Tag: سندھ کی خبریں

  • میٹرک امتحانات ختم ہونے کے بعد محکمہ تعلیم سندھ جاگ گیا، نقل کرانے والے 47 اساتذہ معطل

    میٹرک امتحانات ختم ہونے کے بعد محکمہ تعلیم سندھ جاگ گیا، نقل کرانے والے 47 اساتذہ معطل

    کراچی: میٹرک امتحانات ختم ہونے کے بعد سندھ کا محکمہ تعلیم جاگ اٹھا، وزیر تعلیم کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا، امتحانات میں نقل کرانے کے الزام میں صوبے کے 47 اساتذہ کو معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک امتحانات ختم ہونے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ کی ہدایت پر امتحانات میں نقل کرانے کے الزام میں 47 اساتذہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم نے امتحانی فرائض میں غفلت پر اساتذہ کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق معطل کیے گئے اساتذہ کا تعلق سکھر، گھوٹکی، پنو عاقل کے سرکاری اسکولوں سے ہے، محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ان اساتذہ کو ممتحن کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ معطل کیے گئے اساتذہ کو آیندہ احکامات تک کام کرنے روک دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات میں نقل کا راج برقرار

    محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق وزیر تعلیم نے میٹرک امتحانات میں نقل کرانے والے اساتذہ کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے احکامات بھی جاری کر دیے۔

    مذکورہ 47 اساتذہ پورے امتحانات میں نویں دسویں کے امتحانات میں نقل کرانے میں ملوث رہے تھے، تاہم یہ فیصلہ میٹرک کے امتحانات ختم ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات میں بھی نقل کا راج برقرار ہے، کئی شہروں میں پرچے وقت سے پہلے آؤٹ کر دیے گئے، اور طلبہ بلا خوف و خطر نقل کرنے میں مصروف رہے۔

    شکاپور میں موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ کے ذریعے نقل کا بازار گرم رہا، کتابیں اور موبائل فون کے استعمال کے ذریعے طلبہ پرچا حل کرنے میں مصروف رہے، بورڈ کی چھاپا مار ٹیمیں غائب رہیں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلز پارٹی کے خلاف مربوط حکمت عملی لانے پر غور

    ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلز پارٹی کے خلاف مربوط حکمت عملی لانے پر غور

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پیپلز پارٹی کے خلاف مربوط حکمت عملی لانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 27 اپریل کو جلسے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف مربوط حکمت عملی سامنے لانے پر غور کیا گیا۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت دائرہ اختیار سے تجاوز کر کے آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کے غیر آ ئینی اقدامات کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ حالیہ مبینہ مقابلے سندھ حکومت کی نا اہلی اور نا کامی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان نے میدان مار لیا

    یاد رہے کہ تین دن قبل کراچی کے ڈپٹی میئر کی خالی نشست پر ہونے والے الیکشن میں ایم کیو ایم کے امیدوار ارشد حسن نے واضح اکثریت حاصل کر کے میدان مارا۔

    اس نشست کے لیے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان تھا مگر ایم کیو ایم نے بہ آسانی فتح حاصل کی، الیکشن میں تین سو چیئرمینز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا جب کہ 281 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

    ایم کیو ایم کے ارشد حسن 194 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جب کہ پیپلز پارٹی کے اکرم اللہ وقاصی کو 78 ووٹ ملے، گنتی کے دوران 09 ووٹ مسترد بھی کیے گئے۔ خیال رہے کہ ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کو جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن اورعوامی نیشنل پارٹی کی جب کہ ایم کیو ایم کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی۔

  • حکومتی ٹیم میں اہلیت ہی نہیں، پیپلز پارٹی کے مسترد شخص کو لگایا گیا: بلاول بھٹو

    حکومتی ٹیم میں اہلیت ہی نہیں، پیپلز پارٹی کے مسترد شخص کو لگایا گیا: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومتی ٹیم میں اہلیت ہی نہیں، پیپلز پارٹی کے مسترد شخص کو لگایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ڈاؤ میڈیکل یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کا افتتاح کیا، انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا استحقاق ہے کہ وہ جسے چاہے وزیر بنائیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک میں استحکام بہت ضروری ہے، وزیر اعظم جسے چاہے وزیر بنا سکتے ہیں، تاہم وزیر خزانہ کو اچانک ہٹانا بے عزتی کی بات ہے، حکومتی ٹیم میں اہلیت ہی نہیں، پیپلز پارٹی کے مسترد شخص کو لگایا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت کی کوئی سمت نہیں ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا تھا تو پہلے فیصلہ کر لیتے، پی ٹی آئی نے کالعدم تنظیموں کے تعاون سے الیکشن لڑا، پاکستان کے بچوں کا مستقبل بچانے کے لیے انتہا پسندی سے بچنا ہوگا، پہلے ہی کہا تھا وہ ملک نہیں چلا سکتے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان سندھ اور تھر میں بن رہا ہے، سندھ میں ہم اسپتال بنا رہے ہیں، اٹھارویں ترمیم کو ختم کر کے سب کچھ مرکز منتقل کرنے کی سازش ہے، سازشیں نا کام ہوں گی، یہ شہید بھٹو کا آئین ہے، آپ نظام بدلنے کے بجائے خود کو بدلیں۔

    انھوں نے کہا کہ اپنے حقوق وفاق سے چھین کر رہیں گے، وفاق کی جانب سے سندھ کو 50 فی صد کم پیسا ملا ہے، کم پیسے کے با وجود عوام کی خدمت کرتے رہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: سندھ گورنمنٹ اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے لڑکی انتقال کرگئیگے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمارے صحت کے شعبے کا اسٹرکچر کچھ کم زور ہے، اسے مزید بہتر کرنا ہے، پبلک سیکٹر میں کڈنی، لیور اور بون میرو سینٹرز کا قیام کام یابی ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گمبٹ میں جو اسپتال قائم ہوا وہ سندھ حکومت کی کامیابی ہے، اسی طرح جے پی ایم سی (جناح اسپتال) کی بہتری اور سائبر نائف سینٹر قائم ہونا بھی ایک کام یابی ہے، ہم نے سندھ کے ہر سرکاری اسپتال کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔

    قبل ازیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے شعبہ صحت میں بھرپور کام کیا ہے، ہم پرائمری صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، خدمات کے باعث سندھ کے عوام نے تیسری مرتبہ ہمیں منتخب کیا۔

  • کراچی: نشوا کی موت سے جنگ جاری، اسپتال کے خلاف تاحال کارروائی نہیں ہوئی

    کراچی: نشوا کی موت سے جنگ جاری، اسپتال کے خلاف تاحال کارروائی نہیں ہوئی

    کراچی: نشوا کی موت سے جنگ جاری ہے، مجرمانہ غفلت پر غلطی کے اعتراف کے باوجود دارالصحت اسپتال کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو سکی، 9 ماہ کی نشوا بدستور لیاقت نیشنل اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی قائم کردہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو ارسال کر دی، رپورٹ میں کہا گیا کہ واقعہ انتہائی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔

    رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو حتمی کارروائی کرنی چاہیے، کمیشن کو مؤثر اور فعال کیا جائے، بچی کو اسپتال عملے کی جانب سے انجکشن کی اضافی ڈوز فراہم کی گئی۔

    ذرایع محکمہ صحت نے بتایا کہ رپورٹ براہ راست وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی گئی ہے، رپورٹ میڈیا سے شیئر نہیں کی جا سکتی، سفارشات پر مبنی رپورٹ کی روشنی میں محکمہ صحت اقدام اٹھائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کمسن نشوا طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی، دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا، ڈاکٹرز

    دوسری طرف نشوا کے والد کی جانب سے تحریری درخواست بھی دی گئی ہے، ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے تا حال کوئی حتمی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔

    ادھر نشوہ کے والد قیصر نے کہا ہے کہ نشوا کی طبیعت میں بہتری نہیں آئی، نشوہ کے دماغ، دل اور جگر متاثر ہوئے ہیں، میری بچی 11 دن سے صبح شام سوتی رہتی ہے، اسے دیکھ کر میرا کلیجہ پھٹتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوا کے والد کو دھمکیاں، ایس پی طاہرنورانی عہدے سے برطرف

    والد کے فیس بک پوسٹ نے دل دہلا دیے، کہا نشوا کو درد ہو تو آنکھ کھول کر پیغام دیتی ہے کہ تکلیف ہے، اب ڈاکٹر، دوست احباب دعاؤں میں صحت کا نہیں کہتے، بس کہتے ہیں دعا کریں نشوا کو مزید تکلیف نہ ہو، آپ سب سے بھی یہی درخواست ہے۔

    والد کا کہنا ہے کہ ان کی ہستی کھیلتی بچی کو اس حال تک پہنچانے والے کو ضرور سزا ملنی چاہیے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے۔

  • کراچی کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن گیا، وزیر بلدیات نے تسلیم کر لیا

    کراچی کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن گیا، وزیر بلدیات نے تسلیم کر لیا

    کراچی: وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے تسلیم کر لیا ہے کہ شہر کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، انھوں نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ ضلع غربی میں کچرے کے ڈھیرہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر بلدیات سعید غنی نے اعتراف کر لیا ہے کہ کراچی کا ضلع غربی کچرے کا ڈھیر بن گیا ہے۔

    انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع غربی میں کچرا اٹھانے والی کمپنی نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

    سعید غنی نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی کی ہے، ضلع غربی میں کچرا اٹھانے کا کام اب ڈی ایم سی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کو اون کرنا ہماری مجبوری ہے: سعید غنی

    یاد رہے کہ ڈیڑھ ہفتے قبل پی پی کے رہنما سعید غنی نے کراچی کو بھارتی شہر ممبئی سے بڑا شہر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی بھی اس کے سامنے کچھ نہیں ہے۔

    صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کو اون کرنا پیپلز پارٹی کی مجبوری ہے، کراچی کو چھوڑنے کی پی پی کے سامنے کوئی چوائس موجود نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن غیر قانونی ہونے کا انکشاف

    انھوں نے کہا تھا کہ ان کے پاس پورے صوبے کی وزارت ہے اس لیے کراچی کو اون کرنا مجبوری ہے، اگر شہر کا ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے تو کراچی جیسا بڑا شہر بھی ترقی کرے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے کراچی کچرے کا ڈھیر بن جانے کی وجہ سے خبروں کی زد میں آتا رہا ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کے دعوے کر چکے ہیں۔

    پی ٹی آئی سمیت موجودہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کے دعوے کیے۔

  • درگاہوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال ہوتا ہے: نصرت سحر عباسی

    درگاہوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال ہوتا ہے: نصرت سحر عباسی

    کراچی: فنکشنل لیگ کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ میں درگاہوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں فنکشنل لیگ سے تعلق رکھنے والی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے حکومت پر الزام لگایا کہ درگاہوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کر کے کمیشن کھایا جاتا ہے۔

    نصرت سحر نے کہا ’درگاہوں کی تعمیر میں کمیشن لے کر ٹھیکے داروں کو کام دیا جاتا ہے، اندر کی سب خبریں ہیں، معلوم ہے کہ کیا ہو رہا ہے، حکومت نے صوبے کے 18 ملین روپے خرچ کردیے لیکن کام نہیں ہوا۔‘

    دریں اثنا، سندھ اسمبلی میں دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی ہوئی، اراکین نے شور شرابا کیا، اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن غیر قانونی ہونے کا انکشاف

    پی ٹی آئی رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے اجلاس میں کہا کہ اسمبلی میں اپوزیشن کی بات سنی جائے گی تو جمہوریت بہتر ہوگی۔

    انھوں نے صوبائی حکومت پر الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کے اٹھائے عوامی مسائل دبانا چاہتی ہے، پی پی اسپیکر کا سہارا لے کر ہماری آواز دبا رہی ہے، یہ کہتے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کرنے والوں کو انھوں نے توڑ دیا، ایسی بات ہے تو میں بھی کہنے میں بجا ہوں پی پی نے ملک توڑا ہے۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ نیب اور اینٹی کرپشن والے تمہارے گھروں پر آتے ہیں، پیپلز پارٹی والوں نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے، معتبر سیٹ پر بیٹھ کر کوئی شخص معتبر نہیں ہو جاتا۔

  • سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن غیر قانونی ہونے کا انکشاف

    سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن غیر قانونی ہونے کا انکشاف

    کراچی: سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن کے غیر قانونی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلے میں پی ٹی آئی رکن ارسلان تاج نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ صوبہ سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن غیر قانونی طور پر جاری کیا گیا، تحریک انصاف کے رکن ارسلان تاج نے سندھ اسمبلی کے سیکریٹری کو خط لکھ کر نوٹیفکیشن کے اجرا پر اعتراض کر دیا۔

    ارسلان تاج حسین نے خط میں سیکریٹری سندھ اسمبلی کو لکھا کہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اختیار قائم مقام اسپیکر کے پاس ہے، آپ نے کس اختیار کے تحت از خود نوٹیفکیشن جاری کیے؟

    پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ آر او کے طور پر آپ کا کردار سندھ اسمبلی رولز میں واضح ہے، آپ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن سندھ اسمبلی کے قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی اے سی کی چیئرمین شپ نہ ملنے پرسندھ میں اپوزیشن کا احتجاج

    یاد رہے کہ 20 مارچ کو سندھ اسمبلی کی 34 قائمہ کمیٹیوں میں سے 22 قائمہ کمیٹیوں کے سربراہ بلا مقابلہ منتخب ہوئے تھے، جن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔ ان قائمہ کمیٹیوں کے لیے پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کی دو جماعتوں ٹی ایل پی اور ایم ایم اے کے اراکین منتخب ہوئے تھے۔ پی ٹی آئی، ایم کیوایم پاکستان اور جی ڈی اے نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا۔

  • تھر منصوبہ پاکستان کو نیو کلیئر اسٹیٹ بنانے سے کم کامیابی نہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    تھر منصوبہ پاکستان کو نیو کلیئر اسٹیٹ بنانے سے کم کامیابی نہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر نے پاکستان بدل دیا ہے، تھر منصوبہ ملک کو نیو کلیئر اسٹیٹ بنانے سے کم کام یابی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ نے سندھ اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا ’تھر میں ہمیں ڈرایا گیا کہ یہاں پر کوئلہ نہیں ہے، پیپلز پارٹی کی جگہ کوئی اور ہوتا تو شاید یو ٹرن لے لیتا۔‘

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سے یہ بھی کہا گیا کہ تھر کے کوئلے میں نمی زیادہ ہے، آپ پیسا برباد کر رہے ہیں، لیکن ہم نے انفرا اسٹرکچر پر 700 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی، شہید بے نظیر بھٹو نے کہا تھا تھر پورے پاکستان کو روشن کرے گا، ہم تھر کو پورے منصوبے میں پارٹنر کی طرح لے کر چل رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ہم نے بے گھر خاندانوں کے لیے ماڈل گاؤں بنائے ہیں، تھر فاؤنڈیشن سے مل کر اسکول بنائے گئے، اسپتال بنا رہے ہیں، منصوبے سے متاثرہ ہر خاندان کو سالانہ ایک لاکھ روپے دیں گے، تعلقہ اسلام کوٹ کو مفت بجلی کی فراہمی پر بھی کام کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو نے پہلے تھر کول پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا

    ان کا کہنا تھا کہ تھر میں یونی ورسٹی کے قیام کے لیے این ای ڈی سے معاونت لی ہے، تعلیم کی فراہمی کے لیے فوری طور پر یونی ورسٹی کا کیمپس کھولا جائے گا۔

    مراد علی شاہ نے کہا ’واضح کرنا چاہتا ہوں کہ 18 ویں ترمیم کہیں نہیں جا رہی، حیرت ہے وہ جماعت جو کہتی تھی صوبوں کو مزید اختیارات ملیں، اختیارات ختم کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، سندھ کے دو ٹکڑے کرنے کی باتیں کرتے ہیں، سندھ کو تقسیم کرنے کی بات کرنے والے خود تقسیم ہو گئے۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو کا تھر میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان

    دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تقریر پر سندھ اسمبلی میں شور شرابا کیا گیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شور وہ لوگ کر رہے ہیں جو ٹکڑے ٹکڑے ہونے والے ہیں، ہمارا ایک لیڈر ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ان کی طرح نہیں جو کسی کے دباؤ میں آکر لیڈر ہی بدل لیں۔

    انھوں نے کہا کہ انھیں کراچی کے لوگوں نے ٹھکرا دیا تھا اس لیے اب یہ پی ٹی آئی کے پیچھے چل پڑے ہیں، اب صوبے میں کوئی بھی دہشت گردی نہیں ہے، ہم یہاں سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر چکے ہیں، اور یہ اپوزیشن والوں سے برداشت نہیں ہو رہا۔

    مراد علی شاہ نے کہ حکومت نے آکر مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے، لوگوں سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے، مہنگائی ہماری وجہ سے ہے تو آپ وفاق سے ہٹ جائیں۔

  • گھوٹکی: پسند کی شادی کرنے والی نو مسلم لڑکیوں کی گھر واپسی، والہانہ استقبال

    گھوٹکی: پسند کی شادی کرنے والی نو مسلم لڑکیوں کی گھر واپسی، والہانہ استقبال

    گھوٹکی: پسند کی شادی کرنے والی نو مسلم بہنیں شازیہ اور آسیہ واپس اپنے گاﺅں پہنچ گئی ہیں، دونوں بہنوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے گھوٹکی سے تعلق رکھنے والی نو مسلم بہنیں واپس اپنے گاؤں پہنچ گئیں جہاں دونوں کا شان دار استقبال کیا گیا۔

    سندھ پنجاب بارڈ پر جمع شدہ سینکڑوں افراد نے دونوں کے والہانہ استقبال کے دوران نو مسلم بہنوں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں، روینا عرف آسیہ اور رینا عرف شازیہ کے شوہر صفدر اور برکت بھی ہم راہ تھے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے والے جوڑوں کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کی اجازت دی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے گھوٹکی کی 2نومسلم بہنوں کی تبدیلی مذہب درست قرار دے دی

    یاد رہے کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی سے تعلق رکھنے والی دو ہندو لڑکیوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد پسند کی شادی کی تھی، لڑکیوں نے تحفظ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

    11 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نو مسلم بہنوں کو تحفظ کی فراہمی کی درخواست پر فیصلہ کرتے ہوئے ان کی تبدیلی مذہب کو درست قرار دیا تھا۔

    عدالت میں پیش کردہ کمیشن رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں لڑکیوں کو زبردستی مذہب تبدیل نہیں کرایا گیا، تاہم انھیں مذہب تبدیلی کے لیے سہولت فراہم کی گئی تھی، دونوں بالغ لڑکیوں نے اسلام سے آشنا ہو کر اسلام قبول کیا۔

    میڈیکل بورڈ نے بھی اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، جس کے مطابق دونوں بہنیں 18 اور 19 سال کی ہیں۔

  • بلاول بھٹو نے سکھر کے میئر کی دعوت میں شرکت سے انکار کر دیا

    بلاول بھٹو نے سکھر کے میئر کی دعوت میں شرکت سے انکار کر دیا

    سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکھر کے میئر پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دعوت میں شرکت سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹو اس وقت سکھر کے میئر پر شدید ناراض ہوئے جب وہ بے کار پیسا ضایع کرنے پر بلاول بھٹو کے سوال پر تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

    میئر سکھر نے پارٹی کا جھنڈا لگانے پر کثیر رقم خرچ کر دی، جس پر چیئرمین پی پی شدید ناراض ہو گئے، انھوں نے میئر سے پوچھا کہ کیا سکھر شہر کے باسیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر دیا ہے؟

    میئر کی جانب سے ’نہیں‘ کا جواب سن کر بلاول بھٹو زرداری نے شدید ناراضی کا اظہار کر دیا، کہا جھنڈا لگانے پر اتنا پیسا کیوں برباد کر رہے ہو۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نے وعدے پورے نہ کیے تو پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ہوگی: بلاول بھٹو

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کے پاس فالتو پیسے نہیں ہیں جنھیں اس طرح برباد کر دیا جائے، پیسا عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کیا جائے۔

    خیال رہے کہ آج گھوٹکی میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت نے وعدے پورے نہ کیے تو پھر پیپلز پارٹی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی، ہم سندھ میں یونیورسٹیاں بنانا چاہتے ہیں لیکن وفاق رکاوٹ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ عمران خان سندھ کو اتنا وقت دے رہے ہیں اور یہاں آ کر جلسے کر رہے ہیں، عمران خان سندھ آئیں اور بار بار آئیں لیکن یہاں آ کر عوام کو دھوکا نہ دیں۔