Tag: سندھ

  • سندھ میں اسکول 12جنوری کو کھولنے کا فیصلہ

    سندھ میں اسکول 12جنوری کو کھولنے کا فیصلہ

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس میں نجی اسکولوں کی سیکورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں کراچی کے معروف نجی اسکولز کے سربراہان اور ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکول بارہ جنوری کو کھول دئیے جائیں گے جبکہ قلیل مدتی سیکورٹی پلان پر اسکول کھلنے سے پہلے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

    کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی کی کوآرڈی نیٹر رجسٹرار نجی اسکول رافیہ ملاح ہوں گی۔

    کمیٹی تمام اسکولوں کا سیکیورٹی آڈٹ کرے گی، جس میں اسکولوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے اور تمام چھوٹے اور بڑے اسکولوں کی سیکورٹی کو فول پروف بنائے گی۔

  • سندھ ، پنجاب کوبلدیاتی انتخابات کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈلائن

    سندھ ، پنجاب کوبلدیاتی انتخابات کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈلائن

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بارہ فروری تک بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ جاری کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

    سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں بلدیاتی انتتخابات سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نےالیکشن کمیشن کواگلی سماعت پر انتخابات کا حتمی شیڈول دینےکا حکم دیدیا جبکہ کنٹونمنٹ ایریاز میں میں انتخابات کےلئے سات روز میں قانون سازی کی ہدایت کی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئےکہ حکومت سندھ اور پنجاب انتخابات کروانا ہی نہیں چاہتیں۔

    عدالت نے کہا کہ کمیشن آئندہ سماعت پر سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں سے متعلق انتظامات مکمل کرے ، بینچ نے سماعت بارہ فروری تک ملتوی کرتے ہوئے واضح ہدایت کی یہ آخری موقع ہے، آئندہ سماعت پر کوئی عذر قبول نہیں ہوگا۔

    گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کے لئے ایک ماہ کی مہلت دی تھی، سماعت میں الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔

    جس میں عدالت کو یقین دلایا گیا کہ دونوں صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے لئے جلد حلقہ بندیوں کے لئے اقدامات کریں گی

    عدالت نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 8 جنوری تک کے لئے ملتوی کردی تھی۔

  • مٹھی میں قحط اور سرد موسم سےمزید3بچے جاں بحق

    مٹھی میں قحط اور سرد موسم سےمزید3بچے جاں بحق

    مٹھی: قحط اور سرد موسم سےمزید تین بچے انتقال کرگئے،نئےسال کے تین دن میں تیرہ بچے جان کی بازی ہارچکےہیں۔

    مٹھی میں موت کا کھیل جاری ہے،سرد موسم میں تھرواسی کھانے کو ایک لقمے اور پانی کی بوند بوند کو ترستے ہیں،ایسے میں ٹھنڈی ہوا نے صحرا میں بیماریوں کو جنم دیا ہے، سردی سے بخار اور نمونیا نے بچوں کو لاغر کردیاہے۔

    مٹھی سے قریبی دیہاتوں کے رہائشی تو کسی نہ کسی طرح سول اسپتال تک اپنے بچوں کو علاج کے لئے لے آتے ہیں مگر دوردراز علاقوں کے رہنے والے بھوک سے بلکتے بچوں کے علاج کے لئے طبی مراکز تک نہیں پہنچ پاتےہیں۔

    اسپتالوں کی خراب حالت زار ، طبی مراکز کی کمی، ایمبولینسوں کی کمی اور ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ ہونے کی ہونے کی وجہ سے تھری واسیوں کی زندگی مشکل سے مشکل ترہوتی جارہی ہے۔

  • جشنِ عید میلادالنبی : سندھ کے10اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی

    جشنِ عید میلادالنبی : سندھ کے10اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی

    کراچی: گیارہ اور بارہ ربیع الاول کو کراچی سمیت صوبے کے دس اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ بارہ ربیع الاول کو وفاق سے کراچی میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کی سفارش کی گئی ہے ۔

    سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز عباسی کے مطابق کراچی کے چھ اضلاع ، سکھر، جامشورو، خیرپور، اورحیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، جبکہ ان اضلاع میں گیارہ اور بارہ ربیع الاول کو اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی اوراسلحہ لیکر چلنے کے خصوصی اجازت نامے منسوخ کردیے گئے ہیں تاہم ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے اس میں خواتین، بزرگ ، بچے ، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے ۔

     دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا ہے کہ جس میں سفارش کی گئی کہ کراچی میں بارہ ربیع الاول کو موبائل فون سروس معطل کی جائے اور اس سلسلے میں انٹیلی جنس ذرائع کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیا گیا ہے، موبائل فون سروس معطل رکھنے کی سفارش علی الصبح سے را ت گئے تک کیلئے کی گئی ہے ۔

  • کسی کوقانون ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دینگے، وزیراعلیٰ سندھ

    کسی کوقانون ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دینگے، وزیراعلیٰ سندھ

    بھٹ شاہ: وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہ اہے کہ آئین کے تحت جو بھی جدو جہد کی جائے گی حکومت اس میں مداخلت نہیں کرے گی ۔

    بھٹ شاہ میں شاہ عبد الطیف بھٹائی کے عرس پر میڈیا سے گفتگو میں قائم علی شاہ نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ سندھ میں جو تازہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اس پر افسوس ہے،صوبائی حکومت ٹارگٹ کلنگ کے معاملے پر مرکزی حکومت اوروزارت داخلہ سے رابطے میں ہے ،وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شاہ بھٹائی کا پیغام دہشت گردی نہیں بلکہ امن وامان کیلئے تھا،شاہ بھٹائی نے کہ تھا کہ سندھ آباد رہے اوردنیا بھی آباد رہے۔

    عبد الطیف بھٹائی کے سالانہ عرس میں شرکت کےلئےملک بھر سے زائرین بھٹ شاہ پہنچے ہیں اور مزار پر پھول چڑھا رہے ہیں اور منت مانگ رہے ہیں۔عرس کے تیسرے روز بھی زائرین کی بڑی تعداد کابھٹ شاہ میں ہے۔ تین روزہ تقریبات میں عالمی ادبی کانفرنس منعقد کی گئی ۔ محکمہ ثقافت کی جانب سے کلچرل ولیج بھی قائم کیاگیا۔جس میں مختلف اسٹالز پر ہالہ کے ہینڈی کرافٹ سمیت نت نئے ڈیزائن کے کپڑوں کی تیاری کی نمائش کی گئی ہے۔

  • شاہ عبدالطیف بھٹائی کا عرس آج سے شروع ہو رہا ہے

    شاہ عبدالطیف بھٹائی کا عرس آج سے شروع ہو رہا ہے

    بھٹ شاہ : شاہ عبدالطیف بھٹائی کا عرس آج سے شروع ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے صوفی بزرگ کے مزار پر حاضری دی اور چادر چڑھائی۔

    سرزمینِ سندھ کے عظیم صوفی بزرگ شاہ عبدلطیف بھٹائی کا دوسو اکہترواں عرس عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، گزشتہ دو صدیوں سے ان کا کلام تمبورا پرپڑھنے کی روایت آج بھی رائج ہے

    برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کی تین روزہ تقریبات آج سے شروع ہورہی ہیں۔ عظیم صوفی بزرگ نے ساری زندگی لوگوں کو انسانیت کا درس دیا، ان کی تصنیف شاہ جو رسالو کا کئی زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے۔

    عرس کے موقع پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلافاروقی نے صوفی بزرگ کے مزار پر حاضری دی اور چادر چڑھائی،شاہ عبدالطیف بھٹائی کا عرس ہر سال چودہ صفر کو مٹیاری کے علاقے بھٹ شاہ میں منایا جاتا ہے،عرس کے دوران صوفی بزرگ کے مزار پر ادبی محافل، ملاکھڑا کے مقابلے، زرعی نمائش اور راگ رنگ کی محفل بھی سجائی جاتی ہے،جبکہ مزار پر شاہ صاحب کے فقیر آپ کا کلام سناتے ہیں اور دھمال بھی ڈالتے ہیں ۔

  • ایم کیو ایم سینٹر بابر غوری کا وزیراعظم کو خط

    ایم کیو ایم سینٹر بابر غوری کا وزیراعظم کو خط

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما سینیٹر بابر غوری نے وزیر اعظم نواز شریف کو لکھے گئے اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں ہونیوالی بھرتیوں میں میرٹ کو ترجیح دی جائے۔

    خط میں بابرغوری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کیجانب سےدی جانیوالی صوبائی ملازمتوں میں قواعد و ضوابط کے کسی اصول پر عملدرآمد نہیں کیاجارہاہے۔ بابر غوری نے وزیر اعظم کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن صرف ان امیدواروں کو ترجیح دیتی ہےجنکی سفارش پی پی قیادت کرتی ہے۔

    خط میں کہاگیا ہےکہ وفاقی حکومت بھرتیوں میں میرٹ کو ترجیح دے۔ انہوں نےاپیل کی کہ وزیراعظم وزیراعلی سندھ سے این ایف سی کی مد میں وفاقی حکومت سے پانچ سو ارب روپے وصولی اور اسکی کھپت کاگوشوارہ طلب کریں۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ کی دیہی آباد ی کو بھی نظر انداز کیاگیا جس کے باعث تھر پارکر میں معصوم انسان قحط سے جاں بحق ہوئے۔

  • ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی دن بدن بڑھنے لگی

    ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی دن بدن بڑھنے لگی

    اسلام آباد: ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لئے اور بالائی علاقوں میں سردی بڑھنے کے بعد میدانی علاقوں میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بالائی علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی ہے جس کے بعد پارہ مزید نیچے آگیا۔ ملک بھر میں درجہ حرارت کم ہوتے ہی گرم کپڑوں، میوہ جات ، اور گرم مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔

    سندھ اور پنجاب میں بھی سرد ہوائیں چلنے سے موسم میں خنکی پید اہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

  • وفاقی اداروں میں سندھ ملازمین کے کوٹے کا خیال رکھا جائے، قائم علی شاہ کا وزیراعظم کو خط

    وفاقی اداروں میں سندھ ملازمین کے کوٹے کا خیال رکھا جائے، قائم علی شاہ کا وزیراعظم کو خط

      کراچی: وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے وزیراعظم کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اداروں میں ملازمین کےکوٹے پرعمل کیاجائے اور وفاق میں ہماری نمایندگی نا ہو نے کے برابر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کو وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے خط ارسال کیا ہے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اداروں میں سندھ کے کوٹے پرعملد رآمد نہیں کیاجارہا۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ وفاقی اداروں میں ملازمین کے کوٹے پرعمل درآمد کیا جائے کیونکہ وفاق میں سندھ کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم کو خط لکھا ہے جس میں بیوروکریسی اور آئین کے مطابق کوٹے پر عملدرآمد نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی بیوروکریسی میں صوبہ سندھ کا کوٹہ آئین کے مطابق پر کرنے اور سندھ کو اس کی آبادی کے حساب سے جائز حق دینے کی سفارش کی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا ہے کہ وفاقی بیوروکریسی حکومتی پالیسز مرتب کرنے اور اس پر عمل کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے اور آئین اس معاملے میں صوبوں کو آبادی کی بنیاد پر کوٹہ دیتا ہے لیکن اس پر بدقسمتی سے عمل نہیں ہورہا ہے اور وفاق میں سندھ کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے خط میں اس بات پر بھی تشویش کی ہے کہ افسران کے پروموشن اس بنیاد پرنہ روکے جائیں کہ انہوں نے پی پی کے دور میں اہم اسامیوں پر کام کیا ہے۔ اہل لوگوں کو ان کاحق ملنا چاہیے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ کو فیڈرل سیکریٹری اور چیف سیکریٹری کی اسامیوں پر بھی جائز حق دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کوٹے پر عمل نہیں کیا گیا تو یہ عمل محرومیوں کو جنم دے گا۔

  • سندھ بھرمیں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    سندھ بھرمیں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام حساس تنصیبات پر سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

    سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز عباسی کی جانب سے آئی جی سندھ اور صوبے کے تمام کمشنرز کو ایک مراسلہ لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حساس اداروں نے الرٹ جاری کی ہے جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان صوبے میں حساس تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کررہی ہے،جن خدشات کو سامنے رکھتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے ادارے حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔