Tag: سندھ کی خبریں

  • وزیر اعظم عمران خان معاشی ٹیم کے ساتھ کل کراچی پہنچیں گے: گورنر سندھ

    وزیر اعظم عمران خان معاشی ٹیم کے ساتھ کل کراچی پہنچیں گے: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی معاشی ٹیم کے ساتھ کل کراچی پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے وزیر اعظم کے دورۂ کراچی کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کل پہنچیں گے، معاشی ٹیم بھی ان کے ہم راہ ہوگی۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم بزنس کمیونٹی سے خطاب کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے اور اس سلسلے میں ایک روڈ میپ کی تیاری پر گفتگو کی جائے گی۔

    گورنر سندھ نے ٹویٹر پر لکھا کہ کراچی پاکستان کا تجارتی حب اور اہمیت کا حامل ہے، حکومت معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے پُر عزم ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تاجروں پر ٹیکسز کے نفاذ کے اعلان کے بعد کراچی میں تاجر ایکشن کمیٹی نے شہر بھر میں 8 جولائی سے تین روز تک شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی۔

    مزید تفصیل پڑھیں:  گورنر سندھ کامیاب، تاجر ایکشن کمیٹی نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال واپس لے لی

    تاہم گورنر سندھ سے تاجر ایکشن کمیٹی کے وفد کی ملاقات میں عمران اسماعیل نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ 11 جولائی کو وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات کرائیں گے۔

    تاجروں کا کہنا تھا کہ انھیں ٹیکس معاملات پر حکومت کی جانب سے اعتماد میں نہیں لیا گیا، ان کی پیش کردہ تجاویز پر عمل کیا گیا تو ٹیکس بھی ادا کیا جائے گا۔

    تاجروں سے ملاقات میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے بھی رابطہ ہوا تھا، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر ایکشن کمیٹی کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کسی بھی تاجر کے خلاف ایک ماہ تک کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔

  • گرین لائن مکمل ہونے سے پہلے اورنج لائن چلا دیں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    گرین لائن مکمل ہونے سے پہلے اورنج لائن چلا دیں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت گرین لائن مکمل ہونے سے پہلے اورنج لائن چلا دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اورنج لائن ہماری ذمہ داری ہے، گرین لائن مکمل ہونے سے پہلے اورنج لائن چلا دیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گرین لائن سے پہلے اورنج لائن مکمل ہو جائے گی، جب کہ یلو لائن پر عالمی بینک نے قرضہ دینے کا کہہ دیا ہے، ورلڈ بینک سے لون ایگریمنٹ بھی ہو گیا ہے۔

    سندھ کے وزیر اعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نئی حکومت نے کہا تھا کراچی میں بسیں بھی ہم لائیں گے، لیکن حکومت کے آنے کے بعد سے اب تک تو بسیں نہیں ملیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: گرین لائن منصوبہ تاخیر کا شکار، شہری 3 سال سے منصوبے کی تکمیل کے منتظر

    خیال رہے کہ چند دن قبل اے آر وائی نیوز نے ایک خصوصی رپورٹ میں کہا تھا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے لایا جانا والا گرین لائن بس منصوبہ تین سال بعد بھی تاخیر کا شکار ہے، شہری تا حال منصوبے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق وفاق اور سندھ میں اختلافات کے بعد سے وفاق نے یہ منصوبہ اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا، بسوں کی خریداری کے لیے نئے بجٹ میں ڈھائی ارب روپے بھی مختص کیے جا چکے ہیں۔

    22 کلو میٹر پر مشتمل گرین لائن بس منصوبے کے ٹریک پر 22 اسٹیشن تھے لیکن یہ اسٹیشنز ابھی تک مکمل نہیں کیے گئے ہیں اور تعمیراتی کام تا حال جاری ہے۔

  • سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حساس ملزمان کی بلیک بک تیار

    سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حساس ملزمان کی بلیک بک تیار

    کراچی: سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حساس ملزمان کی بلیک بک تیار کر لی گئی، یہ بلیک بک انتہائی خطرناک اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان پر مشتمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر کلیم امام کی ہدایت پر سندھ پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی پہلی مرتبہ ایک بلیک تیار کر لی ہے۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق انتہائی مطلوب مشتہر ملزمان کی تمام تر تفصیلات بلیک بک میں موجود ہوں گی، وہ مشتہر ملزمان جن کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر سر کی قیمت بھی مقرر کی گئی ہے۔

    بلیک بک میں مشتہر مجرمان کے کرائم ریکارڈ کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں، بتایا گیا ہے کہ یہ معلومات سندھ پولیس کے لیے انتہائی مفید اور کارآمد ثابت ہوں گی، بلیک بک کی وجہ سے کوئی مجرم دوسرے علاقے یا شہر میں روپوش نہیں رہ پائے گا۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس بلیک بک میں کراچی، حیدر آباد، میر پور خاص، سکھر اور لاڑکانہ کے ملزمان شامل ہیں، بک کی مدد سے پولیس کو دوسرے ضلع کے مشتہر ڈکیتوں اور مجرموں کی گرفتاری بھی مزید آسان ہو جائے گی۔

    پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلیک بْک میں انتہائی اہم ملزمان کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں، ان ملزمان کی گرفتاری پر 1 لاکھ سے 7 لاکھ روپے تک کا انعام بھی رکھا گیا ہے، بک میں شامل ملزمان کے خلاف 10 سے 15 مقدمات بھی درج ہیں۔

    خیال رہے کہ پنجاب کے بعد سندھ میں پہلی مرتبہ یہ بلیک بک تیار کی گئی ہے۔

  • سندھ میں ایچ آئی وی ایڈز کی وبائی صورت حال پر وفاقی حکومت کا عالمی اداروں سے مشاورت کا فیصلہ

    سندھ میں ایچ آئی وی ایڈز کی وبائی صورت حال پر وفاقی حکومت کا عالمی اداروں سے مشاورت کا فیصلہ

    اسلام آباد: سندھ میں ایچ آئی وی ایڈز کی وبائی صورت حال کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے عالمی اداروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ سندھ کے تعلقے رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے بے تحاشا کیسز پر حکومت عالمی اداروں کو اعتماد میں لے گی، اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے 9 جولائی کو اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    ذرایع وزارتِ صحت نے بتایا کہ اجلاس وزیرِ اعظم کے معاون ظفر مرزا کی زیرِ صدارت منعقد ہوگا، جس میں ڈبلیو ایچ او، یونیسف اور یو این ایڈز پاکستان کے سربراہان شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں ایف ای ایل ٹی پی کے ریزیڈنٹ ایڈوائزر بھی شریک ہوں گے، سندھ کی صوبائی وزیرِ صحت عذرا پیچوہو بھی اجلاس میں شرکت کریں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاڑکانہ میں مجموعی طور پر 26 ہزار 8 سو 72 افراد کی اسکریننگ کا عمل مکمل

    ذرایع کے مطابق اجلاس میں رتوڈیرو میں ایڈز کی وبائی صورت حال پر غور کیا جائے گا، سربراہ قومی ایڈز پروگرام ڈاکٹر بصیر اچکزئی اجلاس میں بریفنگ دیں گے اور رتو ڈیرو میں ایڈز پر قابو پانے کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر غور ہوگا۔

    بتایا گیا ہے کہ عالمی اداروں کی مشاورت سے آیندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی، پاکستان عالمی اداروں کو انسدادِ ایڈز سے متعلق اقدامات سے آگاہ کرے گا۔

    یاد رہے کہ مئی میں عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم لاڑکانہ کے تعلقے رتوڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلاؤ پر تحقیقات کے لیے آئی تھی، اس سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیم کو بریفنگ بھی دی گئی تھی۔

  • عمرکوٹ: رینجرز نے نایاب نسل کے ہرن کی اسمگلنگ ناکام بنا دی

    عمرکوٹ: رینجرز نے نایاب نسل کے ہرن کی اسمگلنگ ناکام بنا دی

    عمر کوٹ: سندھ کے ضلعے عمر کوٹ میں رینجرز نے نایاب نسل کے ہرن کی اسمگلنگ کی کوشش نا کام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے عمر کوٹ میں دو نایاب نسل کے ہرنوں کی اسمگلنگ کی کوشش نا کام بنا دی، ملزمان گوسٹرو رینجرز چیک پوسٹ پر اہل کاروں کو دیکھ کر گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

    دوران تلاشی گاڑی سے 2 نایاب نسل کے ہرن اور ایک ریپیٹر برآمد ہوا، رینجرز نے برآمد ہونے والے ہرن محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیے۔

    رینجرز ذرایع کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کا تعلق تھر کے گاؤں باڑان سے ہے۔ خیال رہے کہ تھر میں نایاب ہرنوں کا شکار اور اسمگلنگ ایک عرصے سے جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  تھر: بھوک پیاس کے مارے ہرنوں کا شکار، گوشت فروخت کیے جانے کا انکشاف

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ کے ایک تعلقے ڈاہلی میں نایاب ہرنوں کو ذبح کر کے اس کا گوشت فروخت کرنے کا انکشاف ہوا تھا، تھر میں ہرن ایک طرف بھوک پیاس کا شکار ہیں دوسری طرف شکاریوں کا بھی آسان ہدف بن گئے ہیں۔

    اس سلسلے میں ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں تھر میں ایک نایاب ہرن کو گولی مار کر گرتے ہوئے دیکھا گیا، وائلڈ لائف افسر اشفاق میمن کا کہنا تھا کہ نایاب ہرنوں کے شکار کی خبریں زیادہ تر عمر کوٹ کے سرحدی علاقوں کی ہیں۔

    واضح رہے کہ تھر کی خوب صورتی میں اضافہ کرنے والے نایاب ہرن ہزاروں کی تعداد میں پائے جاتے تھے لیکن اب یہ بہت کم تعداد میں نظر آنے لگے ہیں، جس کی وجہ عمر کوٹ کے صحرائے تھر سے لگنی والی بھارتی سرحد کی نزدیکی گوٹھوں میں اس کا بے دریغ شکار ہے جس پر محکمہ وائلڈ لائف نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

  • شہر صاف ستھرا چاہیے، درخت کاٹنے پر ایف آئی آر درج کی جائے: وزیر اعلیٰ سندھ

    شہر صاف ستھرا چاہیے، درخت کاٹنے پر ایف آئی آر درج کی جائے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہری انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ مجھے یہ شہر صاف ستھرا چاہیے، میں اور کچھ نہیں جانتا، جو بھی درخت کاٹے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ کی صدارت میں کراچی میں صفائی پر اجلاس منعقد ہوا، مراد علی شاہ نے کہا کہ سڑکوں پر ملبوں کا ڈھیر ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، ضلعی انتظامیہ کیا کر رہی ہے۔

    انھوں نے اجلاس میں شہر میں درخت کاٹنے کے واقعات کا بھی سختی سے نوٹس لیا، کہا لوگ بلڈنگ بنانے کے لیے درخت کاٹ دیتے ہیں، جو درخت کاٹے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے، ضلعی انتظامیہ اپنے اختیارات کا استعمال کرے۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈی سیز کو صفائی ستھرائی کے کام کی نگرانی کی ہدایت کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: گرین لائن منصوبہ تاخیر کا شکار، شہری 3 سال سے منصوبے کی تکمیل کے منتظر

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ماس ٹرانزٹ اور بی آر ٹی سے متعلق بھی خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سعید غنی، اویس شاہ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں منصوبے پر نمایش سے میونسپل پارک تک کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایم اے جناح روڈ کا دیگر سڑکوں سے منسلک ہونا بہت ضروری ہے، یہ کام کرنا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لیاری، کیماڑی، پاکستان کوارٹرز اور گل بائی ایم اے جناح روڈ سے منسلک ہوں گے، انڈر گراؤنڈ سے مختلف روٹس کو ایم اے جناح روڈ سے ملانا مشکل ہو جائے گا اس لیے روٹ روڈ پر بنایا جائے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ نے منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

  • سکھر پولیس نے تھانہ حوالات میں ملزمان کے لیے لائبریری قائم کر لی

    سکھر پولیس نے تھانہ حوالات میں ملزمان کے لیے لائبریری قائم کر لی

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں تھانوں میں ملزمان کے لیے لائبریریاں قائم کی جائیں گی، اس سلسلے میں سکھر پولیس نے ایک تھانے کے لاک اپ میں لائبریری قائم کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر پولیس نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے، شہر کے مختلف تھانوں کے لاک اپس میں ملزمان کے لیے لائبریریاں قائم کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سکھر کے ایس ایس پی عرفان سموں کی ہدایت پر لائبریری قائم کی گئی۔ ایس ایس پی عرفان سموں کا کہنا ہے کہ تھانے میں لائبریری کا قیام گرفتار ملزمان کی اصلاح کے لیے کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ پولیس کا ملازمین کے لیے رعایتی فیسوں پر تعلیم کے لیے معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدہ

    آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے ڈسٹرکٹ سکھر تھانہ آباد کی حوالات میں لائبریری کے قیام پر ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے اقدامات کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ تھانہ حوالات میں لائبریری کے قیام کے دائرے کو دیگر تمام تھانہ حوالات تک وسعت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ مطالعے کے لیے بالخصوص اسلامی معلومات پر مبنی کتب اور احادیث مبارکہ کی کتابوں کو لائبریری کا حصہ بنایا جائے۔ واضح رہے کہ تھانہ آباد کے حوالات میں قائم لائبریری میں قرآن پاک، احادیث مبارکہ اور دیگر اسلامی کتب کو برائے مطالعہ رکھا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ مئی 2018 میں جھنگ پولیس کی جانب سے بھی ضلعے کے تھانوں کے حوالات میں لائبریری بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    رواں سال جنوری میں لاڑکانہ میں بھی ایک تھانے دار نے تھانے کے اندر لائبریری قائم کی تھی، یہ لائبریری لاڑکانہ تھانہ مارکیٹ کے ایس ایچ او سرتاج جاگیرانی جو سندھی زبان کے شاعر ہیں نے قائم کی تھی۔

  • وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا طلبہ کے لیے کرائے 50 فی صد کم کرنے کا اعلان

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا طلبہ کے لیے کرائے 50 فی صد کم کرنے کا اعلان

    کراچی: سندھ حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ نے سندھ بھر کے لیے بڑی خوش خبری دے دی، اویس شاہ نے طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں پچاس فی صد کمی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے طلبہ کے لیے کرائے 50 فی صد کم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، یہ اعلان کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ بھر کے لیے ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی ہے کہ ٹرانسپورٹرز طلبہ سے آدھا کرایہ وصول کریں گے، خلاف ورزی پر روٹ پرمٹ منسوخ کر دیے جائیں گے۔

    اس سلسلے میں ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ آف سندھ کی جانب سے ایک پبلک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سینئر شہریوں اور طلبہ سے آدھا کرایہ وصول کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے عوام سے اضافی کرایہ لینے سے روک دیا

    نوٹیفکیشن کے مطابق احکامات پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے اڈے سیل کیے جائیں گے اور ان پر بھاری جرمانے بھی عاید کیے جائیں گے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ ریجنل سیکریٹریز کرایوں کے سلسلے میں نگرانی کریں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹرز کو عوام سے زیادہ کرائے لینے سے روک دیا تھا۔

    دوسری طرف کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر کہا تھا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی، ہماری 90 فی صد گاڑیاں سی این جی اور 10 فی صد ڈیزل پر ہیں۔

  • حکومت سندھ نے نوٹیفکیشن کے ذریعے پولیس آرڈر نافذ کر دیا

    حکومت سندھ نے نوٹیفکیشن کے ذریعے پولیس آرڈر نافذ کر دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے پولیس آرڈر 2002 نافذ کر دیا، تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے ایک بار پھر پولیس آرڈر ترمیمی بل مسترد کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے آرٹیکل 116 کے تحت ترمیم شدہ پولیس آرڈر 2002 نافذ کر دیا ہے، جس کے بعد پولیس افسران کے تبادلے اور تقرر کے اختیارات سندھ حکومت کو مل گئے ہیں۔

    ادھر ذرایع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایک بار پھر پولیس آرڈر ترمیمی بل مسترد کر دیا ہے۔

    ترمیمی بل کے مطابق سندھ پولیس میں تبادلے اور تقرری کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی کی مشاورت لازمی قرار دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پولیس آرڈر بحالی بل: سندھ حکومت نے اپوزیشن کی متعدد تجاویز مان لیں

    بل کے نفاذ کے بعد سندھ حکومت ضلعی پبلک سیفٹی کمیشن قائم کرے گی، کمیشن میں بلدیاتی نمائندے، ارکان اسمبلی اور سول سوسائٹی کے ارکان شامل ہوں گے۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ پولیس آرڈر بحالی بل کے معاملے پر حکومتِ سندھ اور اپوزیشن کے درمیان مثبت پیش رفت ہوئی تھی، سندھ حکومت نے اپوزیشن کی متعدد تجاویز تسلیم کر لی تھیں۔

    اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور سول سوسائٹی کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے، جس میں حکومت نے اپوزیشن کی کئی تجاویز مان لیں۔

  • کل 2 روپے ایوان میں چھوڑ کر گیا تھا آج بھی یہیں رکھے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    کل 2 روپے ایوان میں چھوڑ کر گیا تھا آج بھی یہیں رکھے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران 2 روپے کا ذکر کر کے ارکان کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ لوگ اسمبلی سے اشیا غائب ہونے کا الزام لگاتے ہیں، میں کل 2 روپے ایوان میں چھوڑ کر گیا تھا، آج بھی یہیں رکھے ہیں۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دو روپے تو موجود ہیں لیکن اب یہ دیکھا جائے کہ کل اور آج کون اس ایوان میں نہیں ہیں۔

    دریں اثنا، سندھ اسمبلی نے آیندہ مالی سال 20-2019 کا بجٹ منظور کر لیا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رواں مالی سال ہم نے 7 ارب روپے کی بچت کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہمیں چھوڑیں، اپنی فکر کریں: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

    اجلاس میں 11 کھرب 86 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کے 159 مطالباتِ زر منظور کیے گئے، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی 543 کٹوتی کی تحریکیں مسترد ہوئیں۔

    بعد ازاں اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔

    یاد رہے گزشتہ روز اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ میں ساری زندگی وزیر اعلیٰ نہیں رہوں گا، کل کیا ہوگا، اللہ ہی جانتا ہے، جب تک پارٹی اور ایوان چاہے گا، اس منصب پر رہوں گا۔