Tag: سندھ کی خبریں

  • جیل کو اصلاحی گھر بنانے سے متعلق سندھ اسمبلی کا منظور شدہ بل محکمہ قانون کے حوالے

    جیل کو اصلاحی گھر بنانے سے متعلق سندھ اسمبلی کا منظور شدہ بل محکمہ قانون کے حوالے

    کراچی: جیل اصلاحات سے متعلق سندھ اسمبلی کا منظور شدہ بل محکمہ قانون کے حوالے کر دیا گیا، محکمہ قانون بل کی منظوری کے لیے اسے گورنر سندھ کو ارسال کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی سے گزشتہ روز جیل اصلاحات کے بل کی منظوری کے بعد آج اسے محکمہ قانون کو بھجوا دیا گیا جو اسے منظوری کے لیے گورنر سندھ کو بھیجے گا۔

    بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ قیدی پر تشدد کرنے اور رشوت لینے والے اہل کار کو 2 سال قید سزا ہوگی، قیدی کو اپنا کھانا خود تیار کرنے کی اجازت ہوگی۔

    منظور شدہ بل کے مطابق جیلوں میں اسکول اور کالج قائم کیے جائیں گے، بی کلاس قیدیوں کو ٹی وی، کمپیوٹر، ایئر کولر، ویڈیو کال کی سہولت ہوگی، قیدیوں کی صحت کے لیے میڈیکل افسرذمہ دار ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ: ڈیڑھ صدی بعد جیل قوانین میں تبدیلی

    بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قیدیوں کی تمام بیرکس میں تعلیم بالغاں سینٹر قائم ہوگا، جیل میں اصلاحات کے لیے پالیسی بورڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، آئی جی جیل کی تقرری کا اختیار سندھ حکومت کو ہوگا۔

    ہر قیدی 3 ماہ کے بعد 24 گھنٹے اپنی بیوی سے ملاقات کر سکے گا، قیدی کے قریبی رشتہ دار کے انتقال پر اسے پیرول پر رہا کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ اس بل پر گورنر سندھ کے دستخط کے بعد انگریز کا بنایا گیا ڈیڑھ صدی پرانا قانون ختم ہو جائے گا۔

  • خیرپور: آوارہ گدھوں کی تعداد میں اضافہ، شہریوں کا گھروں سے نکلنا دشوار ہو گیا

    خیرپور: آوارہ گدھوں کی تعداد میں اضافہ، شہریوں کا گھروں سے نکلنا دشوار ہو گیا

    خیرپور: سندھ کے علاقے پیر گوٹھ شہر میں آوارہ گدھوں کی تعداد بڑھنے لگی، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع خیر پور کے علاقے پیر گوٹھ میں آوارہ گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے، مقامی لوگوں کو آوارہ گدھوں سے پریشانی لا حق ہو گئی۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر جگہ آوارہ گدھے آزادانہ گھومتے نظر آتے ہیں، یہ گدھے دکانوں پر آٹا، گندم اور سبزیاں کھا جاتے ہیں۔

    مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتظامیہ کو شکایات درج کرا رہے ہیں مگر مسئلہ حل نہیں ہو پا رہا ہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ گدھوں کی بڑی تعداد کے باعث شہریوں کا گھروں سے نکلنا بھی دوبھر ہو گیا ہے، وہ گھر سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبرپختونخواہ حکومت کا گدھوں کی افزائش اور ایکسپورٹ کا اعلان

    خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل پنجاب میں گدھے کا گوشت عوام کو کھلانے کا اسکینڈل سامنے آیا تھا، معلوم ہوا تھا کہ گدھوں کی کھالوں کی غیر قانونی تجارت کے باعث کاٹے گئے گدھوں کا گوشت تلف کرنے کی بجائے لوگوں کو کھلایا گیا۔

    دو سال قبل کراچی میں گدھوں کی تقریباً 5 ہزار کھالیں پکڑی گئی تھیں، یہ کھالیں لاہور سے کراچی بذریعہ ٹرین بھیجی گئیں، 3 گوداموں میں رکھی گئیں، کراچی اور لاہور کے کئی گروہ اس مکروہ دھندے میں ملوث تھے۔

    خیبر پختون خواہ کی حکومت نے رواں سال کے آغاز پر گدھوں کی برآمد سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچانے کی حکمت عملی مرتب کی تھی، جس کے تحت گدھوں کی افزائش کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان اور مانسہرہ میں فارم بنائے جانے کا اعلان کیا گیا۔

  • سندھ میں جانوروں اور پرندوں کے شکار پر پابندی عائد

    سندھ میں جانوروں اور پرندوں کے شکار پر پابندی عائد

    کراچی: سندھ میں جانوروں اور پرندوں کے شکار پر پابندی عائد کر دی گئی، مشیر وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک سے شکار کے لیے آنے والوں نے رقم ادا نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کے جنگلی حیات کے مشیر عثمان عالمانی نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات نے شکار پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    عثمان عالمانی کا کہنا تھا کہ سندھ میں دیگر ممالک سے شکار کے لیے آنے والوں نے رقم ادا نہیں کی، وفاقی حکومت کو رقم کی ادائیگی کے لیے خط لکھیں گے۔

    مشیر وائلڈ لائف نے رقم کے تنازعے کے معاملے پر کہا کہ وزارت خارجہ صرف سفارش کرے، شکاریوں کو لائسنس دینا ہمارا اختیار ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیرپور میں وائلڈ لائف کی بروقت کارروائی، جنگلی ریچھ بازیاب

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے اختیارات چیف گیم وارڈن کو سونپ دیے۔

    خیال رہے کہ سندھ میں تلور کا شکار مشہور ہے جس کے لیے دیگر ممالک سے شکاری آتے ہیں، سندھ حکومت کے محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ ان شکاریوں کو لائسنس دینے کا اختیار ان کا ہے، وزارت داخلہ صرف سفارش کرے، لائسنس نہ جاری کرے۔

    دوسری طرف بے دریغ شکار کی وجہ سے تلور کی نسل تیزی سے ختم ہو رہی ہے، پاکستان کے میدانوں، صحراؤں اور پہاڑوں میں یہ پردیسی پرندے وسطی ایشیا سے ہجرت کر کے آتے ہیں۔

  • سندھ پولیس کا ملازمین کے لیے رعایتی فیسوں پر تعلیم کے لیے معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدہ

    سندھ پولیس کا ملازمین کے لیے رعایتی فیسوں پر تعلیم کے لیے معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدہ

    کراچی: سندھ پولیس نے اپنے ملازمین کے لیے رعایتی فیسوں پر تعلیم کے لیے معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے شہید اہل کاروں اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کے لیے اہم قدم اٹھا لیا، محکمے نے بہترین تعلیمی اداروں میں مفت اور رعایتی فیسوں پر تعلیم کے معاہدے کر لیے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو معروف اسکولوں، کالجز اور جامعات میں تعلیم کے مواقع ملیں گے، ماہانہ فیسوں میں 50 فی صد تک رعایت بھی دی جائے گی۔

    سندھ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سینٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ معروف اسکولوں کے مالکان اور نمائندگان نے تقریب میں شرکت کی، اے آئی جی ویلفیئر سندھ کی جانب سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

    ترجمان کے مطابق تمام اسکولوں میں شہید پولیس اہل کاروں کے بچوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، معاہدے کے تحت مفت اور رعایتی فیسوں پر تعلیم دی جائے گی، پرائیویٹ اسکول شہید پولیس اہل کاروں کے 200 بچوں کو مفت تعلیم دیں گے جب کہ حاضر سروس ملازمین کے 200 بچوں کو 50 فی صد رعایتی فیس پر داخلہ ملے گا۔

    آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو اچھی اور معیاری تعلیم دینی ہوگی تاکہ وہ ملک اور معاشرے کی ترقی و خوش حالی کا سبب بنیں۔

  • لاڑکانہ: 9082 افراد کی اسکریننگ مکمل، 395 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص

    لاڑکانہ: 9082 افراد کی اسکریننگ مکمل، 395 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص

    لاڑکانہ: سندھ کے علاقے لاڑکانہ میں 9082 افراد کی اسکریننگ مکمل کر لی گئی، 395 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع لاڑکانہ کے تعلقہ رتو ڈیرو کے تحصیل اسپتال میں اسکریننگ کے لیے کیمپ 14 ویں روز بھی جاری رہا۔

    کیمپ کے دوران 9 ہزار سے زائد افراد کی اسکریننگ کی گئی جس میں 395 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی۔

    انچارج سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق 395 افراد میں 314 بچے بھی شامل ہیں۔

    دوسری طرف سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ایچ آئی وی پھیلانے والے ڈاکٹر مظفر کو عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے ریمانڈ ختم ہونے پر ڈاکٹر مظفر کو عدالت میں پیش کیا۔

    عدالت نے ڈاکٹر مظفر کومزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل میڈیا پر انکشاف ہوا تھا کہ لاڑکانہ میں ایڈز پھیلانے کی وجہ خود ایڈز میں مبتلا ایک ظالم ڈاکٹر ہے جس نے اپنا متاثرہ انجکشن لگا کر متعدد افراد کو ایڈز میں مبتلا کر دیا ہے، جس پر سندھ ہیلتھ کمیشن نے ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور ڈاکٹر کے ذہنی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کی بھی ہدایت کر دی۔

    دوسری طرف وزارتِ قومی صحت کو ارسال کردہ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہونے والے بچے تھیلیسمیا کے مرض میں بھی مبتلا ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک غیر سرکاری ادارے کے تھلیسمیا سینٹر میں بچوں کو خون لگایا جاتا ہے، بچوں کو ایچ آئی وی ایڈز غیر معیاری انتقال خون سے ہوا ہے۔

  • کوریا کمپنی کے ساتھ معاہدہ، کراچی میں ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی

    کوریا کمپنی کے ساتھ معاہدہ، کراچی میں ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد کے لیے بڑی خوش خبری آ گئی ہے، حکومت سندھ اور کوریا کی کمپنی میں ٹرانسپورٹ پر معاہدہ طے ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ اور کوریا کی ٹرانسپورٹ کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت کراچی میں ایک ہزار بسیں چلائیں جائیں گی۔

    اس سلسلے میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ معاہدے کے تحت کراچی کے مختلف روٹس پر ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ معاہدے کے 60 دن بعد 200 بسیں سڑکوں پر ہوں گی، کراچی کو نظر انداز کرنے کے تاثر کو غلط ثابت کر دکھایا، کہا جاتا تھا پیپلز پارٹی کراچی سے نہیں جیتتی اس لیے سزا دی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے عوام سے اضافی کرایہ لینے سے روک دیا

    اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ جب تک شیخ رشید ریلوے میں موجود ہیں ریلوے نہیں چل سکتی، ریلوے کا وزیر 24 گھنٹے میں 4 بیان بدلتا ہے۔

    انھوں نے گرین لائن بس سروس سے متعلق کہا کہ یہ سروس 2020 تک بھی مکمل ہوتی نہیں دیکھ رہا، ہم گرین لائن بس کے لیے دوسری بس سروسز بند نہیں کریں گے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا کہ اورنج لائن میں تاخیر ہوئی ہے، ابھی کچھ رکاوٹیں ہیں۔

  • شکارپور: ایچ آئی وی کے مزید  9 کیسز سامنے آ گئے

    شکارپور: ایچ آئی وی کے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے

    شکارپور: محکمہ صحت کے ذرایع نے بتایا ہے کہ سندھ کے شہر شکارپور میں ایچ آئی وی کے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کی طرح شکارپور میں بھی ایچ آئی وی ایڈز کے شکار لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، شکارپور میں مزید نو کیسز سامنے آ گئے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ شکارپور کے متاثرین میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں جن کا تعلق گاؤں ڈکھن سے ہے۔ اس سے قبل شکار پور میں واقع پیر بخش تھیم اور گاؤں سارنگ شر کے چار بچوں میں ایڈز کے مرض کی تصدیق ہوئی تھی۔

    مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ضلع شکارپور میں رپورٹ ہونے والے ایچ آئی وی کیسز کی تعداد 22 ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد 119 ہو گئی

    ڈی ایچ اوغلام شبیر نے بتایا کہ متاثرہ بچوں کو ایڈز سینٹر لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا ہے، دوسری طرف غیر رجسٹرڈ لیبارٹریز اور اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

    یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ایڈز پھیلنے کی وجہ ایک ہی سرنج کے استعمال کو قرار دیا تھا، ضلع میں موجود 50 اتائی ڈاکٹرز کے کلینک بھی سیل کر دیے گئے تھے جب کہ 3 میٹرنٹی ہومز اور لیباٹری کو بھی حکام نے بند کر دیا ہے۔

    ادھر صوبہ سندھ کے علاقے رتو ڈیرو، لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد 119 ہو چکی ہے، جن میں بچوں کی تعداد تشویش ناک حد تک زیادہ رہی ہے۔

  • شیری رحمان نے گورنرسندھ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

    شیری رحمان نے گورنرسندھ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی بات پر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گورنر سندھ مستعفی ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ کی تقسیم کی بات کی ہے، وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کس بنیاد پر سندھ کی تقسیم اور 18 ویں ترمیم کی بات کر رہی ہے، کیا ہماری توجہ موجودہ حالات سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے؟

    انھوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے، وزیر اعظم اور وزرا ایوان میں آ کر جواب دیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    شیری رحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا اور آئی ایم ایف کے لوگ تعینات کر دیے گئے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت عوام اور ایوان سے بد تمیزی کر رہی ہے، پی ٹی آئی وفاق کے ڈھانچے سے کھیل رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو باقی حکومتوں سے 4 سال بعد ہوتا ہے یہاں 9 ماہ میں ہو رہا ہے، وزیر اعظم 9 ماہ میں ایک بار ایوان آئے ہیں۔

    دریں اثنا شیری رحمان نے چیئرمین سینیٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر اعظم کو کہیں کہ ایوان آئیں، جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں وزیر اعظم کو کیسے کہہ سکتا ہوں، شیری رحمان نے کہا وزیر اعظم کو خط لکھیں کہ ہرماہ ہر سیشن میں ایوان میں آئیں۔

  • نیب نے شرجیل انعام میمن کی مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا

    نیب نے شرجیل انعام میمن کی مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا

    کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے شرجیل انعام میمن کی مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا ہے، نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کیس کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کی مزید پراپرٹیز کا سراغ لگا لیا گیا ہے جس کے بعد کیس کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ چند روز قبل شرجیل میمن کے فرنٹ مین کو نیب نے تحویل میں لیا تھا، تحقیقات کے دوران اظہار حسین نے انتہائی اہم انکشافات کیے۔

    نیب ذرایع نے مزید نے بتایا کہ فرنٹ مین اظہار حسین سے تفتیش میں شرجیل میمن کی مزید جائیدادوں کا پتا چلا، دوران تفتیش گرفتار ملزم سے دیگر اہم شواہد بھی حاصل کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شرجیل میمن کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت پھر ملتوی

    بتایا گیا ہے کہ نیب کراچی نے کیس میں مزید تحقیقات کے لیے چیئرمین نیب سے اجازت مانگ لی ہے۔

    خیال رہے کہ شرجیل میمن کے خلاف 5 ارب سے زائد کرپشن ریفرنس پر احتساب عدالت میں کیس جاری ہے، تاہم اس کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں جس کے باعث یہ کئی مہینوں سے تاخیر کا شکار ہے۔

    فروری میں سماعت کے دوران احتساب عدالت کے ریمارکس تھے کہ کبھی نیب پراسیکیوٹر تو کبھی درخواست گزار کے وکیل غائب ہو جاتے ہیں، اس طرح اگر کیس چلا تو کئی سال لگ جائیں گے۔

  • سندھ پولیس کے 163 اہل کاروں کے نام یو این امن مشن کے لیے فائنل

    سندھ پولیس کے 163 اہل کاروں کے نام یو این امن مشن کے لیے فائنل

    کراچی: سندھ پولیس کے 163 اہل کاروں کے نام اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے فائنل کرلیے گئے ہیں، جن میں کانسٹیبل سے لے کر ایس ایس پی رینک تک کے افسران شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو این مشن کے لیے سندھ پولیس کی جانب سے خواہش مند امیداروں کو طلب کیا گیا تھا، جن 163 اہل کاروں کو منتخب کیا گیا ہے ان میں کانسٹیبل سے لے کر ایس ایس پی رینک تک کے امیدوار شامل ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ یو این مشن پر جانے کے لیے خواتین اور مرد امیدواروں نے مختلف مقامات پر تربیت کا عملی مظاہرہ کیا۔

    امیدواروں نے ریٹرن اسکریننگ اور نشانہ بازی سمیت دیگر ٹیسٹ دیے، 3 اور 4 مئی کو امیداروں کا مختلف سینٹرز پر ریٹرن ٹیسٹ لیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اقوام متحدہ امن مشن نے پاکستان سے دوبارہ اہلکار مانگ لیے

    ذرایع نے بتایا کہ 5 مئی کو رزاق آباد میں شوٹنگ اور ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی لیا گیا، مشن پر جانے کے لیے سندھ پولیس کے 249 امیدواروں نے حصہ لیا، تاہم 61 امیدوار کسی امتحان میں شامل ہونے کے لیے نہ پہنچ سکے۔

    25 امیدوار شوٹنگ رینج میں قابلیت دکھانے میں فیل ہوئے، مجموعی طور پر 163 امیدواروں کے نام یو این مشن کے لیے فائنل کیے گئے۔

    ذرایع کے مطابق امیداروں کے نام اسلام آباد متعلقہ حکام کو بھجوائے جائیں گے، کام یاب امیداروں کو مختلف مراحل میں یو این مشن کے لیے بھیجا جائے گا۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ امن مشن نے پاکستان سے دوبارہ اہل کار مانگ لیے تھے، مشن کے لیے منتخب اہل کاروں میں 20 فی صد خواتین اہل کار شامل ہوں گی، منتخب کیے گئے 500 جوانوں کی تربیت جولائی اور اگست میں ہوگی۔