Tag: سندھ

  • سندھ ،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، سپریم کورٹ نے نئی تاریخیں دے دیں

    سندھ ،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، سپریم کورٹ نے نئی تاریخیں دے دیں

    سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے سندھ میں تئیس فروری اور پنجاب میں تیرہ مارچ کی نئی تاریخیں دے دیں۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عدالتی فیصلوں، اتنظامی تبدیلیوں اور سیکورٹی پرنٹنگ پریس کی جانب سے بیلٹ پیپرز کی بروقت فراہمی سے معذرت کے باعث سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے دی گئی تاریخوں میں مہلت کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں استعمال ہونے والے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لئے تین ہفتے درکارہیں، جس کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات تیئس فروری جبکہ پنجاب میں تیرہ مارچ کو کرا ئے جاسکتے ہیں۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا موقف تھا کہ اس مقصد کے لئے سندھ اور پنجاب میں دیئے گئے انتخابی شیڈول کو منسوخ کرنا ہوگا جبکہ نیا شیڈول سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں تیار کیا جائے گا۔

    سپریم کورٹ نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے سندھ میں بلدیاتی انتخابات تیئس فروری اور پنجاب میں تیرہ مارچ کی تاریخ کی منظوری دیتے ہوئے فریقین کو طلب کرلیا ، مقدمے کی سماعت ستائیس جنوری کو ہوگی ۔

  • محکمہ بلدیات میں کسی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائیگا،شرجیل میمن

    محکمہ بلدیات میں کسی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائیگا،شرجیل میمن

    سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں اور بالخصوص محکمہ بلدیات میں کسی بھی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایات دی کہ وہ کے ایم سی کی اسکولوں، ڈسپنسریوں اور دیگر محکموں میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کریں اور ان کی فہرستیں بنا کر ان کے خلاف کاروائی کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات میں گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں سندھ حکومت پر بوجھ بن گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ گھروں پر بیٹھ کر تنخوائیں لینے والوں کو اب ان کے گھروں پر ہی بٹھا دیا جائے گا اور انہیں اب کوئی تنخواہ نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور دیگر محکموں کے افسران کو بھی متعلقہ محکموں میں موجود گھوسٹ ملازمین کی فہرستیں تیار کرنے کے احکامات دیئے اور ایسا نہ کرنے والے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
       

  • کراچی: سندھ بھرکے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آج سےکھل گئے

    کراچی: سندھ بھرکے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آج سےکھل گئے

    سندھ بھرکےتمام سرکاری ونجی اداروں میں مزید ایک ہفتے کی تعطیلات کے بعد آج سے تدریسی عمل دوبارہ شروع ہوگیا ہے، بچوں نے اسکول کا رخ کیا تو سردی نے بھی اپنا رنگ دکھا دیا۔

    بچے سردیوں کی چھٹیوں کا مزہ لے کر ایک بار پھر اپنی درسگاہوں کی جانب جارہے ہیں، کراچی میں اسکول کھلتے ہی سردی لوٹ آئی، سندھ میں آج سردیوں کی چھٹیاں تمام ہوئی تو سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔

    کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارے یکم جنوری سے کھول دیئے گئے تھے تاہم شدید سردی کے باعث والدین اور بچوں کی مشکلات کے پیش نظر حکومت سندھ نے صوبہ بھرمیں نجی اورسرکاری اسکولز کی تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی تھی۔

    سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری و نجی اسکول اور کالجز کی تعطیلات آٹھ جنوری کو ختم ہونی تھیں۔
     

     

     


       

  • کراچی سمیت سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری

    کراچی سمیت سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری

    سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا، اب کراچی سمیت سندھ بھر میں منگل اور جمعرات کو سی این جی اسٹیشنز چوبیس گھنٹوں کیلئے بند رہیں گے۔

    سوئی سدرن نے رواں ہفتے صرف دو روز سی این جی اسٹیشنز کو گیس نہ دینے کا اعلان کیا ہے، گزشتہ ہفتے صوبے بھر میں سی این جی سیکٹر کو چار دن گیس نہیں دی گئی تھی،ملک میں قدرتی گیس کی شدید قلت ہے۔

    پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں گھروں کے چولہے گیس نہ ہونے کی وجہ سے ٹھنڈے پڑے ہیں لیکن سندھ میں گاڑیوں کیلیے گیس موجود ہے، حکومت نے سندھ میں سی این جی اسٹیشنز اور ٹرانسپورٹ مافیا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔

    سی این جی ایسوسی ایشن کے نائب چیئر مین محمد علی کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس، سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹ اتحاد میں مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

    جس کے بعد اب رواں ہفتے صرف دو دن گیس کی بندش کی جائے گی، محمد علی نے مزید کہا کہ سوئی سدرن سے مذاکرات کا دوسرا دور بدھ کو ہوگا۔

  • سرائیکی اورہزارہ صوبہ بن سکتاہےتوسندھ میں کیوں نہیں، فیصل سبزواری

    سرائیکی اورہزارہ صوبہ بن سکتاہےتوسندھ میں کیوں نہیں، فیصل سبزواری

    ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کاکہناہےکہ سرائیکی اورہزارہ صوبہ بن سکتاہےتوسندھ میں کیوں نہیں ن لیگ ملک میں نئےصوبوں کی تشکیل کاوعدہ پہلےکرچکی ہے ۔

    سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر او ر ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کا وعدہ کرچکی ہے، ہزاورہ ،سرائیکی، بہاولپورصوبےکی بات ہوسکتی ہےتوسندھ میں کیوں نہیں، اپنےبیان میں فیصل سبزواری نے کہا کہ ایسا لگتاہےمشرف کیخلاف انصاف سےنہیں انتقام سےکام لیاجارہاہے۔
         

  • سندھ دھرتی ماں ہےاورکوئی ماں کوتقسیم نہیں کرتا، الطاف حسین

    سندھ دھرتی ماں ہےاورکوئی ماں کوتقسیم نہیں کرتا، الطاف حسین

    متحدہ کے قائد الطاف حسین نے ایک بار پھر سندھ میں علیحدہ صوبے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی پی پی ہمارے حقوق نہیں دینا چاہتی تو پھر سندھ میں دو صوبے بنائیں جائیں، سندھ ون میں سندھی بولنے والوں کیلئے ہو اور سندھ ٹو ہمارے لیے ہو جس میں ہم دیگر تمام قومیتوں بلوچی، پٹھان، سرائیکی، پنجابی اور کشمیریوں کے ساتھ رہ لیں گے۔

    کرچی میں الہ دین گراؤنڈ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سندھ ، سندھ کے مہاجروں کو اپنا سمجھتی ہے توکوٹا سسٹم ختم کردے، ملک کے کسی صوبے میں کوٹا سسٹم نہیں تو پھر سندھ میں کیوں؟ سرکاری ملازمت میں شہری علاقوٕں کا 40 اور دیہی علاقوں کا 60 فیصد کوٹا ہے۔

    الطاف حسین  نے کہا کہ ایم کیوایم تمام زبانیں بولنے والوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ایم کیوایم سندھ میں تمام لوگوں کے حقوق کی بات کرتی ہے، سندھ کوایک نگاہ سے نہیں دیکھتے تو پیپلزپارٹی کے سندھیوں کو سندھ ون اورجن کوپیپلزپارٹی والے سندھی نہیں مانتے ان کو سندھ ٹودےدیجئے۔

    عدالت نے حلقہ بندی کرنے والے افسر کے اختیار کو غیر آئینی قرار دے دیا، عدالت نے کہا حلقہ بندی ڈپٹی کمشنرز کے بجائے آزاد کمیشن سے کرائی جائیں، عدالت نے حلقہ بندی کرنےوالے شخص کے اختیارکوغیرآئینی قراردے دیاہے۔

    متحدہ قائد نے کہا کہ پیراگراف 49 پر عدالت نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیا ہے کہ غیرقانونی طورپرکئی حلقوں کو شہری حلقوں میں شامل کردیا گیا ہے۔

     

  • اردو بولنے والے پسند نہیں تو الگ صوبہ بنا دیا جائے، الطاف حسین

    اردو بولنے والے پسند نہیں تو الگ صوبہ بنا دیا جائے، الطاف حسین

     

    حیدرآباد میں متحدہ قومی موومنٹ نے آج شام ایک جلسہ منعقد کرکےاپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ اگر اردو بولنے والے ناپسند ہیں تو علیحدہ صوبہ بنادیں، بات آگے بڑھی تو پھرملک بھی بن سکتا ہے۔

    ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا اگر ایمانداری سے مردم شماری کروائی جائے تو شہری آبادی دیہی آبادی سے زیادہ نکلے گی  لہذا آرام سے میز پر بیٹھ کر شہری آ بادی کے برابر کے حق کو تسلیم کرلیا جائے۔

    الطاف حسین نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے بانیوں کی اولاد ہیں نا تو ہم یہاں کسی کو غلام بنانے آئے تھے اور نا ہی غلام بننے کیلئے آئے تھے ،ہمارے  حقوق منظور نہیں تو  اردو بولنے والے سندھیوں کیلئے صوبہ بنادیا جائے۔

    انکا کہنا تھے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سندھ کارڈ استعمال کر کے حکومت میں آتی رہی ہے تو پھر وہ اسی سندھ کی آدھی  آبادی کو سمندر میں کیوں پھینکنا چاہتی ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے اور اب بھی اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کی گئیں ہیں کہ ایم کیو ایم ہار جائے اور پیپلز پارٹی ہار جائے۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ پرویز مشرف ہوا میں تھے جو زمین پر تھے مارشل لا کےذمہ دار وہ خود ہیں اگر مشرف سزا کے مستحق ہیں تو جنرل کیانی ، چوہدری افتخار اور الطاف حسین کو بھی سزا دی جائے۔  

  • سندھ کے ریٹرننگ افسران نے الیکشن کمیشن سے ہدایات مانگ لیں

    سندھ کے ریٹرننگ افسران نے الیکشن کمیشن سے ہدایات مانگ لیں

    سندھ کے ضلعی ریٹرننگ افسران نے عدالتی حکم کے بعد کی صورتحال پر الیکشن کمیشن سے ہدایات مانگ لیں۔

    الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں سندھ کے ضلعی ریٹرننگ افسران نے کہا ہے کہ انتخابی قوانین کالعدم قرار دیئے جانے کے باوجود انتخابی قوانین اور حلقہ بندیاں طے نہیں کی جاسکیں جبکہ ڈی آر اوز انتخابی شیڈول پر کاروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے انتخابی قوانین کالعدم قرار دئیے جانے کے بعد الیکشن شیڈول پر عملدرآمد بلا جواز ہے، عدالتی فیصلے پر رہنمائی کی جائے۔

  • کراچی سمیت سندھ میں سی این جی آج صبح سے پھر 2روز کیلئے بند

    کراچی سمیت سندھ میں سی این جی آج صبح سے پھر 2روز کیلئے بند

    کراچی سمیت سندھ بھر میں دو روز کی بندش کے بعد چوبیس گھنٹے کیلئے سی این جی فراہم کی گئی، جس کے بعد آج سے دوبارہ اگلے اڑتالیس گھنٹے کیلئے سی این جی بند کر دی گئی ہے۔

    رواں ہفتے کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، دو روز کی بندش کے بعد کھلنے والے سی سی این جی اسٹیشن اب جمعہ تین جنوری صبح آٹھ بجے سے اتوار پانچ جنوری صبح آٹھ بجے تک اڑتالیس گھنٹوں کے لیے دوبارہ بند کر دیئے گئے۔

    سی این جی اسٹیشن پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئیں ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔
       

  • بلدیاتی انتخابات:سندھ اورپنجاب میں تیاریاں سست روی کا شکار

    بلدیاتی انتخابات:سندھ اورپنجاب میں تیاریاں سست روی کا شکار

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےلئےتیاریاں غیریقینی صورتحال کے سبب سست روی کا شکار ہوگئیں۔

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں صرف سولہ دن باقی رہ گئے ہیں، ہائی کورٹ کے حکم کے بعد تیاریاں سست روی کا شکار ہوگئیں، نامزدگی فارم جمع ہونے کے بعد کراچی مین کاغذات کی جانچ کا کام مکمل طورپر شروع نہ ہوسکا۔

    ذرائع کے مطابق ریٹرننگ افسران کو تاحال متعقلہ دستاویزات موصول نہیں ہوئیں، جس کے ذریعے کاغذات کی جانچ کی جاتی ہے، ضلع سینٹرل میں کاغذات کی جانچ کا کام ایک دن تاخیرکے بعد شروع ہوگیا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق سندھ میں اسکروٹنی کا عمل پانچ جنوری تک مکمل کرنا ہے، جس کے بعد منظور یا مسترد کاغذات کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گئی۔

    تیرہ جنوری کو حتمی فہرست جاری کرنے کے بعد اٹھارہ جنوری کو بلدیاتی دنگل سجے گا، پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر عمل در آمد ممکن نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات کے التواء کی درخواست دی گئی تو حلقہ بندیوں کے لئے درکار وقت کا جائزہ لیا جائے گا۔