Tag: سندھ

  • ہمیں ایجنٹ کہنے والے ثبوت لائیں ،مان جائیں گے، مصطفی کمال

    ہمیں ایجنٹ کہنے والے ثبوت لائیں ،مان جائیں گے، مصطفی کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کی سربراہ مصطفے کمال کہتے ہیں کہ کوئی بھی اس شہر کو لاوارث نہ سمجھے، حکومت اپنا طرز عمل درست کرے ورنہ عید کے بعد آئیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

    کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب میں پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفے کمال کا کہنا تھا کہ تین ماہ کا سفر خوشی کا نہیں ہے جب کوئی امید نہیں رہی تو قدم اٹھایا یہ شہر روشنیوں کا شہر ہوتا تھاآج یہاں اتنی کرپشن ہے کہ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے تین سو ارب روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی کام کروائے ایک روپے کی کرپشن نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج شہر کراچی میں ایسا بیج بویا جا رہا کہ ہر طرف تباہی اور بربادی ہو، شہر کی تعمیر اور ترقی کیلئے کوئی نہیں سوچ رہا،اپنے دور نظامت میں لیاری ایکسپریس وے کو جیسے چھوڑا تھا آج بھی اسی حال میں ہے ۔

    مصطفے کمال کا کہنا تھا کہ آج بلدیاتی اختیارات مانگنے والے شہر کی بربادی کے وقت کہاں تھے ، دس روپے میں دی جانیوالی سفری سہولت آج اینٹوں پر کھڑی ہے ، شہری کے مینڈیٹ کا دعویٰ کرنے والے شناختی کارڈ کے لیے تو احتجاج کرتے ہیں لیکن شہر کی تباہی کے خلاف کیوں خاموش ہیں۔

  • عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرکا 764 واں عرس شروع

    عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرکا 764 واں عرس شروع

    سیہون: سندھ کے عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کا 764 واں عرس سیہون میں جاری ہے ، تین روزہ عرس کا افتتاح گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے مزار پر چادر چڑھا کر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے 764 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز گورنر سندھ کے مزار پر چادر چڑھانے سے ہوا،تین روزہ جاری رہنے والی تقریبات میں ہزاروں زائرین کی آمد متوقع ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عرس کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

    lal-post-4

    ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف نے زائرین کی سہولیات کے لیے 100 سے زائد پانی کی سبیلیں لگائی گئی ہیں،ایمبولینسس اور فوری امداد کے لیے عارضی طبی کلینک بھی بنائے ہیں،جب کہ کل ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے،اور ضلع میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

    lal-post-2

    حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کا خاصہ روایتی ’’دھمال‘‘ ہے،جو مرید اور مرشد کے درمیان روحانی بندھن کی عکاس نظر آتا ہے،ڈھول کی تھاپ پر مریدوں کا دھمال اور نعرے سے سماع سا بندھ جاتا ہے، یہ رقص عرس کے تینوں دن جا ری رہتا ہے۔

    lal-post-1

    قرآن خوانی اور ہدیہ تہنیت پیش کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں،جب کہ وزارت ثقافت سندھ کی جانب شعری نشست اور حضرت لعل شہباز قلندر پر منقبت و مقالے پیش کی تقریب کا بھی اہتمام ہوتا ہے،جس میں ملک بھر کے دانشور اور ادیب شرکت کرتے ہیں،اور حضرت کی زندگی اور ان کے کلام پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہیں۔

    lal-post-3

    مغرب کے بعد شروع ہونے قوالیاں رات گئے جاری رہتی ہیں، جہاں قوالی مریدوں کے ذوق اور محبت کو وجد کی بلندیوں تک پہنچا دیتی ہے، زمان و مکاں سے ماوراء کراتی یہ قوالیاں صوفی ازم میں معرفت کے حصول میں مشاہدے اور مجاہدے کے بعد سب سے اہم حثیت رکھتی ہے۔

    lal-post-5

    عرس کا اختتام دعائیہ تقریب پر کیا جاتا ہے، اور اس دن لنگر کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے، اور تبرکات کی تقسیم کی جاتی ہیں۔

    لعل شہباز قلندر – مختصر حالاتِ زندگی

    حضرت لعل شہباز قلندرکا اصلی نام سید محمد عثمان مرندوی تھا، تاہم اہلِ خانہ انہیں سید شاہ حسین کے نام سے پکارا کرتے تھے، آپ 8 شعبان 1177 عیسوی میں آذر بائی جان کے علاقے مروند میں پیدا ہوئے، جہاں ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد مدینہ اور پھر کربلا تشریف لے گئے۔

    کربلا میں آپ کا قیام امام حسین کا روضہ مبارک تھا، جہاں ایک شب خواب میں امام کی جانب سے ملنے والی ہدایت پر برصغیر کے لیے روانہ ہوئے،سندھ کے علاقے سہیون میں قیام پذیر ہوئے،اور اسلام کے حقیقی تصور سے لوگوں کو روشناس کرایا، ںواسہ رسول ﷺ کی مدح سرائی پر وقت کے حاکم کے جبرکا بھی شکار رہے، لیکن ہار نہیں مانی۔

    آپ کے کئی معجزے آج بھی سیہون میں دیکھے جا سکتے ہیں،آپ کے حسنِ سلوک سے متاثر ہو کرکئی غیر مسلموں نے آپ کے ہاتھوں پراسلام قبول کیا۔

    آپ تمام عمر آلِ رسول کے مداح رہے، اور امام حسین کی عظیم قربانی کے مقصد سے لوگوں کو آگاہ کرتے رہے،حب آلِ رسول کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا نے والے ان عظیم صوفی بزرگ کا وصال 1274 عیسوی میں ہوا۔

  • سندھ میں کام کرنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کے مقدمات میں اضافہ ۔ رپورٹ جاری

    سندھ میں کام کرنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کے مقدمات میں اضافہ ۔ رپورٹ جاری

    کراچی:  وفاقی محتسب ادارے کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں کام کرنے والی خواتین کو دفاتر میں ہراساں کرنے کے مقدمات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حکومت نے سندھ کے کچھ محکموں میں اعلی افسران ساتھ کام کرنے والی خواتین کو ہراساں کرنے میں ملوث ہیں۔

    وفاقی محتسب کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے چارماہ میں خواتین کو ہراساں کرنے کے کم از کم 57 کیسز کی رپورٹ درج کی گئی ہیں جبکہ 2013 سے بعد سے اب تک درج مقدمات کی تعداد 213 تک پہنچ چکی ہے۔

    رواں سال کی خواتین کو ہراساں کرنے کی رپورٹس سب سے زیادہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے موصول ہوئی ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین سول اسپتال اور سندھ سیکریٹریٹ میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

    صوبائی محتسب نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی اداروں میں خواتین ملازمین کو پریشان کرنے کے جرم میں کئی افسران کو سزا دی گئی ہے جبکہ سول اسپتال کے دو ڈاکٹرز کو برطرف کیا جا چکا ہے۔

    حکومت سندھ نے کام کرنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کے حوالے سے جون 2012 میں تحفظ کے لیے صوبائی محتسب ادارے میں شعبے کا افتتاح کر کے اس کی ذمہ داریاں ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پیر علی شاہ کو سونپی گئیں تھیں۔

    واضح رہے حکومت سندھ نے صوبائی سطح پر دورانِ ملازمت خواتین کے ساتھ بدسلوکیوں کی شکایات میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے متاثرہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے اور ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف شکایت درج کروانے کا اور ایسے افراد کے خلاف قانونی مدد فراہم کرنے کے حوالے سے فورم کا آغاز کیا تھا۔

  • جامشورو: انڈس ہائی وے پر تیز رفتار بس اُلٹ گئی، آٹھ افراد ہلاک

    جامشورو: انڈس ہائی وے پر تیز رفتار بس اُلٹ گئی، آٹھ افراد ہلاک

    جامشورو: شھداد کوٹ سے کراچی جانے والی تیز رفتار مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجے میں مسافر کوچ میں سوار کراچی کے رہائشی آٹھ افراد موقع پر ہی جان بحق ہو گئے.

    تفصیلات کے مطابق جامشوروانڈس ہائی وے دڑی گائین چواسٹاپ کے قریب شھداد کوٹ سے کراچی جانے والی تیز رفتار مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجے میں مسافر کوچ میں سوار کراچی کے رہائشی آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے.

    مسافر بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پانچ سالہ بچی نعمت بھٹی، بس کا کلینر تیس سالہ شوکت جمالی، چالیس سالہ الیاس سمیت آٹھ افراد جن میں تین بچے بھی شامل ہے.


    At least 8 killed, over 15 injured in Jamshoro… by arynews

    حادثے میں زخمی ہونے والے پندرہ سے زائد افراد کو فوری طور پر مقامی افراد نے پرائیوٹ اور ایدھی کی گاڑیوں کی مدد سے ہیلتھ سینٹر اسپتال منتقل کردیا، جبکہ چار افراد کی حالت نازک ہے.

    بس حادثے میں زخمی ہونے والوں میں حسنا بی بی ،ساجد بھٹی ،جاوید احمد بلوچ ،سعید احمد منگی ،زبیدہ بھٹی،سمیر احمد منگی ،عائشہ سولنگی ،غلام فرید مگسی ،محمد ایوب مگسی ،ساجد ،عارفہ منگی سمیت دیگر شامل ہے،پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا.

  • سانگھڑ : پولیس کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان ہلاک

    سانگھڑ : پولیس کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان ہلاک

    سانگھڑ: نورانی مسجد کےعلاقے میں مبینہ طورپر پولیس کی فائرنگ سے پچیس سالہ نوجوان عدنان یوسفزئی ہلاک ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر سانگھڑ میں پچیس سالہ نوجوان عدنان فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق نوجوان نے خودکشی کی ہے.

    دوسری جانب فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان کی والدہ کا اسپتال میں میڈیا کے سامنے روتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس میرے بیٹے کو گرفتار کرنے کے لیے گھر میں داخل ہوئی تھی.

    عدنان یوسفزئی کی والدہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس کے بیٹے کواس کی آنکھوں کے سامنے چھت پر جاکر گولی ماری اور وہ ہلاک ہوگیا.

    ہلاک ہونے والے نوجوان کی والدہ نےحکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کے بیٹے کی ہلاکت کا نوٹس لے.

  • اسلام آباد میں انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد میں انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد: انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا ملک کے مختلف علاقوں سے 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔مذکورہ چیمپیئن شپ بارہ دن جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے ہاکی فیڈریشن کی جانب سے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں تیرہ ٹیموں پر مشتمل انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہو گیا، ابتدائی میچ بلوچستان اور پنجاب کے مابین کھیلا گیا.

    پہلے روز کھیلے جانے والے میچ میں پنجاب نے بلوچستان کو 9 گول سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی ہے، ٹورنامنٹ میں ملک کے مختلف علاقوں سے 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

    چپیمئن شپ میں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخواہ، بلوچستان سے دو دو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے ایک ایک ٹیم حصہ لے رہی ہے۔

    ایونٹ کا دوسرا میچ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی ٹیمیوں کے مابین کھیلا گیا جس میں پنجاب کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 10 گول کر کے میچ اپنے نام کرلیا۔

    اس موقع پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن فاروق احمد نے بتایا کہ سیریز میں بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو انڈر 18 ایشاء کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیریز کے انعقاد سے کھلاڑیوں میں خاصہ جوش و خروش پایا جاتا ہے اور اس ایونٹ سے ایشیا کپ انڈر 18 کے لیے کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا۔

     

  • سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز آج سے

    سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز آج سے

    کراچی: سیکرٹری تعلیم سندھ افضل پیچو ہو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق صوبہ سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات 19 مئی سے 24 جولائی تک ہونگی،نوٹیفیکیشن آج ہی سے نافذ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج علی الصبح محکمہ تعلیم کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں صوبہ بھر موسم گرما کی تعطیلات آج یعنی 19 مئی سے 24 جولائی تک کرنے کا اعلان کیا گیا۔

    یاد رہے اس سے قبل موسم سرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک کی جاتی تھی،حالیہ فیصلہ کراچی اور اندرونِ سندھ میں جاری گرمی کی شدت اور درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ کے پیشِ نظرکیا گیا۔

    یاد رہے کل اندرون سندھ کئی شہروں میں سورج آگ برساتا رہا ہے جس سے نواب شاہ،حیدرآباد،ٹندوجام سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیاتھا۔

    دوسری طرف آج صبح اسکول پہنچنے والے بچوں کو موسم ِ گرما کی تعطیلات کا پتہ چلا تو انہوں نے خوشی خوشی گھر کی راہ لی،لتاہم بغیر کسی پیشگی اطلاع کے تعطیلات کا اعلان ہونے پر اساتذہ سالانہ پروگرام برائے تکمیلِ سلیبس کو مکمل کرنے میں پیش آنے والے ممکنہ مشکلات سے پریشان نظر آتے ہیں۔

    صوبہ سندھ کے سیکرٹری تعلیم افضل پیچوہو کے مطابق موسم ِ گرما کی تعطیلات کا اعلان وزیرِ تعلیم کی منظوری کے بعد کیا گیا،گرمی کی شدت میں دن بہ دن اضافہ کے پیش نظر فیصلہ عجلت میں کیا گیا تاکہ ہیٹ اسٹروک کے نقصانات سے طلبہ و طالبات کو محفوظ رکھا جا سکے۔

  • سندھ میں مئیر، ڈپٹی مئیر کا چناؤ 8 جون کو ہوگا،شیڈول جاری

    سندھ میں مئیر، ڈپٹی مئیر کا چناؤ 8 جون کو ہوگا،شیڈول جاری

    کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، مئیر،ڈپٹی مئیر،چئیر مین اور وائس چئیرمین کے انتخابات 8 جون کو ہونگے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی مداخلت پر آخر کار سندھ حکومت نے 4 ماہ بعد بلدیاتی الیکشن کے مکمل کروانے کا فیصلہ کر لیا،خصوصی نشستوں پر”شوز آف ہینڈز” پر الیکشن کرانے کے بعد انتخابات کے آخری مراحلے کا شیڈول بھی جاری کر دیا،جس کے تحت 8 جون کو سندھ بھر کی شہری حکومت کے لیےمئیر،ڈپٹی مئیراور ضلعی حکومت کے لیے چئیرمین و وائس چئیرمین کا چناؤ ہوگا۔


    کراچی بلدیاتی انتخابات، ایم کیوایم بازی لے گئی


    یاد رہے سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ دمبر 2015 میں ہوا تھا، جس کے بعددوسرے اور تیسر مرحلے کے لیے حکومت نے "لوکل باڈیز الیکشن بل” میں ترمیم کی تھی،جس کے خلاف سندھ کی اپوزشن جماعتیں نے عدالت عالیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا،عدالت نے حکومتی ترامیم کو مسترد کر کے انتخابات طے شدہ قوانین کے تحت ہی کرانے کا حکم دیا تھا۔


    سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کا’شو آف ہینڈ‘ کا قانون مسترد کردیا


    شیڈول کے مطابق مئیر ڈپٹی مئیر اور چئیرمین و وائس چئیرمین کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 23 اور 24 مئی کو جمع کروائےجا سکیں گے اور ان کاغزات کی جانچ پڑتال 25 اور 26 مئی کو ہوگی،جب کہ کاغذات پر اٹھائے گئ اعتراضات پر ریٹرنگ آفیسر کے خلاف اپیلیں 28 مئی کو دائر کی جا سکیں گی۔

    دائر کی گئی اپیلوں پر فیصلے 30 مئی کو ہونگے ، جس کے بعد حتمی امیدواروں کی فہرست یکم جون کو جاری کر دی جائیں گی،اور اسی دن انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دیے جائیں گے۔

    شیڈول کے مطابق میئر،ڈپٹی میئر،چیرمین، وائس چیرمین کےلیے پولنگ 8 جون کو ہوگی۔


    سندھ میں بلدیاتی الیکشن: کا دوسرا مرحلہ 


    یاد رہے صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ دسمبر 2015 میں مکمل ہوا تھا،اس کے بعد دوسرے مرحلے میں خواتی،نوجوانوں،مزدور اور اقلیتیوں کی مخصوص نشستوں پر انتخاب ہونا تھا،جو قدرے تاخیر سے عدالت کی مداخلت کے بعد 11 مئی 2016 کو منعقد ہوئے،جس کی تکمیل کے بعد تیسرے اور آخری مرحلے میں مئیر، ڈُپی مئیر اور چئیرمین و وائس چئیرمین کا انتخاب 8 جون کو کیا جائے گا۔

  • عمرکورٹ میں بچی کو ذیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا

    عمرکورٹ میں بچی کو ذیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا

    عمرکورٹ: عمر کورٹ کے علاقے چھاچھرو روڈ سے آٹھ سالہ بچی کو اغواء کر کے ذیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا،بچی کی لاش پانی سے بھرے کھڈے سے برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز عمرکوٹ کے علاقے چھاچھرو روڈ پر وھرو بائی باس سے لا پتہ ہونے والی آٹھ سالہ بچی درخشاں کی لاش آج تین فٹ گہرے پانی کے کھڈے سے بر آمد لی۔

    ورثاء کے مطابق بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا اور اس کے بعد لاش کو سنسان جگہ پر واقع پانی کے کھڈے میں پھینک دیا، بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی ہیں۔

    پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کرکے مقتول بچی کے ورثاء کا بیان قلم بند کر لیا ہے، اورورثاء کے بیان کی روشنی میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    بچی سے ذیادتی ہونے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کا انتظار ہے،اُس کے بعد ہی کوئی حتمی بات کہی جا سکے گی،تاہم اُنہوں نے تصدیق کی کہ بچی کے جسم پرتشدد کے نشانات موجود ہیں۔

    پاکستان میں بچوں کے ساتھ ذیادتی کے بعد قتل کر دینے کے واقعات تشویشناک حد تک بڑھتے جا رہے ہیں،اس سے قبل قصور ذیادتی کیس نے ہمارے معاشرے کی ذبوں حالی اور قانون کی بے حسی کی قلعی کھول دی تھی۔


    قصوراسکینڈل، وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لے لیا


    بچوں سے ذیادتی کے بعد قتل کرنے جیسے ہولناک واقعات ہمارے معاشرے کے لیے کلنک کا ٹیکہ بنتے جارہے ہیں،جن کا سدباب ملزمان کو کڑی کڑی سے سزا دلا کر ہی کیا جا سکتا ہے۔

  • صحافی کے گھر ڈکیتی: بلاول بھٹو نے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کردی

    صحافی کے گھر ڈکیتی: بلاول بھٹو نے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کردی

    کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ پریس کلب لاڑکانہ کے صدر بابو اقبال کے گھر ڈکیتی کے ملزمان کا جلد سراغ لگایا جائے.

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں لاڑکانہ پریس کلب کے صدر بابو اقبال سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے.

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے حکومت سندھ کوہدایت کی ہے کہ زخمی صحافی بابو اقبال کے بہتر علاج کو یقینی بنایا جائے اور اس واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر ان کو قانون کے کٹہڑے میں لایا جائے۔

    یاد رہے چار مسلح افراد لاڑکانہ پریس کلب کے صدر بابو اقبال کی کراچی گلشن اقبال میں رہائش گاہ میں گھس گئے تھےاور اہل خانہ کو یرغمال بنا کرگھر سے نقد رقم، زیورات اور دیگر قیمتی سامان لیکر فرار ہوگئے تھے.

    گھر میں موجود بابو اقبال اور ان کے بھائی نے مزاحمت کی کوشش کی جس پرملزمان نے فائرنگ کرکے انہیں زخمی کردیا تھا.

    فارنسک ٹیم نے ڈکیتی کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد جمع کر لیےتھے، پولیس نے تحقیقات شروع کردی لیکن کوئی مشتبہ شخص ابھی تک گرفتار نہیں کیا جاسکا.

    یاد رہے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے واقعے کا نوٹس لے لیا گیا تھا، وزیراعلی نے آئی جی سندھ کو واقعہ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی.