Tag: سندھ کی خبریں

  • حادثات و سانحات کے زخمیوں کا علاج سرکار کرے گی: سندھ کابینہ کا بڑا فیصلہ

    حادثات و سانحات کے زخمیوں کا علاج سرکار کرے گی: سندھ کابینہ کا بڑا فیصلہ

    کراچی: سندھ کابینہ نے حادثات و سانحات میں زخمی ہونے والے شہریوں کا علاج سرکاری سطح پر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، حادثات، سانحات، واقعات کے زخمیوں کا علاج سرکار کرے گی، اس سلسلے میں سندھ کابینہ نے سندھ انجرڈ پرسنز ٹریٹمنٹ بل کی منظوری بھی دے دی۔

    [bs-quote quote=”یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا قانون ہے جو صوبہ سندھ میں لاگو ہوگا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا قانون ہے جو صوبہ سندھ میں لاگو ہوگا۔

    کسی بھی اسپتال میں زخمی کے علاج پر ہونے والے اخراجات حکومت ادا کرے گی، نجی اسپتال میں بھی زخمیوں کے علاج کے اخراجات حکومت دے گی۔

    سندھ کابینہ نے طے کیا ہے کہ ہنگامی علاج کی سہولت نہ ہونے پر کسی ادارے کو اسپتال کا درجہ نہیں ملے گا، اور ہر اسپتال میں 2 ایمبولینس ہونا لازم ہوگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  سال 2018: کراچی میں 797 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے


    انجرڈ پرسنز ٹریٹمنٹ بل کے تحت زخمیوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز کے حقوق کا بھی تحفظ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل ایدھی فاؤنڈیشن نے اپنی کارکردگی رپورٹ میں کہا تھا کہ گزشتہ سال کے دوران کراچی میں 797 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے، جب کہ 16 ہزار 980 افراد زخمی ہوئے۔

  • نواب شاہ: بے نظیر بھٹو کا مجسمہ میوزیم انتظامیہ کی لاپروائی کا شکار

    نواب شاہ: بے نظیر بھٹو کا مجسمہ میوزیم انتظامیہ کی لاپروائی کا شکار

    نواب شاہ: شہیدِ جمہوریت بے نظیر بھٹو کا مجسمہ میوزیم انتظامیہ کی لاپروائی کا بری طرح شکار ہو گیا، انتظامیہ کی بے حسی کے باعث مجسمہ ٹوٹ پھوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع شہید بے نظیر آباد کے صدر مقام نواب شاہ میں قائم میوزیم کی انتظامیہ کی شدید بے حسی کے باعث بے نظیر بھٹو کا مجسمہ بری طرح ٹوٹ پھوٹ گیا ہے۔

    بے نظیر بھٹو کی برسی کے محض 6 دن بعد ہی ان کا مجسمہ میوزیم کے باہر پھینک دیا گیا۔

    نواب شاہ کے ایچ ایم خوجہ کمپلیکس میں قائم میوزیم میں بے نظیر بھٹو کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا، تاہم ضلعی انتظامیہ بے نظیر بھٹو کا یہ مجسمہ سنبھال نہ سکی۔

    تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مجسمے کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے، اور اسے کچرے کے ڈھیر میں پھینک دیا گیا ہے، جو انتظامیہ کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے قائد کی عزت نہ کر سکیں وہ عوام کی خدمت کیا کر سکیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر کا مجسمہ ایک کونے میں پھینک دیا گیا ہے، سندھ میں حکومت کرنے والے بھٹو کے اصل وارث نہیں ہیں ورنہ آج بے نظیر کے مجسمے کا یہ حال نہ ہوتا۔

  • ایم ڈی کے الیکٹرک کی وزیرِ توانائی امتیاز شیخ کو بجلی شارٹ فال پر بریفنگ

    ایم ڈی کے الیکٹرک کی وزیرِ توانائی امتیاز شیخ کو بجلی شارٹ فال پر بریفنگ

    کراچی: وزیرِ توانائی سندھ امتياز شیخ سے ایم ڈی کے الیکٹرک نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیرِ توانائی کو کے الیکٹرک کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیرِ توانائی سے کے الیکٹرک کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ملاقات کرتے ہوئے شہر میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ، لائن لاسز اور بجلی شارٹ فال پر بریفنگ دی۔

    [bs-quote quote=”حب اور گھارو سے عنقریب 300 میگا واٹ بجلی ملنا شروع ہو جائے گی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ایم ڈی کے الیکٹرک نے کہا کہ ادارے کو 600 میگا واٹ کمی کا سامنا ہے، حب اور گھارو سے عنقریب 300 میگا واٹ بجلی ملنا شروع ہو جائے گی۔

    وزیرِ توانائی سندھ امتياز شیخ نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ یقينی بنایا جائے، اوور بلنگ کی عوامی شکایات کا بھی فوری ازالہ کیا جائے۔

    خیال رہے کہ مارچ کے آخر میں کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ گیس کم ہونے کی وجہ سے کے ای کو 500 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے جب کہ دستیاب بجلی 2200 میگا واٹ ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  تھر کول منصوبہ ناکام، عوامی پیسے کا ضیاع ہوا: چیف جسٹس


    یاد رہے کہ صوبہ سندھ کے لیے تھر کول سے بجلی کی پیداوار کے اہم ترین منصوبے کو سپریم کورٹ نے نا کام قرار دیتے ہوئے 11 اکتوبر 2018 کو انتظامیہ کو ذمہ داران کے تعین کا حکم دے دیا تھا۔

    کیس کی سماعت کے دوران معلوم ہوا کہ 3 ارب سے زائد خرچ کر کے صرف 8 میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی، تاہم یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تھا کہ کوئلے سے منسلک کسی منصوبے پر کام ہوا۔

  • سندھ اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ کے خلاف تحریکِ التوا مسترد

    سندھ اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ کے خلاف تحریکِ التوا مسترد

    کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درّانی نے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تحریکِ التوا مسترد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک التوا جمع کرائی تھی۔

    [bs-quote quote=”پیپلز پارٹی کی سعدیہ جاوید نے سندھ اسمبلی میں حکومتی ارکان کے خلاف قرارداد جمع کرا دی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے فنی بنیاد پر تحریکِ التوا رد کر دی۔

    دوسری طرف سندھ اسمبلی میں اہم حکومتی ارکان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی قرارداد جمع کرائی گئی۔

    یہ قرارداد پیپلز پارٹی کی سعدیہ جاوید نے سندھ اسمبلی میں جمع کرائی، قرار داد میں کہا گیا کہ وزیرِ دفاع پرویز خٹک، زلفی بخاری کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

    قرارداد میں وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم اور وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا بھی ذکر شامل ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا دورہ سندھ ملتوی


    خیال رہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کے خلاف جمع کرائی گئی تحریکِ التوا میں کہا گیا تھا کہ جے آئی ٹی میں نام آنے پر مراد علی شاہ صادق و امین نہیں رہے۔

    خرم شیر زمان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریکِ التوا میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سے استعفے کا بھی مطالبہ دہرایا گیا، متن میں کہا گیا کہ مراد علی شاہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، انھوں نے اومنی گروپ کو فائدہ پہنچایا۔

  • سندھ میں پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک یقینی ہے: فیصل واوڈا کا دعویٰ

    سندھ میں پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک یقینی ہے: فیصل واوڈا کا دعویٰ

    کراچی: پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک یقینی ہے، پیپلز پارٹی کے فارورڈ بلاک میں 20 سے 26 ارکان جا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور گورنر سندھ کی ائیر پورٹ پر ملاقات ہوئی، فیصل واوڈا نے کہا کہ 20 سے 26 لوگوں کے فارورڈ بلاک کی اطلاعات ہیں۔

    [bs-quote quote=”جو لوگ وزیرِ اعلیٰ بن سکتے ہیں وہ شاہ ہیں اور میرے دوست ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”فیصل واوڈا”][/bs-quote]

    فیصل واوڈا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سندھ حکومت بچ بھی گئی تو نئے وزیرِ اعلیٰ کا نام بھی شاہ ہی ہوگا، جو لوگ وزیرِ اعلیٰ بن سکتے ہیں وہ شاہ ہیں اور میرے دوست ہیں۔

    تحریکِ انصاف کے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں، صدرِ مملکت عارف علوی کو بریفنگ دے دی، ان کے گھر پر اہم اجلاس ہو رہا ہے۔

    دریں اثنا پی ٹی آئی کا سندھ کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر ہنگامی اجلاس آج ہو رہا ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کا یہ اجلاس صدرِ پاکستان عارف علوی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیرِ اعلیٰ سندھ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم شور کریں گے: علی زیدی


    اجلاس میں خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور دیگر شرکت کریں گے، اجلاس میں سندھ کے سیاسی منظر نامے پر مشاورت ہوگی، اجلاس میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ارکان بھی شریک ہوں گے۔

    خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے بھی جے آئی ٹی رپورٹ کے تناظر میں دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے لوگ ان سے رابطے کر رہے ہیں، ایم پی ایز فون کر رہے ہیں کہ ہماری جان چھڑاؤ۔

  • وزیرِ اعلیٰ سندھ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم شور کریں گے: علی زیدی

    وزیرِ اعلیٰ سندھ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم شور کریں گے: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم شور کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق علی زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پر کرپشن کے الزامات ہیں، ان کو نہیں ہٹایا گیا تو شور کیا جائے گا، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، وہ وزیرِ اعلیٰ تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں۔

    [bs-quote quote=”پیپلز پارٹی کے لوگ ہم سے رابطے کر رہے ہیں، ایم پی ایز فون کر رہے ہیں کہ ہماری جان چھڑاؤ۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وفاقی وزیر”][/bs-quote]

    علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاناما جے آئی ٹی پر نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کر رہی تھی، جے آئی ٹی میں مراد علی شاہ کا نام آیا ہے تو وہ استعفیٰ کیوں نہیں دے رہے، پی پی قیادت جو مرضی کر لے عوام بے وقوف نہیں، سب دیکھ رہی ہے۔

    انھوں نے کہا ’سندھ میں آپریشن ہوا تو لاڑکانہ میں سب بھاگتے پھر رہے ہیں، سمجھ آ گیا ہے کہ سندھ میں ان کو آپریشن پر تکلیف پکڑ دھکڑ کی وجہ سے تھی، اداروں نے کام کرنا شروع کر دیا ہے تو یہ دیواروں پر سر مارتے پھر رہے ہیں۔‘

    وفاقی وزیر نے مزید کہا ’جے آئی ٹی نے سب کچھ سامنے رکھ دیا کہ آصف زرداری کتنا عقل مند ہے، پیپلز پارٹی کے لوگ ہم سے رابطے کر رہے ہیں، ایم پی ایز فون کر رہے ہیں کہ ہماری جان چھڑاؤ، سندھ کے سسٹم سے ڈرے ہوئے لوگ اب سامنے آنے لگے ہیں۔‘


    یہ بھی پڑھیں:   جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری سمیت 172 افراد کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی


    علی زیدی کا کہنا تھا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ میں تباہی مچائی ہے، کراچی کے علاوہ اندرون سندھ کے شہروں کا برا حال ہے، اسکولوں، تھانوں، اسپتالوں کا حال دیکھ لیں، 10 سال دودھ کی جو نہریں بہائی ہیں وہ پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان کسی سے مک مکا نہیں کریں گے، ہم نے ایک ٹائل بھی تبدیل کر دیا تو ہمارا وزیرِ اعظم ہمیں فارغ کر دے گا، سندھ میں ظلم اور کرپشن کا نظام نہیں چلنے دیں گے، پیپلز پارٹی نے احتجاج کرنا ہے تو رائے ونڈ جا کر کریں۔

  • سندھ حکومت نے شوگر ملز کو سبسڈی آئین و قانون کے مطابق دی: وزیرِ اعلیٰ سندھ

    سندھ حکومت نے شوگر ملز کو سبسڈی آئین و قانون کے مطابق دی: وزیرِ اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں انھوں نے جے آئی ٹی رپورٹ اور ای سی ایل میں نام داخل کرنے کے فیصلوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول سے ملاقات کی، ملاقات میں مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی۔

    [bs-quote quote=”سبسڈی پر اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں نے حمایت کی تھی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”مراد علی شاہ” author_job=”وزیر اعلیٰ سندھ”][/bs-quote]

    دریں اثنا وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے شوگر ملز کو سبسڈی آئین و قانون کے مطابق دی، سبسڈی کسی ایک کو نہیں تمام شوگر ملز کو دی گئی تھی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سبسڈی کی منظوری سندھ اسمبلی سے لی گئی تھی، سبسڈی پر اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں نے حمایت کی تھی، سبسڈی دینے کی قرارداد پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے پیش کی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ سبسڈی دینے کا فیصلہ صرف حکومت کا نہیں پورے ایوان کا تھا، مجھ پر الزامات عائد کر کے میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، کروڑوں لوگوں کا منتخب وزیرِ اعلیٰ ہوں، غلط کام نہ کیا نہ کروں گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری سمیت 172 افراد کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی


    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شوگر ملز کو سبسڈی دینے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا گیا تھا، سندھ حکومت کی آڑ لے کر پوری پارٹی کا میڈیا ٹرائل شروع کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سمیت متعدد پی پی رہنماؤں کے نام جعلی اکاؤنٹس کیس میں ای سی ایل میں ڈال دیے گئے ہیں۔

    وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں جے آئی ٹی میں شامل 172 افراد کی فہرست جاری کی ہے، جس میں سابق صدر، بلاول بھٹو، فریال تالپور، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا نام بھی شامل ہے۔

  • وزیرِ اعظم جی ڈی اے رہنما کی دعوت پر سندھ کا دورہ کریں گے

    وزیرِ اعظم جی ڈی اے رہنما کی دعوت پر سندھ کا دورہ کریں گے

    کراچی: وزیرِ اعظم عمران خان نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما علی گوہر مہر سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے صوبے کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان تحریکِ انصاف سندھ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سردار علی گوہر مہر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

    [bs-quote quote=”وزیراعظم عمران خان کا سندھ کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم نے جی ڈی اے رہنما کے ساتھ فون پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ترجمان پی ٹی آئی سندھ کے مطابق سردار علی گوہر مہر نے وزیرِ اعظم کو دورۂ سندھ کی دعوت دی، وزیرِ اعظم نے ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اپنے دورے میں سندھ کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    دریں اثنا صوبہ سندھ کی سیاست میں ہل چل پیدا ہو گئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد صوبے کی سیاسی فضا میں حدت بڑھ گئی ہے، دوسری طرف وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تبدیلی کی آوازیں بھی اٹھنے لگی ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جلد سندھ کا دورہ کریں گے


    وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کو خصوصی ٹاسک دے دیا، وزیرِ اطلاعات پیغام لے کر سندھ آئیں گے اور ذوالفقار مرزا، امیر بخش بھٹو سمیت دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر اور جی ڈی اے ارکان نے بھی سر جوڑ لیے ہیں، خرم شیر زمان کہتے ہیں پیپلز پارٹی کے لوگ خود رابطہ کر رہے ہیں۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سندھ میں حکومت کے لیے بیس ووٹوں کی ضرورت ہے، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے بھی مراد علی شاہ کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

  • سندھ میں ایسا وزیرِ اعلیٰ ہونا چاہیے جس کے خلاف انکوائری نہ ہو: افتخار درانی

    سندھ میں ایسا وزیرِ اعلیٰ ہونا چاہیے جس کے خلاف انکوائری نہ ہو: افتخار درانی

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ سندھ میں ایسا وزیرِ اعلیٰ ہونا چاہیے جس کے خلاف انکوائری نہ ہو۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار درانی نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ پر کرپشن کے الزامات ہیں، بہ طور صوبائی وزیرِ خزانہ مراد علی شاہ نے اومنی گروپ کو سپورٹ کیا تھا۔

    [bs-quote quote=”جے آئی ٹی رپورٹ میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے خلاف سہولت کاری کے شواہد ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”معاون خصوصی”][/bs-quote]

    معاونِ خصوصی افتخار درانی کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں بڑے انکشافات سامنے آئے ہیں، سندھ کی قیادت کے اومنی گروپ کے ساتھ تعلقات کا انکشاف ہو گیا ہے۔

    انھوں نے کہا ’جے آئی ٹی رپورٹ میں وزیرِ اعلیٰ سندھ پر سہولت کاری کے شواہد ہیں، وزیرِ اعلیٰ سندھ نے بہ طور وزیرِ خزانہ سہولت کار کا کردار کیسے ادا کیا؟ حالات کے پیشِ نظر سندھ میں قیادت کی تبدیلی نا گزیر ہو چکی ہے۔‘

    افتخار درانی نے مزید کہا ’سندھ میں ایسا وزیرِ اعلیٰ ہونا چاہیے جو زیرِ تفتیش نہ ہو، پیپلز پارٹی کو خود سوچنا چاہیے کہ حکومت کیسے چلانی ہے، جمہوریت کا اپنا ایک عمل ہے اور احتساب اس کا حصہ ہے، احتساب کا عمل جمہوریت کو مضبوط کرتا ہے۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سندھ سے استعفیٰ مانگ لیا


    معاونِ خصوصی برائے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پیسا جمع کرائے بغیر بینک کیسے بنا دیا گیا، یہ بتایا جائے کہ نیشنل بینک سے کیسے پیسے لیے گئے، ان سہولتوں کے لیے حکومتِ سندھ کو کیسے استعمال کیا گیا۔

    افتخار درانی نے کہا ’ان تمام چیزوں کا جواب رپورٹ کی روشنی میں سپریم کورٹ میں دینا ہوگا، سپریم کورٹ کا جے آئی ٹی سے متعلق فیصلہ سب کو قبول کرنا ہوگا۔‘

    خیال رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

  • محکمہ داخلہ سندھ نے ایم کیو ایم کے تمام رہنماؤں کی سیکورٹی بڑھا دی

    محکمہ داخلہ سندھ نے ایم کیو ایم کے تمام رہنماؤں کی سیکورٹی بڑھا دی

    کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی رضا علی عابدی کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے ایم کیو ایم کے تمام رہنماؤں کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایم کیو ایم کے سابق رہنما رضا علی عابدی کو دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا، واقعے کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے ایم کیو ایم رہنماؤں کی سیکورٹی بڑھا دی۔

    [bs-quote quote=”فیصلہ موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”محکمہ داخلہ”][/bs-quote]

    متحدہ قومی موومنٹ کے دفاتر پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، سیکریٹری محکمہ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ آج متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے، انھیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔


    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق


    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ رضا علی عابدی کو قتل کرنے والے دہشت گردوں کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے، قاتلانہ حملہ شہر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔

    دوسری طرف وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔