک جانب سے شٹر بند ہرتال کی جارہی ہے۔ قومی عوامی تحریک کی ہڑتال کے موقع پرکئی مارکیٹیں جن میں سکرنڈ روڈ، مسجد روڈ، ہسپتال روڈ، کپڑا مارکیٹ، صرافہ مارکیٹ، لیاقت مارکیٹ، موہنی بازار، کچہری روڈ سمیت اور دیگر مارکیٹیں بند ہیں، جبکہ ٹریفک معمول سے کم رہا جسکے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، ہڑتال کے دوران سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر میں حاضری معمول سے کم رہی، قومی عوامی تحریک کی اپیل پر نوابشاہ سمیت ضلع بھر کے مختلف شہروں اور قصبوں میں جن میں دوڑ، باندہی، سکرنڈ، قاضی احمد، دولت پور سمیت دیگر میں مکمل ہڑتال ہے۔،

    ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ کی تقسیم کے بیان پر قومی عوامی تحریک کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پرسندھ بھر کی طرح ٹنڈوالہ یار اور اس کے گردو نواح نصر پور ، جھنڈو مری ، چمبڑ ، میں چھوٹے بڑے کاروباری مراکز پیٹڑل پمپس اور بینکز اورپرائیوٹ اسکول مکمل طور پر بند ہیں۔ ٹریفک سڑ کوں سے مکمل غائب ہے جبکہ سڑکوں پر سناٹہ چھایا ہوا ہے۔ دوسری جانب سڑکوں پر ٹائر بھی نظر آتیش کئے گئے اور بڑی بڑی رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک کو ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ پو لیس کی جانب کسی بھی نا خوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ پریس کلب کے سامنے قومی عوامی تحریک کے کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جارہا ہے۔

  • نہ سندھ تقسیم ہوگا اور نہ ہی پاکستان تقسیم ہوگا، سراج الحق

    نہ سندھ تقسیم ہوگا اور نہ ہی پاکستان تقسیم ہوگا، سراج الحق

    امیرجماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کاسوشہ چھوڑا گیا ہے نہ سندھ تقسیم ہوگا اور نہ ہی پاکستان تقسیم ہوگا۔ پاکستان کی سرحدوں پر بمباری کا حکومت منہ توڑ جواب دے۔

    کشمورمیں جلسہ عام سےخطاب کرتےہوئےسراج الحق نےکہاکہ سیاست تنازعات کاشکارہوگئی ہے اورجمہوریت خطرے میں ہے۔ گیاہ مئی کےانتخابات کےبعد قوم کوتوقع تھی کہ مرکز اورصوبائی حکومتیں وعدوں پرعمل کریں گی اورعوام کےمسائل حل کرینگیتاہم ایسا کچھ بھی نا ہوسکا جس کی وجہ سے عوام مایوس ہے۔

    حکمرانوں کاقبلہ مکہ کےبجائےواشنگٹن ہے، عام آدمی کی مددسے ہم حکومت کا قبلہ اسلام کوبنائیں گے۔ حکومت اپنےرویئےمیں تبدیلی لائے۔ سراج الحق نےکہاکہ حکومت قانون کی حکمرانی یقینی بنائےاورمسائل حل کرے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل نوکےحوالےسےحکومت سنجیدہ اقدامات کرے، ملک میں اربوں روپےکی کرپشن ہورہی ہے،اگر کرپشن کو روکا جائےتو قرضےکی ضرورت نہیں رہےگی۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کاسوشہ چھوڑا گیا ہے، نہ سندھ تقسیم ہوگا اور نہ ہی پاکستان تقسیم ہوگا، سراج الحق نے مزید کہا کہ حکومت سرحدوں پربمباری کامنہ توڑجواب دے جبکہ نریندر مودی انتہاپسند ہے۔

  • سندھ کی تقسیم کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری

    سندھ کی تقسیم کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری

    حیدرآباد: سندھ کی تقسیم کے خلاف صوبے بھر میں سندھ ترقی پسند پارٹی کی اپیل پر احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے کیخلاف حیدر آباد سکھر ودیگر شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئیں ۔

    احتجاج اور ہڑتال کے باعث حیدرآباد کے کئی علاقوں قاسم آباد، حسین آباد، گل سینٹر، اوردیگرعلاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں ۔ ہڑتال کی کال پر سی این جی اسٹیشنزاور پیٹرول پمپس بند رہنے سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔بعض علاقوں میں ٹائرنذر آتش کر کےاحتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

    سکھرکے عوام نے سندھ کی تقسیم کو نامنظور قراردیا ، سکھر میں بھی کاروباری مراکز بند رہے،سرکاری دفاتر اور اسکولوں میں حاضری بھی کم رہی، جبکہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنزبند رہے ۔

    نوشیرو فیروز میں ایس ٹی پی پی کی کال پر ہڑتال میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں،نواب شاہ میں سڑکوں پر ٹریفک کم جبکہ دکانوں پر تالے لگے رہے ۔ سندھ کی تقسیم کے خلاف سانگھڑ کے عوام نے زبردست احتجاج ریکارڈ کرایا ،سڑکوں پرپولیس کا گشت دیکھنے میں آیا ۔

    ٹنڈو الہ یار میں عوام نے سڑکوں پر پتھراؤ کیا اور ٹائر نذر آتش کئے، جبکہ کاروباری مراکز بند رہے ،مٹیاری میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا سماں رہا ،سکیورٹی کے لئے پولیس سڑکوں پر موجود رہی، لاڑکانہ میں بھی ہڑتال کامیاب رہی اورعوام نے سندھ کی تقسیم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔