Tag: سندھ کی خبریں

  • سندھ میں شوگر ملز کے 600 ملین روپے جعلی اکاؤنٹس میں گئے: شہزاد اکبر

    سندھ میں شوگر ملز کے 600 ملین روپے جعلی اکاؤنٹس میں گئے: شہزاد اکبر

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سندھ میں شوگر ملز کے 600 ملین روپے جعلی اکاؤنٹس میں گئے، مراد علی شاہ نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ دادو اور ٹھٹہ شوگر ملیں ادنیٰ نرخوں پر فروخت کی گئیں، جس میں مراد علی شاہ پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے جس کے سلسلے میں انھیں نیب راولپنڈی کے دفتر میں حاضری بھی دینی پڑی۔

    شہزاد اکبر نے کہا کہ فنانس سیکریٹری نے کہا تھا کہ شوگر مل بہت کم قیمت میں بیچی گئی، مل فروخت کی سمری میں لکھا گیا کہ مل کو سستے داموں فروخت کرنے سے غریبوں کو فائدہ ہوگا، جنھیں مل بیچی گئی کیا وہ غریب لوگ تھے، میں سمجھتا ہوں ان سے بہتر نواز شریف تھے، انھوں نے اسمبلی میں جھوٹ ہی سہی جواب تو دیا۔

    انھوں نے کہا کہ فریال تالپور سندھ بینک کے معاملات کس حیثیت سے دیکھتی تھیں، سب جانتے ہیں سندھ میں تابع دار فنانس منسٹر کو کس طرح نوازا گیا، جعلی اکاؤنٹس سے میوے کھانے والوں کا نام ہی ای سی ایل میں ڈالا گیا، کرپشن کرنے والے ملک چھوڑ کر چلے جاتے ہیں مگر واپس نہیں آتے، نواز شریف اور شہباز شریف کے بچے واپس نہیں آ رہے۔

    مشیر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی پی رہنما جہازوں پر گھومتے تھے جن کی ادائیگی جعلی اکاؤنٹس سے ہوتی تھی، جعلی اکاؤنٹس میں جس جس کا نام ہے ان سے سوالات ہوں گے، بڑے صاحب کے نام پر 265 ملین روپے جعلی اکاؤنٹس سے نکالے گئے، بڑے صاحب سب جانتے ہیں کہ وہ آصف زرداری ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  منی لانڈرنگ کیس، احتساب عدالت کا آصف زرداری، فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کو طلبی کا نوٹس

    ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بہ طور صدر ایم ایس کے اکاؤنٹس سے پیسے نکلوالتے رہے، اپنے پیسے کے لیے بھی ایم ایس کا اکاؤنٹس استعمال کرتے رہے، فریال تالپور کو 241 ملین روپے کی براہ راست ادائیگی جعلی اکاؤنٹس سے ہوئی۔

    شہزاد اکبر نے مزید بتایا کہ سینٹ جیمز ہوٹل کے ٹیکس کا معاملہ ایف بی آر لاہور سے بند ہوگیا تھا، میاں منشا پچھلے ہفتے ڈھائی گھنٹے نیب لاہور میں پیش ہوئے، انھیں سوال نامہ دیا گیا، منی ٹریل مانگا گیا، پیسا لے جانے کے لیے سنگاپوری، برٹش کمپنیاں استعمال ہوئیں، انھیں نیب کو مطمئن کرنا ہوگا کہ پیسا باہر کیسے منتقل ہوا، ان کے صاحب زادے ملک سے باہر ہیں انھیں بھی بلایا گیا ہے۔

  • میٹرک کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری ہوگیا

    میٹرک کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری ہوگیا

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے ملتوی کیے گئے امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، نویں سائنس بیالوجی کا پرچہ یکم اپریل کو ہوگا۔

    ناظم امتحانات ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا کہنا ہے کہ یکم اپریل کو نویں سائنس بیالوجی تھیوری اور جنرل سائنس کے پرچوں سے امتحانات کا آغاز ہوگا۔

    پرچے صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوں گے اور ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہیں گے، میٹرک سالانہ امتحانات کا اختتام 16 اپریل کو ہوگا۔

    نویں اور دسویں جماعت جنرل سائنس گروپ کے امتحانات کا وقت دوپہر ڈھائی بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہوگا۔

    واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے میٹرک کے امتحانات کے شیڈول کے آغاز کا اعلان 25 مارچ سے کیا گیا تھا، محکمہ تعلیم کے ملازمین کے ہڑتال کے باعث امتحانات ملتوی کر دیے گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوبائی وزیرتعلیم کا کراچی کے اسکول کالجز پراچانک چھاپہ

    دریں اثنا، گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ایجوکیشن بورڈز کے ملازمین گزشتہ 15 روز سے ہڑتال پر ہیں، جس کی وجہ سے 25 مارچ کو شروع ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے لیے تیاری مکمل نہیں۔

    اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات جو کہ 25 مارچ کو ہونے تھے وہ یکم اپریل سے ہوں گے۔

    وزیر تعلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امتحانات میں کسی بھی قسم کی نقل، چیٹنگ ہوئی اور کوئی بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی۔

  • گھوٹکی: ہندو لڑکیوں کی شادیاں، نکاح خواں اور شرکا گرفتار

    گھوٹکی: ہندو لڑکیوں کی شادیاں، نکاح خواں اور شرکا گرفتار

    گھوٹکی: صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں دو کم عمر ہندو لڑکیوں کی تبدیلی مذہب اور پسند کی شادی کے معاملے پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے نکاح خواں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں لڑکیوں کی پسند کی شادی کے معاملے پر پہلی پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے نکاح خواں اور تقریب کے دیگر شرکا کو گرفتار کر لیا۔

    ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر لڑکیوں کے والدین کے پاس پہنچ گئے، پولیس افسران نے لڑکیوں کے والدین سے ملاقات کر کے بات چیت کی۔

    ایس ایس پی فرخ لنجار نے بتایا کہ نکاح خواں سمیت دیگر شرکا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ہونے والے افراد سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا

    یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سندھ اور پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے اور حکومت سندھ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات بھی کرے۔

    ادھر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں، واقعے پر سخت ایکشن لیا جا رہا ہے، اس معاملے پر قانون سازی بھی ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بلاول بھٹو کے واضح احکامات ہیں، اقلیتوں کو سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلی میں نمائندگی بھی دی گئی ہے۔

  • ہندو لڑکیوں کا اغوا اور شادی، واقعے پر سخت ایکشن ہوگا: ناصر حسین شاہ

    ہندو لڑکیوں کا اغوا اور شادی، واقعے پر سخت ایکشن ہوگا: ناصر حسین شاہ

    کراچی: صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے گھوٹکی واقعے کو بد قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری کوشش ہے کہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں، واقعے پر سخت ایکشن ہوگا، اس معاملے پر قانون سازی بھی ہوئی ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی پروگرام سوال یہ ہے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بلاول بھٹو کے واضح احکامات ہیں، اقلیتوں کو سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلی میں نمائندگی بھی دی گئی ہے۔

    رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ گھوٹکی کے معاملے پر چیئرمین بلاول بھٹو نے نوٹس لیا ہے، ان کی ہدایت پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ہدایات جاری کیں، معاملے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے بھی رابطہ ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہندو لڑکیوں کا اغوا پاکستان کا اندورنی معاملہ ہے، بھارت مداخلت نہ کرے، رمیش کمار

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی نے قانون سازی بھی کی ہے، ہماری ہم دردیاں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں، بلاول بھٹوکی ہدایت پر اقلیتی برادری کا بہت خیال رکھتے ہیں، سندھ میں قانون لاگو ہے وہ لوگ دوسرے صوبے گئے۔

    خیال رہے کہ سندھ کے علاقے گھوٹکی میں دو کم عمر لڑکیوں کو مبینہ طور پر اغوا کر کے مسلمان کیا گیا اور بعد ازاں ان کی شادیاں کرائی گئیں، تاہم ایک وڈیو میں لڑکیوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے گئیں اور مسلمان ہوئیں۔

  • بھارت کے خلاف بھٹو نے ایٹمی مارچ اور بے نظیر نے میزائل مارچ کیا: مولا بخش چانڈیو

    بھارت کے خلاف بھٹو نے ایٹمی مارچ اور بے نظیر نے میزائل مارچ کیا: مولا بخش چانڈیو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف بھٹو نے ایٹمی مارچ، بے نظیر نے میزائل اور جے ایف تھنڈر مارچ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے وفاقی وزیر اطلاعات کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے الزامات اب نہیں چلیں گے، بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ سے حکمران پریشان ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکمرانوں سے بھی حساب لیں گے، الزام لگا کر معاملہ ختم نہیں ہو سکتا، خیبر پختون خوا میں ہونے والی تباہی کا حساب دینا پڑے گا۔

    مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بلاول بھٹو جو مطالبہ کر رہے ہیں اس پر عمل دآرمد میں کیا رکاوٹ ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے حکومت کیوں کترا رہی ہے؟

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا مطالبہ کیوں جائزنہیں، کرپشن کی باتیں 50 سال سے سن رہے ہیں، ہم احتساب سے بھاگے ہیں نہ بھاگیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم پر تنقید کرنے والوں نے کرپشن بچاؤ تحریکوں کا آغاز کردیا، افتخار درانی

    خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کو مشورہ دیاکہ وہ بھارت کے معاملے پر ٹرین مارچ کریں، ابو بچاؤ مہم تو کافی دیر تک چلنے والی ہے، مولانا فضل الرحمان اور خورشید شاہ کو پاکستان کی معیشت کا بڑا دکھ ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بلاول بھٹو کو مارچ کے لیے مفت ٹرین فراہم کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ’پی پی چیئرمین اگر کرپشن کے خلاف مہم چلاتے تو وہ قومی ہیرو کے طور پر سامنے آتے۔‘

  • سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی: نبیل گبول

    سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی: نبیل گبول

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نبیل گبول نے اعتراف کیا ہے کہ سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی۔

    تفصیلات کے مطابق نبیل گبول نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام کے الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی۔

    نبیل گبول کا کہنا تھا کہ سندھ میں پی اے سی کے لیے راستہ حکومت نے وفاق کے ذریعے دکھایا، سندھ کی اپوزیشن نے پی اے سی کے لیے نام ہی نہیں دیے، پی اے سی چیئرمین اپوزیشن کو بنانا چاہیے تھا، مانتا ہوں ہم نے غلطی کی۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہم کیس منتقلی پر تنقید کر رہے ہیں، حیران ہیں سندھ اور کراچی میں تحقیقات سے کیا مسئلہ ہے، سندھ کے اسپیکر نیب کی حراست میں ہیں لیکن ہم نے تو کچھ نہیں کیا، ماضی میں کئی سیاسی قائدین کا راولپنڈی میں قتل ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ: بلاول بھٹو اور آصف زرداری آج نیب عدالت میں پیش ہوں گے

    انھوں نے کہا کہ نیب افسران کو خود نہیں معلوم کہ وہ کس چیز کی تفتیش کر رہے ہیں، آغا سراج نے بتایا کہ نیب افسران اپنے تفتیشی نکتے تک سے لا علم ہیں۔

    نبیل گبول کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو بتائیں گے کہ ہم برے وقت میں ان کے ساتھ ہیں، ہم عدالت کے اندر نہیں جائیں گے مگر باہر کھڑے رہیں گے۔

    رہنما پیپلز پارٹی نے پروگرام میں وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئیں انھیں دکھاؤں گا تھر میں سڑکیں بنی ہیں اور اسپتال بھی بنے، عثمان ڈار سے کہتا ہوں تھر کے ساتھ آپ کو لیاری بھی چلنا پڑے گا۔

  • پیپلز پارٹی کا وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ، آیندہ ماہ ٹرین مارچ کا اعلان

    پیپلز پارٹی کا وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ، آیندہ ماہ ٹرین مارچ کا اعلان

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں آیندہ ماہ ٹرین مارچ کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کے خلاف بلاول بھٹو کی قیادت میں ٹرین مارچ کا اعلان کر دیا ہے، یہ مارچ آیندہ ماہ اپریل میں ہوگا، مارچ کی قیادت پی پی چیئرمین خود کریں گے۔

    ٹرین مارچ کراچی براستہ حیدر آباد، نواب شاہ، محراب پور، خیرپور سکھر جائے گا، بلاول بھٹو ٹرین مارچ کی قیادت کرتے ہوئے چار اپریل کی صبح لاڑکانہ پہنچیں گے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مختلف اسٹیشنز پر کارکنان سے خطاب بھی کریں گے، انھوں نے کراچی تا لاڑکانہ ٹرین چارٹرڈ کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے بلاول بھٹو کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو بار لوگوں کے بیچ بچاؤ کی وجہ سے انھیں چھوڑ دیا، تیسری مرتبہ کے بعد گنجائش نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  دو بار  بلاول بھٹو کی بات نظر انداز کی، تیسری بار معافی نہیں، 20 نئی ٹرینیں چلائیں گے: شیخ رشید

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی پی سندھ میں اور ن لیگ اپنے کیسز صرف لاہور میں چلوانا چاہتی ہے، مقصد دونوں کا ایک ہے، ضمانت دے دو۔

    انھوں نے کہا کہ یہ لیڈر نہیں گیدڑ ہیں جیل نہیں کاٹ سکتے، شہباز شریف کو خود این آر او مانگتے دیکھا اور سنا ہے۔

  • چیخیں وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ سے آ رہی ہیں، مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر خرم شیر زمان کا رد عمل

    چیخیں وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ سے آ رہی ہیں، مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر خرم شیر زمان کا رد عمل

    کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر تحریکِ انصاف کا ردِ عمل سامنے آ گیا ہے، خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کرپشن پر قدغن سے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس سے چیخوں کی آوازیں آ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کام یاب پی ایس ایل سندھ والوں کی جیت ہے، سندھ کی ترقی روکنے والوں کے ارادے نیست و نابود ہوگئے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پرانا کراچی مل گیا اب پرانا پاکستان بھی مل جائے گا، وہ پرانا پاکستان جہاں حکمران عوام کی چیخیں نکلوانے کی بہ جائے عوام کی خدمت کریں۔

    پی ٹی آئی رہنما رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرپشن پر پابندی لگائے جانے کے بعد کی چیخیں ہیں جو وزیر اعلیٰ ہاؤس سے نکلیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ کی ترقی کے مخالفین کے ارادے نیست و نابود ہوئے: وزیر اعلیٰ سندھ

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کو بے نامی اکاؤنٹس اور لانچوں سے منی لانڈرنگ نہ ہونے کا غم ہے، ہم نئے پاکستان میں سندھ کا لوٹا ہوا پیسا واپس لائیں گے، وفاق نے سندھ کے حصے کا پیسا نہیں، پیپلز پارٹی کی کرپشن روکی ہے۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپشن کا باب بند ہو چکا ہے، 11 سال ہزاروں ارب روپے ہڑپ کرنے والوں کی تڑپ معنی خیز ہے۔

  • ملک جمہوری مسائل سے دوچار ہے، سندھ کو فنڈز نہیں مل رہے: بلاول بھٹو زرداری

    ملک جمہوری مسائل سے دوچار ہے، سندھ کو فنڈز نہیں مل رہے: بلاول بھٹو زرداری

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج پاکستان جمہوری مسائل سے دوچار ہے، وفاق سندھ کو اس کا حق نہیں دے رہا، سندھ کو فنڈز ملیں تو اسپتالوں اور اسکولوں سمیت دیگر مسائل حل ہوں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی بحران ہے، مہنگائی کے سونامی میں عوام ڈوب رہے ہیں، پیپلز پارٹی بہادروں کی جماعت ہے ہر صورت حال کا مقابلہ کر رہی ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ افسوس ہمارے وزیر اعظم کالعدم تنظیموں اور مودی کے خلاف کچھ نہیں کر سکتے، وہ صرف اپوزیشن کے خلاف ایکشن لے سکتے ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سے ہمارے 3 مطالبات ہیں، وفاقی حکومت 3 وزرا کو کالعدم تنظیموں سے گٹھ جوڑ پر ہٹائے۔

    یہ بھی پڑھیں: میں نے ایک بار پھر بلاول کو معاف کیا: شیخ رشید احمد

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے سیاسی مخالفین سے کہا کہ آپ سیاسی میدان میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے، یہ مجھے بھی اسمبلی میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے، مجھے الیکشن ہرانے کی منصوبہ بندی کافی وقت سے جاری تھی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 3 مرتبہ کے وزیر اعظم کو انتخابی مہم کے دوران بیٹی سمیت گرفتار کیا گیا، اور آصف زرداری کو ایک فون پر سزا دی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ آج ریلوے وزیر شیخ رشید نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مجھ سے بچ کر کھیلیں، لوگ بیچ بچاؤ کروا رہے ہیں، میں نے ایک بار پھر بلاول کو معاف کیا۔

  • عدالت نے سندھ حکومت کو خواتین پر تشدد روکنے کے قانون پر عمل درآمد میں ناکام قرار دے دیا

    عدالت نے سندھ حکومت کو خواتین پر تشدد روکنے کے قانون پر عمل درآمد میں ناکام قرار دے دیا

    کراچی: خواتین پر گھریلو تشدد کے خلاف درخواستیں پر سندھ ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت خواتین پر تشدد روکنے کے قانون پر عمل درآمد میں ناکام رہی۔

    تفصیلات کے مطابق آج سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں خواتین پر گھریلو تشدد کے سلسلے میں دائر درخواستوں کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ جاری کیا، عدالت نے تشدد روکنے کے قانون پر عمل درآمد میں سندھ حکومت کو ناکام قرار دیا۔

    عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم جاری کیا کہ گھریلو تشدد کی شکار خواتین کے لیے ضلعی سطح پر خصوصی ٹاسک فورس بنائی جائے۔

    عدالت نے گھریلو تشدد کی شکار خواتین کو بھی متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی، جسٹس صلاح الدین پنہور نے مجسٹریٹس کو حکم دیا کہ وہ خواتین کی شکاتیوں کا فوری ازالہ کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختونخوا میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے موبائل ایپلیکیشن متعارف

    سندھ حکومت کو حکم دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ خواتین پر تشدد روکنے کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، جسٹس صلاح الدین پنہور نے متعلقہ ڈی آئی جیز کو بھی ہدایت کی کہ اس سلسلے میں خواتین کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے۔

    دریں اثنا، عدالت نے یتیم خانوں اور شیلٹر ہومز کی تفصیلات بھی طلب کر لیں، جسٹس صلاح الدین نے حکومت کو ہدایت کی کہ یتیم خانوں اور شیلٹر ہومز کو مناسب فنڈز فراہم کیے جائیں۔