Tag: سندھ کے سرکاری اسپتال

  • سندھ میں کتے کے کاٹے سے نوجوان لڑکی کی دردناک موت

    سندھ میں کتے کے کاٹے سے نوجوان لڑکی کی دردناک موت

    تھرپارکر: سندھ کے ضلع تھرپارکر کے سرکاری اسپتال میں کتے کے کاٹے سے ایک نوجوان لڑکی نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں رے بیز کے باعث ہونے والی اموات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، تھرپارکر کے سرکاری اسپتال میں کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ملنے پر 15 سالہ لڑکی صائمہ جاں بحق ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق صائمہ بنت دین محمد نہڑیو کو تشویش ناک حالت میں سِول اسپتال مٹھی لایا گیا تھا، جہاں ریبیز کا انجیکشن موجود نہ ہونے پر لڑکی نے تڑپ تڑپ کردم توڑ دیا۔

    جاں بحق ہونے والی لڑکی کے لواحقین نے مٹھی کے اسپتال کے احاطے میں لاش رکھ کر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاگل کتے کے کاٹنے سے نوجوان جاں بحق

    واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں کتے کے کاٹے سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ تین دن قبل جناح اسپتال کراچی میں ضلع جامشورو کے علاقے نوری آباد میں واقع گاؤں جیوا خان گوٹھ کا ایک رہایشی نوجوان بھی تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہو گیا تھا۔

    سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ مریض کو جب جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا تو اسے ریبیز کی بیماری لاحق ہو چکی تھی۔ بعد ازاں اس نے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں دم توڑا۔

    ادھر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے چند دن قبل میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ ریبیز کے لیے ویکسین موجود ہے، سندھ کے ہر اسپتال میں اینٹی رے بیز ویکسین دستیاب ہے۔

  • کراچی، نرسنگ اسٹاف کا کل سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان

    کراچی، نرسنگ اسٹاف کا کل سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان

    کراچی: سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں ملازمت کرنے والے نرسنگ اسٹاف نے مطالبات کی منظوری کے لیے کل سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اسپتالوں کے نرسنگ اسٹاف نے مطالبات منوانے کے لیے کل سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کردیا، کل سندھ بھر سے قافلے کراچی پریس کلب پہنچیں گے۔

    نرسنگ اسٹاف کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاج اور دھرنا ہوگا، سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں تمام امور کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

    نرسنگ اسٹاف کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سروس اسٹرکچر اور 4 درجاتی فارمولے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: کراچی: 9 روز سے جاری نرسوں کا احتجاج رنگ لے آیا

    یاد رہے کہ سرکاری اسپتالوں کے نرسنگ اسٹاف نے مطالبات کے حق میں کراچی پریس کلب کے باہر 9 روز سے دھرنا دیا ہوا تھا جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

    نرسنگ اسٹاف کااحتجاج اُس وقت رنگ لایا تھا جب کامیاب مذاکرات کے بعد محکمہ صحت سندھ کے حکام نے مطالبات کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ 7رکنی کمیٹی نرسنگ اسٹاف کی ترقی سےمتعلق محکمہ خزانہ سے مشاورت کرے گی اور ایک ہفتے کے اندر تجاویز متعلقہ سربراہان کو ارسال کردی جائیں گی تاکہ جائز مطالبات کو پورا کردیا جائے، تاہم نرسنگ اسٹاف کی جانب سے کل سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کیا گیا ہے۔