Tag: سندھ کی خبریں

  • نیب میں اصلاحات نہ لانا ہماری ناکامی تھی، بے نامی اکاؤنٹس کیس سیاسی انجینئرنگ ہے: بلاول بھٹو

    نیب میں اصلاحات نہ لانا ہماری ناکامی تھی، بے نامی اکاؤنٹس کیس سیاسی انجینئرنگ ہے: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی احتساب بیورو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے چیئرمین نیب سے مطالبہ کر دیا ہے کہ وہ نیب کے لوگوں کا احتساب کریں ورنہ ان کا احتساب ہم کریں گے۔

    بلاول بھٹو نے آج سندھ اسمبلی میں شرکت اور پی پی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت کے بعد کراچی میں پریس کانفرنس کی، انھوں نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس عمل کی مذمت کی۔

    [bs-quote quote=”ہماری ناکامی ہے کہ نیب میں اصلاحات نہیں لا سکے، بی بی نے چارٹرڈ آف ڈیموکریسی میں کہا تھا نیب کو ختم کرنا ہے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    بلاول بھٹو نے کہا کہ آغا سراج درانی کو مشرف کے بنائے ادارے نے گرفتار کیا ہے، وہ پاکستان کے بڑے سیاست دان ہیں، اسلام آباد سے ان کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، وسائل سے زائد اثاثہ جات کا نیب کا الزام تو کسی پر بھی لگ سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آغا سراج کی گرفتاری کے بعد ثبوت تلاش کیے جا رہے ہیں، کیا نیب خود ثبوت پلانٹ کر رہا ہے، چیئرمین نیب عورتوں اور بچوں پر تشدد اور یرغمال بنانے کا نوٹس لیں، اور اپنے ادارے اور اپنے افسران کی تحقیقات کرائیں۔

    انھوں نے یاد دلایا کہ آغا سراج درانی اسی سندھ اسمبلی کے اسپیکر ہیں جس نے پاکستان کی قرارداد پیش کی تھی، آغا سراج کے چچا اور والد بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہے، انھیں گرفتار کرنے کے بعد نیب نے ثبوت کی تلاش شروع کی اور گھر پر چھاپا مارا۔

    بلاول بھٹو نے نیب کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا ’ہماری ناکامی ہے کہ نیب میں اصلاحات نہیں لا سکے، نیب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، نیب کالا قانون ہے، بی بی نے چارٹرڈ آف ڈیموکریسی میں کہا تھا نیب کو ختم کرنا ہے۔‘

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے بے نامی اکاؤنٹس کیس کو سیاسی انجینئرنگ قرار دیا، کہا جعلی اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی بنائی گئی جس میں اہم ادارے کو شامل کیا گیا، کیا ایسے اہم ادارے کو شامل کر کے اس کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔

    [bs-quote quote=”کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 وزرا کو فوری کابینہ سے ہٹایا جائے، کالعدم تنظیم حمایت یافتہ وزرا کابینہ میں ہوں گے تو نیشنل ایکشن پلان پر عمل ممکن نہیں۔” style=”style-8″ align=”right” author_name=”بلاول بھٹو زرداری”][/bs-quote]

    ان کا کہنا تھا کہ کیس اور ایف آئی آر سندھ کا ہے، اکاؤنٹ سندھ کا ہے مگر کیس پنڈی کا، ان کوکیا شوق ہے کہ ہر بار راولپنڈی میں ٹرائل ہو، انجینئرنگ کے ذریعے مجھے بھی کیس میں گھسیٹا گیا۔

    بلاول بھٹو نے عدلیہ پر بھی تنقید کی، کہا عدالت ابھی تک سیاسی انجینئرنگ کو سپورٹ کرتی ہے، جب بھی ڈکٹیٹر آیا ان کو عدلیہ کی طرف کلین چٹ ملی، سپریم کورٹ سے درخواست کرتا ہوں اپنے ریکارڈ کو پھر سے دیکھیں، چیف جسٹس نے کہا سچ کا سفر شروع ہے، امید ہے اس بات سے سچ کا سفر شروع ہوگا، پولیس پر دیا گیا فیصلہ 18 ویں ترمیم کی خلاف ورزی ہے، نظرثانی درخواست دائر کریں گے۔

    انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا ’جب سے سیاست میں ہوں دہشت گردوں، کالعدم تنظیموں کے خلاف آواز اٹھاتا آ رہا ہوں، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی بات بھی کرتا رہا ہوں، کیا کالعدم تنظیم کو زائد اثاثوں پر گرفتار نہیں کیا جا سکتا، کالعدم تنظیموں کے اثاثے کہاں سے آتے ہیں ان پر جے آئی ٹی بنائی جانی چاہیے، ہمارا مطالبہ یہی ہے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرو اور پاکستان کو بچاؤ۔‘

    انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کالعدم تنظمیوں کے خلاف نہیں بلکہ صرف اپوزیشن کے خلاف ایکشن لیتے ہیں، یو این اور پاکستان میں کالعدم قرار تنظیم کا لیڈر اسد عمر کے ساتھ میڈیا پر آتا ہے، ہم کسی فون کال یا امریکا کی کال پر جدوجہد نہیں کر رہے، پی ٹی آئی کے 3 وزرا کے کالعدم تنظیموں سے براہ راست تعلقات ہیں۔

    [bs-quote quote=”نواز شریف کو این آئی سی وی ڈی اسپتال میں علاج کی آفر کی ہے، ان کی صحت انتہائی خراب ہے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 وزرا کو فوری کابینہ سے ہٹایا جائے، کالعدم تنظیم حمایت یافتہ وزرا کابینہ میں ہوں گے تو نیشنل ایکشن پلان پر عمل ممکن نہیں، ان وزرا کو ہٹایا جائے گا تو اپوزیشن مانے گی کہ حکومت سنجیدہ ہے۔

    بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ کی ترقی روکنا چاہتا ہے، گیس اور پانی کا حق نہیں دیتا، 18 ویں ترمیم ریڈ لائن ہے اس کے خلاف حکومت کو قدم نہیں اٹھانے دیں گے، سڑکوں پر نکلنے اور لانگ مارچ کے لیے تیار ہیں، جیل جانے سے بھی نہیں ڈرتے۔

    پی پی چیئرمین نے سابق وزیر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو این آئی سی وی ڈی اسپتال میں علاج کی آفر کی ہے، ان کی صحت انتہائی خراب ہے، این آئی سی وی ڈی دنیا کا بہترین دل کے امراض کا عالمی معیار کا اسپتال ہے، نواز شریف سے کہتا ہوں کہ ان کی میزبانی کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔

  • نواز لیگ، پیپلز پارٹی اکیلے پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو چکیں: وزیرِ خارجہ

    نواز لیگ، پیپلز پارٹی اکیلے پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو چکیں: وزیرِ خارجہ

    اوباڑو: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی اکیلے پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو چکی ہیں، دونوں جماعتیں بغل گیر ہیں لیکن مقابلے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے اوباڑو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی وفاقی سوچ والی جماعت ہے، سندھ کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

    وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سندھ کے صدر مقام سے قومی اسمبلی کی 14 نشستیں جیتے گی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان جلد گھوٹکی کا دورہ کریں گے، انھوں نے سندھ کے شہر چھاچھرو میں بھارت کو امن کا پیغام دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہماری فوج بالکل تیار ہے، بھارت سےکہتا ہوں کچھ بھی کیا توجوابی کارروائی ہوگی، وزیراعظم

    وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق سندھ سے صدیوں پرانا ہے اور رہے گا، ان کی پی ٹی آئی میں شمولیت بھی گھوٹکی سے ہوئی تھی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں دفترِ خارجہ نے احسن طریقہ سے کام کیا، پلوامہ واقعے کے بعد بی جے پی کی ساکھ بہت متاثر ہوئی ہے، مودی سرکار انتخابی مفاد کے لیے پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

    وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ مودی سرکار نے اپنی عوام سے کیے وعدے پر کوئی کام نہیں کیا۔

  • کراچی انٹر بورڈ میں نتائج تبدیلی کیس میں تحقیقاتی ادارے کو شواہد مل گئے

    کراچی انٹر بورڈ میں نتائج تبدیلی کیس میں تحقیقاتی ادارے کو شواہد مل گئے

    کراچی: انٹر بورڈ میں نتائج تبدیلی کیس میں ادارے کو شواہد مل گئے، اینٹی کرپشن یونٹ نے چیئرمین انٹر بورڈ انعام احمد کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق رشوت کے عوض مبینہ طور پر امتحانی نتائج میں گھپلوں پر محکمہ اینٹی کرپشن نے کراچی کے انٹر بورڈ آفس پر چھاپہ مار کر امتحانی ریکارڈ قبضے میں لے لیا تھا، کرپشن میں چیئرمین بورڈ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    [bs-quote quote=”نتائج تبدیل ہونے والی 179 کاپیوں میں چیئرمین انٹر بورڈ کی اجازت سے نمبر تبدیل ہوئے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ذرایع”][/bs-quote]

    اینٹی کرپشن یونٹ چیئرمین انٹر بورڈ انعام احمد کے خلاف ایف آئی آر درج کرے گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن نے نتائج تبدیل ہونے والی 179 کاپیاں حاصل کرلی ہیں، تمام کاپیوں میں چیئرمین انٹر بورڈ کی اجازت سے نمبر تبدیل ہوئے۔

    ذرایع نے بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے پروفیسر انعام احمد اور سابق کنٹرولر کو شاملِ تفتیش کر لیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پیسوں کےعوض طلبہ کو اچھے گریڈ میں پاس کیا گیا، کیمسٹری میں 2 نمبر لینے والے امیدوار کو 58 مارکس دیے گئے، طلبہ کو غیر قانونی 4 سے لے کر ہر پرچے میں 66 تک اضافی نمبرز دیے گئے۔

    مزید تفصیل پڑھیں:  امتحانی نتائج میں گھپلے، کراچی انٹر بورڈ آفس پرچھاپہ، چیئرمین شامل تفتیش

    ذرایع نے بتایا کہ انگریزی میں 7 نمبر لینے والے امیدوار کو 70 مارکس دیے گئے، ریاضی میں 12 مارکس لینے والے کو 72 مارکس دے دیے گئے، ریاضی میں 37 مارکس لینے والے ایک طالب علم کو 97 نمبرز دیے گئے۔

    22 فروری کو انکشاف ہوا تھا کہ کراچی کے انٹر بورڈ آفس میں مبینہ طور پر امتحانی نتائج میں فیل طلبہ کو لاکھوں روپے رشوت لے کر پاس کیا گیا ہے۔

  • کراچی پولیس کرکٹ میچوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے: ڈاکٹر امیر شیخ

    کراچی پولیس کرکٹ میچوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے: ڈاکٹر امیر شیخ

    کراچی: پاکستان میں پی ایس ایل کے آٹھوں میچز کی کراچی منتقلی کے فیصلے کے بعد کراچی پولیس نے اہم اجلاس طلب کر لیا، جس میں سیکورٹی کا ایک بار پھر جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے میچز کی کراچی منتقلی کے بعد کراچی پولیس بھی پوری طرح تیاریوں میں لگ گئی ہے، میچز اور کھلاڑیوں کی سیکورٹی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس ڈاکٹر امیر شیخ نے اس سلسلے میں ہیڈ کوارٹر ز میں منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کی، میٹنگ میں شریک تمام متعلقہ افسران نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو بریفنگ دی۔

    ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ میچز کراچی منتقل ہونے سے پولیس کی ذمے داریاں بڑھ گئی ہیں، پاکستان سپر لیگ فور کے لیے بھرپور سیکورٹی اقدامات کر رہے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ میچز کی سیکورٹی پر پولیس پہلے ہی کنٹی جینسی پلان بنا چکی ہے، اب مزید میچز کی منتقلی کے بعد سیکورٹی کا پھر جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کی کراچی آمد سے متعلق شیڈول جاری

    اے آئی جی امیر شیخ نے کہا کہ کراچی پولیس کرکٹ میچوں کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کی ٹیموں کی کراچی آمد سے متعلق شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کراچی کنگز کی ٹیم 6 مارچ کو ای کے 606 کے ذریعے کراچی پہنچے گی، پشاور زلمی کی ٹیم بھی 6 مارچ کو ای کے 604 کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 مارچ کو ای کے 602 کے ذریعے کراچی پہنچے گی۔

  • ملیر کراچی میں منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی

    ملیر کراچی میں منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی

    کراچی: ملیر جعفر طیار میں تین منزلہ منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے ملیر جعفر طیار میں 3 منزلہ عمارت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    [bs-quote quote=”منہدم عمارت کے ملبے میں ایک اور 12 سالہ لڑکے کی تلاش بھی جاری ہے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    عمارت کے ملبے سے 16 گھنٹے بعد لاش نکالی گئی، جاں بحق نوجوان کی شناخت شبیہ حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔

    منہدم عمارت کے ملبے میں ایک اور 12 سالہ لڑکے کی تلاش بھی جاری ہے۔

    خیال رہے کہ یہ حادثہ گزشتہ روز صبح پیش آیا تھا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں مالک مکان میاں بیوی بھی شامل ہیں، عمارت گرنے کے بعد مکینوں نے خود ملبہ ہٹانا شروع کر دیا تھا جب کہ شہری انتظامیہ تین گھنٹے بعد پہنچی تھی۔

    امدادی کاروائیوں میں فوجی جوانوں نے بھی حصہ لیا، میئر کراچی نے کہا کہ علاقہ دور اور گلیاں تنگ ہونے کے باعث مشینری پہنچانے میں وقت لگا۔

    مزید تفصیل پڑھیں:  کراچی: ملیرجعفرطیارمیں 3منزلہ عمارت گرگئی‘ 3 افراد جاں بحق

    ریسکیو ذرائع نے بتایا تھا کہ عمارت کے ملبے سے اسکول یونی فارم پہنے ایک بچے سمیت 3 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

    کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ مذکورہ عمارت 20 سے 25 سال پہلے تعمیر کی گئی تھی، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ عمارت میں دو خاندان رہائش پذیر تھے اور عمارت پرانی نہیں تھی۔

  • سندھ میں 50 اسکولوں کا منصوبہ چار سال بعد بھی التوا کا شکار

    سندھ میں 50 اسکولوں کا منصوبہ چار سال بعد بھی التوا کا شکار

    کراچی: صوبہ سندھ میں 2015 میں شروع ہونے والے تعلیمی منصوبے 4 سال بعد بھی التوا کا شکار ہیں، وزیرِ تعلیم نے بھی شعبے میں ابتری کا اعتراف کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں تعلیم کے شعبے کے ساتھ کھلواڑ جاری ہے، 2019 تک بھی محکمہ تعلیم سندھ میں 50 اسکولوں کا منصوبہ مکمل نہ کر سکا۔

    [bs-quote quote=”سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے دور میں 25 کیمبرج اسکول بنانے کا فیصلہ ہوا تھا۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”وزیر تعلیم سندھ”][/bs-quote]

    صوبہ سندھ میں 25 کیمبرج اور 25 کمپری ہینسو اسکول بنائے جانے تھے، اسکولوں کی تعمیر مکمل کرنے کی بہ جائے محکمہ تعلیم نے منصوبے کا نام تبدیل کر دیا۔

    سندھ میں تعلیمی شعبے میں ابتری کا اعتراف وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے بھی کر لیا۔

    وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے دور میں 25 کیمبرج اسکول بنانے کا فیصلہ ہوا تھا، تاہم بعد میں کیمبرج اسکولوں کے منصوبے کا نام تبدیل کر دیا گیا۔

    سید سردار شاہ نے کہا کہ کیمبرج اسکولوں کے قیام کی اسکیم 2015 میں شروع کی گئی تھی لیکن اب کیمبرج کی بہ جائے انگلش میڈیم اسکول بنائے جا رہے ہیں۔

    سندھ کے وزیر تعلیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی صرف 15 انگلش میڈیم اور 6 کمپری ہینسو اسکولوں کی تعمیرمکمل ہوئی ہے، 24 کمپری ہینسو اسکولوں کی تعمیر کی اسکیم ابھی مکمل نہیں ہو سکی۔

    یہ بھی پڑھیں:  خورشیدشاہ نے نواز شریف کو سندھ میں علاج کی دعوت دے دی

    وزیر تعلیم سردار شاہ نے بتایا کہ باقی کمپری ہینسو اسکولوں کی تعمیر 2020 تک مکمل ہوگی۔

    یاد رہے کہ سندھ اسمبلی اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس میں پوچھا گیا تھا کہ سندھ کے ہر ضلع میں کیمبرج اسکولوں کا منصوبہ کب مکمل ہوگا، کیا نجی شعبے کی مدد سے کیمبرج اسکول چلائے جائیں گے۔

  • ملزمان کو گولی مارنے سے متعلق اے آئی جی کراچی کی پولیس کو سخت ہدایات

    ملزمان کو گولی مارنے سے متعلق اے آئی جی کراچی کی پولیس کو سخت ہدایات

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے پولیس فورس کو ملزمان کو گولی مارنے سے متعلق سخت ہدایات دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج پولیس ہیڈ کوارٹرز میں پولیس کے تمام ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کا اجلاس منعقد ہوا، اے آئی جی امیر شیخ نے ہدایت کی پولیس کسی کارروائی میں شہریوں کی زندگی خطرے میں ہرگز نہ ڈالے۔

    [bs-quote quote=”اسلحے کے استعمال یا فائرنگ کرنے میں غیر ذمہ داری ہرگز نہ برتی جائے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”اے آئی جی کراچی”][/bs-quote]

    ایڈیشنل آئی جی نے اجلاس میں ہدایت کی کہ شہریوں کے جانی نقصان کا خطرہ ہو تو ملزمان کو مارنے کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔

    ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کو دوبارہ گرفتار کیا جا سکتا ہے یا انھیں پھر کبھی مارا جا سکتا ہے، لیکن معصوم شہری کی زندگی واپس نہیں لائی جا سکتی۔

    کراچی پولیس چیف نے ہدایت کی کہ اسلحے کے استعمال یا فائرنگ کرنے میں غیر ذمہ داری ہرگز نہ برتی جائے، شہریوں سے بد اخلاقی اور نا انصافی بھی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس مقابلہ، مقتول طالبہ نمرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ پولیس ملازمین کو اسلحے کے استعمال کے حوالے سے تربیت دیتے رہیں گے۔

    اجلاس میں گزشتہ روز انڈا موڑ پر پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی طالبہ نمرہ کے لیے دعا بھی کرائی گئی۔

  • کراچی میں پولیس مقابلہ: میڈیکل طالبہ سپرد خاک، وزیرِ اعلیٰ سندھ کا نوٹس

    کراچی میں پولیس مقابلہ: میڈیکل طالبہ سپرد خاک، وزیرِ اعلیٰ سندھ کا نوٹس

    کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں فائرنگ کی زد میں آنی والے میڈیکل کی طالبہ نمرہ کو سپردِ خاک کر دیا گیا، وزیرِ اعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں رکشے میں بیٹھی نمرہ بیگ کو گولی لگی تھی، مگر اسے بر وقت طبی امداد مہیا نہیں کی جا سکی، دوسری طرف اسپتال انتظامیہ نے بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، اور یوں نمرہ نے دم توڑ دیا۔

    [bs-quote quote=”طالبہ کے قتل کی تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ نے واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کیا، انھوں نے اس قسم کے واقعات کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے تفصیلی رپورٹ چاہیے کہ واقعہ کس کی غفلت کا نتیجہ ہے۔

    دریں اثنا، مقتولہ نمرہ بنتِ اعجاز بیگ کی نمازِ جنازہ ان کی رہائش گاہ انڈا موڑ کے قریب جامع مسجد صدیق اکبر میں ادا کی گئی۔

    جنازے میں اہلِ خانہ سمیت علاقے کے سیکڑوں افراد نے شرکت کی، ایس ایس پی وسطی عارف اسلم اور ایم کیو ایم پاکستان کے ریحان ہاشمی بھی جنازے میں شریک ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: میڈیکل کی طالبہ کی ہلاکت، معمہ حل نہ ہوسکا، واقعہ کئی سوالات چھوڑ گیا

    تفتیشی ذرایع کا کہنا ہے کہ نمرہ کو عباسی شہید اسپتال میں آدھے گھنٹے کے بعد بھی طبی امداد نہیں دی گئی، اسپتال انتظامیہ نے آدھے گھنٹے بعد نمرہ کو جناح اسپتال ریفر کیا، نمرہ کو طبی امداد کی فراہمی میں 2 گھنٹے ضائع ہوئے، ذرایع کے مطابق نمرہ کو گولی لگنے سے سر پر زخم آیا تھا، بر وقت طبی امداد ملنے پر زندگی بچائی جا سکتی تھی۔

    طالبہ کے قتل کی تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ٹیم نے جائے وقوع کا دورہ کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • آغا سراج معاملہ: نیب نے سندھ حکومت کے الزامات مسترد کر دیے

    آغا سراج معاملہ: نیب نے سندھ حکومت کے الزامات مسترد کر دیے

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آغا سراج درانی کے گھر پر چھاپے کے معاملے پر سندھ حکومت کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات مسترد کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے آغا سراج درانی کے معاملے پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے الزامات بے بنیاد اور جارحانہ پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔

    [bs-quote quote=”سندھ حکومت کی طرف سے نیب پر دہشت گردی کا الزام لگانا افسوس ناک ہے۔” style=”style-8″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”نیب”][/bs-quote]

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کسی قسم کی بد سلوکی، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

    نیب ہر شہری کی عزتِ نفس پر مکمل یقین رکھتا ہے، آغا سراج درانی کے اہلِ خانہ کے ساتھ کسی قسم کی بد سلوکی نہیں کی گئی۔

    نیب اعلامیے کے مطابق اہل کاروں نے قانون کے مطابق عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کیے، چھاپے کے دوران نیب اہل کاروں کے ہم راہ لیڈیز پولیس بھی موجود تھی۔

    قومی احتساب بیورو نے واضح کیا ہے کہ نیب نے تمام کارروائی قانون کے مطابق کی، سندھ حکومت کی طرف سے نیب پر دہشت گردی کا الزام لگانا افسوس ناک ہے۔

    تفصیل پڑھیں:  قانون چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنےکی اجازت نہیں دیتا: وزیرِ اعلیٰ سندھ

    خیال رہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آغا سراج درانی کے خلاف نیب کی کارروائی پر کہا ہے کہ نیب اہل کاروں نے آغا سراج کی فیملی سے بد تمیزی کی، گھر پر دھاوا بولا گیا، گیٹ توڑ کر دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے، فیملی کو گھر سے نکال کر لان میں کھڑا کیا گیا۔

    مراد علی شاہ نے کا کہنا تھا کہ وہ صوبے کا وزیرِ اعلیٰ ہوتے ہوئے بھی اسپیکر کو نیب کی دہشت گردی سے نہ بچا سکے، ان کی فیملی کو تحفظ نہ دے سکے۔

  • سپریم کورٹ نے جنگلات سے متعلق سندھ حکومت کی رپورٹ مسترد کر دی

    سپریم کورٹ نے جنگلات سے متعلق سندھ حکومت کی رپورٹ مسترد کر دی

    کراچی: سپریم کورٹ نے جنگلات سے متعلق سندھ حکومت کی رپورٹ مسترد کر دی، عدالت نے سندھ حکومت سے جنگلات کی زمین کا نقشہ مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سندھ کے جنگلات کی اراضی کی لیز اور تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے سندھ حکومت کی 1863 ایکڑ جنگلات کی پیش کردہ رپورٹ مسترد کر دی۔

    [bs-quote quote=”سندھ حکومت اگر اراضی واپس نہیں لے سکتی تو جنگلات کو آگ لگا دے۔” style=”style-8″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”سپریم کورٹ”][/bs-quote]

    عدالت نے سندھ حکومت سے جنگلات کی زمین کا نقشہ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی رپورٹ کی تصدیق سیشن ججز سے کرائیں گے۔

    عدالت نے سماعت کے دوران سخت لہجے میں سندھ حکومت سے کہا کہ اگر وہ اراضی واپس نہیں لے سکتی تو جنگلات کو آگ لگا دے، رپورٹ کے برعکس ہمیں نہیں معلوم 1863 ایکڑ زمین واپس لی بھی گئی ہے کہ نہیں۔

    عدالت نے رپورٹ پر کہا کہ کیا سندھ حکومت نے جادو کی چھڑی سے راتوں رات زمین واپس لی، جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اگر عدالت سے غلط بیانی کی گئی تو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    ہوش ربا رپورٹ ملاحظہ کریں: سندھ میں جنگلات کی ایک لاکھ ایکڑ سے زائد زمین بااثر افراد کو الاٹ

    جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کہ کیا وزیرِ اعلیٰ کے حکم پر زمین کو فروخت کیا گیا؟ جس پر محکمہ جنگلات کے افسر نے جواب دیا کہ نہیں کوئی زمین فروخت نہیں کی گئی۔

    عدالت نے کہا جنگلات کی زمین کا ایک ایک انچ واپس لیں گے چاہے کسی کے پاس کیوں نہ ہو۔ سپریم کورٹ نے زمین واپس لینے میں رینجرز کی معاونت کی سندھ حکومت کی استدعا بھی مسترد کر دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سابق وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر جنگلات کی اراضی فروخت ہوئی: سپریم کورٹ

    سپریم کورٹ میں کیس کی آیندہ سماعت 3 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی گئی۔