Tag: سندھ کی خبریں

  • سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر تنقید کی ہے کہ ٹڈی دل کے حوالے سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری نے اسمبلی میں تقریر میں ٹڈی دل کے حملے کی بات کی، اختر مینگل نے بھی بجٹ تقریر میں ٹڈی دل کے حملے سے متعلق بات کی۔

    بلاول بھٹو نے ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے بھی سندھ اور بلوچستان میں ٹڈی دل حملے کی تباہی کا ذکر کیا لیکن وفاقی حکومت سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی، وفاق کا انسداد ٹڈی دل کا ڈویژن کہیں سو رہا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل نے حملہ کر دیا ہے، جو فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، ٹڈی دل سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    سندھ ملک میں کاٹن کی دوسری سب سے بڑی پیداوار کرتا ہے، ٹڈی دل سے کاٹن کی ان فصلوں کو نقصان کا خطرہ لاحق ہے۔

    کہا جا رہا ہے کہ تیس سال بعد پاکستان میں کپاس کی فصل پر ٹڈی دل نے بڑا حملہ کیا ہے، ٹڈی دل نے سندھ میں کپاس کی پیداوار والے بیش تر علاقوں میں فصل پر حملہ کر کے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

    یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ٹڈی دل کا یہ حملہ پنجاب کے کاٹن بیلٹ تک پہنچنے کے امکانات ہیں، لیکن حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہ ہونے سے کپاس کے کاشت کاروں میں زبردست اضطراب پایا جا رہا ہے۔

  • شرجیل میمن زرِ ضمانت جمع کرانے کے بعد سینٹرل جیل سے رہا

    شرجیل میمن زرِ ضمانت جمع کرانے کے بعد سینٹرل جیل سے رہا

    کراچی: سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کو سینٹرل جیل کراچی سے رہا کر دیا گیا، شرجیل میمن کی جانب سے 50 لاکھ روپے زرِ ضمات جمع کرائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جیل حکام نے بتایا ہے کہ سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کو عدالت میں زرِ ضمانت جمع کرائے جانے کے بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

    عدالت نے شرجیل میمن کی ضمانت منظور کر لی تھی تاہم عین وقت پر نیب نے غیر قانونی اثاثوں کے نئے مقدمے میں ان کی گرفتاری ڈال دی تھی۔

    تاہم عدالت نے اثاثہ جات کیس میں نیب کے وارنٹ گرفتاری معطل کیے، اور شرجیل میمن کی جیل سے رہائی کے احکامات جاری کر دیے۔

    خیال رہے کہ اسپتال کے کمرے سے شراب برآمدگی کیس میں بھی شرجیل میمن کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  نندی پور پاور پراجیکٹ تاخیر ریفرنس ، بابر اعوان کو بری کردیا گیا

    رہائی کے بعد اب نیب کو شرجیل میمن سے تفتیش کے لیے عدالت سے رجوع کرنا پڑے گا، ذرایع نے بتایا ہے کہ عدالت سے شرجیل میمن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے 2 بار شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی، ان پر 15-2013 کے دوران سرکاری رقم میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کی خرد برد کا الزام ہے۔

    شرجیل انعام میمن پر الزام ہے کہ انھوں نے مذکورہ رقم صوبائی حکومت کی جانب سے آگاہی مہم کے لیے الیکٹرانک میڈیا کو دیے جانے والے اشتہارات کی مد میں خرد برد کی۔

  • سندھ میں ایک لاکھ اساتذہ پڑھانے اسکول جاتے ہی نہیں:  وزیر تعلیم کا انکشاف

    سندھ میں ایک لاکھ اساتذہ پڑھانے اسکول جاتے ہی نہیں: وزیر تعلیم کا انکشاف

    کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں ایک لاکھ اساتذہ اسکولوں میں پڑھاتے ہی نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں شعبہ تعلیم کی بد حالی کے حوالے سے وزیر تعلیم نے بڑا انکشاف کیا ہے، سردار شاہ نے بتایا کہ ایک لاکھ اساتذہ ایسے ہیں جو پڑھانے کے لیے اسکول جاتے ہی نہیں۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ میں اسکولوں میں صرف 34 ہزار اساتذہ پڑھاتے ہیں، جب کہ تعداد ایک لاکھ 34 ہزار ہے۔

    سید سردار شاہ نے کہا کہ ایسے اساتذہ کو نکالنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن معاہدہ کرے کہ نہ پڑھانے والے اساتذہ کو نکالنے پر احتجاج نہیں کیا جائے گا۔

    دریں اثنا، چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت کلچر ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں مختلف مقامات کو ثقافتی ورثہ قرار دینے سمیت اہم ایجنڈا پیش کیا گیا۔

    سیکریٹری ثقافت نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع کے 603 مقامات کا سروے کیا گیا، سروے کے بعد 504 مقامات ثقافتی ورثہ قرار دینے کی سفارشات منظور کی گئی ہیں۔

    اجلاس میں اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کو 5 اسٹار ہوٹل بنانے کی درخواست پر غور کیا گیا، چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ محکمہ ثقافت اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کا دورہ کر کے سفارشات تیار کرے۔

    ایڈوائزری کمیٹی نے خالق دینا ہال کے ایم سی سمیت دیگر عمارات کی بحالی کی بھی منظوری دی، اجلاس میں پارسی کالونی کو تاریخی رہایشی کالونی قرار دیا گیا۔

  • پیپلز پارٹی نے خیر محمد شیخ کو میئر لاڑکانہ کے لیے پارٹی ٹکٹ دے دیا

    پیپلز پارٹی نے خیر محمد شیخ کو میئر لاڑکانہ کے لیے پارٹی ٹکٹ دے دیا

    لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی نے خیر محمد شیخ کو میئر لاڑکانہ کے لیے پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیر محمد شیخ کو لاڑکانہ کی میئر شپ کے لیے پی پی کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ نثار کھوڑو نے پارٹی ٹکٹ خیر محمد شیخ کے حوالے کیا۔

    دریں اثنا، پی پی رہنما نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال کی بجائے 1999 سے قرضوں کی تحقیقات کرائی جائیں، پی ٹی آئی حکومت نے بھی جو قرض لیا اس پر بھی کمیشن قایم کیا جائے۔

    نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 30 لاکھ ڈالر غیر ملکی فنڈز حاصل کیے اس پر کمیشن بنایا جانا چاہیے، ڈالر مہنگا ہونے پر بھی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو نے سکھر کے میئر کی دعوت میں شرکت سے انکار کر دیا

    پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کو تمام ثبوت نہیں دے رہی، عوام کی بہتری کے لیے ان ہاؤس تبدیلی ضروری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ میں گورنر راج نہیں لگ سکتا، سندھ اسمبلی کی منظوری تک ایسا نہیں ہو سکتاْ، عمران اسماعیل پڑھ لیں اب آئین میں 58 ٹو بی نہیں ہے، پیپلز پارٹی گرفتاریوں سے بھاگنے والی نہیں۔

  • فحاشی کے اڈے سے لڑکی بازیاب کرانے پر پولیس نے رشتہ داروں کو دھر لیا

    فحاشی کے اڈے سے لڑکی بازیاب کرانے پر پولیس نے رشتہ داروں کو دھر لیا

    سکھر: ایک ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی بازیاب کرانے پر پولیس نے رشتے داروں ہی کو گرفتار کر لیا، نارووال کی رہایشی افشاں کو رشتہ داروں نے فحاشی کے اڈے سے بازیاب کرایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے اپنی روایتی کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے ملزمان کو پکڑنے کی بجائے بے گناہوں کو دھر لیا ہے، سکھر میں رشتہ داروں نے ایک ماہ سے اغوا شدہ لڑکی بازیاب کرائی تو پولیس نے انھیں ہی گرفتار کر لیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ لڑکی کو بازیاب کرانے پر فحاشی کے اڈے کی مالکن نے پولیس بلا لی تھی، پولیس نے مظلوم لڑکی کو تحفظ دینے کی بہ جائے اس کے رشتہ داروں کو گرفتار کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیرپورسے مبینہ طور پراغوا ہونے والی ہندو لڑکی بازیاب

    رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ افشاں کوایک ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا، اغوا کا مقدمہ بھی پنجاب کے شہر نارووال میں درج کیا جا چکا ہے۔

    رشتہ داروں نے بتایا کہ لڑکی کے والدین کو سکھر میں فحاشی کے اڈے پر بیٹی کی موجودگی کی اطلاع ملی، تاہم والدین بوڑھے ہونے کے باعث لڑکی کو خالو اور دیگر رشتہ داروں نے بازیاب کروایا۔

    ادھر پولیس کا مؤقف ہے کہ تھانے میں اغوا کی اطلاع آئی تھی جس پر کچھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کا بیان لیا جا رہا ہے، جس کی تصدیق بھی کی جائے گی۔

  • لاڑکانہ میں ایڈز: پی ٹی آئی کا وزیر صحت سندھ سے استعفے کا مطالبہ

    لاڑکانہ میں ایڈز: پی ٹی آئی کا وزیر صحت سندھ سے استعفے کا مطالبہ

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما خرم شیر زمان نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر صحت سندھ مستعفی ہو جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان نے وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ لاڑکانہ میں ایڈز کے لیے ذمہ دار پیپلز پارٹی اور وزیر صحت ہیں، کیوں کہ سندھ میں پابندی کے باوجود غیر معیاری انتقال خون جاری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ صوبے میں استعمال شدہ سرنجز کا استعمال بھی جاری ہے، وزیر صحت نے استعمال شدہ سرنجز پر پابندی کیوں عاید نہیں کی؟

    یہ بھی پڑھیں:  ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: بلاول بھٹو

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ وزیر صحت کی نا اہلی سے چھوٹے بچے آج ایڈز جیسے مرض میں مبتلا ہیں، حکومت سندھ نے محکمہ صحت کو تباہ و برباد کر دیا ہے، وزیر صحت نے سندھ کے عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کیا، وہ استعفیٰ دیں۔

    خیال رہے کہ عذرا پیچوہو خود ایک پریس کانفرنس میں کہہ چکی ہیں کہ وہ لاڑکانہ کے اسپتالوں کی حالت سے خود مطمئن نہیں ہیں تو بلاول بھٹو کیسے مطمئن ہوں گے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس مرض کا مقابلہ کریں گے۔

  • سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    کراچی: سندھ حکومت نے وفاق سے ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا ہے، مجموعی طور پر کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا گیا ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کرایوں میں اضافے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ قابل مذمت ہے۔

    اویس شاہ نے کہا کہ شیخ رشید نے ریلوے نظام کو جان بوجھ کر تباہ کر دیا ہے، کرایوں میں اضافہ کر کے ریلوے کو مزید تباہ کیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریلوے کے کرایوں میں 6 سے 7 فیصد اضافہ

    سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے سوال کیا کہ کرایوں میں اضافہ کر کے وزیر ریلوے شیخ رشید کس کو خوش کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 3 جولائی کی شام کو مسافر ٹرین سر سید ایکسپریس کا افتتاح ہوگا، وزیر اعظم عمران خان راولپنڈی اسٹیشن پر ٹرین کا افتتاح کریں گے، میانوالی ایکسپریس کو لاہور، سرگودھا ایک ماہ میں چلایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی سے مزید 3 فریٹ ٹرینیں چلائیں گے، جو ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں اس میں اضافہ نہیں ہوگا۔ مختلف ٹرینوں کے کرایوں میں 3 سے 10 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ 50 کلو میٹر کے اندر سفر کرنے والوں کے ٹکٹ پر اضافہ نہیں ہوگا۔

  • تھر: بھوک پیاس کے مارے ہرنوں کا شکار، گوشت فروخت کیے جانے کا انکشاف

    تھر: بھوک پیاس کے مارے ہرنوں کا شکار، گوشت فروخت کیے جانے کا انکشاف

    تھرپارکر: سندھ کے ایک تعلقے ڈاہلی میں نایاب ہرنوں کو ذبح کر کے اس کا گوشت فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، تھر میں بھوک پیاس کے مارے ہرن شکاریوں کا آسان ہدف بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ تھر کے تعلقے ڈاہلی میں نایاب ہرنوں کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے، ایک جانب تھر میں غذا کے ذرایع کی کمی کے باعث جانور مر رہے ہیں، دوسری جانب مصیبت زدہ ہرنوں کو شکار کیا جانے لگا ہے۔

    تھرپارکر کے علاقے کرانگڑی کے شکاریوں کی ہرن ذبح کرنے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سرحدی دیہات میں ہرن ذبح کر کے شہروں میں گوشت مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، دوسری طرف افسوس ناک امر یہ ہے کہ وائلڈ لائف افسر اشفاق میمن نے اعتراف کیا ہے کہ نشان دہی ہونے اور ٹھوس ثبوت کے باوجود کارروائی نہیں کر سکتے۔

    نمایندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق نایاب ہرن کا گوشت کراچی، حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے امیر لوگ خریدتے ہیں جو ہرن کا گوشت کھانے کے شوقین ہیں۔ چند دن قبل تھرپارکر میں ہرن کا گوشت فروخت کرنے والے چند لوگوں کو پکڑا گیا تھا لیکن محکمہ وائلڈ لائف نے چند پیسوں کے عوض انھیں چھوڑ دیا۔

    تازہ خبریں پڑھیں: امریکی ساحل وہیل کے لیے قتل گاہ بن گئے

    وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ تھر میں ایک نایاب ہرن کو گولی مار کر گرایا گیا۔

    اشفاق میمن نے یہ بھی بتایا کہ نایاب ہرنوں کے شکار کی خبریں زیادہ تر عمر کوٹ کے سرحدی علاقوں کی ہیں۔

    واضح رہے کہ تھر کی خوب صورتی میں اضافہ کرنے والے نایاب ہرن ہزاروں کی تعداد میں پائے جاتے تھے لیکن اب یہ بہت کم تعداد میں نظر آنے لگے ہیں، جس کی وجہ عمر کوٹ کے صحرائے تھر سے لگنی والی بھارتی سرحد کی نزدیکی گوٹھوں میں اس کا بے دریغ شکار ہے جس پر محکمہ وائلڈ لائف نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

  • مراد علی شاہ سندھ کےعوام کو گم راہ کرنا بند کریں: خرم شیر زمان

    مراد علی شاہ سندھ کےعوام کو گم راہ کرنا بند کریں: خرم شیر زمان

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تقریر پر پی ٹی آئی ایم پی اے خرم شیر زمان نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق نے سندھ کو اس کا پورا حصہ دیا ہے، مراد علی شاہ سندھ کےعوام کو گم راہ کرنا بند کریں۔

    تفصیلات کے مطابق خرم شیر زمان نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بجٹ میں کراچی کے لیے صرف 6.5 ارب رکھنا باعث شرم ہے، وفاق نے موجودہ بجٹ میں سندھ کے لیے 45 ارب مختص کیے ہیں۔

    پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 162 ارب روپے پر مبنی کراچی پیکج کا بھی اعلان کیا ہے، وفاق اب تک سندھ کے لیے 200 ارب سے زیادہ کا اعلان کر چکا ہے۔

    خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ہٹ دھرمی کرے گی تو اپوزیشن سے خیر کی امید نہ رکھے، صوبے کی تباہی کا ٹھیکا سندھ حکومت نے اٹھا رکھا ہے، سندھ حکومت بجٹ تو ہر سال دیتی ہے مگر یہ جاتا کہاں ہے اب پتا چلنے لگا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اپوزیشن نے میرا نام تبدیل کیا، بہت افسوس ہوا: وزیر اعلیٰ سندھ

    خیال رہے کہ آج صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت ٹیکس وصولی پر کام کر رہی ہے مگر ہمیں 139 ارب میں سے صرف 13 ارب روپے ملے، ابھی 126 ارب روپے مزید ملنے ہیں، وفاق پیسے پورے نہیں دیتا تو قسطوں میں دے۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اب تک 42 ارکان بجٹ پر بحث کر چکے ہیں جب کہ قومی اسمبلی میں ایسا نہیں ہو سکا، تین روز گزر جانے کے باوجود کسی کی تقریر مکمل نہ ہو سکی، ہم سب کو بات کا موقع دیں گے اور انشاء اللہ 5 دن میں بجٹ پر بحث مکمل کریں گے۔

  • ٓآصف زرداری کی گرفتاری، جیالوں کا سندھ بھر میں شدید احتجاج

    ٓآصف زرداری کی گرفتاری، جیالوں کا سندھ بھر میں شدید احتجاج

    سکھر/حیدر آباد/ کراچی: جعلی اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے آصف زرداری کی ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد نیب نے انھیں گرفتار کر لیا، جس پر جیالوں نے سندھ بھر میں شدید احتجاج شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں سابق صدر کی گرفتاری پر جیالے سڑکوں پر نکل آئے، ڈنڈا بردار جیالوں نے مختلف بازاروں میں گشت گیا اور دکانیں زبردستی بند کرا دیں، پولیس ڈنڈا بردار جیالوں کو روکنے کی کوشش کرتی رہ گئی۔

    ادھر سکھر میں پی پی کارکنان نے سندھ پنجاب قومی شاہراہ بھی بلاک کر دی، کارکنان اور جیالوں نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے، قومی شاہراہ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، علی واہن شاہراہ پر پی پی کارکنان نے ٹائرز جلا کر سڑک بلاک کر دی، دریں اثنا، سکھر میں رکاوٹیں ہٹا کر سندھ پنجاب شاہراہ کھول دی گئی۔

    سندھ کے شہر حیدر آباد میں بھی آصف زرداری کی گرفتاری کے خلاف جیالوں نے احتجاج کیا، اور ڈسٹرکٹ کونسل کے سامنے ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کر دیا گیا، دادو میں بھی آصف زرداری کی گرفتاری کے خلاف پی پی کارکنان نے احتجاج کیا۔

    لاڑکانہ میں پی پی کارکنوں نے جناح باغ چوک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور ٹریفک معطل ہو گیا، جناح باغ چوک کے اطراف دکانیں اور پٹرول پمپ بھی بند کرائے گئے، شہر میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، مختلف علاقوں میں کاروبار بند کیا گیا اور کارکنوں نے باغ جناح چوک پر دھرنا دیا، ڈنڈا بردار جیالوں نے کاروباری مراکز میں توڑ پھوڑ کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا

    ادھر شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہو گیا، ٹریفک پولیس حکام ایمرجنسی صورت حال پر قابو پانے میں نا کام رہے، صدر، ایمپریس مارکیٹ، گرو مندر، ایم اے جناح روڈ، ٹاور، جامع کلاتھ، اولڈ سٹی ایریا، نمائش، تین ہٹی سمیت دیگر علاقوں میں ٹریفک جام ہوا۔

    ہوٹل میٹرو پول سے اسٹار گیٹ تک ہزاروں گاڑیاں پھنسی رہیں، اختر کالونی سے کالا پل صدر تک بھی ٹریفک جام رہا، تمام فلائی اوورز اور انڈر پاسز میں بھی ٹریفک جام رہا۔

    آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے اس صورت حال پر ہدایت جاری کی کہ سندھ میں پر امن احتجاجی شرکا کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے، اور قانون شکن عناصر کی نگرانی اور مؤثر اقدامات کو ممکن بنایا جائے۔ انھوں نے سرکاری اور نجی املاک کی سلامتی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔