Tag: سندھ

  • کراچی میں اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی: الیکشن کمیشن

    کراچی میں اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی: الیکشن کمیشن

    کراچی: الیکشن کمیشن سندھ کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں پولنگ کے دوران اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی، پولیس اور رینجرز ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ کے جوائنٹ آپریٹنگ آفیسر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب تک کوئی بڑی شکایت درج نہیں ہوئی، ایک دو جگہ پولنگ دیر سے شروع ہونے کی اطلاع ملی۔

    جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے حساس پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں، صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا، اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں
    ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا، کسی جگہ سے بدامنی کی شکایت نہیں ملی، پولیس اور رینجرز ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • کراچی میں ایک دہائی بعد سرکاری جامعہ کے قیام کی منظوری

    کراچی میں ایک دہائی بعد سرکاری جامعہ کے قیام کی منظوری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک دہائی بعد سرکاری جامعہ کے قیام کی منظوری دے دی گئی، جامعہ کا مرکزی کیمپس ضلع وسطی میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک دہائی کے بعد سرکاری جامعہ کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے زیر انتظام میٹرو پولیٹن یونیورسٹی ضلع وسطی میں قائم کی جائے گی۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کابینہ نے گزشتہ روز میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے ایکٹ کی منظوری دی تھی، منتخب میئر میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا پرو وائس چانسلر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے زیر کنٹرول ہوگا، عباسی شہید اسپتال میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا ٹیچنگ اسپتال ہوگا، میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس ضلع وسطی میں ہوگا۔

    مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا قانون بنایا اور سندھ کابینہ سے منظور کروایا ہے۔

  • سجاول: مضر صحت کھانے سے 100 سے زائد افراد بے ہوش

    سجاول: مضر صحت کھانے سے 100 سے زائد افراد بے ہوش

    سجاول: صوبہ سندھ کے ضلع سجاول کے ایک نواحی گاؤں میں مضر صحت کھانے سے 100 سے زائد افراد بے ہوش ہوگئے، ڈسٹرکٹ ڈسپنسری میں سہولتوں کا فقدان ہونے کے باعث درختوں پر لٹکا کر مریضوں کو ڈرپس لگائی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع سجاول کے ایک نواحی گاؤں میں مضر صحت کھانے سے 100 سے زائد افراد بے ہوش ہوگئے، متعدد بچے، خواتین اور بزرگ شہریوں کی حالت فوڈ پوائزن کا شکار ہو کر غیر ہوگئی۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زائرین کی جانب سے بریانی تقسیم کی گئی، جس سے فوڈ پوائزن ہوا۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) سجاول نے مختلف علاقوں سے میڈیکل ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ڈسپنسری میں سہولتوں کا فقدان ہونے کے باعث درختوں پر لٹکا کر مریضوں کو ڈرپس لگائی جارہی ہیں۔

  • خیرپور: عرب امارات کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ قائم

    خیرپور: عرب امارات کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ قائم

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں سیلاب متاثرین کے لیے متحدہ عرب امارات کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں متاثرین کو علاج اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے۔

    امارات کے قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ میڈیکل کیمپ سیلاب متاثرین کو بیماریوں سے بچانے کے لیے قائم کیا گیا، کیمپ میں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے اور دوائیں فراہم کی جارہی ہیں۔

    قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ متاثرین کو علاج و معالجے سمیت تمام تر سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی گھڑی میں امارات اپنے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہے، جو رشتہ شیخ زید مرحوم نےقائم کیا وہ آج تک قائم و دائم ہے۔

  • سندھ میں سیلاب متاثرین کے یہاں مزید 10 بچوں کی پیدائش

    سندھ میں سیلاب متاثرین کے یہاں مزید 10 بچوں کی پیدائش

    کراچی: صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے یہاں مزید 10 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، تاحال ساڑھے 9 ہزار حاملہ خواتین فلڈ ریلیف کیمپس میں موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے ہاں 10 بچوں کی پیدائش ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے فلڈ ریلیف کیمپس میں تاحال 3 ہزار 837 بچوں کی پیدائش ہو چکی ہے، کیمپوں میں مزید 9 ہزار 457 حاملہ خواتین موجود ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق 2 ہزار 22 خواتین حمل کے پہلے فیز میں ہیں، 3 ہزار 965 خواتین حمل کے دوسرے، 2 ہزار 517 خواتین حمل کے تیسرے فیز میں اور 953 خواتین حمل کے آخری فیز میں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فلڈ کیمپس میں 8 ہزار 784 حاملہ خواتین کو ڈائٹری سپلیمنٹ فراہم کیا گیا ہے جبکہ 7 ہزار 974 حاملہ خواتین کو ڈپتھیریا اور ٹیٹنس سمیت دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہیں۔

    علاوہ ازیں 7 ہزار 842 حاملہ خواتین کے طبی معائنے ہوچکے ہیں۔

  • سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ بے قابو

    سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ بے قابو

    سندھ / پشاور: ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں، روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مختلف بیماریوں کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ، پختونخواہ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کی شدت برقرار ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے 58 ہزار 616 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وبائی امراض کے بیشتر کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے۔

    مجموعی طور پر پختونخواہ میں 58 ہزار 883، سندھ میں 47 ہزار 32، بلوچستان میں 5 ہزار 591 اور پنجاب میں 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں جلدی بیماریوں کے 10 ہزار 621، سانس کی بیماریوں کے 10 ہزار 591، ڈائریا کے 8 ہزار 264، ملیریا کے 4 ہزار 713 اور ڈینگی کے 3 ہزار 788 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    علاوہ ازیں امراض چشم کے 447، ٹائیفائڈ کے 152 اور ہیپاٹائٹس کے 28 کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • سندھ حکومت آٹے کی قیمت آسمان پر لے گئی، بقیہ شہروں میں قیمتیں کم

    سندھ حکومت آٹے کی قیمت آسمان پر لے گئی، بقیہ شہروں میں قیمتیں کم

    اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات کے حالیہ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں شہریوں کو مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور کیا جارہا ہے، بقیہ شہروں میں قیمتیں کنٹرول میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1960 روپے تک ہے، حیدر آباد میں 1940 روپے، سکھر میں 1720 روپے اور لاڑکانہ میں 1800 روپے ہے۔

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1800 روپے اور خضدار میں 1850 روپے کا ہے۔

    صوبہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 980 روپے ہے جن میں راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور صوبہ خیبر پختونخواہ کا دارالحکومت پشاور شامل ہے۔

  • سندھ میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

    سندھ میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی: چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے سندھ میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی، انہوں نے کہا کہ مون سون کا اگلا اسپیل، پچھلے اسپیل کی طرح ہیوی نہیں، چوتھے اسپیل میں اربن فلڈنگ کا خدشہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں 6 سے 8 اگست تک ہلکی اور معتدل بارش کا امکان ہے، آنے والا بارش کا اسپیل مون سون کا چوتھا اور اگست کا پہلا اسپیل ہوگا۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون کا چوتھا اسپیل تیسرے اسپیل کی طرح ہیوی نہیں، چوتھے اسپیل میں اربن فلڈنگ کا خدشہ نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کراچی، ٹھٹھہ، حیدر آباد، بدین، عمر کوٹ، تھر پارکر اور ٹنڈو الہٰ یار میں ہلکی بارش کا امکان ہے، مجموعی طور پر 5 سے 8 اگست تک سندھ بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

  • بارشوں میں مگر مچھ جھیل سے نکل کر دیہاتوں کا رخ کرنے لگے

    بارشوں میں مگر مچھ جھیل سے نکل کر دیہاتوں کا رخ کرنے لگے

    کراچی: صوبہ سندھ میں موسلا دھار بارشوں کے بعد ٹھٹھہ کی ہالیجی جھیل سے مگر مچھ باہر نکل کر دیہاتوں کا رخ کرنے لگے جس سے مقامی افراد پریشان ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کی ہالیجی جھیل میں موجود مگر مچھ بارشوں کے بعد باہر نکل کر دیہاتوں میں جانے لگے، گزشتہ رات بھی ایک مگر مچھ جھیل سے نکل کر ایک گاؤں کے قریب پہنچ گیا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز میں کئی گاؤں والے مگر مچھوں کے حملے کا نشانہ بنے ہیں۔

    جھیل سے باہر آنے والے مگر مچھوں کو محکمہ جنگلی حیات اور مقامی افراد کی مدد سے دوبارہ جھیل میں چھوڑا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ مون سون کے حالیہ اسپیل نے صوبے کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اکثر علاقے سیلابی صورتحال کا شکار ہیں، بارشوں کے باعث درجنوں اموات ہوچکی ہیں، جبکہ ہزاروں مکانات تباہ اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

  • غیر ملکی افراد بھی سندھ سے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے لگے

    غیر ملکی افراد بھی سندھ سے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے لگے

    کراچی: صوبہ سندھ سے غیر ملکی افراد بھی تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے لگے، صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری جامعات و بورڈ کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ سے غیر ملکی افراد کے تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، صوبائی وزیر تعلیمی بورڈ اسماعیل راہو نے معاملے کا سخت نوٹس لے لیا۔

    اسماعیل راہو نے سیکریٹری جامعات و بورڈ کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کر کے ایک ہفتے میں رپورٹ دی جائے، حقائق پر مبنی مفصل رپورٹ پیش کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ امتحانات میں بٹھانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کر کے ان کو معطل کیا جائے گا۔