Tag: سندھ

  • بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، موسلا دھار بارش متوقع

    بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، موسلا دھار بارش متوقع

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں اور بلوچستان کے کچھ شہروں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین اور میرپور خاص میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، شہید بے نظیر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں جبکہ بلوچستان کے لسبیلہ، اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی اور تربت میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو کل تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی: پولیس سے ہتھیار چھین کر فائرنگ کی گئی

    سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی: پولیس سے ہتھیار چھین کر فائرنگ کی گئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سپر ہائی وے پر گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری ہتھیار لوٹنے اور اسی سے فائرنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپر ہائی وے پر ہونے والے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری ہتھیار اور ایمونیشن لوٹنے کا انکشاف ہوا ہے، شرپسند عناصر نے سرکاری افسر کا نائن ایم ایم پستول اور موبائل بھی چھین لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران مسلح ملزمان نے ایس ایم جی کی 750 گولیاں اور نائن ایم ایم کی 600 گولیاں لوٹیں، ملزمان نے پولیس سے چھینے گئے ہتھیاروں سے فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی۔

    پولیس کے مطابق سپر ہائی وے اور سروس روڈ پر کار سواروں اور پیدل افراد سے لوٹ مار بھی کی گئی، شرپسند عناصر نے سرکاری دفاتر اور پرائیوٹ املاک کو نقصان پہنچایا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ شرپسندوں کی فائرنگ سے 4 راہگیر زخمی ہوئے، 2 زخمی دوران علاج اسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز کی ہنگامہ آرائی میں ملوث 190 سے زائد افراد کو پکڑا گیا ہے جبکہ 4 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ تھانے میں 2 اور مبینہ ٹاؤن تھانے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، سہراب گوٹھ تھانے میں درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ حیدر آباد کے ایک ہوٹل میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے بلال کاکا نامی شخص کے قتل کے بعد سندھ بھر میں حالات کشیدہ ہیں اور لسانی فسادات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہیئے، شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے کے خلاف کارروائی کی جائے، شہر میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سڑکیں بند کی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ افراد سے اس معاملے پر بات چیت کی ہے، تمام فریقین اس قسم کی حرکت سے لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔

  • خیر پور: بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان

    خیر پور: بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع خیر پور میں حالیہ بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا، پاکستان کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع خیرپور میں حالیہ بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

    محکمہ زراعت سندھ کی ریسرچ ٹیمز سروے کرنے کے لیے ضلع خیر پور پہنچ گئیں، افسران سروے کر کے رپورٹ مشیر زراعت منظور وسان کے حوالے کریں گے۔

    منظور وسان کا کہنا ہے کہ سروے مکمل ہونے کے بعد خیر پور کے کاشت کاروں کی مدد کی جائے گی، خیر پور میں کھجور کے باغات کو کافی نقصان پہنچا ہے، حکومت سندھ ازالہ کرے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے، خیرپور کو کھجور کی پیداوار کے حوالے سے مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

    پاکستان میں تقریباً ڈھائی لاکھ ایکڑ پر کھجور کے باغات موجود ہیں جن میں سے ایک لاکھ ایکڑ پر صرف خیر پور میں موجود ہیں۔

  • کراچی میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارشیں متوقع

    کراچی میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارشیں متوقع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت دیگر شہروں میں ایک سے 2 روز میں تیز آندھی، موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم آج بھی جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، آج سے 18 جولائی تک کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں 15 یا 16 جولائی کو تیز آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے، موسلا دھار بارش سے کراچی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    کراچی کے علاوہ حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، ٹنڈو الہٰ یار، سانگھڑ، نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ اور جام شورو میں بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، میر پور خاص، عمر کوٹ، جامشورو، نواب شاہ، سکھر اور جیکب آباد میں شدید بارش کے سبب اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کم دباؤ کے باعث سمندر کی موجیں ماہی گیروں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

  • محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی

    محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی

    کراچی: صوبہ سندھ میں مون سون کی مزید بارشوں کا امکان ہے، نیا سسٹم 18 جولائی تک برقرار رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں سے متعلق نئی ایڈوائزری جاری کردی، سندھ میں 14 سے 18 جولائی تک مون سون کی مزید بارشیں متوقع ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا ایک اور مضبوط ہوا کا کم دباؤ جمعرات کو سندھ میں پہنچنے کا امکان ہے، مون سون کا نیا سسٹم 18 جولائی تک برقرار رہے گا۔

    ایڈوائزری کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، عمر کوٹ اور تھر پارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ مزید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ حکام سے الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کی درخواست ہے۔

  • عید الاضحیٰ: کھالیں جمع کرنے کے لیے کمشنر کی اجازت ضروری

    عید الاضحیٰ: کھالیں جمع کرنے کے لیے کمشنر کی اجازت ضروری

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے عید الضحیٰ پر کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کو کھالیں دینے والے افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں عید الضحیٰ پر کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق اور ہدایات جاری کردی گئیں، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کھال جمع کرنے کی اجازتیں دیتے وقت پالیسی گائیڈ لائنز اور نیکٹا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہو۔

    کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ صرف رجسٹرڈ خیراتی اداروں / مدارس اور فلاحی تنظیموں کو ہی قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے۔

    ہدایت کے مطابق کسی بھی کالعدم تنظیم یا اس سے منسلک افراد کو کھالیں نہ دی جائیں اور نہ ہی فروخت کی جائے، اگر کوئی کالعدم تنظیم یا اس سے منسلک افراد کو کھالیں فراہم کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے اور بینرز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، زبردستی کھالیں جمع کرنا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    کھالیں جمع کرنے والے کے پاس اجازت نامہ ہوگا، مذکورہ افراد کسی بھی شق کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے تو ان سے کھالیں ضبط کر لی جائیں گی جو بعد ازاں عطیہ کی جائیں گی۔

    سال 2022 کے لیے نئے سرے سے درخواست دینے والوں کو کھالیں جمع کرنے کے لیے اپنے منصوبے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تحریری طور پر مطلع کرنا ہوگا، اس حوالے سے اس تنظیم کے سربراہ کے دستخط شدہ انڈر ٹیکنگ دینا ہوگی۔

    کھالیں جمع کرنے کے دوران ہتھیار کی نمائش اور اسے رکھنے پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا، لائسنس یافتہ ہتھیاروں کے لیے محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ تمام اجازت نامے اس مدت کے دوران معطل رہیں گے۔

    مذکورہ بالا کسی بھی شرط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

  • سندھ میں پانی کی قلت خطرناک حد تک پہنچ گئی

    سندھ میں پانی کی قلت خطرناک حد تک پہنچ گئی

    کراچی: صوبہ سندھ میں پانی کی قلت خطرناک حد تک پہنچ گئی، صوبائی دارالحکومت کراچی کو پینے کے پانی کی شدید کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں پانی کی قلت خطرناک حد تک پہنچ گئی، سندھ میں پانی کی قلت 59.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

    گڈو بیراج پر 79.1 فیصد اور سکھر بیراج پر 43.1 فیصد پانی کی قلت ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بیراجوں میں پانی کی کمی سے کراچی کو پینے کے پانی کی شدید کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    اس حوالے سے محکمہ آبپاشی سندھ نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کو احتجاجی مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

  • آئی بی اے سے ٹیسٹ پاس کرنے والے متعدد اساتذہ جعلی ڈومیسائل والے نکلے

    آئی بی اے سے ٹیسٹ پاس کرنے والے متعدد اساتذہ جعلی ڈومیسائل والے نکلے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آئی بی اے سے ٹیسٹ پاس کرنے والے متعدد اساتذہ کے شناختی کارڈز دیگر صوبوں کے سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی بی اے سے ٹیسٹ پاس کرنے والے اساتذہ کے شناختی کارڈز دیگر صوبوں کے سامنے آگئے، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں پی ایس ٹی اور جی ایس ٹی کے 118 امیدواروں نے ٹیسٹ پاس کیا۔

    کورنگی میں دیگر صوبوں کے شناختی کارڈ رکھنے والے 62 امیدواروں نے ٹیسٹ پاس کیا، کراچی سینٹرل میں 36، ملیر سے 42، حیدر آباد میں 59، میر پور خاص میں 24، سکھر میں 36، لاڑکانہ میں 22 اور سانگھڑ میں 37 امیدواروں کے شناختی کارڈ دیگر صوبوں کے نکلے۔

    سندھ کی یو سیز میں جی ایس ٹی کے 509 امیدوار دیگر صوبوں کے شناختی کارڈ رکھنے والے پکڑے گئے، پی ایس ٹی کے 291 امیدوار دیگر صوبوں کے شناختی کارڈ رکھنے والے پکڑے گئے۔

    کراچی کے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں بھی کئی امیدوار ہیں جن کا تعلق دیگر صوبوں سے ہے۔

    سیکریٹری تعلیم کا کہنا ہے کہ جعلی ڈومیسائل یا ڈگری رکھنے والے امیدواروں پر 420 کے تحت مقدمہ درج ہوگا۔

  • بلدیاتی انتخابات کا التوا، سندھ کی سیاسی جماعتیں ایک پیچ پر آگئیں

    بلدیاتی انتخابات کا التوا، سندھ کی سیاسی جماعتیں ایک پیچ پر آگئیں

    کراچی: سندھ کی سیاسی جماعتیں صوبے میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد آگے بڑھانے پر متفق ہوگئیں۔

    ذرائع کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لئے متعدد سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہوگیاہے، صوبے میں بلدیاتی انتخاب کا پہلہ مرحلہ ملتوی کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں اگلے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران دائر کردی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتیں تحریری طور پر الیکشن کمیشن کو تاریخ بڑھانےکی سفارش کریں گی،صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ اپوزیشن جماعتوں کے اتفاق کے بعد تحریری معاہدہ الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے اور بلدیاتی انتخابات کو مؤخر کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں ایم کیو ایم نے بلدیاتی سیٹ اپ کو 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا بھی کی تھی۔

    دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے بھی صوبے بھر میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر حکم امتناعی کی درخواست دائر کی تھی جسے سندھ ہائیکورٹ نے مسترد کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے شیڈول جاری کررکھا ہے، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ ڈویژن میں پولنگ چوبیس جولائی کو ہوگی۔