Tag: سنگاپور

  • فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے اصولی طور پر تیار ہیں، ایک اور اہم ملک کا اعلان

    فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے اصولی طور پر تیار ہیں، ایک اور اہم ملک کا اعلان

    سنگاپور (31 جولائی 2025): جنوب مشرقی ایشیا کے ملک سنگاپور نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسا کرنے کے لیے اصولی طور پر تیار ہے۔

    منگل کے روز نیویارک میں فلسطین کے بارے میں اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطح کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنگاپور کی وزارت خارجہ کے نائب سیکریٹری کیون چیوک نے کہا فلسطین کو تسلیم کرنے کے اقدام کا مطلب یہ ہونا چاہیے کہ دو ریاستی حل کی طرف پیش قدمی کو فروغ ملے۔

    انھوں نے کہا سنگاپور نے ہمیشہ اپنے وطن کے بارے میں فلسطینیوں کے حق کی حمایت کی ہے، جو کہ سلامتی کونسل کے متعلقہ قراردادوں کے عین مطابق ہے، فلسطین کے پرانے مسئلے کا یہی واحد پائیدار حل ہے اور ہم اس مقصد کے لیے اصولی طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔


    کیا فلسطین اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت حاصل کر سکتا ہے؟


    نائب سیکریٹری کیون چیوک نے کہا ہم غزہ میں مستقل جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں، اور غزہ کی تعمیر نو کی کوششوں میں تعاون کے لیے بھی آمادہ ہیں، غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور ہمارا اسرائیلی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر ضروری انسانی امداد کی فراہمی پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے۔

    سنگاپوری عہدے دار کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ غزہ کے مریضوں کے علاج میں مدد کے لیے خطے میں ایک طبی ٹیم کی تعیناتی پر بھی غور کر رہے ہیں، اور چاہتے ہیں کہ مستقل جنگ بندی کے بعد غزہ کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کریں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل فرانس کے ایمانوئل میکرون، برطانیہ کے کیر اسٹارمر اور کینیڈا کے مارک کارنی نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ممالک ستمبر میں فلسطین کو تسلیم کر لیں گے۔

  • دو ایشیائی ممالک میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے

    دو ایشیائی ممالک میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے

    دنیا بھر میں پانچ سال قبل کہرام برپا کرنے والی کورونا وبا نے ایک بار پھر سے سر اُٹھانا شروع کردیا ہے، دو ایشیائی ممالک میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا کیسز سامنے آنے پر دونوں ممالک کی وزارت صحت الرٹ ہوگئی ہے، ہانگ کانگ اور سنگاپور میں اس وبا کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق وائرس کی شدت بڑھنے پر ہانگ کانگ اور سنگاپور میں مقامی حکام نے عوام کو چوکنا رہنے کا انتباہ دیا ہے۔ حالیہ نمونوں میں کئی کیسز مثبت آئے ہیں، 3 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں 31 اموات رپورٹ ہوئیں جو کہ رواں سال کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    اگرچہ دو سال قبل کی لہر کے مقابلے میں کیسز کی تعداد کم ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ نمونوں میں وائرل لوڈ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    سنگاپور بھی کووِڈ کیسز میں اضافے کی وجہ سے عوام کو محتاط رہنے کا کہا گیا ہے، تقریباً ایک سال بعد اس ماہ وزارت صحت نے کووِڈ کیسز پر رپورٹ جاری کی ہے۔

    3 مئی تک لگائے گئے اندازے کے مطابق مثبت کیسز کی تعداد 14,200 تک پہنچ چکی ہے، جو پچھلے اندازوں سے 28 فیصد زیادہ ہے۔ اسپتالوں میں آنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے، تھائی لینڈ اور چین میں بھی کووِڈ کے بڑے پیمانے پر کیسز سامنے آرہے ہیں۔

    حکام کے مطابق آبادی میں مدافعتی نظام کی کمزوری کے باعث کیسس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، کیسس میں اضافے کے پیش نظر مختلف ممالک کے حکام الرٹ ہیں اور عوام سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی گئی ہے۔

    فاسٹ فوڈ دماغ کو کیسے نقصان پہنچاتا ہے؟ سائنس دانوں کی دل دہلا دینے والی تحقیق

    رپورٹس کے مطابق عوام کو رش کے مقامات سے دور رہنے، ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

  • سنگاپور کے ورک پرمٹ کے لیے نئی شرائط

    سنگاپور کے ورک پرمٹ کے لیے نئی شرائط

    سنگاپور جنوب مشرقی ایشیا کا ایک جزیرہ ملک ہے جس میں انتہائی ترقی یافتہ مخلوط مارکیٹ اکانومی ہے جو شہریوں اور غیرملکیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

    پاکستانی شہریوں سمیت غیرملکی شہری اگر سنگاپور ملازمت کے لیے سنگاپور جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو انہیں ورک پرمٹ کی لاگو شرائط پر عمل کرنا ہوتا ہے۔

    سنگاپور کی جی ڈی پی 501 بلین ڈالر سے زائد ہے، غیرملکی کارکنوں کے لیے مختلف زمروں میں ورک ویزا کی پیشکش کرتا ہے۔

    ایمپلائمنٹ پاس یا (ای پی) سنگاپور کی حکومت کی جانب سے غیرملکی پیشہ ور افراد کو منیجر اور ایگزیکٹوز کی سطح کے لیے پیش کیے جانے والے ورک پرمٹ میں سے ایک ہے۔

    ای پی حاصل کرنے کے لیے امیدواروں کو تنخواہ کی ضروریات کو پورا کرنے اور تشخیصی ٹیسٹ، کمپاس کے ذریعے اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    جنوری 2025 سے ورک پرمٹ کے لیے کم از کم تنخواہ کی ضرورت زیادہ تر سیکیورٹی کے لیے 5600 ڈالر ہوگی جبکہ مالیاتی خدمات کے شعبے کے لیے 6200 ڈالر ہوگی۔

    علاوہ ازیں امیدواروں کو کمپاس پاس کرنے کی ضرورت ہوگی جو اہلیت، کام کے تجربے اور ملازمت پر رکھنے والی کمپنی کی مالیت کی بنیاد پر درخواست دہندگان کا اندازہ لگاتا ہے۔

  • پاکستانی طالبعلم نے چائنیز ٹیچر سے شادی کرلی

    پاکستانی طالبعلم نے چائنیز ٹیچر سے شادی کرلی

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے کوٹ ادو کا رہائشی نوجوان نے سنگاپور میں اپنی  چائنیز ٹیچر سے شادی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق مومو نامی خاتون کا تعلق چین کے شہر شنگھائی سے ہے لیکن وہ سنگاپور میں مختلف ممالک کے طلباء و طالبات کو چائنیز زبان سکھاتی ہیں۔

    پاکستانی نوجوان تنویر محمد کا کہنا ہے مومو میری ٹیچر تھیں، میں نے انھیں اسلام کے متعلق بتایا اور انھوں نے اسلام قبول کیا جس کے بعد میں نے ان سے باقائدہ نکاح کیا اور کوٹ ادو اپنے گھر لے آیا۔

    مومو نامی چائنیز خاتون کا کہنا ہے کہ اسے پاکستان آکر بہت زیادہ پیار ملا، پاکستان ایک خوبصورت اور پر امن ملک ہے جبکہ یہاں پر رہنے والے لوگ بہت پیار کرتے ہیں۔

    نوجوان تنویر محمد نے نکاح کی خوشی میں اپنے دوستوں رشتہ داروں کے لیے نجی شادی ہال میں پر تکلف دعوت ولیمہ کا بھی اہتمام کیا۔

  • سنگاپور : مسافر طیارہ تباہ کرنے کی دھمکی پر کھلبلی مچ گئی

    سنگاپور : مسافر طیارہ تباہ کرنے کی دھمکی پر کھلبلی مچ گئی

    سنگاپور میں پولیس نے طیارے کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والے آسٹریلوی باشندے کو حراست میں لے لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنگاپور پولیس نے آسٹریلوی شہری کو اس وقت گرفتار کیا جب جمعرات کے روز بجٹ اسکوٹ ایئرلائن کی ایک پرواز کو بم کی دھمکی کی وجہ سے شہر کے چنگی ہوائی اڈے پر واپس لے جایا گیا۔

    پرواز ٹی آر 16، جو بجٹ کیریئر اسکوٹ کے ذریعہ چلائی گئی تھی، شام 4:11 بجے سنگاپور سے روانہ ہوئی اسے سنگاپور کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے اتارا گیا۔

    سنگاپور

    سنگاپور ایئر لائنز کی بجٹ اسکوٹ نے ایک بیان میں کہا کہ پرواز کے تقریباً ایک گھنٹے بعد بم کی دھمکی کے باعث طیارے کو واپس سنگاپور بھیجنے کا احتیاطی فیصلہ کیا گیا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ریپبلک آف سنگاپور ائرفورس (آر ایس اے ایف) طیارے کو واپس چنگی ہوائی اڈے تک لے جانے کے لیے روانہ ہوئی اور ایمرجنسی سروسز کو بھی فعال کردیا گیا۔

  • کیکڑے کی ڈش کھانے کے بعد آنٹی نے پولیس بلالی!

    کیکڑے کی ڈش کھانے کے بعد آنٹی نے پولیس بلالی!

    سنگاپور میں کیکڑے کی ڈش کھانے کے بعد آنٹی (خاتون) نے پولیس بلالی، خاتون کی ناراضگی کی وجہ بھی بڑی دلچسپ ہے جسے جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جاپانی خاتون سیاح سنگا پور میں سیر سپاٹے کے لیے موجود تھی۔ اس دوران انھوں نے ویٹر کی سفارش پر مقامی ریسٹورنٹ کی عمدہ ڈش منگوانے کا فیصلہ کیا۔

    کیکڑے سے بنی ڈش کھانے کے بعد جب خاتون نے بل دیکھا تو سخت غصے میں آگئی کیوں کہ اس عام سی ڈش کا بل2 لاکھ روپے (680 ڈالر) کے قریب بن گیا اور انھوں نے فوری طورپر پولیس کو طلب کرلیا۔

    ریسٹورنٹ انتظامیہ کی جانب سے بہت زیادہ بل دینے پر خاتون ان سے سخت ناراض تھیں۔ جاپانی خاتون نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کے عملے نے ڈش کی قیمت کے بارے میں درست طریقے سے آگاہ نہیں کیا تھا۔ ویٹر سے پوچھا تو اس نے مذکورہ ڈش منگوانے کا کہا۔

    انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ویٹر نے بتایا کہ کیکڑے کی ڈش کی قیمت 20 ڈالر ہے تاہم یہ نہیں بتایا تھا کہ ریسٹورنٹ اس ڈش کی قیمت 100 گرام کے حساب سے وصول کرتا ہے۔ ڈش تیار کرنے سے قبل اس کے وزن کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا تھا جس کا وزن تقریبا 3500 گرام تھا۔

    ریسٹورنٹ کی انتطامیہ پولیس کے آنے پر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ خاتون سے وہی پیسے وصول کیے جس کا بل بنا تھا۔ تاہم بعد میں ریسٹورنٹ نے 78 ڈالر بل میں سے کم کردیے۔

  • شہری کی غذائی نالی میں آکٹوپس پھنس گیا۔۔۔پھر کیا ہوا؟

    شہری کی غذائی نالی میں آکٹوپس پھنس گیا۔۔۔پھر کیا ہوا؟

    سنگاپور میں  ایک شہری کی ( ایسو فیگس) غذائی نالی سے آکٹوپس پھنس گیا جسے دیکھ کر ڈاکٹر بھی پریشان ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق سنگاپور میں رہنے والے ایک شخص کو جب کھانے کے بعد الٹی آنے لگی تو اسے کچھ گڑبڑ کا احساس ہوا جس کے بعد اہ داکٹرز کے پاس گیا جہاں ڈاکٹر بھی حیران و پریشان رہ گئے۔

    ڈاکٹرز نے اس کے گیسٹرو اینٹسٹینل ایگزامنیشن (معدے اورآنتوں کے معائنے کے لیے کیا جانے والا ٹیسٹ) کے دوران غذائی نالی میں آکٹوپس کو موجود پایا۔

    رپورٹ کے مطبق اس کے کھانے میں ایک زندہ اکٹوپس شامل تھا،  اسے اس کا اندازہ اس طرح ہوا کہ کھانے کو نگلنے میں اسے مشکل پیش آئی، لہٰذا وہ پریشان ہوکر ایک اسپتال کی ایمرجنسی میں گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا فوری طورپر سی ٹی اسکین کیا۔

    سی ٹی اسکین سے انکشاف ہوا کہ اس کے ایسوفیگس میں کوئی بڑی سی چیز موجود ہے۔ لیکن اس کا اس وقت تک درست پتہ نہیں چل سکا جب تک کہ انہوں نے اس شخص کا ایسوفیگس ٹروڈو ڈینو اسکوپی پروسیجر نہیں کرلیا۔

    ایسوفیگس ٹروڈو ڈینو اسکوپی پروسیجر (اس ٹیسٹ میں ایک چھوٹی، لچکدار ٹیوب کیمرے کے ساتھ مریض کی حلق سے ایسوفیگس کے آخری حصے تک ڈالی جاتی ہے)۔

    ٹیسٹ سے ڈاکٹروں کو اس تشویشناک صورتحال کا پتہ چلا کہ اس شخص کی حلق کی نالی میں ایک مکمل سمندری آکٹوپس موجود ہے،  جس کے بعد ایک خصوصی میڈیکل تکنیک کے ذریعے کٹوپس کو پکڑ کر باہر نکالا گیا۔

  • وائرل ویڈیو: خوفناک اژدہا بجلی کی تار سے لپٹ گیا

    سنگاپور: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک خوفناک اژدہا کو بجلی کی تار سے لپٹا دکھایا گیا ہے۔

    یہ ویڈیو سنگاپور کے علاقے جِن لیکر کی ہے، جہاں چاؤ چو کانگ ایونیو پر لائٹننگ کے لیے لگائی گئی تار سے ایک بہت بڑا اژدہا لپٹ گیا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بہت سارے لوگ اژدہے کو دیکھنے کے لیے اکھٹے ہو گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق 7 جنوری کو اژدہے کو کسی حادثے سے بچانے کے لیے ایکرس وائلڈ لائف ریسکیو کے اہل کاروں نے کافی دیر تک کوششیں کیں، اور اسے نیچے اتارنے کے لیے آپریشن کیا۔

    تاہم، بڑی کوششوں کے بعد بھی جب اژدہا نیچے نہیں اترا تو ریسکیو ٹیم نے تار نیچے کھینچ کر سانپ کو چھڑانے کا فیصلہ کیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو اہل کاروں نے روشنی کے لیے گلی میں لگائی گئی تار کو پہلے نیچے کھینچا اور پھر اژدہے کو اس سے علیحدہ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

    ریسکیو اہل کاروں نے پائتھن سانپ کو آزاد کرنے کے بعد قریبی جنگل میں لے جا کر چھوڑ دیا۔

  • کھلونا کیسے ٹوٹا؟ فوٹیج نے بچے کے والد کو ہزاروں ڈالر واپس دلا دیے

    کھلونا کیسے ٹوٹا؟ فوٹیج نے بچے کے والد کو ہزاروں ڈالر واپس دلا دیے

    ہانگ کانگ: بچوں کے ہاتھوں کھلونے ٹوٹتے رہتے ہیں، تاہم ہانگ کانگ کے ایک اسٹور میں ایک بچے کے ہاتھوں مہنگا کھلونا ٹوٹ گیا، جس پر اس کے والد کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا، تاہم اس واقعے کی فوٹیج سامنے آنے پر صورت حال تبدیل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ کی ایک کھلونوں کی دکان کی ایک تصویر فیس بک پر سامنے آئی تھی، جس میں لالا دی ٹیلی ٹوبی نامی کھلونے کی بکھری ہوئی باقیات کے ارد گرد ایک خاندان کھڑا دکھائی دے رہا تھا، یہ تصاویر فیس بک پر وائرل ہوگئیں۔

    بتایا گیا کہ چینگ نامی شخص کے بیٹے نے اس کھلونے کو لات مار کر گرا کر توڑا تھا، جس پر اسٹور کے عملے نے انھیں خبردار کیا اور کھلونے کی رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا، بچے کے والد کو 5 ہزار 879 سنگاپوری ڈالرز ادا کرنے پڑے۔

    جب یہ تصاویر فیس بک پر وائرل ہوئیں تو سوشل میڈیا صارفین نے بھی بچے پر غم و غصے کا اظہار کیا، اور اسٹور کے ساتھ ہم دردی دکھائی تھی۔

    تاہم، جلد ہی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی، جس میں اس کے برعکس دکھایا گیا تھا، فوٹیج میں ثابت ہو گیا کہ 5 سالہ لڑکے نے کھلونے کو لات نہیں ماری تھی، بلکہ اس پر ٹیک لگانے کی کوشش کی تھی، جس کی وجہ سے وہ گر کر ٹوٹ گیا۔

    یہ فوٹیج سامنے آنے پر عوامی رد عمل کھلونوں کی دکان کے خلاف ہو گیا، جس پر اسٹور نے اس لڑکے کے والد کو تمام رقم واپس کر دی، اور مذکورہ خاندان سے معافی بھی مانگی۔

    اسٹور KKPlus نے بیان میں کہا کہ اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے وہ دکان کے اندر بہتری لائیں گے، کیوں کہ کھلونا گرایا نہیں بلکہ خود ہی بہت آسانی سے گر گیا تھا، سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ 1.8 میٹر لمبے کھلونے کو بہتر طریقے سے محفوظ یا حفاظتی گھیرے میں کیوں نہیں رکھا گیا تھا؟

    بعد ازاں اسٹور کے منیجر نے بھی تسلیم کیا کہ انتظامیہ بہتر احتیاطی تدابیر اختیار کر سکتا تھا۔

  • سائنس دانوں نے پھول سے حیرت انگیز کاغذ تیار کر لیا

    سائنس دانوں نے پھول سے حیرت انگیز کاغذ تیار کر لیا

    سنگاپور: سائنس دانوں نے سورج مکھی کے پھول سے ایسا حیرت انگیز کاغذ تیار کر لیا ہے جسے بار بار استعمال کیا جا سکتا ہے، محققین کا کہنا ہے کہ اس سے درختوں کی کٹائی کا سلسلہ کم ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پیپر لیس ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا رہا ہے، تاہم کاغذ اور کاغذ سے بننے والے مٹیریل کا استعمال ابھی بھی بہت زیادہ ہے، جس کے لیے درختوں کی کٹائی کی جاتی ہے، اب سنگاپور کے محققین نے اس مسئلے کا ایک نہایت مؤثرحل تلاش کر لیا ہے۔

    سائنس جریدے ’جرنل آف ایڈوانسڈ مٹیریل‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ریسرچر نے سورج مکھی کے پھول سے ایسا کاغذ تیار کر لیا ہے جسے ایک مخصوص کیمیائی مادے سے صاف کرنے کے بعد دوبارہ نئے کاغذ کی طرح پرنٹنگ اور لکھائی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    ننیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی سنگاپور کے پروفیسر اور ریسرچ اسٹڈی کے سربراہ زی ہاؤ نے بتایا کہ ہماری ٹیم نے اس کاغذ کی تیاری پر 2 سال قبل کام کا آغاز کیا تھا، اس کاغذ کی تیاری میں سورج مکھی پولن کے سخت خول کو گھلانے کے لیے پوٹاشیم ہائیڈروآکسائیڈ استعمال کی گئی، خول کے اندر سے نکلنے والے نرم حصے کو ڈی آئیونائزڈ پانی سے دھو کر مزید صاف کرتے ہوئے ایک لیس دار مائع بنایا گیا۔

    محققین کا کہنا ہے کہ آخری مرحلے میں اس مائع کو ایک سانچے میں رکھ کر 0.03 ملی میٹر پتلا کاغذ بنا کر ایسیٹک ایسڈ کی مدد سے اس میں موجود نمی کو ختم کیا گیا، ان تمام مراحل کے بعد ریسرچر کو ایک ہموار اور نیم شفاف کاغذ حاصل ہوا، یہ کاغذ لیزر اور روایتی پرنٹر پر استعمال کے قابل ہے، اس کاغذ کی خاص بات یہ ہے کہ گیلا ہونے کے بعد بھی اس کی پرنٹنگ غائب نہیں ہوتی۔

    زی ہاؤ کے مطابق اس کاغذ کو ری سائیکل کرنے کے لیے بہت زیادہ طویل پراسیس کی ضرورت نہیں ہے، اسے پرنٹنگ اور لکھائی کے لیے دوبارہ قابل استعمال بنانے کا طریقہ بھی نہایت آسان ہے، کاغذ کو دوبارہ استعمال کرنے کے لیے الکلائن محلول میں 2 منٹ تک ڈبویا جائے تو اس پر موجود پرنٹنگ اور لکھائی مٹ جاتی ہے، اور خشک کرنے کے بعد اسے متعدد بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق 2030 تک کاغذ کا سالانہ استعمال 460 ملین میٹرک ٹن تک پہچنے کی توقع ہے، ماہرین کے نزدیک کاغذ کے حصول کے لیے درختوں کی کٹائی میں کمی ری سائیکلنگ کے ذریعے کی جا رہی ہے۔