Tag: سندھ

  • تھر میں اموات کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، خواجہ اظہارالحسن

    تھر میں اموات کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، خواجہ اظہارالحسن

    کراچی: خواجہ اظہارالحسن کہتے ہیں کہ حکومت سندھ کی تھر سے متعلق کارکردگی کُھل کرسامنے آگئی ہے اس سے آنکھ نہیں چرائی جاسکتی۔

    ایم کیوایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈرخواجہ اظہارالحسن کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم نے تھرکی صورتحال پرتحریکِ التواء جمع کرادی ہے،ان کا کہنا تھاکہ پوری دنیا کے سامنے حکومت سندھ کی کاکردگی کُھل گئی ہے۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیوایم تھرکی صورتحال کے پیش نظر اتوار کواپنا امدادی وفدروانہ کررہی ہے، خواجہ اظہارالحسن نے حکومت سندھ سے ملازمتوں میں شفاف تقرری کا مطالبہ بھی کیاجبکہ میرٹ کی خلاف ورزی کرنے پرعدالتوں میں جانے کا عندیہ دیا۔

  • پی پی حکومت نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا،خواجہ اظہارالحسن

    پی پی حکومت نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا،خواجہ اظہارالحسن

    کراچی: ایم کیم ایم کے رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ اب کراچی کی ہی نہیں پورے سندھ کی بات کریں گے، سندھ بھر کے تمام غریب لوگوں کا مینڈیٹ ہمارے پاس ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہارالحسن کاکہنا تھا کہ ایم کیو ایم تمام شہداء کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔سندھ حکومت پرسخت تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہ ایم کیوایم جیسے ہی اپوزیشن میں جاتی ہے حکومت کو بلزیاد آجاتے ہیں۔

    ان کامزید کہنا تھا کہ حکومت اپنے وزراء کوکنٹرول کرےورنہ ہم بھی بہت کچھ کہہ سکتے ہیں،ٹی وی چینلزپرحکومت کی جانب سے عائد پابندی کے خلاف ان کا کہنا تھا کہ حکومت تمام بند چینلزکوفوری کھول دے ۔ہم نے ہمیشہ آزاد میڈیا کی بات کی ہے۔

    جیوسمیت اےآروائی کی بندش پر ہم نےآواز اٹھائی، میڈیاکی تنقید سےتواصلاح کاموقع ملتاہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ہم بات چیت پر یقین رکھتے ہیں ۔

    ان کا کہنا تھا کہ  پی پی پی حکومت نے نہ ماضی میں کچھ سیکھا اورنہ اب سیکھنا چاہتی ہے ۔حکومت کے پاس اربوں روپے کے فنڈز موجود ہیں جو وہ شہری علاقوں سے وصول کرتی ہے۔

  • الطاف حسین کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے چودہ اہم سوالات

    الطاف حسین کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے چودہ اہم سوالات

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد  الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے پیرا ملٹری فورسز اور فوج کے ایم کیوایم کے ساتھ طرز عمل کے حوالے سے 14سوالات کئے ہیں اور کہا ہے کہ یہ سوالات ایک ایک مہاجر بزرگ ، ماں ، بیٹی حتی کہ نواجونوں اور معصوم بچے بچیوں کی آواز ہیں جو چھاپوں کے دوران انتہائی بیہودہ اور غیر قانونی طرز عمل دیکھتے ہیں ۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے چودہ اہم سوالات کئے ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں۔

    ۔ قائد الطاف حسین نے آرمی چیف سے سوال کیا کہ ماورائے عدالت قتل، گرفتاریوں اور چھاپوں کا مرکز ایم کیو ایم کے دفاتر کیوں ہے؟

    ۔ 19جون 1992ء کو جب فوج نے 72بڑی مچھلیوں کے خلاف کارروائی کے نام پر آپریشن کا رخ صرف اور صرف ایم کیوایم کی جانب کیوں موڑا گیا ؟

    ۔ رینجرز نے کراچی آپریشن کیا ہے اور جگہ جگہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کی گرفتاریاں کیں، ان میں سے اکتالیس کارکنان اب تک لاپتہ کیوں ہیں؟

    ۔ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ اللہ نے آپ کو طاقتور عہدہ عطا فرمایا ہے، فوج یونیٹی کا سمبل ہوتی یا قوم کو گالیاں دے کر لسانیت اور صوبائیت میں بانٹنے کا کام انجام دینا بھی کیا فوج کے فرائض میں شامل ہیں ؟

    ۔ سابق برگیڈیئر آصف ہارون نے جناح پورکا خود ساختہ جعلی نقشہ تقسیم کیا جس کے گواہ ریٹائرڈ فوجیوں کی حیثیت سے زندہ ہیں، اس پر اقوام متحدہ کی عدالت لگا لی جائے یا جی ایچ کیو میں عوامی عدالت لگالی جائے اوران کی گواہی اس ضمانت کے ساتھ لی جائے کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی؟

    ۔ فوج کے خود احتسابی عمل کے دوران تشدد کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنان کو ہلاک کرنے والے کتنے افسران اور سپاہیوں کو سزا دی گئی؟

    ۔ کیا منتخب نمائندوں سے رینجرز کے میجر ، کیپٹن ، بریگیڈیئر اور افسران کا درجہ آئینی اعتبار سے زیادہ بڑا ہوتا ہے ؟

    ۔ آج تک پارٹی کا جو سامان گھروں اور دفاتر سے لیا گیا واپس نہیں کیا گیا آخر کیوں؟

    ۔ ماورائے عدالت قتل ، چھاپے گرفتاریوں اور دفاتر و گھروں پر چھاپوں کا مرکز صرف اور صرف ایم کیوایم کے رہنماؤں اور کارکنان کے دفاتر اور گھروں کو کیوں بنایا گیا ہے؟

    ۔ الطاف حسین نے کہا ہے کہ میرے بھائی اور بھتیجے کو گولیاں مار کر شہید کردیا گیا، کس قصور اور جرم میں ؟ آخر انھیں کس جرم کی سزا دی گئی؟

    ۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ پولیٹیکل ویکٹا مائزیشن کے تحت قتل کرنے کا لائسنس کوئی بھی حکومت نہیں دیتی ہے ، ہم مہاجروں کو آخری بار فوج بتائے کہ ہم کیا کریں ؟

    ۔ ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر ملک بنایا، سب کچھ  لٹا دینے کے باوجود ہمارے لئے فوج کے دل میں آج تک اپنائیت یا قبولیت کیوں نہ آسکی؟

     ۔ چالیس روز گزر چکے ہیں کچھ جماعتوں کو ریڈ زون جانے ، دھرنے دینے کی اجازت ہے بڑی خوشی کی بات ہے۔

    ۔ اگر ایم کیوایم ، اسلام آباد ، ریڈزون میں ایک ہفتہ بعد دھرنے دینے کا بھر پور اعلان کریں تو فوج ، رینجرز اور پولیس حرکت میں تو نہیں آئیں گے ؟

  • سندھ کو چار صوبوں میں تقسیم کر دیا جائے،الطاف حسین

    سندھ کو چار صوبوں میں تقسیم کر دیا جائے،الطاف حسین

    لندن: ایم کیو ایم کے قا ئد الطاف حسین نےتحریک انصاف کو کراچی میں جلسے پر پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ سندھ کو چار صوبوں میں تقسیم کر دیا جائے تو اچھا ہوگا۔

    لندن میں اپنی اکسٹھویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ جب تحریک انصاف نے سیاست میں قدم رکھا تو ہم نے خوش آمدید کہا۔

    الطاف حسین نے کراچی میں ہو نے والے تحریک انصاف کے جلسے پر عمران خان کو کراچی آنے اور جلسہ کرنے پر پیشگی مبارک باد بھی دی، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف اور اسفند یار ولی بھی کراچی آئے تو ہم انھیں بھی خو ش آمدید کہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے اگر سندھ کو شمالی، جنوبی مشرقی اور مغربی صوبے بنا دئے جائیں تو بہتر ہوگا، اس طرح سندھ تقسیم بھی نہیں ہو گا، پاکستان کو بچانا ہے تو نئے صوبے بنانے ہوں گے۔

    ایم کیو ایم نے جا گیردارانہ اور وڈیرانہ نظام کے خلاف صرف باتیں ہی نہیں بلکہ اس پر عمل بھی کیا اور ملک کے ایوانوں میں غریب طبقے کو نمائندگی دلوائی۔

  • الیکشن کمیشن کا عمران خان کو این اے 122 کے ریکارڈ تک رسائی دینے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن کا عمران خان کو این اے 122 کے ریکارڈ تک رسائی دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں مرکزی اورصوبائی دفاتر میں ریکارڈ روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں عمران خان کو این اے 122 کے ریکارڈ تک رسائی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    الیکشن کمیشن کی آج ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کے گئے،کمیشن کے مرکزی اور صوبائی دفاتر میں ریکارڈ روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، ریکارڈ روم میں انتخابات کے حوالے سے تمام سامان محفوظ رکھا جائے گا اس حوالے سے صوبائی سیکرٹریزکو ہدایت جاری کردیں گئیں ہیں۔

    قائم مقام ڈی جی الیکشن کمیشن مسعود ملک اوردیگرحکام نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کی قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 122 کے ریکارڈ تک رسائی کی درخواست منظورکرلی گئی اور عمران خان کو ریکارڈ تک رسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،حکام کامزید کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لئے نئی حلقہ بندیاں اور مردم شماری کرنا ہوگی۔

  • سندھ میں بڑے سیلاب کاخطرہ ٹل گیا،وزیرِاعلیٰ سندھ

    سندھ میں بڑے سیلاب کاخطرہ ٹل گیا،وزیرِاعلیٰ سندھ

    سکھر: وزیرِاعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں بڑے سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے، حفاظتی انتظامات سے مطمئن نہیں تھا، اس لئے دوبارہ دورہ کرنے آیا ہوں۔

    پنجاب سے سندھ میں داخل ہونے والے سیلاب سے ممکنہ تباہی کے خدشہ کے پیشِ نظروزیرِاعلیٰ سندھ نے حفاظتی اقدامات کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

    سکھر میں آبپاشی ماہرین نے وزیرِاعلیٰ کوبریفنگ میں بتایا کہ آج رات چارسے پانچ لاکھ کیوسک کا ریلا سندھ میں داخل ہوگا، انہیں بتایا گیا کہ سیلاب سندھ میں جن مقامات کو نقصان پہنچا سکتا تھا، وہاں حفاظتی اقدامات سخت کردیئے گئے ہیں، کچے میں رہنے والوں کیلئے کیمپس میں قیام سمیت خوراک کا بندو بست کرلیا ہے۔

    وزیرِاعلی قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ انتظامات میں غفلت برتنے والےمتعلقہ افسرکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، انہوں نے دریائے سندھ کے دونوں اطراف کے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو دن رات نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔

  • سندھ میں سیلاب کاخطرہ، لوگوں کی نقل مکانی جاری

    سندھ میں سیلاب کاخطرہ، لوگوں کی نقل مکانی جاری

    سندھ: سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر سندھ کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات کے باوجود خیرپورمیں ایک بھی ریلیف کیمپ نہیں لگایا گیا ہے۔

    سیلابی ریلہ بالائی پنجاب میں سینکڑوں بستیاں صفحہ ہستی سے مٹاتا ہواجنوبی پنجاب میں تباہی مچارہا ہے، پنجاب میں موسلادھار بارش اور بھارت کی جانب سے چھوڑے جانے والے پانی نے تباہی مچا رکھی ہے، ملتان میں سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظرسوکے قریب دیہات خالی کرالئے گئے ہیں، جن میں بندبوسن، نواب پور، ہیڈ محمد والا، بستی گرے والا، بستی لنگڑیال اور شیر شاہ کے چندعلاقےشامل ہیں۔

    سیلابی ریلہ اب تیزی سے سندھ کی جانب رواں دواں ہے، سندھ حکومت نے کچھ روز قبل دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں سےآٹھ لاکھ افراد کے انخلاء کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد مختلف علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔

    وزیرِاعلی سندھ قائم علی شاہ کے آبائی ضلع خیرپور کے کچےکے مکین بے یارو مددگار رہنے پر مجبور ہیں، وزیرِاعلی سندھ کےاحکامات کے باوجود ایک بھی ریلیف کیمپ قائم نہیں کیا گیا ہے۔

    کچے کے علاقے میں سینکڑوں مویشی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سےسیلاب کے خطرے کے باعث کچے میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے دریا کے کنارے پشتوں کو مضبوط کرنے اور اس کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔

  • سندھ میں بڑے سیلاب کا خدشہ، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کی وارننگ

    سندھ میں بڑے سیلاب کا خدشہ، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کی وارننگ

    سندھ : فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن نے سندھ میں بڑے سیلاب کے خدشہ کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کردیا ہے، گڈو کے مقام پر تیرہ اور چودہ ستمبر کے درمیان بڑا سیلابی ریلہ داخل ہونے کا امکان ہے جبکہ پندرہ ستمبر کو سکھر کا رخ کرے گا۔

    سندھ میں بڑے سیلاب کا خدشہ ہے، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن نے ہیوی فلڈ کی پیش گوئی کردی ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لئے فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن نے انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہیں، فلڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سکھر بیراج میں پانی کی سطح اپ اسٹریم میں ستتر ہزار نو سو ساٹھ  جبکہ ڈاﺅن اسٹریم میں پچیس ہزار آٹھ سو پچیس ہے، دوسری جانب گڈو بیراج میں اپ اسٹریم ایک لاکھ ستتر ہزار سات سو سولہ جبکہ ڈاﺅن اسٹریم میں آٹھانوے ہزار نو سو آٓٹھ اور کوٹری بیراج میں پانی کی سطح انتیس ہزار ہے۔

    ایڈیشنل سیکریٹری آبپاشی اسلم انصاری نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلاب سے انتہائی حساس مقامات متاثر ہوسکتے ہیں، کچے کے علاقے متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہیں لیکن ممکنہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان کا خطرہ نہیں۔ سندھ بھر میں متعلقہ محکموں کی تعطیلات موخر کردی گئی ہیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کے مطابق کچے کی آبادی آٹھ لاکھ ہے، جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاری کا آغاز کردیا گیا ہے، انکا کہنا ہے کہ چناب اور جہلم سے ساڑھے چھ لاکھ کا ریلہ سندھ میں داخل ہوگا، انتظامی عملے کے پاس ساڑھے چھ لاکھ کیوسک ریلے کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ راوی اور ستلج سے آنے والے پانی سے کسی قسم کا خطرہ نہیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق اگلے چند دنوں میں تھرپارکر، مٹیاری، ٹھٹھہ کےعلاقوں میں بارش کا امکان ہے، بارشیں زیادہ ہوئیں تو ریلے کی مقدار بڑھ سکتی ہے، جہاں بارشوں سے نقصان کا اندیشہ وہیں تھر میں قحط سالی کے اثرات کم ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، ڈپٹی کمشنرعبدالعلیم لاشاری نے دریائے سندھ کے بندوں کی حالت کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ انتظامیہ سے ہنگامی بنیاد پر ملاقات کی اور صوبے میں سیلابی پانی کے داخلے کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    سندھ حکومت نے سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر اریگیشن ڈیپارٹمنٹ ، پاکستان نیشنل ڈیساسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ تمام ڈیپارٹمنٹ کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔

  • یوم علیؓ پر کراچی،سکھر ڈویژن میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی

    یوم علیؓ پر کراچی،سکھر ڈویژن میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی

    کراچی: یوم علیؓ پر کراچی اور سکھر ڈویژن میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی،پابندی کااطلاق انیس سے اکیس رمضان تک ہوگا۔

    دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر اور سندھ میں یوم علی پر امن وامان برقرار رکھنے کے لئے متعدد سیکیورٹی اقدامات کیئے جارہے ہیں،ان اقدامات میں سب سے اہم اور آزمودہ اقدام موٹرسائیکل کی ڈبل سوری پر پابندی ہے ،محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سےکراچی اور سکھر ڈویژن میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا۔

    موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اطلاق انیس سے اکیس رمضان تک ہوگا، محکمہ داخلہ کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پابندی سے خواتین، بچے، بوڑھے اور صحافی مستثنی ہونگے۔