Tag: سندھ کی خبریں

  • پیپلز پارٹی نے اقوامِ متحدہ میں وزیرِ خارجہ کے اردو میں خطاب کو مسترد کر دیا

    پیپلز پارٹی نے اقوامِ متحدہ میں وزیرِ خارجہ کے اردو میں خطاب کو مسترد کر دیا

    کراچی: بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اقوامِ متحدہ میں وزیرِ خارجہ کے اردو میں خطاب کو مسترد کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی کے خطاب کو اس لیے مسترد کر دیا ہے کیوں کہ وہ اردو میں کیا گیا۔

    [bs-quote quote=”اپوزیشن کو پی اے سی کی چیئرمین شپ نہ ملنے پر ایوان میں احتجاج کیا جائے گا: پیپلز پارٹی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پیپلز پارٹی نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں خطاب پر اعتراض اٹھا دیا ہے کہ خطاب اردو میں کیوں کیا گیا، عالمی فورم پر انگریزی میں خطاب سے پاکستان کے مؤقف کا دنیا کو پتا چلتا۔

    پی پی پارلیمانی پارٹی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا خطاب پاکستانی قوم سے نہیں بلکہ اقوامِ عالم سے خطاب تھا، وہ دنیا سے مخاطب ہو رہے تھے۔

    بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دی جائے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن کو پی اے سی کی چیئرمین شپ نہ ملنے پر ایوان میں احتجاج کیا جائے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے اردو میں تاریخی خطاب


    پی پی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں متعدد دیگر ملکی معاملات پر بھی غور کیا گیا، پی پی نے فیصلہ کیا کہ حکومتی بجٹ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ 29 ستمبر کو وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکہتر ویں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اپنی قومی زبان اردو کو اہمیت دی اور اس تاثر کو ختم کیا کہ پاکستانی رہنما عالمی فورمز پر اپنی زبان میں بات کرنے احساسِ کم تری کی وجہ سے کتراتے ہیں۔

  • لاپتا ہونے والے 19 بچوں کے علاوہ تمام مل چکے ہیں، ڈی آئی جی سی آئی اے

    لاپتا ہونے والے 19 بچوں کے علاوہ تمام مل چکے ہیں، ڈی آئی جی سی آئی اے

    کراچی: ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسف کا کہنا ہے کہ لاپتا ہونے والے 19 بچوں کے علاوہ تمام مل چکے ہیں، کراچی سمیت سندھ بھر سے 58 بچے لاپتا ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے امین یوسف نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بچوں کے اغوا کے سلسلے میں کسی بھی خبر پر کان نہ دھریں۔

    سی آئی اے کے ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ایک بچہ کل فیصل آباد سے آیا ہے، وہ سات ماہ سے مسنگ تھا، وہ کلفٹن میں اپنے والد سے ناراض ہو کر چلا گیا تھا، تو اغوا اور گم شدگی کے واقعات میں فرق ہے۔

    ڈی آئی جی سی آئی اے نے مزید کہا کہ اندرون سندھ بچوں کے اغوا کی 11 ایف آئی آر درج ہوئیں ہیں، عوام سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

    خیال رہے کہ کراچی میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، چار دن قبل نجی اسکولوں کو بھی ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن کی جانب سے بچوں کی سیکورٹی کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔


    مزید پڑھیں:  بچوں کو اغوا کیے جانے کا معاملہ، نجی اسکولز کو ہدایات جاری


    دو ہفتے قبل وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کراچی کے امن و امان پر اہم اجلاس میں عمران خان کو کراچی سمیت سندھ کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی، جس میں وزیرِ اعظم نے شہر میں اسٹریٹ کرائمز اور بچوں کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ڈی آئی جی سی آئی اے نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ کراچی میں گاڑیوں کی تعداد 20 سے 25 لاکھ ہو چکی ہے، اسٹریٹ کرائم کا طریقۂ واردات وہی پرانا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اب شہری لوٹ مار کی رپورٹ زیادہ کر رہے ہیں، پولیس بھی متحرک ہے، ملزمان پکڑے جا رہے ہیں، 6 ہفتے میں بڑی تعداد میں اشتہاری ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • سندھ حکومت نے کراچی میں سندھیوں کے خلاف وال چاکنگ کا نوٹس لے لیا

    سندھ حکومت نے کراچی میں سندھیوں کے خلاف وال چاکنگ کا نوٹس لے لیا

    کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں سندھیوں کے خلاف وال چاکنگ کا نوٹس لے لیا، وزیرِ زراعت اسماعیل راہو نے کہا کہ ہم سندھیوں کے خلاف وال چاکنگ کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں سہیل انور سیال کے اشتعال انگیز تقریر کے بعد شہر کی دیواروں پر سندھیوں کے خلاف چاکنگ کی گئی، جس پر سندھ حکومت نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔

    [bs-quote quote=”سندھی مہاجر آپس میں بھائی ہیں: اسماعیل راہو” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    محکمہ زراعت کے وزیر اسماعیل راہو نے وال چاکنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھی اور مہاجر آپس میں بھائی ہیں، کچھ لوگوں سے کراچی کا امن برداشت نہیں ہوتا۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ہمیں آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسی گھٹیا حرکت کے خلاف کارروائی کریں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے آنے والوں کو ہم پال رہے ہیں، ان لوگوں کو ہم نے پناہ دی، ان کو گھر، زمینیں اور اناج دیا۔


    غیر ذمہ دارانہ بیان، بلاول بھٹو کی سہیل انور سیال کو سخت وارننگ


    انور سیال کے خطاب کو پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے انھیں سخت وارننگ جاری کی، پی پی چیئرمین نے سخت ناراضی کا بھی اظہار کیا۔

    دوسری طرف ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سہیل انور سیال نے معافی نہیں مانگی تو پیر کو احتجاج کریں گے، ان کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتاہوں، پی پی واضح کرے یہ سہیل انور سیال کا بیان ہے یا پارٹی پالیسی؟

  • پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی نیو کلیئر پاور پلانٹ میں ایک اور کامیابی

    پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی نیو کلیئر پاور پلانٹ میں ایک اور کامیابی

    کراچی: پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے نیو کلیئر پاور پلانٹ میں ایک اور کام یابی حاصل کرلی، کراچی پاور پلانٹ تھری کا ڈوم نصب کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے نیو کلیئر پاور پلانٹ تھری میں ڈوم نصب کر دیا، یہ انرجی کمیشن کی جانب سے ایک اور بڑی کام یابی ہے۔

    ترجمان اٹامک انرجی کمیشن شاہد ریاض نے بتایا کہ ڈوم پاور پلانٹ کا سب سے مضبوط حصہ ہوتا ہے، جو نیو کلیئر پاور پلانٹ کے تابکاری اثرات کی روک تھام کرتا ہے۔

    چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم کا کہنا تھا کہ گنبد کی تنصیب سے کراچی تھری نیو کلیئر پاور پلانٹ کا سول ورک مکمل ہو گیا ہے۔ یہ بجلی کی پیداوار کا ایک بڑا منصوبہ ہے۔

    محمد نعیم نے کہا کہ کراچی ٹو اور تھری پاور پلانٹ شیڈول کے مطابق پیداوار شروع کردیں گے، کراچی ٹو، تھری پاور پلانٹ کی تکمیل سے 2200 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔


    ترقیاتی فنڈ کی مد میں 30 ارب سے زائد روپے جاری


    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ منصوبہ بندی کمیشن نے اٹامک انرجی کمیشن کو منصوبوں کی تکمیل کے لیے 4 ارب 67 کروڑ روپے جاری کیے تھے۔

    پاکستان نے 1972 میں کراچی میں 137 میگا واٹ کا پلانٹ لگا کر سول نیوکلئیر پاور پروگرام کا آغاز کیا تھا اور یہ سفر اب بھی کام یابی سے جاری ہے۔

  • کراچی میں ڈکیتیوں میں افغان گروہ بھی ملوث ہے، پولیس رپورٹ میں انکشاف

    کراچی میں ڈکیتیوں میں افغان گروہ بھی ملوث ہے، پولیس رپورٹ میں انکشاف

    کراچی: پولیس نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شہرِ قائد میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں افغان گروہ بھی ملوث ہے جو آٹھ سال سے شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ایک افغان گروہ بھی کراچی میں ڈکیتیوں میں ملوث ہے جس کے 10 ارکان پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق یہ ڈکیت گروہ گھروں، دکانوں اور پٹرول پمپوں پر گزشتہ 8 سال سے ڈکیتیاں کر رہا ہے، گروہ کے 4 ملزمان مفرور ہیں جن کی تصاویر جاری کر دی گئی ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان ڈکیت گروہ ڈکیتی کی وارداتوں کے لیے ٹویوٹا کرولا استعمال کرتا تھا، وارداتوں میں جرائم پیشہ گروہ نے بھاری اور چھوٹے ہتھیار بھی استعمال کیے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق گروہ کی ریکی کرنے والا کارندہ موٹر سائیکل پر ہر وقت موجود رہتا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک گروہ کے دس ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  کالی بھیڑوں کو سنبھلنے کا بہت موقع فراہم کیا، کراچی پولیس چیف


    رپورٹ کے مطابق مفرور ملزمان میں سعید، شاداب، رؤف اور کامل شامل ہیں جو پولیس کو انتہائی مطلوب ہیں، پولیس کی جانب سے ان ملزمان کی تصاویر بھی جاری کی جا چکی ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈکیت گروہ نے ایسٹ زون میں 20، ساؤتھ زون میں 14 وارداتیں کیں، جب کہ کراچی سینٹرل میں 13، ملیر میں17 اور کورنگی میں 16 وارداتیں کیں۔

    حال ہی میں عہدہ سنبھالنے والے انسپیکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر امیر شیخ کا دعویٰ ہے کہ کراچی میں مجرمانہ کارروائیوں میں بالخصوص اسٹریٹ کرائمز میں بہت حد تک کمی لائی جا چکی ہے۔

  • سندھ اسمبلی میں دوسرے روز بھی شورشرابہ اورنعرے بازی، پی ٹی آئی کا واک آؤٹ

    سندھ اسمبلی میں دوسرے روز بھی شورشرابہ اورنعرے بازی، پی ٹی آئی کا واک آؤٹ

    کراچی: سندھ اسمبلی میں دوسرے روز بھی شورشرابہ اورنعرے بازی جاری رہی، ایوان بدستور مچھلی بازار بنا رہا، اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوسرے روز بھی سندھ اسمبلی مچھلی بازار بنا رہا، ارکان نے اتنا شور شرابہ کیا کہ کان پڑی آواز سنائی نہیں دی، اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا۔

    [bs-quote quote=”شراب کو انگلی سے چیک کرنے کی تکنیک دنیا میں کہیں نہیں، دنیا حیران ہے: عدیل شہزاد” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے وفاقی حکومت پر تیر اندازی کرتے ہوئے کہا کہ قرض کو لعنت سمجھنے والوں نے ورلڈ بینک سے کتنی لعنت سمیٹی۔

    پی پی رہنما شہلا رضا کی تقریر پر اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا، انھوں نے کہا کہ حکومت نے ایک ماہ میں سولہ قلابازیاں کھائیں۔

    قبل ازیں ارباب لطف اللہ کے ریمارکس پر پی ٹی آئی کے اراکین نے احتجاج کیا۔ ارباب لطف اللہ نے کہا کہ سندھ کا کتا، کتا ہے جب کہ پنجاب کا کتا شیرو ہے۔

    رکن اسمبلی عدیل شہزاد نے کہا کہ شراب کو انگلی سے چیک کرنے کی تکنیک دنیا میں کہیں نہیں، دنیا حیران ہے کہ سندھ لیبارٹری میں یہ فارمولہ کہاں سے آ گیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہنگامے کی نذر، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کا شور شرابا


    فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی نے پیپلز پارٹی پر تیکھے وار کیے، کہا سندھ بجٹ کے کروڑوں روپے لانچوں میں دبئی جاتے ہیں۔ ہاجمولہ کی گولیوں کی بہ جائے ہم پیٹ میں درد کی دعا دیں گے۔

    گیارہ سال میں چودہ سو ارب روپے لندن اور دبئی کے محلات چلے گئے، لوگ پوچھتے ہیں سندھ کا کون سا شہر ہے جہاں ایک مخصوص خاتون کا گھرنہیں۔

    اسمبلی میں اعتراف کیا گیا کہ پیپلز پارٹی ووٹ خریدتی ہے، چیف جسٹس نوٹس لیں۔ نصرت سحر عباسی جیسے ہی چپ ہوئیں سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے شور شرابہ اور احتجاج شروع کر دیا۔

  • سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہنگامے کی نذر، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کا شور شرابا

    سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہنگامے کی نذر، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کا شور شرابا

    کراچی: سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہنگامے کی نذر ہو گیا، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے شور شرابے سے ایوان میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے شور شرابے کی نذر ہو گیا، شہد کی بوتلوں اور زیتون کے تیل کا بھی ذکر نکل آیا۔

    وسیم قریشی نے کہا کہ سندھ حکومت پانی کے لیے پیسے رکھے تو شہد نکل آتا ہے ا ور تھر کے لیے پیسے رکھے تو زیتون نکل آتا ہے۔

    [bs-quote quote=”سندھ حکومت پانی کے لیے پیسے رکھے تو شہد نکل آتا ہے: وسیم قریشی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی وسیم قریشی کا کہنا تھا کہ جب تک شہد اور زیتون کی بوتلیں ملتی رہیں گی تب تک سندھ ترقی نہیں کرے گا۔

    آصف جتوئی کی جانب سے پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر تنقید کے بعد پی پی ارکان نے شدید احتجاج کیا، ایوان مچھلی بازار بن گیا۔ اسپیکر آغا سراج درّانی نے کہا کہ لیڈر پر بات کریں گے تو آپ کے لیڈر پر بھی بات ہوگی، مجھ پر نہ چیخیں، میں اس کا اثر نہیں لوں گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  صوبوں کومزید خود مختاربناناچاہتے ہیں: وزیراعظم عمران خان


    واضح رہے کہ آج وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں سات نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

    اس موقع پر چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے وزیرِ اعظم کو صوبائی معاملات سے آگاہ کیا، وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت صوبوں کو مزید خود مختار بنانا چاہتی ہے۔

  • غیر قانونی طریقے سے کسی کو گھروں سے بے دخل نہیں ہونے دیں گے، خورشید شاہ

    غیر قانونی طریقے سے کسی کو گھروں سے بے دخل نہیں ہونے دیں گے، خورشید شاہ

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سرکاری کوارٹرز کے مکینوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ غیر قانونی طریقے سے کسی کو گھروں سے بے دخل نہیں ہونے دیں گے۔

    سرکاری کوارٹرز کے مکینوں نے خورشید شاہ سے ملاقات کی، مکینوں نے گھروں سے بے دخلی کے خدشات کا اظہار کیا جس پر پیپلز پارٹی کے رہنما نے انھیں تسلی دی۔

    پی پی رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، عوام کے مسائل جانتی ہے، اور عوام کے مسائل حل کرتی ہے۔

    دریں اثنا سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیرِ اعلیٰ سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے کراچی میں سرکاری کوارٹرز خالی کرانے کی پالیسی پر نظرِ ثانی کی درخواست کی۔

    خورشید شاہ نے وزیرِ ورکس ناصر شاہ سے بھی صورتِ حال معلوم کی۔ انھوں نے سرکاری کوارٹرز کے مکینوں یقین دلایا کہ ان کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائے گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پیپلز پارٹی کا کسی حکومت مخالف تحریک کا حصہ نہ بننے کا اعلان


    دوسری طرف کوارٹرز ایکشن کمیٹی نے ملاقات کے بعد کہا اعلیٰ حکام کی یقین دہانی اطمینان بخش ہے، حکومت زمینی حقائق پر پالیسی بنائے ہم ساتھ ہیں۔

    خیال رہے کہ آج خیبر پختونخوا میں پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کسی حکومت مخالف تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • ایم کیو ایم نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں کے نتائج چیلنج کر دیے

    ایم کیو ایم نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں کے نتائج چیلنج کر دیے

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں کے نتائج چیلنج کر دیے، جن میں این اے 241، 245 اور پی ایس 97، 126 اور 130 شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے پانچ حلقوں کے انتخابی نتائج چیلنج کر دیے ہیں، متحدہ کی جانب سے ان حلقوں کے نتائج پر خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    این اے 245 سے فاروق ستار نے پاکستان تحریکِ انصاف کے عامر لیاقت کی کام یابی کو چیلنج کیا، انھوں نے درخواست میں عامر لیاقت کی کام یابی کا نوٹی فکیشن معطل کرنے کی استدعا کی۔

    قومی اسمبلی کے حلقے 241 سے معین عامر پیرزادہ نے فیصلہ چیلنج کیا، اس حلقے سے پی ٹی آئی کے فہیم خان جیتے تھے، معین عامر نے درخواست میں دوبارہ گنتی کرانے کی استدعا کی ہے۔

    پی ایس 97 سے وقار شاہ اور 126 سے آصف علی نے مدِ مقابل کی کام یابی کو چیلنج کیا، پی ایس 97 سے پی ٹی آئی کے راجہ اظہر جب کہ 126 سے عمر عماری نے نشست اپنے نام کی۔


    یہ بھی پڑھیں:  عامر لیاقت کی کامیابی کا نوٹی فکیشن معطل کیا جائے ، فاروق ستار کی درخواست


    پی ایس 130 سے جمال احمد نے اپنے مدِ مقابل کی کام یابی کو چیلنج کیا، اس حلقے سے بھی تحریکِ انصاف کے محمد ریاض حیدر نے سیٹ جیتی۔

    متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل مذکورہ حلقوں میں انصاف پر مبنی فیصلے کرے گا۔

    ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کے ساتھ اتحاد ضرور ہے لیکن اتحاد الگ چیز ہے، انتخابی نتائج پر اپنے خدشات سامنے لائے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے بڑی شدّ و مد کے ساتھ تحریکِ انصاف کے عامر لیاقت کی کام یابی کو چلینج کیا گیا ہے، انھوں نے ٹریبونل سے استدعا کی ہے کہ عامر لیاقت کی کام یابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

  • شراب برآمدگی کیس: چالان میں شرجیل میمن شریکِ جرم قرار

    شراب برآمدگی کیس: چالان میں شرجیل میمن شریکِ جرم قرار

    کراچی: نجی اسپتال میں شرجیل انعام میمن کے کمرے سے شراب بر آمدگی کے کیس کے چالان میں سابق صوبائی وزیرِ اطلاعات کو شریکِ جرم قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں علاج کے لیے داخل شرجیل میمن کے کمرے سے تین مشکوک بوتلیں برآمد ہوئی تھیں، کیس کے چالان میں انھیں شریکِ جرم قرار دیا گیا ہے۔

    چالان کے متن میں لکھا گیا ہے کہ کمرے سے تین بوتلیں ملیں، ایک بوتل میں دو انچ شراب تھی، سی سی ٹی وی میں نامزد ملزمان کی مشکوک سرگرمیاں نظر آئیں۔

    یاد رہے کہ یکم ستمبر کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کلفٹن میں واقع ضیاء الدین اسپتال کا اچانک دورہ کیا تھا، جہاں نیب کے حکم پر گرفتار شرجیل میمن کو علاج کے لیے منتقل کیا گیا تھا اور اسپتال کے کمرے کو سب جیل قرار دیا گیا تھا۔


    تفصیل پڑھیں:  میں چیف جسٹس پاکستان ہوں، آپ کی خیریت معلوم کرنے آیا ہوں، شرجیل میمن سے ملاقات کی اندرونی کہانی


    چیف جسٹس نے اسپتال پر چھاپا مار کر سیاسی قیدیوں کے وارڈز کا معائنہ کیا تو پیپلز پارٹی کے رہنما کے کمرے سے شراب کی بوتلیں بر آمد ہوئیں، چیف جسٹس کے استفسار پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یہ بوتلیں ان کی نہیں ہیں۔

    بعد ازاں بوتلوں کو لیبارٹری بھیجا گیا جہاں سے رپورٹ آئی کہ بوتلوں میں شہد اور زیتون کا تیل تھا، تاہم اب چالان میں واضح کیا گیا ہے کہ ایک بوتل میں دو انچ شراب موجود تھی۔