Tag: سندھ ہائی کورٹ

  • پیمرا کی ہٹ دھرمی برقرار، اے آر وائی کی نشریات بحال نہ ہوسکیں

    پیمرا کی ہٹ دھرمی برقرار، اے آر وائی کی نشریات بحال نہ ہوسکیں

    اسلام آباد: پیمرا کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کی بندش کا نوٹی فیکیشن معطل کیا لیکن عدالتی حکم کو ایک دن گزرنے کے باوجود اے آر وائی کی نشریات مکمل بحال نہ ہوسکیں۔

    گزشتہ روز اےآر وائی انتظامیہ نے پیمرا کا لائسنس معطلی کا فیصلہ چیلنج کیا تھا، سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل عرب نے درخواست پر سماعت کی، اے آروائی نے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ پیمرا کا نوٹی فکیشن قانونی ضابطوں پرپورا نہیں اترتا، اے آروائی نیوز کا مؤقف سنے بغیر ہی فیصلہ دیا گیا۔

    وکلا کو سننے کے بعد جسٹس فیصل عرب نے پیمرا کا نوٹی فیکیشن معطل کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ بیس اکتوبر کو پیمرا نے متنازع فیصلہ دیتے ہوئے اے آروائی نیوز کی نشریات پندرہ روز کیلئے معطل کرنے کا فیصلہ دیا اور ساتھ ساتھ ایک کروڑ روپے کا جرمانہ بھی لگایا تھا۔ جس کے بعد کیبل آپریٹرز پر دباؤ ڈال کر کئی شہروں میں اے آروائی نیوز کی نشریات بند کرائی گئیں۔

  • سندھ ہائی کورٹ: بحریہ ٹاون فلائی اووراور انڈر پاس پر حکم امتناعی ختم

    سندھ ہائی کورٹ: بحریہ ٹاون فلائی اووراور انڈر پاس پر حکم امتناعی ختم

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے بحریہ ٹاون فلائی اوور اور انڈر پاس پر حکم امتناعی ختم کردیا ہے۔

    سندھ ہائیکورٹ نے بحریہ ٹاؤن کو کراچی میں کلفٹن انڈر پاس اور فلائی اوور پر کام شروع کرنے کی اجازت دےدی، سندھ ہائی کورٹ میں کلفٹن انڈر پاس اور فلائی اوور سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی، جسٹس منیب اختر نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے منصوبوں کی تعمیر پر حکم امتناع ختم کردیا اور بحریہ ٹاؤن کو کلفٹن انڈر پاس اور فلائی اوور پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دےدی۔

    سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں بحریہ ٹاون کی جانب سے فلائی اوور اور انڈ پاس کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی تعمیرروکنے کی استدعا کی گئی تھی۔

    درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ انڈ پاس اور فلائی اوورز کی تعمیر کے باعث ماحولیاتی آلودگی پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

    عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں ماحولیاتی آلودگی پھیلنے کے خدشے کومسترد کردیا گیا، کلفٹن کے مرکزی علاقے میں واقع اِن منصوبوں پرطویل عرصے سےکام رکا رہا ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر آنے والے زائرین کو دشواریوں کا سامنا رہا۔

    شہری اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے مظاہرے کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کراتے رہے ہیں، اب عدالتی فیصلے کے بعد امید ہےمنصوبے جلد تکمیل کو پہنچیں گے۔

  • چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے نثاردرانی کے بیٹے کے اغواء کانوٹس لے لیا

    چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے نثاردرانی کے بیٹے کے اغواء کانوٹس لے لیا

    کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر نے سندھ ہائی کورٹ بارحیدرآبادکے صدر نثاردرانی کے بیٹے کے اغواء کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی حیدرآباد سے بدھ کو جواب طلب کرلیا ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ بارکے صدر نثار درانی کے بیٹے کو گذشتہ ماہ اغوا کیا گیا تھا جس کے خلاف وکلاء کی جانب سے سندھ بھر میں احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ بارکے وفد کی جانب سے چیف جسٹس سے ملاقات میں مذمتی قرار داد پیش کی گئی تھی جس میں وکیل رہنما کے بیٹے کی فوری بازیابی اور حکومتی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

    چیف جسٹس نے قرارداد کو پٹیشن میں تبدیل کرتے ہوئےپولیس افسران سے بدھ کو جواب طلب کرلیا ہے۔

  • متحدہ کےلاپتہ افرادکیس کی سماعت:بازیابی کے طریقہ کارکی وضاحت طلب

    متحدہ کےلاپتہ افرادکیس کی سماعت:بازیابی کے طریقہ کارکی وضاحت طلب

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نےایم کیو ایم کےلاپتہ افرادکی بازیابی کے لئے محکمۂ داخلہ کوفوکل پرسن مقررکرنےکاحکم دےدیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم کے دولاپتہ کارکنوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت نے دلائل سُننے کے بعد لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے طریقہ کار کی وضاحت طلب کرلی اورساتھ ہی لوگوں کی بازیابی کے لئے محکمہ داخلہ کو فوکل پرسن مقررکرنےکا حکم دیا۔

    سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ ہمیں توہین ِعدالت کی کارروائی شروع کرنے پرکیوں مجبور کیا جاتا ہے۔ دورانِ سماعت رینجرز کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رینجرز کے پاس کوئی ایسا سینٹرنہیں جہاں ملزم کوہفتوں رکھاجائے بعض اوقات رینجرزصرف محاصرہ کرتی ہےاورکارروائی دوسری ایجنسی، جس پرایم کیو ایم کے وکیل کا کہنا تھاکہ وہ کونسی مخلوق ہے  کارروائی کرتی ہے،مقدمےکی مزید سماعت دس اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

  • آئین کا اصل مسودہ چوری ہونے سے متعلق درخواست کی سماعت

    آئین کا اصل مسودہ چوری ہونے سے متعلق درخواست کی سماعت

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے 1973 کے آئین کا اصل مسودہ چوری ہونے کےخلاف دائردرخواست پروفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق انیس سوتہترکے آئین کااصل مسودہ چوری ہونے سے متعلق درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بیس اگست دو ہزارگیارہ کوانیس سو تہتر کے آئین کا اصل مسودہ چوری ہوگیا جس کے تین سال گزر جانے کے باوجود آج تک مقدمہ درج نہیں ہوسکا جبکہ درخواست گزارنے محکمہ داخلہ ودیگرکو خطوط بھی لکھے لیکن کوئی جواب نہیں آیا ۔

    جس پرعدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ اس معاملے میں کتنی صداقت ہے؟

  • آئین کا مسودہ کہاں گیا، وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے جواب طلب

    آئین کا مسودہ کہاں گیا، وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے جواب طلب

    کراچی : پاکستان کے آئین کا مسودہ لاپتہ ہونے کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کرلیا ہے۔

    پاکستان کی سیاست میں سب سے زیادہ ذکر اِسی آئین کا ہوتا ہے لیکن پاکستان کا یہ قومی اثاثہ گم ہوچکا ہے، سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انیس سو تہتر میں منظور کئے جانے والے مفتقہ آئین کا مسودہ تین سال قبل غائب ہوچکا ہے، جس پر سندھ ہائی کورٹ نے قومی اور صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کرلیا ہے۔

    درخواست گزار کے مطابق انیس سو تہتر کے آئین کے مسودے کی گمشدگی کی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی، آئینِ پاکستان کی گمشدگی پرماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی قومی دستاویز کی نقل کی حفاظت اسمبلی سیکریٹری کی ذمہ داری ہے، آئین کا سودہ گم ہونا ناقابل فہم ہے۔

    ظفراللہ خان تہتر کے آئین پر اس وقت کے وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو نے دستخط کیے تھے، سنہ تہتر کا آئین بنانے والی کمیٹی کے چیئرمین میں محمود علی قصوری جبکہ اس کے ارکان میں مولانا شاہ احمد نورانی، مفتی محمود، پروفیسرغفوراحمد اور سردار شیر باز خان مزاری شامل تھے، اس کمیٹی نے دن رات محنت کے بعد قوم کو تہتر کا متفقہ آئین دیا تھا۔

  • ایمنٹی انٹرنیشنل کے سربراہ کی جیوگروپ کے لائسنس کی معطلی کیلئے درخواست دائر

    ایمنٹی انٹرنیشنل کے سربراہ کی جیوگروپ کے لائسنس کی معطلی کیلئے درخواست دائر

    کراچی : ایمنٹی انٹر نیشنل کے سربراہ محفوظ یار خان ایڈووکیٹ نے سندھ ہائی کورٹ میں جیو گروپ کے لائسنس کی معطلی کیلئےدرخواست دائر کر دی۔

    آئینی درخواست میں سندھ بورڈ آف ریونیو، پیمرا ، میر شکیل الرحمان، ایف بی آر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ جیو اور جنگ گروپ کو نیشنل بینک کے پونے دو ارب ، سندھ بینک آف رینیو کے ایک ارب روپے اور انکم ٹیکس کے کروڑوں روپے ادا کرنے ہیں۔

    جیو جنگ گروپ ڈیفالٹر ہے، پیمرا کے قوانین و ضوابط کے تحت پیمرا پابند ہے کہ قومی اداروں کے ڈیفالٹر ادارے کا لائسنس معطل کردے تاہم سیاسی پشت پناہی کی بنا پر ایسا نہیں کیا جارہا ۔

    حکومت پاکستان سفید ہاتھی کو پال رہی ہے، عدالت پیمرا قوانین و ضوابط کی پامالی کا نوٹس لے اور لائسنس معطل کرنے کے احکامات جاری کرے۔

  • سندھ ہائیکورٹ: سانحہ سی ویو کا ذمہ دار کون؟ تعین کے لئے پٹیشن دائر

    سندھ ہائیکورٹ: سانحہ سی ویو کا ذمہ دار کون؟ تعین کے لئے پٹیشن دائر

    کراچی : سانحہ سی ویو کے ذمے داروں کا تعین کرنے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی گئی ہے۔

    سانحہ سی ویو میں قیمتی انسانی جانوں کے ضائع ہونے کا نوٹس لینے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکر دی گئی ہے، درخواست میں متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

     درخواست سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس ہیلپ لائن کے تحت دائر کی گئی ہے، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ چالیس قیمتی جانیں بھپرے سمندر کی نذر ہوگئیں لیکن حکومتی ادارے ناکام رہے، نا کوئی وارننگ جاری ہوئی اور نہ ہی بعد میں ڈوبنے والے افراد کو بچانے کیلئے فوری اقدامات کئےگئے۔

    درخواست میں متاثرین کی مالی امداد کیلئےحکومت کو ہدایت کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔

  • سندھ ہائیکورٹ،لاپتہ واٹربورڈ افسرکےخاندان کیلئےماہانہ وظیفےکا حکم

    سندھ ہائیکورٹ،لاپتہ واٹربورڈ افسرکےخاندان کیلئےماہانہ وظیفےکا حکم

    کراچی :سندھ ہائی کورٹ نے دوران ڈیوٹی لاپتہ ہونے والے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسر کی بازیابی تک خاندان کو ماہانہ پچیس ہزار روپے وظیفہ اور بیٹی کو واٹر بورڈ میں ملازمت دینے کا حکم دیدیا۔ سب انسپکٹر عبدالرحیم جولائی دو ہزار دس میں دوران ڈیوٹی لاپتہ ہوگئے تھے۔

    بیوی شمیم اختر کی آئینی درخواست عدالت میں زیر سماعت ہے۔ سماعت کے دوران لاپتہ افسر کی اہلیہ شمیم اختر نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ شوہر کا پتہ نہیں چل رہا گھر چلانے والا بھی کوئی نہیں زندگی بہت مشکل ہوگئی ہے۔

    جس پر عدالت نے حکم دیا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ دوران ڈیوٹی لاپتہ ہونے والے اپنے افسر کی بازیابی تک اس کےخاندان کوماہانہ پچیس ہزارروپےوظیفہ اور بیٹی کو واٹر بورڈ میں ملازمت دے۔ اس موقع پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے وکیل نے کہا کہ عدالت کے حکم کی تعمیل ہو گی۔ واٹر بورڈ کو کوئی اعتراض نہیں۔

  • جسٹس فیصل عرب نے سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا

    جسٹس فیصل عرب نے سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا

    کراچی : جسٹس فیصل عرب نے سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا۔

    چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر کے بیرون ملک جانے کے باعث جسٹس فیصل عرب نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھایا ہے، سندھ ہائِی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سے سینئر ترین جج جسٹس سجاد علی شاہ نے حلف لیا۔

    حلف برداری کی تقریب میں سندھ بار کونسل، سندھ ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں ، سینئر ججز اور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔