Tag: سندھ کی خبریں

  • پیر پگارا نے عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا

    پیر پگارا نے عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا

    کراچی: حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا نے تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران چیئرمین عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے چیئرمین عمران خان کا پیغام پیر پگارا کو پہنچایا، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے پیر پگارا سے کہا کہ حکومت سازی میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔

    قبل ازیں حروں کے روحانی پیشوا پیر سید صبغت اللہ راشدی سے تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنماؤں سے کنگری ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں عارف علوی اور عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے عمران خان کا پیغام پیر پگارا کو پہنچایا، انھوں نے کہا کہ وفاق میں حکومت سازی کے لیے ہمارا ساتھ دیں، پی ٹی آئی ملک کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتی ہے۔

    پیر پگارا  نے مرکز میں عمران خان کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’عمران خان بہتری کے لیے آگے بڑھیں، ہم  ہر دکھ سکھ میں غیرمشروط طور پر  پی ٹی آئی کا ساتھ دیں گے۔‘

    اس موقع پر حروں کے روحانی پیشوا نے کہا کہ سندھ میں سازش کے تحت گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے امیدواروں کو ہرایا گیا،ہم اس پر پُرامن احتجاج کریں گے۔

    مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی

    واضح رہے کہ پیر پگارا الیکشن سے قبل بھی عمران خان کے ساتھ رابطے میں تھے، تاہم انھوں نے  2018 کے انتخابات نہ ہونے کی پیشن گوئی کر دی تھی، ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات ملک کے لیے اچھے ثابت نہیں ہوں گے۔

    شاہ محمود قریشی


    جی ڈی ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ جی ڈی اے نے قومی اسمبلی میں حمایت کی ہماری درخواست کو قبول کیا، سندھ میں ہم مشترکہ اپوزیشن بنائیں گے جن میں پی ٹی آئی، جی ڈی اے اور ایم کیو ایم شامل ہیں، حکمت عملی کے لیے لائحہ مل کر طے کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے 14 نشستیں پی ٹی آئی کو دیں جس نے پارٹی کا حوصلہ بڑھایا، سندھ کے عوام نے مجھے ووٹ دیا لیکن میں ہار گیا مگر کوئی بات نہیں، مشکل حالات میں ٹرن آؤٹ بہت اچھا رہا۔ اسلام آباد میں پی پی اور اپوزیشن نے کس بات کا احتجاج کیا، بی بی کی شہادت کے بعد تو پی پی کو زیادہ نشستیں ملی ہیں۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا ’سندھ کو ملنے والی 100 ارب روپے کی رائلٹی کا کوئی حساب کتاب نہیں، سندھ کے 10 اضلاع کو تیل اور گیس کی مد میں 100 ارب کی رائلٹی ملتی ہے، کنگری ہاؤس ملاقات میں رائلٹی کے معاملے پر تفصیلی بات کی گئی۔ ہم ماضی میں ہونے والی لوٹ مار کو ختم کریں گے۔ ہم کسی کے ساتھ سودے بازی نہیں کر رہے بلکہ مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔‘

  • حکومت بنانے کے لیے نمبر گیم کی ضرورت پڑتی ہے، فیصل واوڈا

    حکومت بنانے کے لیے نمبر گیم کی ضرورت پڑتی ہے، فیصل واوڈا

    لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت بنانے کے لیے نمبر گیم کی ضرورت پڑتی ہے، 22 اگست سے پہلے والی اور آج کی ایم کیوایم میں فرق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’سیاست میں دل بڑا کریں گے اور سب سے بات کریں گے۔‘

    فیصل واوڈا نے پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری منظور اور مسلم لیگ ن کی عظمیٰ بخاری کی باتوں کے جواب میں کہا کہ بنی گالہ کے باہر پروٹوکول کی بات جھوٹ پر مبنی ہے، عمران خان نے واپسی میں کوئی پروٹوکول نہیں لیا۔

    انھوں نے ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد پر اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا ’ایم کیو ایم ہمارے ساتھ اتحاد کر رہی ہے، دوبارہ گنتی بھی کرا رہی ہے، میں بھی میئر کراچی کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم رہوں گا۔‘

    روایتی سیاست نہیں کریں گے، نہ پروٹوکول لوں گا نہ ہی شاہ خرچیاں کی جائیں گی ،عمران خان

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو تکلیف یہ ہے کہ ان کا قائد جیل میں ہے، ن لیگ 5 سال روئے گی اور ہم ان کے آنسو پونچھیں گے۔

    پی ٹی آئی لیڈر نے مزید کہا کہ ملک کے سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، ہم سندھ میں پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی بات کریں گے۔

    واضح رہے کہ پروگرام میں شریک چوہدری منظور کا پروٹوکول کے حوالے سے مؤقف تھا کہ ملک میں سیکورٹی کے مسائل ہیں اس لیے وزیرِ اعظم کے لیے سیکورٹی تو لینی ہی چاہیے۔ جب کہ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اور پروٹوکول میں بہت فرق ہوتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو  زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ کابینہ کے لیے اڑتالیس گھنٹوں میں نام فائنل ہونے کا امکان

    سندھ کابینہ کے لیے اڑتالیس گھنٹوں میں نام فائنل ہونے کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کی کابینہ کے لیے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران نام فائنل کر لیے جائیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے بھی ناموں پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں سندھ کی کابینہ کے لیے نام فائنل کر لیے جائیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں پر بھی مشاورت ہو رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی وزیر بلدیات کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، کہا جا رہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر اسمبلی بھی کراچی سے ہوگا۔

    دوسری طرف بلوچستان میں حکومت سازی کے لیے اہم اجلاس آج کوئٹہ میں ہوگا، اجلاس میں عہدوں کی تقسیم کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔

    مراد علی شاہ کے دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بننے کا امکان، اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم کا نام فائنل

    واضح رہے کہ انتخابات 2018 میں سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہے، دوسری طرف پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم نقوی کا نام فائنل کیا گیا ہے۔

    سندھ میں حکومت سازی کے لیے پی پی نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، غالب امکان ہے کہ مراد علی شاہ ایک بار پھر سندھ کے وزیرِ اعلیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ملک میں انتخابی اصلاحات کی طرف توجہ نہیں دی گئی، فہمیدہ مرزا

    ملک میں انتخابی اصلاحات کی طرف توجہ نہیں دی گئی، فہمیدہ مرزا

    کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رہنما اور سابق قومی اسمبلی اسپیکر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابی اصلاحات کی طرف کبھی توجہ نہیں دی گئی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابی اصلاحات کی طرف نہ تو توجہ دی گئی نہ ہی کبھی ان پر عمل کیا گیا۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ سندھ کو دس سال تک من مانی کر کے چلایا گیا، خیال رہے کہ گزشتہ دس برسوں میں پانچ سال وہ خود بھی پیپلز پارٹی کی طرف سے قومی اسمبلی کی اسپیکر کے عہدے پر فائز رہیں۔

    ماضی میں صوبۂ سندھ میں حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے بھی سابق اسپیکر کا کہنا تھا کہ ملک میں اداروں کی بہ جائے شخصیات مضبوط ہوئیں، اداروں کو مستحکم بنانے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

    انتخابات 2018 کے لیے انتخابی تیاریوں کے حوالے سے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ انھیں اس دوران جلسوں اور ریلیوں کی اجازت نہیں دی گئی، الیکشن کی تیاریوں سے روکا گیا۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ بننے کا اعلان

    انھوں نے مزید کہا کہ انھیں پہلے ہی سے معلوم تھا کہ وہ اور ان کا خاندان نشانے پر ہے کیوں کہ ان کا انتخابی حلقہ سندھ میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ فہمیدہ مرزا 2008 کے انتخابات میں حلقہ این اے 225 بدین سے پی پی کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر قومی اسپیکر کی اٹھارویں اسپیکر منتخب ہوئیں، وہ اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

    فہمیدہ مرزا کو پیپلز پارٹی پر الزام تراشی زیب نہیں دیتی: نفیسہ شاہ

    پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر چار بار رکن قومی اسمبلی بننے والی فہمیدہ مرزا نے اپنے شوہر ذوالفقار مرزا کے پی پی سے اختلافات کی وجہ سے، رواں برس جی ڈی اے میں شمولیت اختیار کی اور انتخابات 2018 میں ایک بار پھر اپنی سیٹ جیت لی تاہم الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے سلسلے میں اس کا نتیجہ روکا ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کے آنے سے سیاست دان اور بیورو کریٹس گھبرائے ہوئے ہیں، فیصل واوڈا

    عمران خان کے آنے سے سیاست دان اور بیورو کریٹس گھبرائے ہوئے ہیں، فیصل واوڈا

    لاہور: تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کے آنے سے سیاست دان اور بیورو کریٹس گھبرائے ہوئے ہیں، سب جانتے ہیں کہ جو پہلے ہوتا تھا اب نہیں ہو پائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ تمام ممالک میں سفیروں کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ن لیگ کے رہنماؤں کے لیے ہمارے دروازے بند ہیں، تاہم ن لیگ کے کچھ لوگ ہم سے رابطے میں ہیں۔

    فیصل واوڈا نے کہا ’عمران خان کے آتے ہی ڈالر، اسٹاک ایکس چینج اور سونا نیچے آ گیا، نئے پاکستان میں پرانے لیڈروں کی باتیں لے کر نہیں چلیں گے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن رہا ہے، اس کے بعد دوسرا بڑا مسئلہ نظام تعلیم کا ہے، اس لیے عمران خان کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

    ترک صدر کا عمران خان کو فون، جیت پر مبارک باد


    انھوں نے مزید کہا کہ تحریکِ انصاف کا کہنا ہے کہ سب کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہیے، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی نیب قانون کی پلی بارگین میں شامل نہیں تھی، ہماری کارکردگی ٹھیک نہ ہوتی تو 2 تہائی اکثریت نہ ملتی۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو کر بھی سندھ میں اکثریت میں ہے، پی پی تو کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے، جب یہ اسمبلی میں نہیں پہنچ پاتے تو دھاندلی کا رونا شروع کر دیتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • مراد علی شاہ کے دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بننے کا امکان، اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم کا نام فائنل

    مراد علی شاہ کے دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بننے کا امکان، اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم کا نام فائنل

    کراچی: سندھ میں حکومت سازی کے لیے پی پی نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، غالب امکان ہے کہ مراد علی شاہ ایک بار پھر سندھ کے وزیرِ اعلیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پنجاب سے منتخب اراکین کا اجلاس آج کراچی میں طلب کرلیا، پی پی نے سندھ میں حکومت بنانے کے لیے تیاریاں بھی مکمل کرلیں۔

    آج طلب کیے گئے اجلاس میں سندھ میں حکومت سازی اور پارلیمنٹ میں پیپلز پارٹی کے کردار پر مشاورت کی جائے گی، مراد علی شاہ کے دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بننے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، ناصرشاہ اور فریال تالپور کے نام بھی وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے گردش میں ہیں۔

    پیپلزپارٹی نے اپوزیشن جماعتوں‌ کو حلف اٹھانے پر راضی کر لیا، جنگ پارلیمنٹ میں لڑنے کا عزم

    دوسری طرف پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم نقوی کا نام بھی تقریباً فائنل کر لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ انتخابات 2018 میں سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے، پی پی نے پہلے ہی سندھ میں حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ اسمبلی میں فردوس شمیم نقوی کو اپوزیشن لیڈر بنائے جانے کا امکان

    سندھ اسمبلی میں فردوس شمیم نقوی کو اپوزیشن لیڈر بنائے جانے کا امکان

    کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پی ٹی آئی ارکان میں دوڑ شروع ہوگئی ہے، متعدد ارکان اس منصب کے لیے دوڑ میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کے تین رہنما فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان اور عمران اسماعیل کے نام اپوزیشن لیڈر کے لیے سامنے آئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رہنما پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی کو اپوزیشن لیڈر بنائے جانے کا امکان زیادہ ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کی طرف سے بھی رضا مندی ظاہر کی جا چکی ہے۔

    خیال رہے کہ فردوس شمیم نقوی کراچی کے حلقہ پی ایس 103 سے منتخب ہوئے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں وہ یوسی چیئرمین منتخب ہوئے تھے، اپوزیشن لیڈر بننے کی صورت میں وہ یو سی چیئرمین شپ سے مستعفی ہو جائیں گے۔

    پنجاب میں 141 ارکان کی حمایت مل گئی، پی ٹی آئی کا دعویٰ

    دوسری طرف خرم شیر زمان کو پی ٹی آئی کی طرف سے سندھ میں پارلیمانی لیڈر بنائے جانے کا امکان ہے، یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے رہنماؤں نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی تھی جس میں اپوزیشن لیڈر کے لیے ناموں پر غور کیا گیا۔

    سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی 23 نشستوں کے ساتھ دوسری سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے جب کہ ایم کیو ایم کو 16 اور جی ڈی اے کو 11 نشستیں ملی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سانگھڑ: دھاندلی میں انتخابی عملہ اور دیگر افراد ملوث نکلے

    سانگھڑ: دھاندلی میں انتخابی عملہ اور دیگر افراد ملوث نکلے

    سانگھڑ: سندھ کے شہر سانگھڑ کی قومی و صوبائی نشستوں کے پوسٹل بیلٹس میں دھاندلی کا انکشاف ہوا ہے، دھاندلی میں انتخابی عملہ ملوث نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے پولیس کو مراسلہ لکھ کر کہا تھا کہ دھاندلی میں سانگھڑ میں تعینات انتخابی عملہ اور دیگر افراد ملوث ہیں۔

    ڈی سی سانگھڑ امتیاز علی کا کہنا ہے کہ پولیس کو مراسلہ دھاندلی کے خلاف کارروائی کے لیے لکھا گیا تھا، پولیس نے پوسٹل بیلٹ دھاندلی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھاندلی کے خلاف انکوائری میں پوسٹل بیلٹس میں دھاندلی کے ثبوت مل گئے ہیں، تاہم ملوث افراد طلبی کے با وجود انکوائری میں پیش نہیں ہوئے۔

    سیہون میں دھاندلی پر اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم، پنجاب کے چار افسران بھی معطل

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی گزشتہ روز سندھ کے شہر سیہون شریف اور سانگھڑ میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے دھاندلی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری سندھ سے رابطہ کر کے کہا تھا کہ سیہون کے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو گرفتار کیا جائے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے ڈی ایس پی سمیت پنجاب کے چار افسران کو بھی سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں معطل کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • غربت کا مقابلہ کرنے میں پیپلز پارٹی کے کردار کو دنیا مانتی ہے، بلاول بھٹو

    غربت کا مقابلہ کرنے میں پیپلز پارٹی کے کردار کو دنیا مانتی ہے، بلاول بھٹو

    دادو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غربت کا مقابلہ کرنے میں پیپلز پارٹی کے کردار کو دنیا مانتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے دادومیں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر پی پی کو اقتدار سونپا گیا تو وہ غریب خواتین کو بلا سود قرضے فراہم کرے گی۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا ’ہمارا منشور انقلابی، غریب اور عوام دوست منشور ہے۔‘ مزید کہا ’تمام کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا اور فصلوں کی انشورنس ہوگی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ فوڈ کارڈ کے ذریعے کھانے پینے کی اشیا کم قیمت پر فراہم کی جائے گی، بھوک،غذائی قلت کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کا بھی مقابلہ کیا جائے گا۔

    مزید کہا کہ جو وعدے شہید ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے کیے وہ پورے کیے گئے، جو وعدے میں کروں گا وہ بھی پورے کر کے دکھاؤں گا۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ بے روزگاری، دہشت گردی اور ظلم سے ہے، کٹھ پتلی جماعتیں آپ کے مسائل حل نہیں کرسکتیں، بے نظیر کے خلاف بھی کٹھ پتلی جماعتیں ایک ہوگئی تھیں۔

    تھر میں پاکستان کا جھنڈا پیپلز پارٹی کی وجہ سے لہرا رہا ہے، بلاول بھٹو

    انھوں نے کہا کہ بے نظیر کی شہادت کی وجہ سے ان کا مشن نا مکمل رہ گیا تھا، میں اس مشن کو مکمل کرنے نکلا ہوں، اس میں عوام کا ساتھ ضروری ہے۔

    بلاول نے کہا ’پی پی کے امیدوار کام یاب ہوئے تو وہ آپ کی خدمت کریں گے، آپ کے مسائل حل کرنے کے لیے پارٹی کے نظریے پر چلیں گے۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کالا باغ ڈیم رد ہوچکا ہے: نثار کھوڑو

    کالا باغ ڈیم رد ہوچکا ہے: نثار کھوڑو

    لاڑکانہ: پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم رد ہوچکا ہے اسی لیے چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی دوسرے ڈیموں کی تعمیر کی بات کی۔

    وہ صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کو ابھی بھی دوسروں کی ضرورت ہے۔

    نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’جی ڈی اے ابھی بھی دوسروں کی مدد کی تلاش میں ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ وفاق میں جمہوریت پسند جماعتوں کے ساتھ مل کر چل سکتے ہیں۔

    پی پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو کو نصیر آباد اور فیصل آباد جانے نہیں دیا گیا، ایسی ہی صورتِ حال رہی تو انتخابات پر سوال اٹھیں گے۔

    نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ 25 جولائی دور نہیں ہے، ہرایک کی محنت کا نتیجہ سامنے آ جائے گا، پیپلز پارٹی سندھ اور وفاق میں حکومت بنائے گی۔

    ہم رہیں نہ رہیں، ڈیم ضرور بنے گا، چیف جسٹس

    خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے ملک میں پانی کی قلت کے مسئلے پر ایکشن لیتے ہوئے ڈیموں کی تعمیر کا معاملہ اٹھایا اور اس سلسلے میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے عدالتی حکم کے ذریعے فنڈ بھی قائم کردیاہے۔

    نئے صوبے کا مطالبہ کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، نثارکھوڑو

    واضح رہے کہ نثار کھوڑو سندھ میں نئے صوبے کے لیے اٹھائی جانے والی آواز کے سخت ناقد ہیں، وہ متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ اس مطالبے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔