Tag: سندھ کی خبریں

  • انتخابات پر سوال اٹھے تو تباہی آجائے گی، خورشید شاہ

    انتخابات پر سوال اٹھے تو تباہی آجائے گی، خورشید شاہ

    سکھر: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اس بار انتخابات فوج کی نگرانی میں ہو رہے ہیں، اگر اب بھی انتخابات پر سوال اٹھے تو تباہی آجائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار وہ سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے، انھوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو سمجھنا چاہیے جو کچھ ہو رہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے۔

    سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہمیں حکومت نہیں ملک میں جمہوریت چاہیے، ہم سےسوال کیا جا رہا ہے کہ ہم نے کیا ترقیاتی کام کیے؟ ضیاءالحق اور مشرف کے ساتھ رہنے والوں نے کیا کیا، یہ بھی پوچھیں۔

    ملک میں سیاست اور کرپشن کے حوالے سے جاری عدالتی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کا کام ہے عدالت میں لوگوں کو انصاف دیں، پاکستان کو اس وقت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔

    خورشید شاہ نے پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کرپٹ لوگوں کو پارٹی میں نہ لینے کا دعویٰ کیا تھا لیکن اب ساٹھ فی صد ٹکٹ دوسری پارٹی والوں کو دیے، ان کے یو ٹرنز سے ہمارا سر گھوم گیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزارات پر دعا مانگنے والوں پر تنقید کرنے والوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مزار پر دعا مانگنا غلط نہیں ہے، کہا ملک کے حوالے سے میرے شکوک و شبہات بڑھتے جا رہے ہیں، ’یہ توڑو وہ توڑو‘ کے کھیل سے ملک ہی کو نقصان ہوگا۔

    خورشید شاہ 3 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک


    خورشید شاہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈرز کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، جیسی جمہوریت یہاں ہے وہ ملک کو نہیں چلا سکتی، ملک کی سیاست میں اقدار ختم ہو چکی ہیں، ایم این اے، ایم پی اے شپ اہمیت نہیں رکھتی۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ادارے ملک کے لیے ہوتے ہیں ذاتیات کے لیے نہیں، پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کے لیے الیکشن نہیں لڑا، ہمیشہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کے لیے جنگ لڑی لیکن ہم دوسروں کی طرح ترقیاتی کاموں پر ڈھول نہیں بجاتے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بلاول آج پیپلز پارٹی کا انقلابی منشور پیش کریں گے، آصف زرداری

    بلاول آج پیپلز پارٹی کا انقلابی منشور پیش کریں گے، آصف زرداری

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری آج پارٹی کا انقلابی منشور پیش کریں گے۔

    میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور شہید بی بی کی فلاسفی کی روح کےمطابق ہے، بلاول آج یہ منشور پیش کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو آج دن میں تین بجے پارٹی منشور کا اعلان کریں گے، منشور میں روزگار، کپڑا، مکان اور نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے نکات شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ کل پیش کیا جانے والا منشور پیپلز پارٹی کا 11 واں مینی فسٹو ہوگا، پیپلز پارٹی کا پہلا منشور 1967 بانی پی پی ذوالفقار علی بھٹو نے پیش کیا تھا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ پی پی کے منشور میں ہمیشہ عوامی مسائل کا حل اور ورکرز کے حقوق کا تحفظ شامل رہا ہے، 2018 کے منشور میں جمہوریت سمیت دیگر امور شامل ہوں گے۔

    دریں اثنا پی پی کو چیئرمین آصف زرداری نے آج پیش کیے جانے والے منشور کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جدوجہد عوام کے روشن مستقبل کے لیے ہے۔

    پیپلزپارٹی کراچی کی 7 نشستوں پر خواتین امیدوار سامنے لے آئی


    انھوں نے کہا شہید بھٹو کے خوابوں کی تعبیر ہمارا مشن ہے، آصف زرداری نے پی پی کے بانی کے ساتھ عوام کے تعلق کو ایک رومانس قرار دیتے ہوئے کہا بھٹو شہید اور عوام کا رومانس تا قیامت رہے گا۔

    زرداری کا کہنا تھا کہ غریب کو خوش حال کر کے شہید بھٹو کے سامنے سرخ رو ہوں گے، عوام پر جان قربان کرنا صرف بھٹوز کی تاریخ ہے، ہم عوام کی طاقت سے انتخابات جیتیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ کے عوام گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کو پاپیوں کا گٹھ جوڑ سمجھتے ہیں، پی پی رہنماؤں کا ردِعمل

    سندھ کے عوام گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کو پاپیوں کا گٹھ جوڑ سمجھتے ہیں، پی پی رہنماؤں کا ردِعمل

    کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے اجلاس کے ردِ عمل میں کہا ہے کہ سندھ کے عوام جی ڈی اے کو پاپیوں کا گٹھ جوڑ سمجھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے کی طرف سے نگراں حکومت پر اظہارِ عدم اعتماد کے اعلان کے بعد پی پی نے بھی الائنس کے خلاف اپنا ردِ عمل جاری کر دیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے پاپی لوگوں کا منبع ہے، الائنس والوں کو اپنی شکست صاف نظر آ چکی ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیر پگاڑا نے کرپشن کے سوا اور کیا کام کیا ہے؟ پلیجو مرحوم زندہ ہوتے تو ایاز لطیف پلیجو کو ہرگز ووٹ نہ دیتے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کے رہنما عاجز دھامرا نے کہا کہ جی ڈی اے والے الزامات لگا کر دل خوش کر رہے ہیں، پی پی کا مقابلہ ان کے بس کی بات نہیں ہے، اس لیے وہ انتخابات سے بھاگنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

    عاجز دھامرا نے کہا کہ جی ڈی اے رہنماؤں نے سیاست ہی الزامات پر کی ہے، پیپلز پارٹی سے مقابلہ کرنا ان کے بس میں نہیں ہے۔

    گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا نگراں حکومت پرعدم اعتماد کا اظہار


    ان کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے کو الجھن ہے کہ کس منہ سےعوام سے ووٹ مانگیں، انھوں نے ہمیشہ چٹھیوں پر ووٹ مانگے ہیں لیکن وہ زمانہ اب چلا گیا ہے۔

    پی پی کی رہنما عاجز دھامرا نے کہا کہ جی ڈی اے والے  بجلی اور پانی کے مسئلے پر الزام لگا رہے ہیں، سندھ میں اگر بجلی یا پانی نہیں تو اپنے دو سابق وفاقی وزرا سے پوچھیں۔

    واضح رہے کہ کنگری ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں آج جی ڈی اے نے نگراں حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے کہا ہے کہ سندھ میں نگراں حکومت دراصل پیپلز پارٹی کی حکومت کا تسلسل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جن کو سہارا میسر ہے لوٹوں کی دوڑ اُسی طرف ہے، مولا بخش چانڈیو

    جن کو سہارا میسر ہے لوٹوں کی دوڑ اُسی طرف ہے، مولا بخش چانڈیو

    کراچی: پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بے اصولوں اور لوٹوں کی دوڑ سہارے والوں کی طرف ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ نئے اور پرانے لاڈلوں کی صفوں میں انتشار پیدا ہو چکا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پی پی مخالف قوتیں الیکشن سے پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور موقع پرست تتر بتر ہونا شروع ہو گئے ہیں، ن لیگ کے اندر انتشار عروج پر ہے۔

    پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ یہ پہلا انتخاب ہے جسے مسلم لیگ ن کسی سہارے کے بغیر لڑ رہی ہے، جن کو سہارا میسر ہے لوٹے اسی طرف دوڑ رہے ہیں۔

    مولا بخش نے نا اہل وزیر اعظم نواز شریف کے بیان کو شکست کا اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ انتخابات سے قبل اپنی شکست تسلیم کر چکی ہے۔

    انتخابات کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کی تیاریوں کے سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ پی پی نے الیکشن کا پہلا مرحلہ بردباری کے ساتھ طے کر لیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ میں ٹکٹ کی تقسیم کاعمل خوش اسلوبی سے طے ہوگیا ہے، پیپلز پارٹی آصف زرداری اور بلاول کی قیادت میں الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہے۔

    مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مخالفین کے پاس الزامات اور گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں جب کہ پی پی کے پاس قربانیوں سے بھرا ماضی اور روشن مستقبل کا منشور ہے۔

    آصف علی زرداری


    دوسری طرف پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے نواب شاہ میں تاجر برادری اور کارکنوں نے ملاقات کی اور انتخابات میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

    اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ ہمیں احساس ہے مہنگائی اور بے روز گاری سے عوام پریشان ہیں، ہر ماہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے مہنگائی میں مزید اضافہ کر دیا جاتا ہے۔

    پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو مسائل حل کرسکتی ہے، بلاول بھٹو


    پیپلز پارٹی روزگار کے نئے وسائل پیدا کرے گی اور آئندہ حکومت میں کسانوں کی خوش حالی کے لیے مؤثر اقدام اٹھائے گی، ان کا کہنا تھا کہ نواز حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔

    آصف زرداری نے تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں بھٹو کے جیالوں کو دن رات کام کرنا ہوگا، پی پی عام انتخابات عوام کی طاقت سے لڑے گی اور عام انتخابات جیت کر اقتدار میں آئے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پونے 6 ارب روپے کرپشن: ملزم کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ پر سندھ ہائی کورٹ برہم

    پونے 6 ارب روپے کرپشن: ملزم کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ پر سندھ ہائی کورٹ برہم

    کراچی: محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت کے دوران عدالت نے ملزم کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ دینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کیس کے ملزم انعام اکبر کو جناح پوسٹ میڈیکل گریجویٹ اسپتال میں خصوصی ٹریٹمنٹ دی جارہی تھی۔

    سندھ ہائی کورٹ کے جج نے بھاری کرپشن کے ملزم کے وی آئی پی علاج پر آئی جی جیل خانہ جات، جیل سپرنٹنڈنٹ اور ڈاکٹر سیمی جمالی کی سخت سرزنش کی۔

    ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا نے کیس کی سماعت کے دوران غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر وی آئی پی قیدی جے پی ایم سی ہی کیوں جانا چاہتا ہے؟

    جسٹس آغا کا کہنا تھا کہ وی آئی پی قیدیوں کوعلاج کے بہانے اسپتال منتقل کر دیا جاتا ہے، قانون سب کے لیے برابر ہے، کسی سے امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔

    محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت


    جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزم انعام اکبر کو سینے میں تکلیف اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، علاج کے بعد انھیں واپس جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

    عدالت نے انعام اکبر کی میڈیکل رپورٹس کے ساتھ حکام کا بیان حلفی طلب کرلیا، آئی جی جیل خانہ جات، جیل سپرنٹنڈنٹ اور متعلقہ ڈاکٹرز کو بھی بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

    واضح رہے کہ محکمہ اطلاعات سندھ میں اشتہارات کی مد میں اربوں روپے کی کرپشن کے سلسلے میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت گیارہ افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عدالت میں تصویر بنانے پر پی ٹی آئی کارکن کو ہتھکڑیاں لگ گئیں

    عدالت میں تصویر بنانے پر پی ٹی آئی کارکن کو ہتھکڑیاں لگ گئیں

    سکھر: صوبہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کی عدالت میں تصویر بنانے پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کو جج نے ہتھکڑیاں ڈلواکر بٹھادیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کی عدالت میں تحریک انصاف کا امیدوار کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے آیا تھا، اس دوران ایک کارکن تصویر بنانے لگا۔

    جج نے پولیس کو حکم دیا کہ کمرۂ عدالت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں پی ٹی آئی کارکن کو ہتھکڑیاں لگادی جائیں تاکہ اسے سبق حاصل ہو۔

    واضح رہے کہ کمرۂ عدالت میں تصویر اور فوٹیج بنانے پر پابندی عائد ہے، عدالتی کارروائی کی تصاویر نہیں اتاری جاسکتیں، نہ ہی ویڈیو بنائی جاسکتی ہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کا مذکورہ کارکن اس قانون سے بے خبر تھا، عدالت نے سرزنش کرتے ہوئے اسے کمرۂ عدالت ہی میں بیٹھنے کی سزا دی۔

    سکھر: سنگ دل بیٹوں کا بہیمانہ تشدد، بوڑھی ماں کو کچرے کے ڈھیرپرپھینک گئے


    پی ٹی آئی کے کارکن کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جانے تک عدالت کے کمرے میں ہتھکڑیوں کے ساتھ بیٹھنا پڑا، بعد ازاں اسے ہتھکڑیاں کھول کر جانے دیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔