Tag: سندھ کی خبریں

  • پولیس و ایمبولینس سروس کے علاوہ کوئی گاڑیاں نہیں خریدیں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    پولیس و ایمبولینس سروس کے علاوہ کوئی گاڑیاں نہیں خریدیں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے ڈیم سے متعلق بات نہیں ہوئی، پولیس و ایمبولینس سروس کے سوا گاڑیاں نہیں خریدیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں کہ وفاق نے کہا تھا کہ آپ کو 5 سو ارب دیں گے، 30 جون تک ہمیں 49 ارب سے بھی کم ملے، وفاق سے رقم کم ملنے پر سندھ کا بجٹ متاثر ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ نئی اسکیموں کے لیے 50 ارب رکھے تھے، 26 ارب کٹوتی کی ہے، گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس دفعہ سندھ کو کم رقم ملی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ نئی اسکیموں میں واٹر کمیشن کی سفارشات کے تحت اسکیم شامل کی، کوسٹل ہائی وے کی اسکیم کے لیے رواں سال 2 ارب رکھے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے سندھ افسران کے تبادلوں پر بات ہوئی۔ سندھ کے افسران کی بین الصوبائی تقرریاں رولز کے مطابق ہونی چاہئیں۔ کسی بھی غیر قانونی مقیم فرد کو شہریت نہیں ملنی چاہیئے، ملک کے قانون کے مطابق شہریت دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سندھ حکومت کے کسی معاملے پر روبرو ڈیڈ لائن نہیں دی، گورنر سندھ حکومت نہیں، اپنا آئینی کردار ادا کریں۔ جلد ملازمتوں پر پابندی ہٹا دیں گے۔ ’وزیر اعظم سے ڈیم سے متعلق بات نہیں ہوئی، کالا باغ ڈیم مردہ گھوڑا ہے، عوام کو کالا باغ ڈیم نامنظور ہے۔‘۔

    مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پولیس و ایمبولینس سروس کے سوا گاڑیاں نہیں خریدیں گے۔ لگژری گاڑی استعمال کرنے سے گریز کرتا ہوں، پرانی گاڑیاں خریدنے والا کوئی نہیں، کوئی ملے تو میری گاڑی بھی بھیج دیں۔ ’گاڑیاں، بھینسیں بیچنے کے بجائے دودھ بیچیں تو بچت ہوگی، بھینسیں سستی بیچنے والوں پر 4 سال میں نیب میں مقدمہ بن جائے گا‘۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور تحریک انصاف اب جلسوں سے باہر نکل آئیں، ان کو اب پتہ چلے گا کہ حکومت کیسے چلتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی میں اضافہ کر دیا ہے۔

  • احتساب عدالت نے بابر غوری کی گرفتار کا حکم دے دیا، ریفرنس دائر

    احتساب عدالت نے بابر غوری کی گرفتار کا حکم دے دیا، ریفرنس دائر

    کراچی: سابق وفاقی وزیر بابر غوری و دیگر کے خلاف 3 ارب وپے سے زائد کی کرپشن کے الزام کے تحت نیب کی جانب سے دائر کیا گیا ریفرنس احتساب عدالت نے سماعت کے لیے منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بابر غوری اور دیگر ملزمان پر پونے 3 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ریفرنس احتساب عدالت نے سماعت کے لیے منظور کر لیا۔

    احتساب عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں، ریفرنس میں بابر غوری سمیت 8 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ملزمان پر 2012 میں کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں 940 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے، جس سے قومی خزانے کو 2 ارب 88 کروڑ 55 لاکھ کا نقصان پہنچا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ہمارے پاس کرپشن اور شارٹ کٹ کا کوئی راستہ نہیں، فیصل واوڈا


    ریفرنس میں مذکور دیگر ملزمان میں رؤف اختر فاروقی، ایم کیوایم کے رکن اسمبلی جاوید حنیف بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ بابر غوری وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ تھے، ان دنوں وہ بیرون ملک مقیم ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نیب کی جانب سے سابق وفاقی وزیر بابر خان غوری کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں پر تحقیقات شروع کی گئی تھیں، اس وقت ان پر تین ہزار ملازمین غیر قانونی طور پر بھرتی کرانے کا الزام تھا۔

  • پانچ روز گزر گئے، سندھ پولیس کے سربراہ چارج نہ لے سکے

    پانچ روز گزر گئے، سندھ پولیس کے سربراہ چارج نہ لے سکے

    کراچی: سندھ پولیس کا محکمہ پانچ روز سے اپنے سربراہ سے محروم ہے، آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام پانچویں روز بھی عہدے کا چارج نہ لے سکے، دوسری طرف شہر میں اسٹریٹ کرائمز میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر کلیم امام کی بہ طور آئی جی سندھ تعیناتی کا نوٹیفکیشن 7 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا، لیکن پانچواں روز بھی گزر گیا وہ اپنے عہدے کا چارج نہیں لے سکے ہیں۔

    ڈاکٹر کلیم امام نے 2 روز قبل پنجاب پولیس کی الوداعی تقریب میں بھی شرکت کی تھی، جب کہ امجد سلیمی پہلے ہی آئی جی سندھ کا چارج چھوڑ چکے ہیں، ڈی آئی جی ٹریفک بھی لمبے عرصے سے چھٹی پر ہیں۔

    ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل آف سندھ کی تعیناتی کے بعد دیگر عہدوں پر بھی تعیناتیاں متوقع ہیں، ایسٹ، ویسٹ، سٹی اور ملیر کے اعلیٰ عہدوں پر اکھاڑ پچھاڑ کے امکانات ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بدستور جاری


    محکمۂ پولیس کے مختلف عہدوں پر بھی کئی ماہ سے افسران تعینات نہیں ہو سکے ہیں، ایس ایس پی ایسٹ نے آئی جی کے نوٹس کو بھی ہوا میں اڑا دیا ہے، عہدہ سنبھالنے کے بعد سے دفتر میں حاضری نہ رکھ سکے۔

    ایسٹ زون میں صرف کورنگی اور ملیر کے ایس ایس پیز موجود ہیں، ایس پی اورنگی، کلفٹن، بلدیہ، سائٹ اور شاہ فیصل کی سیٹیں افسران کی تا حال منتظر ہیں۔ کراچی کے کئی تھانے بھی ایس ایچ اوز کی تعیناتیوں کے منتظر ہیں۔

    دوسری طرف جرائم کنٹرول کرنے کی تمام ذمہ داریاں صرف ایس ایس پیز کے کاندھوں پر آگئی ہیں، جب کہ تعیناتی کے منتظر کئی افسران کو پوسٹنگ نہیں دی جا رہی ہے۔

  • گورنر سندھ کا بڑا اعلان: ایک سال کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کریں گے

    گورنر سندھ کا بڑا اعلان: ایک سال کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کریں گے

    کراچی: سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے چیف جسٹس آف پاکستان کے قائم کردہ دیامر بھاشا ڈیم فنڈ میں اپنی ایک سال کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میاں ثاقب نثار کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے ڈیم فنڈ کے لیے اپنی ایک سال کی تنخواہ وقف کر دی ہے، انھوں نے پانی کے مسئلے کو ملک کے بڑے مسائل میں سے ایک قرار دیا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کو در پیش چیلنجز میں پانی ایک بڑا مسئلہ ہے، پانی کے اس مسئلے کا حل نکالنا بہت ضروری ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آبی قلت سے پہلے ڈیمز کی تعمیر ضروری ہے۔ انھوں نے چیف جسٹس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنی ایک سال کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کر دی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے ٹاسک دے دیا ہے، ہدایت کے مطابق امریکی، یورپی ممالک میں فنڈ ریزنگ کے لیے پارٹی رہنما رابطے کریں گے۔


    مزید پڑھیں:  ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا


    ذرائع کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈ ریزنگ کے لیے سینیٹر فیصل جاوید امریکا جائیں گے، پارٹی رہنماؤں کی جانب سے وزیرِ اعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی ڈیم فنڈ کے لیے اربوں کا تعاون کرسکتے ہیں۔

  • پیپلز پارٹی صدر کے کردار پر نظر رکھے گی، بلاول بھٹو زرداری

    پیپلز پارٹی صدر کے کردار پر نظر رکھے گی، بلاول بھٹو زرداری

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عارف علوی کو صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ پی پی صدر کی حیثیت سے ان کے کردار پر نظر رکھے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے امید ظاہر کی کہ صدرِ پاکستان عارف علوی ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

    بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’تحریکِ انصاف کی قیادت نے پارلیمان اور ریاستی اداروں کی حیثیت کو گھٹایا ہے، قیادت کو ماضی کے کردار سے خود کو دور کرنا ہوگا۔‘

    چیئرمین پی پی نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کو اس کی حیثیت دینے کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے، جو 2018 کے انتخابات میں بد عنوانیوں کی تحقیقات کرے۔

    بلاول بھٹو نے الیکشن کمیشن سے جاری فارم 45 کا فارنزک آڈٹ کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ آر ٹی ایس کے فیل ہونے کی بھی تحقیقات کرائی جائیں۔


    صدارتی انتخاب 2018: عارف علوی تیرہویں صدر پاکستان منتخب ہوگئے


    خیال رہے کہ آج ملک میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار عارف علوی پی پی کے اعتزاز احسن اور اپوزیشن کے مولانا فضل الرحمان کو شکست دیتے ہوئے تیرہویں صدرِ مملکت منتخب ہوگئے ہیں۔

  • گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ کی عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری

    گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ کی عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری

    کراچی: صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر دونوں نے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار پر حاضری دی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ کوآرڈی نیشن کو بہتر کریں گے، کچھ اہم دوروں پر تھا اس لیے پہلے نہیں آسکا۔ کوشش ہے وزیر اعظم سے میٹنگ ہوگی اور وزیر اعلیٰ بھی موجود ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کی خاطر مل کر آگے بڑھنا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اختلافات ہوجاتے ہیں لیکن صوبے کی بہتری کے لیے بڑھنا چاہیئے، تحریک انصاف نے کئی بار کہا ہم نے مل کر آگے بڑھنا ہے، تحریک انصاف کے ساتھ مل کر چلنے کے مؤقف کو ویلکم کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اختلافات آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے ذاتی نہیں، افسران کے تبادلے پر کوئی اعتراض نہیں، قانون کو دیکھنا چاہیئے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں موجود گاڑیاں وزیراعلیٰ ہی استعمال نہیں کرتا، وزیر اعلیٰ کے علاوہ سب گاڑیاں استعمال کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افسران کے تبادلے پر کوئی اعتراض نہیں، قانون کو دیکھنا چاہیئے۔

    کراچی میں کے الیکٹرک کی غفلت سے معذور ہوجانے والے بچے کے حوالے سے گورنر سندھ نے بتایا کہ بچےکی آج صبح عیادت کی، بچے کے علاج اور اس کے مستقبل کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ صوبائی حکومت بھی عمر کے مستقبل سے متعلق اقدامات کرے۔

    وزیر اعلیٰ نے بھی کہا کہ عمر کے علاج کے لیے ماہرین ڈاکٹرز کی خدمات لی جائیں گی، کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہےا وور ہیڈوائرز کو انڈر گراؤنڈ کریں۔

  • عبد اللہ شاہ غازی عرس: سندھ میں آج تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے

    عبد اللہ شاہ غازی عرس: سندھ میں آج تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے

    کراچی: سندھ حکومت نے آج تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا اعلان کر دیا ہے، حکومتی نمائندے نے کہا کہ آج 3 ستمبر  بہ روز پیر  سندھ بھر میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے آج صوبے میں عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کی تقریبات کے سلسلے میں چھٹی ہونے کی افواہوں کی تردید جاری کر دی ہے۔

    صوبائی حکومت کے ترجمان نے واضح کیا ’سندھ حکومت نے آج تعلیمی اداروں کی چھٹی کا اعلان نہیں کیا ہے۔ سندھ حکومت کے ماتحت تعلیمی ادارے آج معمول کے مطابق کھلیں گے۔‘


    سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا 3 سال سے قائم فٹ پاتھ اسکول ختم کرنے کا حکم


    خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ بھر میں افواہ پھیلی ہوئی تھی کہ سندھ میں عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کے سلسلے میں آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

  • سندھ حکومت پارٹی منشور پر مکمل عمل کرنے کی  پابند ہے، بلاول بھٹو

    سندھ حکومت پارٹی منشور پر مکمل عمل کرنے کی پابند ہے، بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے ارکان کو یاد دہانی کرائی ہے کہ سندھ حکومت پارٹی منشور پر مکمل عمل کرنے کی پابند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ارکانِ سندھ اسمبلی نے ملاقات کی، جن میں امتیاز احمد شیخ، نعیم کھرل، جام اکرام اللہ دھاریجو اور شجیلا لغاری شامل تھے۔

    ملاقات میں ارکانِ سندھ اسمبلی نے بلاول بھٹو کو حلقوں کے مسائل اور ان کے حل سے متعلق آگاہی دی، مختلف مسائل کے حل پر بھی غور کیا گیا۔

    چیئرمین پی پی نے ارکانِ اسمبلی کو عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تعلیم، صحت، پانی کی فراہمی اور ماحولیات پر خصوصی توجہ دی جائے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا ’عوام نے آپ کو جس مقصد کے لیے منتخب کیا ہے وہ پورا کریں، پیپلز پارٹی سے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  جانتا ہوں، سندھ میں بہت مسائل ہیں، روزگار سمیت تمام مسائل حل کریں گے: بلاول بھٹو


    پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ارکانِ اسمبلی عوام کے درمیان رہیں، سندھ حکومت پارٹی منشور پر مکمل عمل کرنے کی پابند ہے۔

    دو دن قبل چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ سندھ میں بہت مسائل ہیں، تاہم وہ عوامی حقوق کی ترجمانی کریں گے، اور روزگار سمیت تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک خاندان کا نام ہے، اس میں شہیدوں کا خون شامل ہے، ہمیں بھٹو ازم کے نظریے اور فکر کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

  • تھرپارکر: غذائی قلت اور وبائی امراض سے مزید دو بچے جاں بحق

    تھرپارکر: غذائی قلت اور وبائی امراض سے مزید دو بچے جاں بحق

    تھرپارکر: سندھ کے سب سے بڑے ضلع تھرپارکر میں غذائی قلت اور وبائی امراض نے ڈیرہ جما لیا، ضلع کے سرکار ی اسپتال میں مزید دو بچے جاں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع تھرپارکر میں وائرل انفیکشنز اور غذائی قلت کا راج بدستور مسلط ہے، آج بھی مقامی سول اسپتال میں علاج کے لیے لائے جانے والے دو بچے انتقال کر گئے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متوفی بچوں میں ایک ماہ کا نظام الدین اور دو سال کا اللہ رکھیو شامل ہیں، دونوں سول اسپتال میں کئی دنوں سے زیرِ علاج تھے۔

    خیال رہے کہ تھرپارکر میں غذائی قلت اور وبائی امراض کی وجہ سے رواں ماہ 60 بچوں کی اموات ہو چکی ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق مٹھی کے سول اسپتال میں 48 بچے زیرِ علاج ہیں، یہ بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا آسانی سے شکار بن جاتے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  تھرپارکر میں بچوں کی اموات، چیف جسٹس نےتحقیقاتی کمیشن بنا دیا


    واضح رہے کہ چھ دن قبل بھی ضلع تھرپارکر کے اسپتال میں غذائی قلت اور وائرل انفیکشن کی وجہ سے آٹھ بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    متاثرہ بچوں کے والدین مٹھی اور دیگر سرکاری مراکز صحت میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایات کر چکے ہیں، دوسری جانب مون سون کی بارشیں نہ ہونے سے بھی علاقے میں خشک سالی پھیلی ہوئی ہے۔


    اسے بھی پڑھیں:  شاہد آفریدی کا تھرپارکر میں بچوں کے لیے اسپتال قائم کرنے کا اعلان


    خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار بھی سندھ کے ضلع تھرپارکر میں بچوں کی ہلاکت کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے چکے ہیں لیکن اس کمیشن کی کارکردگی کے بارے میں تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

    دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی تین ماہ قبل تھر میں اسپتال قائم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تھر سے انھیں محبت ہے۔

  • 8 سے 10 محرم تک سندھ میں موبائل، انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش

    8 سے 10 محرم تک سندھ میں موبائل، انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش

    کراچی: سندھ حکومت نے وفاق سے سفارش کی ہے کہ 8 سے 10 محرم تک سندھ بھر میں سیکورٹی کے تناظر میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت سیکورٹی کی خاطر 8 سے 10 محرم تک سندھ میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنا چاہتی ہے، اس سلسلے میں صوبے کی جانب سے وفاق سے درخواست بھی کی گئی۔

    سندھ حکومت نے 9 ، 10 محرم کی سیکورٹی کے لیے بھی وفاق سے مدد طلب کر لی، صوبے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو خطوط بھی لکھ کر ارسال کردیے گئے۔

    جن محکموں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں ان میں وزارتِ داخلہ اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی شامل ہیں،  خطوط میں اداروں سے تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے وفاق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ 9 اور 10 محرم کے جلوس کی فضائی نگرانی کے لیے انھیں 2 ہیلی کاپٹرز درکار ہیں، وفاق کی جانب سے سندھ کو ہیلی کاپٹر فراہم کیے جائیں۔


    سندھ کی جیلوں میں منظم نیٹ ورک کے انکشاف نے کھلبلی مچادی، بڑے پیمانے پر تبادلوں کا فیصلہ


    محمکہ داخلہ نے پی ٹی اے کو لکھے گئے خط میں درخواست کی ہے کہ صوبے میں سیکورٹی کے پیشِ نظر صبح 7 سے رات 12 بجے تک موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کی جائے۔