Tag: سندھ

  • مریم نواز پر فلم بنی تو کون سی اداکارہ ان کا کردار ادا کریں گی؟

    مریم نواز پر فلم بنی تو کون سی اداکارہ ان کا کردار ادا کریں گی؟

    کراچی: سندھ کے سابق گورنر محمد زبیر اور ان کی اہلیہ نے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں شرکت کی اور اپنی زندگی کے بارے میں دلچسپ انکشافات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور ان کی اہلیہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں شرکت کی اور میزبان وسیم بادامی کے معصومانہ سوالات کے جواب دیے۔

    وسیم بادامی نے پوچھا کہ اگر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پر فلم بنائی جائے تو اس میں کس اداکارہ کو لیا جائے؟ جس پر محمد زبیر نے ماہرہ خان کا نام لیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ماہرہ خان ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں۔

    محمد زبیر نے بتایا کہ مریم نواز کی تقریر صرف پرویز رشید نہیں لکھتے بلکہ سب مل کر اس میں اپنا ان پٹ دیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ بہت اچھی کھیلتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ گورنر بننے پر انہیں ان کے بھائی اسد عمر نے مبارکباد نہیں دی تھی۔

    محمد زبیر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ وہ شادی کی سالگرہ ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، لیکن اگر کبھی شادی کی سالگرہ کے روز نواز شریف کی کال آجائے تو وہ سب چھوڑ کر وہاں چلے جاتے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ وہ محمد زبیر کی بحث کی عادت سے بے حد پریشان ہیں۔

  • سندھ میں نیب کو رضا کارانہ رقم واپس کرنے والے اساتذہ پھنس گئے

    سندھ میں نیب کو رضا کارانہ رقم واپس کرنے والے اساتذہ پھنس گئے

    کراچی: قومی ادارہ احتساب (نیب) کو رضا کارانہ طور پر رقم کی واپسی کے معاملے پر محکمہ تعلیم سندھ نے بڑا قدم اٹھا لیا، رضا کارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے اساتذہ کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بھر سے رضا کارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے اساتذہ کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔

    محکمہ تعلیم سندھ نے تمام اضلاع کے ایجوکیشن افسران کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں تحریر ہے کہ ان تمام ٹیچرز کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں جنہوں نے رضا کارانہ رقم کی واپسی کی اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اپنے اپنے اضلاع کے ٹیچرز کا معلوماتی پرفارمہ 2 دن میں فراہم کریں، کن ٹیچرز نے رضا کارانہ طور پر رقم کی ادائیگی کی اور اس کی کیا تفصیلات ہیں تمام معلومات فراہم کی جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت ہے، ایسے ٹیچرز کے خلاف ہائیکورٹ میں 30 روز میں رپورٹ جمع کروانی ضروری ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے ٹیچرز کے خلاف ڈسپلنری ڈپارٹمنٹل کارروائی بھی کی جائے، کارروائی ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لائی جائے۔

    محکمہ تعلیم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ 2 روز میں رپورٹ مکمل کر کے فوری فراہم کی جائے۔

  • سندھ کے 2 اور بلوچستان کے 1 حلقے پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    سندھ کے 2 اور بلوچستان کے 1 حلقے پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    کراچی / کوئٹہ: سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 1 نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر رینجرز اہلکار تعینات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا، تینوں حلقوں میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

    سندھ کے پی ایس 88 ملیر کے ضمنی الیکشن میں 20 امیدوار میدان میں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف اور تحریک لبیک کے امیدوار مدمقابل ہیں۔

    حلقے میں پیپلز پارٹی کے محمد یوسف بلوچ، ایم کیو ایم کے ساجد احمد، تحریک انصاف کے جان شیر خان، تحریک لبیک کے کاشف علی جبکہ 16 آزاد امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    پی ایس 88 ملیر میں کل ووٹوں کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 627 ہے، حلقے میں 81 ہزار 425 مرد اور 64 ہزار 202 خواتین ووٹرز ہیں۔

    حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 108 ہے، 33 انتہائی حساس اور 27 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 پولیس اہلکار جبکہ حساس پر 4 اہلکار تعینات ہیں، پولنگ اسٹیشن کے باہر رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں۔

    پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    دوسری جانب پی ایس 43 سانگھڑ میں پیپلز پارٹی کے جام شبیر علی خان، تحریک انصاف کے مشتاق جونیجو جبکہ 5 آزاد امیدوار مدمقابل ہیں۔

    بلوچستان کے حلقہ پی بی 20 پشین 3 میں بھی 113 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ جاری ہے، پی بی 20 میں کل ووٹرز کی تعداد 99 ہزار 849 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 58 ہزار 126 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 41 ہزار 723 ہیں۔

    حلقہ پی بی 20 میں پولنگ بوتھس کی تعداد 343 ہے، حلقے کے 3 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 91 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

  • سندھ میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    سندھ میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا گیا جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ بھی طے کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں یکم فروری سے تمام اسکول ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات یکم جولائی سے ہوں گے جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 28 جولائی سے ہوں گے۔

    امتحانات کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مدد طلب کی جاسکتی ہے۔ تمام امتحانی بورڈز 90 دن میں نتائج دینے کے پابند ہوں گے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں برس گرمیوں کی چھٹیاں صرف ایک ماہ کے لیے جولائی میں ہوں گی۔

    اجلاس میں وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ گزشتہ تعلیمی سال کے لیے سلیبس کو 40 فیصد کم کیا تھا، اسکول پھر بند ہوگئے 60 فیصد نصاب مکمل کروانا بھی مشکل ہوگیا۔

    وزیر تعلیم نے کہا کہ یکم سے 15 جولائی تک ہونے والے نویں دسویں کے امتحانات کے نتائج 15 ستمبر کو جاری کر دیے جائیں گے جبکہ 28 جولائی سے شروع ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 15 اکتوبر کو کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پریکٹیکل جون میں اسکول اور کالجز میں ہوں گے، سندھ میں نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا، کمیٹی نے پرچے کا دورانیہ 3 گھنٹے سے کم کر کے 2 گھنٹے کا کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے، پرچے کا معروضی حصہ 40 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد کردیا گیا، مختصر سوالات کا حصہ 40 سے کم کر کے 20 فیصد اور تفصیلی سوالات کا حصہ بھی 40 سے کم کر کے 20 فیصد کر دیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر سے پہلے کوئی یونیورسٹی اور میڈیکل کالج داخلے شروع نہیں کرے گا، رواں سال کسی بھی بچے کو بلا امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ جن کالجز میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں انہیں کچھ عرصے کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے یکم فروری سے پرائمری اسکول اور یونیورسٹیز کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے تعلیمی سیشن 21-2020 کا کیلنڈر بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا جبکہ موسم گرما کی چھٹیاں کم کر کے ایک ماہ کی کر دی گئی ہیں۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق موسم گرما کی چھٹیاں 2 سے 31 جولائی 2021 تک ہوں گی جبکہ پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات 18 سے 31 مئی تک اور پہلی سے چوتھی، چھٹی اور ساتویں کے امتحانات یکم سے 15 جون تک ہوں گے۔

  • سندھ میں بغیر سفارش آنے والے اسسٹنٹ کمشنر کی تقرری سزا بن گئی

    سندھ میں بغیر سفارش آنے والے اسسٹنٹ کمشنر کی تقرری سزا بن گئی

    کراچی: صوبہ سندھ میں بغیر سفارش اور کوٹے کے، میرٹ پر آنے والے اسسٹنٹ کمشنر کی تقرری سزا بن گئی، اسسٹنٹ کمشنر کا 10 ماہ میں 10 بار تبادلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے اسسٹنٹ کمشنر امتیاز منگی کو فٹبال بنا دیا گیا، گزشتہ 10 ماہ میں امتیاز منگی کا 10 بار تبادلہ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول شدہ دستاویز کے مطابق امتیاز منگی کے تبادلوں کا سلسلہ 21 فروری 2020 سے شروع ہوا، اس کے بعد 11 مارچ، 20 مارچ، 9 جون، 18 جولائی، 5 اگست، 11 اگست، 20 اکتوبر اور آخری تبادلہ یکم جنوری 2021 کو کیا گیا۔

    متواتر تبادلوں سے تنگ اسسٹنٹ کمشنر نے چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کو ایک خط لکھا ہے اور درخواست کی ہے کہ ان کی عمر اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سکون سے اپنی ملازمت کرنے دی جائے۔

    ذرائع کے مطابق امتیاز منگی کا شمار قابل افسران میں ہوتا ہے اور وہ بغیر سفارش کے صرف میرٹ کی بنیاد پر اس عہدے تک پہنچے ہیں۔ ان کا تعلق لاڑکانہ کے ایک غریب خاندان سے ہے۔

  • کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا

    کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا

    کراچی: صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا، ملک کے دیگر شہروں کی فضا بھی آلودہ قرار پائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آگیا، آلودہ ترین شہروں میں لاہور پانچویں نمبر پر آگیا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس میں پاکستان کی فضا آلودہ قرار دی گئی ہے۔

    انڈیکس کے مطابق مختلف شہروں میں ہوا میں غیر صحت بخش ذرات کی تعداد 250 سے زائد ہے، فیصل آباد میں 290 غیر صحت بخش ذرات کی تعداد ریکارڈ کی گئی، کراچی میں 212، اسلام آباد میں 204 اور لاہور میں 203 غیر صحت بخش ذرات کی تعداد ریکارڈ ہوئی۔

    خیال رہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس فضائی آلودگی میں موجود کیمیائی گیسز، کیمیائی اجزا، مٹی کے ذرات اور نہ نظر آنے والے ان کیمیائی ذرات کی مقدار ناپنے کا معیار ہے جنہیں پارٹیکیولیٹ میٹر کہا جاتا ہے۔

    ان ذرات کو ان کے حجم کی بنیاد پر دو درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے یعنی پی ایم 2.5 اور پی ایم 10۔

    پی ایم 2.5 کے ذرات اس قدر چھوٹے ہوتے ہیں کہ وہ نہ صرف سانس کے ذریعے آپ کے جسم میں داخل ہو جاتے ہیں بلکہ انسانی خون میں بھی شامل ہو جاتے ہیں۔

    ایئر کوالٹی انڈیکس کا تعین فضا میں مختلف گیسوں اور پی ایم 2.5 (فضا میں موجود ذرات) کے تناسب کو جانچ کر کیا جاتا ہے۔ ایک خاص حد سے تجاوز کرنے پر یہ گیسز ہوا کو آلودہ کر دیتی ہیں۔

    عالمی ادارہ برائے صحت نے ایئر کوالٹی انڈیکس کے حوالے سے رہنما اصول مرتب کیے ہیں جن کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کسی بھی شہر یا علاقے کی فضا میں موجود پی ایم 2.5 ذرات کی تعداد 25 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئے۔

  • الیکشن کمیشن سندھ میں متعدد افسران کی تقرریاں و تبادلے

    الیکشن کمیشن سندھ میں متعدد افسران کی تقرریاں و تبادلے

    کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان سندھ میں 11 افسران کی تقرریاں و تبادلے کردیے گئے، نئے ضلع کیماڑی میں ضلعی الیکشن کمشںر بھی تعینات کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ کے 8 افسران کی تقرریاں اور تبادلے کردیے، الیکشن کمیشن نے مجموعی طور پر 11 افسران کو ترقی بھی دی۔

    نئے احکامات کے مطابق نئے ضلع کیماڑی میں ضلعی الیکشن کمشںر تعینات کر دیا گیا، اس کے لیے سیدہ حمیرہ بنت ناز کو ترقی دے کر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کیماڑی مقرر کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن نے بھرتیوں کے معاملے پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سندھ میں متعدد افسران اور ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا تھا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صوبائی دفتر سندھ کراچی میں سنہ 2015 میں کی گئی بھرتیوں کے حوالے سے شکایات کی بنیاد پر گریڈ 20 کے افسر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے مکمل جانچ پڑتال کے بعد اپنی رپورٹ مجاز افسران کو جمع کروا دی۔

    رپورٹ کی روشنی میں مجاز افسران نے کارروائی کرتے ہوئے ملازمین کے خلاف کارروائی کی اور 5 جونئیر پرسنل اسسٹنٹ، 5 سینئیر اسسٹنٹ، 3 جونئیر اسسٹنٹ اور ایک اسسٹنٹ کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا تھا۔

  • تھر میں کوئلہ نکالنے کے کام میں توسیع

    تھر میں کوئلہ نکالنے کے کام میں توسیع

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ تھر میں کوئلے کی مائننگ میں توسیع کی جارہی ہے، سنہ 2022 تک مزید 2 بجلی کے منصوبے کام شروع کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت تھر کول اینڈ انرجی بورڈ کا 22 واں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر کول ون 3.8 ایم ٹی پی اے کا منصوبہ ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی لاگت 627 ملین ڈالرز ہے، تاحال 6 ملین ٹن کول نکالا گیا ہے، تھر کول 2 کی گنجائش 7.6 ایم ٹی پی اے (میٹرک ٹن سالانہ) ہے، منصوبے کی لاگت 862 ملین ڈالر ہے۔

    بریفنگ کے مطابق ایس ای سی ایم فیز 3 میں 7.6 ایم ٹی پی اے سے بڑھا کر 13 ایم ٹی پی اے کول مائین کرے گا، مائننگ میں توسیع کی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے۔ تھل نوول کے پاور پروجیکٹ پر بھی 30 فیصد کام ہوچکا ہے۔ دونوں منصوبے سال 2022 میں کام شروع کردیں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تھر کول مائننگ اور پاور پراجیکٹس سندھ حکومت کی ان تھک محنت کا صلہ ہے، ہم نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ کام کر کے دکھایا، تھر کول منصوبے ملک کی توانائی کی ضروریات کا ضامن ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مٹیاری میں گرڈ اسٹیشنز پر کام تیزی سے جاری ہے، تھر کول مائنز سے نیو چھور عمر کوٹ تک ریلوے لنک کی ضرورت ہے۔

  • وزارت تجارت پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے: سندھ حکومت

    وزارت تجارت پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے: سندھ حکومت

    کراچی: سندھ حکومت نے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی اور پیاز کی برآمد کے اقدامات کے لیے وفاق کو خط لکھ دیا، صوبائی وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ ٹماٹر درآمد اور پیاز برآمد نہ ہونے سے قیمتوں میں کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو نے وفاق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی پیداوار میں سندھ پہلے نمبر پر ہے، صوبے بھر میں پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی کٹائی شروع ہوگئی۔

    وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس سال پیاز اور ٹماٹر کی بہت اچھی پیداوار متوقع ہے، ٹماٹر درآمد اور پیاز برآمد نہ ہونے سے قیمتوں میں کمی ہوئی۔ کسان اپنی پیداوار کی مناسب قیمت وصول نہیں کر رہے ہیں۔ کسان ٹماٹر درآمد پر پابندی کے لیے سندھ میں احتجاج بھی کر چکے ہیں۔

    انہوں نے لکھا کہ گزشتہ سال 20-2019 میں 57 ہزار 900 ہیکٹر رقبے پر پیاز کی کاشت ہوئی تھی اور 7 لاکھ 82 ہزار 140 میٹرک ٹن پیاز کی پیداوار ہوئی، رواں سال 21-2020 میں سندھ میں 58 ہزار 200 ہیکٹر پر پیاز کی فصل کاشت کی گئی۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 20-2019 کے دوران 22 ہزار 542 ہیکٹر پر ٹماٹر کی کاشت کی گئی اور 1 لاکھ 64 ہزار 658 میٹرک ٹن ٹماٹر پیدا ہوا۔ رواں سال 2020-21 ٹماٹر کی فصل 30 ہزار ہیکٹر پر کاشت کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی ناقص پالیسی سے کسانوں کو فصل کی لاگت نہیں مل رہی، ٹماٹر کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر زراعت کا مزید کہنا تھا کہ وزارت تجارت اور فوڈ سیکیورٹی پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے۔

  • کتے کے کاٹے کی 13 ہزار ویکسینز موجود ہیں: وزیر صحت سندھ کا دعویٰ

    کتے کے کاٹے کی 13 ہزار ویکسینز موجود ہیں: وزیر صحت سندھ کا دعویٰ

    کراچی: صوبہ سندھ کی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں کتے کے کاٹے کی 13 ہزار کے قریب ویکسینز موجود ہیں، انہوں نے عوام کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچے کتوں کو نہ چھیڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حسنین کو 6، 7 کتوں نے کاٹا، واقعہ افسوسناک ہے۔ بچہ این آئی سی ایچ کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کل بچے کا دوبارہ معائنہ کریں گے، بچے کی سرجری مرحلہ وار ہوگی۔ کوشش ہے کہ انفیکشن نہ ہو۔ کتوں نے حسنین کے منہ پر بری طرح کاٹا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کتوں کو ویکسین دی جائے، کتوں کی تعداد کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    صوبائی وزیر صحت نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام خود بھی احتیاط کریں، بچے کتوں کو نہ چھیڑیں۔ بچہ حسنین اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے اور تکلیف دہ مرحلے سے گزر رہا ہے۔ بچے کی سرجری آسان نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: آصفہ بھٹو کو غصہ کیوں آگیا؟

    انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتال ہمارے ماتحت نہیں، اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کراچی یا حیدر آباد میں کام کرنا پسند کرتے ہیں۔

    عذرا پیچوہو نے دعویٰ کیا کہ کتے کے کاٹے کی 13 ہزار کے قریب ویکسین موجود ہیں، حسنین کو بھی کتے کے کاٹے کی ویکسین دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے آبائی شہر لاڑکانہ میں سگ گزیدگی کا ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جب 6 سالہ حسنین پر کئی آوارہ کتوں نے حملہ کیا اور اس کے چہرے کو بھنبھوڑ ڈالا۔

    بچے کو لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹرز نے اس کی حالت دیکھ کر ہاتھ کھڑے کردیے اور صرف طبی امداد دے کر فارغ کردیا، بچے کو کراچی لایا گیا جہاں کئی دقتوں کے بعد نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) میں داخل کر کے علاج شروع کیا گیا۔

    حسنین کی سرجری کا پہلا مرحلہ مکمل

    اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حسنین کی سرجری کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے تاہم معصوم حسنین کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ حسنین کے لیے قائم کردہ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ بچے کی مزید سرجریز بھی کی جائیں گی۔

    پہلی ابتدائی سرجری کے بعد حسنین کو دوبارہ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا ہے جبکہ بچے کی حالت سے سربراہ این آئی سی ایچ ڈاکٹر جمال رضا کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سگ گزیدگی نے سندھ کی سیاست میں ہلچل مچا دی

    دوسری جانب سگ گزیدگی کے ہولناک واقعات کے باوجود سندھ حکومت نے ذمہ داری لینے سے صاف انکار کردیا، وزیر اعلیٰ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعے کا ذمہ دار وفاقی حکوت کو قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دوائیں امپورٹ کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے، جس کی ادائیگی سندھ حکومت کرچکی ہے۔

    ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے وزیر صحت عذرا پیچوہو سے مستعفی ہونے یا محکمہ صحت کے افسران کو فارغ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔