Tag: سندھ

  • سندھ میں گنا، کپاس اور چاول کی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ

    سندھ میں گنا، کپاس اور چاول کی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ

    کراچی: وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کی جانب سے کم پانی دینے کی وجہ سے رواں سال تینوں کیش کراپ گنا، کپاس اور چاول کی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کی جانب سے سندھ کو اس کے حصے کا پانی کم دینے کی وجہ سے گنے، چاول اور کپاس کی فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو خدشہ ہے کہ رواں سال تینوں کیش کراپ گنا، کپاس اور چاول کی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں، سندھ میں پانی کی قلت 40 فیصد تک ہے جس میں سے کوٹری بیراج پر یہ قلت 60 فیصد تک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گڈو بیراج، سکھر بیراج اور کوٹری بیراج کے کمانڈ ایریا میں اس وقت تین فصلیں خطرے میں ہیں، گنا پانی نہ ملنے کی وجہ سے سوکھ رہا ہے، چاول کے بعد یہ دوسری فصل ہے جس کو زیادہ پانی درکار ہوتا ہے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ دوسرے نمبر پر کپاس ہے جو پہلے ہی ٹارگٹ سے کم لگائی گئی تھی، وہ بھی پانی کی قلت سے متاثر ہے۔

    وزیر زراعت کے مطابق تیسری فصل چاول ہے جس کی نرسری مئی میں لگ جاتی ہے اور اس میں بیج لگایا جاتا ہے، لیکن پورے سندھ میں ابھی تک بیج نہیں لگایا جا سکا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چاول کی فصل کا انحصار موسمی نہروں پر ہوتا ہے لیکن وہ کاشت کار جو صرف خریف کی فصل لیتا ہے وہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

  • کراچی سمیت سندھ میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد بڑھنے کا خدشہ تھا: سعید غنی

    کراچی سمیت سندھ میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد بڑھنے کا خدشہ تھا: سعید غنی

    کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھے ہیں، خدشہ تھا کہ مثبت کیسز کی تعداد بڑھے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھے ہیں۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ بڑھتے کیسز کے بعد لاپرواہی نہیں کر سکتے، سندھ حکومت نے پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری سفارشات پر عملدر آمد نہیں کیا گیا، خدشہ تھا کہ مثبت کیسز کی تعداد بڑھے گی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ رات 8 بجے کے بعد شہری غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، پابندیوں کی خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا۔ پابندیاں خوشی سے نہیں لگائیں، شہری تعاون کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پختونخواہ اور پنجاب میں بھی سخت فیصلے کیے گئے ہیں، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی ہماری تجویز نہیں مانی گئی۔

  • شہر قائد میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    شہر قائد میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، دن میں گرم ہوائیں جبکہ شام میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم آج (23 مئی 2021 بروز اتوار) گرم اور مرطوب رہے گا، صبح 10 بجے تک کراچی کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں چلنے والی ہوا کی رفتار 9 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے، دن میں درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں گرم ہوائیں جبکہ شام میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے، دن میں ہوا 20 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔

    شہر کراچی میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔

  • اندرون سندھ کے لیے مزید 3 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    اندرون سندھ کے لیے مزید 3 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ ریلوے نے اندرون سندھ کے لیے مزید 3 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا، عید کے موقع پر موہن جودڑو ایکسپریس کے روٹ میں بھی عارضی توسیع دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے اندرون سندھ کے لیے 10 مئی سے 16 مئی تک مزید 3 عید اسپیشل ٹرینیں روزانہ چلانے کا فیصلہ کرلیا، عید اسپیشل ٹرینیں میرپور خاص، لاڑکانہ، دادو، روہڑی اور سکھر کے لیے چلائی جائیں گی۔

    پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی تا میرپور خاص صبح 7 بجے اور دوسری ٹرین دادو تا لاڑکانہ صبح 7 بجے چلے گی۔ تیسری اسپیشل ٹرین کراچی تا سکھر صبح ساڑھے 11 بجے چلائی جائے گی،

    عید کے موقع پر موہن جودڑو ایکسپریس کے روٹ میں عارضی توسیع دے دی گئی ہے۔ دادو لاڑکانہ اور سیہون شریف کی عوام کے لیے موہن جودڑو ایکسپریس کو کراچی تک چلایا جائے گا۔

    10 مئی سے 16 مئی تک موہن جودڑو ایکسپریس روہڑی تا کراچی چلے گی، موہن جودڑو ایکسپریس کو کرنا ایس او پیز کے تحت 70 فیصد بکنگ کے ساتھ چلایا جائے گا۔ تمام عید اسپیشل ٹرینیں ایس او پیز کے تحت 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائیں گی۔

  • ایکسپو سینٹر کراچی میں ملک کے سب سے بڑے کرونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح

    ایکسپو سینٹر کراچی میں ملک کے سب سے بڑے کرونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ملک کے سب سے بڑے کرونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا، سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں پاکستان کے سب سے بڑے کرونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کیا۔

    ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم ماس ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر این سی او سی حکام، پارلیمانی سیکریٹری قاسم سراج سومرو، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی اور دیگر افراد موجود تھے۔

    پاکستان کے سب سے بڑے اس ویکسی نیشن سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔

    اس موقع پر سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ ملک میں ویکسی نیشن کی دستیابی کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن سینٹرز بھی بڑھائے جا رہے ہیں، 16 مئی سے تمام افراد کے لیے ویکسی نیشن شروع کی جائے گی، اب 40 سال سے کم عمر افراد بھی ویکسین لگوا سکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کی طرف سے ایس او پیز کو اہمیت نہیں دی جا رہی، جس سے کرونا پھیلنے کا زیادہ امکان ہے۔

    صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وفاق سے ملنے والی ویکسین کے علاوہ بھی ہم نے وفاق سے بات کی ہے، سندھ پیسے دینے کے لیے تیار ہے، وفاق طے شدہ داموں پر ویکسین خرید کر کے دے۔ چاہتے ہیں ویکسین کی فوری دستیابی کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگا سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ ویکسین رجسٹریشن مرحلے میں مسائل کی صورت میں ویکسی نیشن سینٹر آئیں، ہمارا عملہ آپ کی رجسٹریشن کر کے ویکسین لگا دے گا۔ سندھ میں کوویکس، ایسٹرا زینیکا، سائنو فارم اور کین سائنو ویکسین لگائی جائیں گی۔

    عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ کراچی میں ضلع ایسٹ میں کرونا کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، عوام اس ویکسی نیشن سینٹر کا فائدہ اٹھائیں۔ این سی او سی میں فیصلہ ہوا ہے رواں سال کے آخر تک پورے ملک کے لیے 70 ملین ویکسین ڈوزز مہیا کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ ایکسپو سینٹر میں قائم اس کرونا ویکسی نیشن سینٹر میں 12 رجسٹریشن کاؤنٹرز، 6 بلاکس اور 69 کیوبیکلز بنائۓ گئے ہیں۔ ماس ویکسی نیشن سینٹر کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا۔

    ویکسی نیشن سینٹر کا عملہ 3 شفٹوں میں کام کرے گا، ہر شفٹ میں 360 ہیلتھ کیئر ورکرز اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔

  • 10 ماہ میں سندھ میں کتنا ٹیکس وصول کیا گیا؟

    10 ماہ میں سندھ میں کتنا ٹیکس وصول کیا گیا؟

    کراچی: صوبہ سندھ میں رواں مالی سال کے 10 ماہ میں ٹیکس اہداف 93 فیصد تک حاصل کرلیے گئے، صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے جولائی 2020 سے اپریل 2021 تک ٹیکس وصولی کی رپورٹ جاری کردی، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے 81569.844 ملین روپے ٹیکس وصول کیا۔

    گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 64536.673 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

    محکمہ ٹیکسیشن کے مطابق جولائی 2020 سے اپریل 2021 تک 7886.617 ملین روپے موٹر وہیکل ٹیکس وصول کیا گیا، انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 67218.742 ملین روپے اور جائیداد ٹیکس کی مد میں 1559.460 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    اسی طرح پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 494.853 ملین روپے وصول کیے گئے جبکہ کاٹن فیس اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں بالترتیب 93.017 اور 30.213 ملین روپے ٹیکس وصولی کی گئی۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے، رواں مالی سال میں اب تک 93 فیصد ٹیکس اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے اختتام سے قبل 100 فیصد سے زائد ٹیکس اہداف حاصل کرلیں گے، ایکسائز افسران ٹیکس وصولی کی رفتار تیز کردیں، افسران و عملے کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔

  • سندھ میں عید کی چھٹیوں پر مزید سختیاں عائد

    سندھ میں عید کی چھٹیوں پر مزید سختیاں عائد

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں عید کی چھٹیوں تک مزید سختیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، عید کے دنوں میں مقبول تفریحی مقامات ہاکس بے اور سی ویو بند ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ سندھ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے پرائیوٹ اسپتالوں سے بات کی ہے۔ آج سے نجی اسپتالوں کو کرونا ویکسین دی جائے گی وہ مفت لائیں گے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہوٹلز میں قرنطینہ سہولتیں بحال کی جارہی ہیں، کراچی میں کل سے کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔ کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 5 سے 14۔23 فیصد اور حیدر آباد میں 18.1 فیصد سے کم ہو کر 11.92 فیصد ہوگیا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کراچی شرقی اور جنوبی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، وزیر اعلیٰ نے اسپتالوں کے آلات اور کرونا عملے کے آڈٹ کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ جن اسپتالوں میں سہولتیں کم ہیں ان کو فوری پورا کیا جائے۔

    اجلاس میں عید الفطر کے پیش نظر سخت ہدایات جاری کردی گئی ہیں، ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اتوار سے عید کی چھٹیوں تک مزید سختیاں کی جائیں گی، کل سے اتوار تک ریستورانوں کی ٹیک اوے سروس مغرب تک ہوگی، اس کے بعد مغرب کے بعد صرف ہوم ڈیلوری کی جاسکے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گروسری کی دکانیں 6 بجے تک کھلی رہیں گی، فارمیسیز کو پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا، ویکسی نیشن سینٹر 24 گھنٹے کام کریں گے، عید کے دنوں میں ہاکس بے اور سی ویو بند ہوگا۔

  • رمضان المبارک: سندھ میں مساجد کے لیے ایس او پیز جاری

    رمضان المبارک: سندھ میں مساجد کے لیے ایس او پیز جاری

    کراچی: سندھ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں، دفاتر اور تقریبات کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردیں، شادی بیاہ کی تمام تقریبات پر ایک ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے رمضان المبارک کے دوران مساجد کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلے کے تحت محکم داخلہ سندھ نے اپنا حکم نامہ جاری کیا ہے۔

    حکم نامے میں مساجد و امام بارگاہوں میں دوران عبادات سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں دوران عبادات مذہبی مقامات میں ماسک کا استعمال لازمی ہوگا، بخار اور کھانسی کی علامات ظاہر ہونے پر مساجد و امام بارگاہوں میں آنے کی ممانعت ہوگی۔ مساجد میں دریاں اور قالین نہیں بچھائے جائیں گے۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ 50 سالہ بزرگ شہری مساجد آنے سے گریز کریں۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تروایح اور نماز کے بعد مساجد میں رش یا جمع ہونے پر پابندی ہوگی، نمازی اگر چاہیں تو گھر سے جائے نماز لا سکتے ہیں، نماز مساجد اور امام بارگاہوں کے صحن یا کھلی جگہ پر پڑھائی جائے گی۔ مساجد اور امام بارگاہوں کے صحن کو روزانہ کلون سے ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔

    حکم نامے کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اپنی اپنی کمیٹیاں تشکیل دیں، موجودہ صورتحال میں معتکفین اعتکاف بھی گھروں میں اختیار کریں۔ سحر اور افطار کے اجتماعات بھی مساجد اور امام بارگاہوں پر کرنے پر پابندی ہوگی۔

    دوسری جانب مارکیٹس اور بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں صبح 6 سے شام 8 بجے تک ہوں گی۔ جمعہ، اتوار کو سیف ڈیز کے طور پر کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ریستوران میں انڈور سروس کی اجازت نہیں ہوگی، آؤٹ ڈور سروس رات دس بجے تک ہوگی۔

    حکم نامے کے مطابق رمضان میں تفریحی پارکس، سینما اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے۔ شادی بیاہ کی انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، سماجی، سیاسی، ثقافتی تقاریب، کھیلوں، میوزیکل اور مذہبی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔

    سرکاری اور نجی دفاتر میں روٹیشن پالیسی کے تحت اسٹاف کی 50 فیصد حاضری کا اطلاق ہوگا، تمام سرکاری و نجی دفاتر کام کی جگہ پر ماسک اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔

    نئی ایس او پیز پر آئندہ ماہ 16 مئی تک عملدر آمد ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو وضع کردہ طریقہ کار پر عملدر آمد کروانے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور آئی جی کو بھی احکامات جاری کردیے ہیں، محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ علمائے کرام سے مل کر مساجد اور امام بارگاہوں میں رمضان کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل کروایا جائے۔

  • 100 سالہ شہری کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی

    100 سالہ شہری کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی

    کراچی: صوبہ سندھ میں معمر ترین شخص کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی، مذکورہ شہری کی عمر ایک سو سال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں معمر ترین شخص کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی، اسرائیل احمد مینائی نامی شہری کی عمر ایک سو سال ہے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل احمد وہیل چیئر پر بیٹھ کر آغا خان اسپتال پہنچے تھے، ان کے شناختی کارڈ سے ان کی عمر کی تصدیق کی گئی۔

    آغا خان اسٹاف کا کہنا ہے کہ اسرائیل احمد کہیں سے بھی سو سال کے نہیں لگے، ہمارا اندازاہ تھا کہ اسرائیل احمد کی عمر 70 سے 75 سال ہوگی۔

    محکمہ صحت نے مزید بتایا ہے کہ اسرائیل احمد ڈیفنس کراچی کے رہائشی ہیں، انہیں ویکسین دینے سے قبل بلڈ پریشر، شوگر اور دیگر ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے جس کے بعد انہیں ویکسین لگائی گئی۔

  • کراچی میں بجلی کے ساتھ گیس کی بھی لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی میں بجلی کے ساتھ گیس کی بھی لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی معمول بن گئی، شہری سخت پریشانی کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق موسم گرما شروع ہوتے ہی شہر قائد کے باسی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے دوہرے عذاب کا شکار ہوگئے، ایس ایس جی سی کی جانب سے شہر میں 6 سے 8 گھنٹے کی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جار ہی ہے۔

    رہائشی علاقوں میں بجلی اور گیس کی عدم فراہمی سے مععمولات زندگی سخت متاثر ہورہے ہیں، گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے روٹی اور سالن کے لیے ہوٹلوں میں لمبی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔

    شہر میں بجلی کی صورتحال بھی خراب ہے، موسم گرما کے مکمل رنگ جمانے سے قبل ہی شہر میں بجلی کی 6 سے 7 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

    کراچی کے علاقوں ایف بی ایریا، پاپوش نگر، لانڈھی، سائٹ، کورنگی، بلال کالونی، اورنگی ٹاؤن، شیر شاہ، لیاقت آباد، گڈاپ، کاٹھور، احسن آباد، گلشن معمار، نیو کراچی، گلزار ہجری اور دیگر علاقوں میں2 سے ڈھائی گھنٹے کی 3 بار لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اکثر علاقوں میں مرمت کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے کی بجلی بند کرنا معمول بن گیا ہے۔ موسم گرما میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے دعوے پر موسم سرما میں مرمت کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند کی گئی۔

    صارفین کا کہنا ہے کہ شکایت کرنے پر کے الیکٹرک کا عملہ مقامی فالٹ بتاتا ہے۔